حزقی ایل 5

5
1”اَب اَے آدمؔ زاد، ایک تیز تلوار لے اَور حجّام کے اُسترے کی طرح اُس سے اَپنا سَر اَور اَپنی داڑھی مُنڈا۔ پھر ایک ترازو لے کر بالوں کو تول اَور اُن کے حِصّے بنا۔ 2جَب تیرے محاصرہ کے دِن ختم ہُوں تو ایک تہائی حِصّہ بال شہر کے اَندر آگ میں جَلا دے اَور ایک تہائی حِصّہ شہر میں چاروں طرف تلوار سے بِکھیر دینا اَور ایک تہائی حِصّہ ہَوا میں اُڑا دینا اَور مَیں تلوار کھینچ کر اُن کا تعاقب کروں گا۔ 3لیکن تُو مُٹّھی بھر بال لے کر اُنہیں اَپنے گریبان میں چھُپا لینا۔ 4پھر اُن میں سے کچھ بال لے کر اُنہیں آگ میں جَلا دینا۔ وہاں سے آگ اِسرائیل کے تمام گھرانے میں پھیل جائے گی۔
5”یَاہوِہ قادر یُوں فرماتے ہیں: یہی یروشلیمؔ ہے جسے مَیں نے مُختلف قوموں کے درمیان بسایا ہے جو چاروں طرف مُختلف مُلکوں سے گھِرا ہُواہے۔ 6پھر بھی اُس نے اَپنی شرارت سے میرے اَحکام اَور آئین کے خِلاف اَپنے اطراف کی قوموں اَور مُلکوں سے بھی زِیادہ سرکشی کی۔ اُس نے میرے اَحکام ترک کر دئیے اَور میرے آئین کی پیروی نہ کی۔
7”چنانچہ یَاہوِہ قادر یُوں فرماتے ہیں: تُو اَپنی چاروں طرف کی قوموں سے زِیادہ فتنہ اَنگیز بنا اَور تُونے میرے آئین کی پیروی نہ کی اَور نہ میرے اَحکام پر عَمل کیا۔ بَلکہ اَپنے اِردگرد کی قوموں کے اُصُولوں پر بھی عَمل نہ کیا۔
8”چنانچہ یَاہوِہ قادر یُوں فرماتے ہیں: اَے یروشلیمؔ، میں خُود تیرا مُخالف ہُوں اَور دُوسری قوموں کی نظروں کے سامنے تُجھے سزا دُوں گا۔ 9تیرے تمام مکرُوہ بُتوں کے باعث مَیں تیرے ساتھ اَیسا سلُوک کروں گا جَیسا نہ پہلے کبھی کیا ہے اَور نہ پھر کبھی کروں گا۔ 10اِس لیٔے تیرے درمیان والدین اَپنے بچّوں کو اَور بچّے اَپنے والدین کو کھا جایٔیں گے۔ مَیں تُجھے سزا دُوں گا اَور تیرے باقی بچے ہُوئے تمام لوگوں کو ہَوا میں تِتّر بِتّر کر دُوں گا۔ 11اِس لیٔے یَاہوِہ قادر فرماتے ہیں کہ مُجھے اَپنی جان کی قَسم۔ تُونے اَپنی ساری بے جان شَبیہوں اَور اَپنے نفرت اَنگیز کاموں سے میرے پاک مَقدِس کو ناپاک کر دیا۔ اِس لیٔے میں خُود تُجھے ذلیل کروں گا۔ میں نہ تو تُجھ پر رحم کروں گا نہ تیرے ساتھ کسی قِسم کی رعایت برتوں گا۔ 12تیرے درمیان تیرے ایک تہائی لوگ وَبا سے مَر جایٔیں گے یا قحط سے ختم ہوں گے۔ ایک تہائی لوگ تیری دیواروں کے باہر تلوار سے مارے جایٔیں گے اَور ایک تہائی لوگوں کو میں ہَوا میں بِکھیر دُوں گا اَور تلوار کھینچ کر اُن کا تعاقب کروں گا۔
13”تَب میرا غُصّہ ٹھنڈا ہوگا اَور اُن کے خِلاف میرا قہر دھیما پڑےگا اَور اِس طرح میں اَپنا اِنتقام لے پاؤں گا۔ اَور جَب مَیں اَپنا قہر اُن پر بھڑکاؤں گا تَب وہ جان لیں گے کہ میں یَاہوِہ ہی نے اَپنی غیرت سے یہ فرمایاہے۔
14”اَور مَیں تُجھے تیرے اِردگرد کی قوموں کے درمیان اَور اِدھر سے گزرنے والے سَب لوگوں کی آنکھوں کے سامنے تباہ کر دُوں گا اَور باعثِ ملامت بنا دُوں گا۔ 15جَب مَیں تُجھے غیظ و غضب اَور سخت ملامت سے سزا دُوں گا تَب تُو اِردگرد کی قوموں کے لیٔے باعثِ ملامت و مضحکہ اَور مقامِ عِبرت و حیرت ہوگا کیونکہ مَیں یَاہوِہ ہی نے یہ فرمایاہے۔ 16جَب مَیں تُمہیں قحط کے مہلک اَور تباہ کُن تیروں کا نِشانہ بناؤں گا تَب میں تُمہیں اُن تیروں سے ہلاک کر دُوں گا۔ میں تُم پر قحط کی شِدّت میں اِضافہ کروں گا اَور تمہاری خُوراک کی رسد کاٹ ڈالوں گا۔ 17میں قحط اَور جنگلی درندے تمہارے خِلاف بھیجوں گا جو تُمہیں بے اَولاد کر دیں گے۔ وَبا اَور خُونریزی تمہارے درمیان آئے گی اَور مَیں تُم پر تلوار چلاؤں گا۔ میں یَاہوِہ ہی نے یہ فرمایاہے۔“

موجودہ انتخاب:

حزقی ایل 5: UCV

سرخی

شئیر

کاپی

None

کیا آپ جاہتے ہیں کہ آپ کی سرکیاں آپ کی devices پر محفوظ ہوں؟ Sign up or sign in