YouVersion Logo
تلاش

حزقی ایل 25

25
عمُّون کے خِلاف نبُوّت
1یَاہوِہ کا کلام مُجھ پر نازل ہَوا: 2”اَے آدمؔ زاد، عمُّونیوں کی طرف رُخ کرکے اُن کے خِلاف نبُوّت کر۔ 3اُن عمُّونیوں سے کہہ، ’یَاہوِہ قادر کا کلام سُنو: یَاہوِہ قادر یُوں فرماتے ہیں کہ تُم نے میرے پاک مَقدِس کے لیٔے جَب وہ ناپاک کیا گیا اَور اِسرائیل کے مُلک کے لیٔے جَب وہ ویران ہَوا اَور یہُودیؔہ کے لوگوں کے لیٔے جَب وہ جَلاوطن کئے گیٔے، تو اُنہُوں نے شاباش کہا۔ 4اِس لیٔے میں تُمہیں اہلِ مشرق کے سُپرد کرتا ہُوں تاکہ تُم اُس کی مِلکیّت بنو اَور وہ تمہارے درمیان اَپنے ڈیرے ڈالیں گے اَور خیمے کھڑے کریں گے۔ وہ تمہارا پھل کھایٔیں گے اَور تمہارا دُودھ پیئیں گے۔ 5میں ربّہؔ کو اُونٹوں کے لیٔے چراگاہ اَور عمُّون کو بھیڑوں کی آرامگاہ بنا دُوں گا۔ تَب تُم جان لوگے کہ مَیں یَاہوِہ ہُوں۔ 6کیونکہ یَاہوِہ قادر یُوں فرماتے ہیں، چونکہ تُم نے تالیاں بجائیں اَور اَپنے پیر پٹکے اَور اِسرائیل کے مُلک کے خِلاف اَپنے دِل کے کینہ کی بدولت خُوشی منائی، 7اِس لیٔے مَیں تمہارے خِلاف اَپنا ہاتھ بڑھا کر تُمہیں مالِ غنیمت کے طور پر مُختلف قوموں کو دے دُوں گا۔ میں تُمہیں مُختلف قوموں میں سے مٹا دُوں گا اَور مُلکوں میں سے بھی تُمہیں نِیست و نابود کر دُوں گا۔ میں تُمہیں تباہ کر دُوں گا اَور تُم جان لوگے کہ مَیں یَاہوِہ ہُوں۔‘ “
مُوآب کے خِلاف نبُوّت
8”یَاہوِہ قادر یُوں فرماتے ہیں: ’چونکہ مُوآب اَور سِعِیؔر نے کہا، ”دیکھو بنی یہُوداہؔ بھی دُوسری تمام قوموں کی طرح ہو گئے ہیں،“ 9اِس لیٔے میں مُوآب کی راہوں کو، اُس کی سرحد کے شہروں بیت یسیموتؔ، بَعل مِعُون اَور قِریتائم سے شروع کرتے ہُوئے جو اُس مُلک کی شان ہیں کھول دُوں گا۔ 10اَور مَیں مُوآب کو بنی عمُّون سمیت اہلِ مشرق کو بطور مملکت دے دُوں گا تاکہ قوموں کے درمیان بنی عمُّون کا ذِکر تک باقی نہ رہے۔ 11اَور مَیں مُوآب کو سزا دُوں گا۔ تَب وہ جان لیں گے کہ مَیں یَاہوِہ ہُوں۔‘ “
اِدُوم کے خِلاف نبُوّت
12”یَاہوِہ قادر یُوں فرماتے ہیں: ’چونکہ اِدُوم نے بنی یہُوداہؔ سے اِنتقام لیا اَور اُس وجہ سے نہایت گُنہگار ٹھہرا 13چنانچہ یَاہوِہ قادر یُوں فرماتے ہیں: میں اِدُوم کے خِلاف اَپنا ہاتھ بڑھاؤں گا اَور اُس کے لوگوں اَور اُن کے حَیوانوں کو مار ڈالوں گا۔ میں اُسے ویران کر دُوں گا اَور تیمانؔ سے لے کر دِدانؔ تک وہ تلوار سے مارے جایٔیں گے۔ 14اَور مَیں اَپنی قوم اِسرائیل کے ہاتھوں اِدُوم کا اِنتقام لُوں گا اَور وہ اِدُوم کے ساتھ میرے قہر و غضب کے مُطابق پیش آئیں گے۔ اِس طرح وہ جان لیں گے کہ یہ میرا اِنتقام ہے۔ یَاہوِہ قادر نے یہ فرماتے ہیں۔‘ “
فلسطینیوں کے خِلاف نبُوّت
15”یَاہوِہ قادر یُوں فرماتے ہیں: ’چونکہ فلسطینیوں نے اِنتقام کے جذبہ میں اَپنے دِل میں کینہ رکھ کر بدلہ لیا اَور قدیم عداوت کی بنا پر یہُوداہؔ کو تباہ کرنا چاہا 16چنانچہ یَاہوِہ قادر یُوں فرماتے ہیں: مَیں فلسطینیوں کے خِلاف اَپنا ہاتھ بڑھانے کو ہُوں اَور مَیں کریتیوں کو مٹا دُوں گا اَور سمُندر کے ساحِل پر بچے ہُوئے لوگوں کو تباہ کر دُوں گا۔ 17مَیں اُن سے کڑا اِنتقام لُوں گا اَور اَپنے عتاب میں اُنہیں سزا دُوں گا۔ اَور جَب مَیں اُن سے اِنتقام لُوں گا تَب وہ جان لیں گے کہ مَیں یَاہوِہ ہُوں۔‘ “

موجودہ انتخاب:

حزقی ایل 25: UCV

سرخی

شئیر

کاپی

None

کیا آپ جاہتے ہیں کہ آپ کی سرکیاں آپ کی devices پر محفوظ ہوں؟ Sign up or sign in