حزقی ایل 26
26
صُورؔ کے خِلاف نبُوّت
1بارہویں سال کے گیارھویں مہینے کے پہلے دِن یَاہوِہ کا کلام مُجھ پر نازل ہُوا: 2”اَے آدمؔ زاد، چونکہ صُورؔ نے یروشلیمؔ کے متعلّق قہقہہ لگا کر کہا، ’آہا! قوموں کا پھاٹک توڑ دیا گیا اَور اُس کے دروازے میرے لیٔے کھول دیئے گیٔے۔ اَب وہ ویران ہے اِس لیٔے میں برومند ہُوں گا،‘ 3چنانچہ یَاہوِہ قادر یُوں فرماتے ہیں: اَے صُورؔ، مَیں تیرا مُخالف ہُوں اَور مَیں بہت سِی قوموں کو تیرے خِلاف اُس طرح چڑھا لاؤں گا جِس طرح سمُندر اَپنی لہریں اُچھالتا ہے۔ 4وہ صُورؔ کی شہرپناہ کو توڑ ڈالیں گے اَور اُس کے بُرجوں کو ڈھا دیں گے اَور مَیں اُس کی مٹّی کھرچ کر اُسے ننگی چٹّان بنا دُوں گا۔ 5وہ سمُندر کے درمیان جال ڈالنے کا مقام بَن جائے گی کیونکہ یہ مَیں نے فرمایاہے۔ یُوں یَاہوِہ قادر نے فرماتے ہیں۔ وہ قوموں کے لیٔے مالِ غنیمت بَن جائے گی 6اَور اُس کی بستیاں جو سطح زمین پر ہیں تلوار سے غارت کر دی جایٔیں گی۔ تَب وہ جان لیں گے کہ میں ہی یَاہوِہ ہُوں۔
7”کیونکہ یَاہوِہ قادر یُوں فرماتے ہیں: دیکھ میں شمال سے صُورؔ کے خِلاف بادشاہوں کے بادشاہ، شاہِ بابیل نبوکدنضرؔ کو گھوڑوں، رتھوں، گُھڑسواروں اَور ایک ایک بڑی فَوج کے ساتھ آ رہا ہُوں۔ 8وہ تیری سرزمین کی بستیاں تلوار سے مٹا دے گا۔ وہ تیرے مقابل مورچہ بندی کرےگا اَور تیری دیوار تک دمدمہ باندھے گا اَور تیرے خِلاف اَپنی ڈھالیں کھڑی کرےگا۔ 9اَور وہ تیری شہرپناہ کو اَپنی قلعہ شکن سنگ باری کا نِشانہ بنائے گا اَور اَپنے اسلحہ سے تیرے بُرجوں کو ڈھا دے گا۔ 10اُس کے گھوڑے اِس قدر کثیر التعداد ہوں گے کہ اُن کی اُڑائی ہویٔی گَرد سے تُو ڈھک جائے گی۔ جَب وہ تیرے پھاٹکوں میں سے اُس طرح داخل ہوگا جَیسے لوگ ٹوٹی ہویٔی دیواروں میں سے شہر میں گھُس آتے ہیں۔ تَب جنگی گھوڑوں، گاڑیوں اَور رتھوں کے شور سے تیری شہرپناہ لرز جائے گی۔ 11اُس کے گھوڑوں کے کُھر تیری تمام سڑکوں کو روند ڈالیں گے؛ وہ تیرے لوگوں کو تلوار سے قتل کر دے گا اَور تیرے مضبُوط چوکھٹ زمین پر گِر جایٔیں گے۔ 12وہ تیری دولت اَور تیرا تجارتی اَسباب لُوٹ لیں گے اَور تیری شہرپناہ توڑ ڈالیں گے اَور تیرے خُوبصورت مکانات ڈھا دیں گے اَور تیرے پتّھر، لکڑی اَور مٹّی کو سمُندر میں پھینک دیں گے۔ 13مَیں تیرے بُلند آہنگ نغموں کو بند کر دُوں گا اَور تیرے بربط کی موسیقی پھر کبھی سُنایٔی نہ دے گی۔ 14مَیں تُجھے ایک ننگی چٹّان بنا دُوں گا اَور تُو مچھلی کے جال ڈالنے کا مقام بَن جائے گا۔ تُو دوبارہ تعمیر نہ کیا جائے گا کیوں کہ میں یعنی یَاہوِہ نے یہ فرمایاہے۔ یہ یَاہوِہ قادر نے فرماتے ہیں۔
15”یَاہوِہ قادر صُورؔ سے یُوں فرماتے ہیں: جَب تُجھ میں قتلِ عام ہوگا اَور زخمی لوگ کراہتے ہوں گے تَب کیا تیرے گرنے کے شور سے بحری ممالک نہ تھرتھرائیں گے؟ 16تَب ساحِل کے سبھی اُمرا اَپنے تخت شاہیوں پر سے اُتر آئیں گے اَور اَپنی خِلعتیں اَور اَپنے کشیدہ کاری لباس کپڑے اُتار دیں گے اَور تُجھے دیکھ کر حیرت زدہ ہوں گے اَور خوف سے مُلبّس ہوکر اَور ہرپل کانپتے ہُوئے زمین پر بیٹھیں گے۔ 17پھر وہ تیرے حق میں نوحہ کریں گے اَور تُجھ سے کہیں گے:
” ’اَے نامور شہر جو بحری قوموں سے آباد تھا،
تُو کیسے برباد ہُوا!
تُو اَور تیرے شہری،
سمُندروں میں زورآور مانے جاتے تھے؛
اَور وہاں کے باشِندوں پر،
اَپنا خوف جمائے ہویٔے تھے۔
18اَب ساحِلی ممالک،
تیرے زوال کے دِن تھرتھرا رہے ہیں؛
اَور سمُندری جزیرے،
تیری شِکست سے گھبرا گیٔے ہیں۔‘
19”یَاہوِہ قادر یُوں فرماتے ہیں: جَب مَیں تُجھے اُن شہروں کی طرح ویران کر دُوں گا جو کبھی آباد نہ تھے اَور جَب مَیں تُجھ پر سمُندر چڑھا لاؤں گا اَور اِس کا لااِنتہا پانی تُجھے غرق کر دے گا، 20تَب مَیں تُجھے اُن لوگوں کے ساتھ جو گڑھے میں اُتر جاتے ہیں عہدِ عتیق کے لوگوں کے پاس نیچے اُتاروں گا۔ مَیں تُجھے اُن لوگوں کے ساتھ جو گڑھے میں چلے جاتے ہیں زمین کے نیچے اَیسا بساؤں گا جَیسے کویٔی قدیم کھنڈروں میں رہتا ہو۔ اَور وہاں سے تُو لَوٹ نہ پایٔےگا، نہ زندوں کے مُلک میں اَپنی جگہ لے پایٔےگا۔ 21مَیں تیرا اَنجام نہایت ہی خوفناک کر دُوں گا اَور تُو باقی نہ رہے گا۔ تُجھے ڈھونڈا جائے گا لیکن تُو پھر کبھی نہ پایا جائے گا۔ یہ یَاہوِہ قادر فرماتے ہیں۔“
موجودہ انتخاب:
حزقی ایل 26: UCV
سرخی
شئیر
کاپی
کیا آپ جاہتے ہیں کہ آپ کی سرکیاں آپ کی devices پر محفوظ ہوں؟ Sign up or sign in
اُردو ہم عصر ترجُمہ™، کِتاب مُقدّس
حق اِشاعت © 1999، 2005، 2022، 2024 Biblica, Inc.
کی اِجازت سے اِستعمال کیا جاتا ہے۔
دُنیا بھر میں تمام حق محفوظ۔
Holy Bible, Urdu Contemporary Version™
Copyright © 1999, 2005, 2022, 2024 by Biblica, Inc.
Used with permission.
All rights reserved worldwide.