حزقی ایل 24
24
پکانے کی دیگ
1نویں سال کے دسویں مہینے کے دسویں دِن یَاہوِہ کا کلام مُجھ پر نازل ہُوا: 2”اَے آدمؔ زاد، اِس تاریخ کو لِکھ لے۔ ہاں یہی تاریخ کیونکہ آج ہی کے دِن شاہِ بابیل نے یروشلیمؔ کا محاصرہ کر لیا ہے۔ 3اُس سرکش گھرانے کو یہ تمثیل بتا اَور اُن سے کہہ: ’یَاہوِہ قادر یُوں فرماتے ہیں:
” ’ایک پکانے کی دیگ چڑھا؛ اُسے چڑھا،
اَور اُس میں پانی ڈال دے۔
4اُس میں گوشت کے ٹکڑے ڈال دے،
جو نہایت اَچھّے ٹکڑے ہُوں۔ جَیسے ران اَور شانہ۔
اَور اُسے اُن بہترین ہڈّیوں سے بھر دے؛
5جنہیں گلّہ میں سے چُن چُن کر لینا۔
دیگ کے نیچے ہڈّیوں کے لیٔے لکڑیاں جما دے؛
اَور اُسے اُبلنے دے،
اَور اُس میں ہڈّیاں پکا۔
6” ’چنانچہ یَاہوِہ قادر یُوں فرماتے ہیں:
” ’اُس خُونی شہر پر افسوس،
اَور اُس دیگ پر بھی جِس پر اَب تہہ جمی ہے،
جو اَب نہیں جانے کی!
ایک ایک ٹکڑا نکالتے ہوئے اُسے خالی کر لیں،
لیکن وہ جِس کِسی ترتیب میں آئے۔
7” ’کیونکہ جو خُون اُس نے بہایا وہ اُس کے درمیان ہے:
اُس نے اُسے ننگی چٹّان پر ڈالا؛
لیکن اُسے زمین پر نہیں ڈالا،
تاکہ مٹّی اُسے ڈھانک لیتی۔
8اِس لیٔے مَیں نے بھی غضب بھڑکانے اَور اِنتقام لینے کے لیٔے،
اُس کا خُون ننگی چٹّان پر رکھا،
تاکہ وہ ڈھانکا نہ جائے۔
9” ’چنانچہ یَاہوِہ قادر یُوں فرماتے ہیں:
” ’افسوس اُس خُونی شہر پر!
میں بھی لکڑی کا بڑا انبار لگاؤں گا۔
10چنانچہ لکڑیوں کا ڈھیر جما،
اَور آگ سُلگا دے۔
مَسالے مِلا کر،
گوشت کو اَچھّی طرح سے پکا؛
اَور ہڈّیوں کو جَل جانے دے۔
11پھر خالی دیگ کو اَنگاروں پر رکھ دے،
یہاں تک کہ وہ گرم ہو جائے اَور اُس کا تانبا چمکنے لگے،
تاکہ اُس کی نَجاست پگھل جائے،
اَورجو کچھ اُس کی تہہ میں جما ہُواہے جَل جائے۔
12تمام کوششیں رائیگاں گئیں؛
کیونکہ میل کی بھاری تہہ کو جَلایا نہ جا سَکا،
یہاں تک کہ آگ سے بھی نہیں۔
13” ’اَب تیری ناپاکی تیری خباثت ہے۔ چونکہ مَیں نے تُجھے پاک کرنا چاہا لیکن تُو اَپنی خباثت سے پاک نہ ہویٔی۔ اِس لیٔے جَب تک میرا قہر تُجھ پر ٹھنڈا نہیں ہوتا اُس وقت تک تُو پاک نہ ہو سکے گی۔
14” ’مَیں نے یعنی یَاہوِہ نے یہ کہا ہے: اَب وقت آ چُکاہے کہ میں کچھ کروں۔ اَب مَیں نہ رکوں گا؛ نہ ہی رحم کروں گا۔ نہ پس و پیش کروں گا۔ تیرے اَخلاق اَور تیرے اعمال کے مُطابق تیرا اِنصاف کیا جائے گا۔ یہ یَاہوِہ قادر نے فرمایاہے۔‘ “
حزقی ایل کی بیوی کی موت
15یَاہوِہ کا کلام مُجھ پر نازل ہُوا: 16”اَے آدمؔ زاد، میں تیری راحتِ چشم کو ایک ہی ضرب میں تُجھ سے جُدا کرنے کو ہُوں لیکن تُو نہ تو ماتم کرنا، نہ رونا اَور نہ آنسُو بہانا۔ 17خاموش آہیں بھرنا۔ میّت پر ماتم نہ کرنا۔ اَپنی پگڑی باندھے رہنا اَور اَپنی جُوتی اَپنے پاؤں میں پہنے رہنا۔ اَپنی مونچھوں اَور داڑھی کو نہ ڈھانکنا اَور نہ رِواج کے مُطابق ماتم کرنے والوں کا کھانا ہی کھانا۔“
18چنانچہ صُبح کو مَیں نے لوگوں سے یہ ذِکر کیا اَور شام کو میری بیوی مَر گئی۔ دُوسرے دِن صُبح مَیں نے وُہی کیا جَیسا مُجھے حُکم دیا گیا تھا۔
19تَب لوگوں نے مُجھ سے پُوچھا، ”کیا تُم ہمیں نہ بتائے گا کہ اُن چیزوں سے ہمارا کیا واسطہ ہے؟ تُم اَیسا کیوں برتاؤ کر رہے ہو؟“
20اِس لیٔے مَیں نے اُن سے کہا، ”یَاہوِہ کا کلام مُجھ پر نازل ہُوا: 21بنی اِسرائیل سے کہہ، ’یَاہوِہ قادر یُوں فرماتے ہیں: میں اَپنے پاک مَقدِس کو یعنی اُس قلعہ کو جِس پر تُمہیں ناز ہے اَورجو تمہاری آنکھوں کی راحت اَور تمہارا محبُوب ہے ناپاک کرنے کو ہُوں۔ جِن بیٹوں اَور بیٹیوں کو تُم پیچھے چھوڑ گیٔے وہ تلوار سے مارے جایٔیں گے۔ 22اَور تُم وَیسا ہی کروگے جَیسا مَیں نے کیا ہے۔ اَپنی مونچھوں اَور داڑھی کو نہ ڈھانکنا اَور نہ رِواج کے مُطابق ماتم کرنے والوں کا کھانا ہی کھانا۔ 23تُم اَپنی پگڑیاں اَپنے سَروں پر رکھے رہوگے اَور اَپنی جُوتیاں اَپنے پاؤں میں پہنے رہوگے۔ تُم نہ تو ماتم کروگے نہ روؤگے بَلکہ اَپنے گُناہوں کے باعث گھُٹتے رہوگے اَور ایک دُوسرے کو دیکھ کر آہیں بھروگے۔ 24حزقی ایل تمہارے لیٔے نِشان ٹھہرے گا؛ تُم بھی وَیسا ہی کروگے جَیسا اُس نے کیا اَور جَب یہ ہوگا تَب تُم جان لوگے کہ میں ہی یَاہوِہ قادر ہُوں۔‘
25”اَور جِس دِن مَیں اُن کا قلعہ، اُن کی خُوشی اَور جلال، اُن کی آنکھوں کی راحت، اُن کے دِلوں کی تمنّا اَور اُن کے بیٹوں اَور بیٹیوں کو بھی لے لُوں گا، تَب تُو اَے آدمؔ زاد دیکھنا 26کہ اُس دِن ایک مفرور شخص آکر تُجھے خبر دے گا۔ 27اُس وقت تیرا مُنہ کھُل جائے گا اَور تُو اُس سے بات کرےگا اَور پھر خاموش نہ رہے گا۔ پس تُم اُن کے لئے نِشانی ہوگے اَور وہ جان لیں گے کہ میں ہی یَاہوِہ ہوں۔“
موجودہ انتخاب:
حزقی ایل 24: UCV
سرخی
شئیر
کاپی
کیا آپ جاہتے ہیں کہ آپ کی سرکیاں آپ کی devices پر محفوظ ہوں؟ Sign up or sign in
اُردو ہم عصر ترجُمہ™، کِتاب مُقدّس
حق اِشاعت © 1999، 2005، 2022، 2024 Biblica, Inc.
کی اِجازت سے اِستعمال کیا جاتا ہے۔
دُنیا بھر میں تمام حق محفوظ۔
Holy Bible, Urdu Contemporary Version™
Copyright © 1999, 2005, 2022, 2024 by Biblica, Inc.
Used with permission.
All rights reserved worldwide.