خُروج 39
39
کاہِنوں کے لباس
1اَور اُنہُوں نے پاک مَقدِس میں خدمت کرتے وقت پہننے کے لیٔے نیلے، اَرغوانی اَور سُرخ رنگ کے بُنے ہویٔے کپڑے بنائے اَور اُنہُوں نے اَہرونؔ کے لیٔے بھی مُقدّس لباس بنائے جَیسا کہ یَاہوِہ نے مَوشہ کو حُکم دیا تھا۔
افُود
2اَور اُنہُوں نے سونے اَور نیلے، اَرغوانی اَور سُرخ دھاگے اَور نفیس بٹے ہویٔے کتان کا افُود بنایا 3اَور اُنہُوں نے سونے کو کُوٹ کر پتلے پتلے پتّر بنائے اَور اُن پتروں کو کاٹ کر تار بنائے تاکہ نیلے اَرغوانی اَور سُرخ رنگ کے دھاگے اَور نفیس کتان پر اُن سے ایک ماہر دستکار کی طرح زردوزی کا کام کیا۔ 4اُنہُوں نے افُود کو جوڑنے کے لیٔے دو مونڈھے بنائے اَور اُن کو دونوں کونوں سے مِلا کرجوڑ دیا۔ 5اَور اُس کا کمربند اُسی کی مانند ایک ٹکڑے سے مہارت سے بُنا گیا تھا۔ وہ سونے، نیلے، اَرغوانی اَور قِرمزی رنگ کے کپڑے اَور نفیس بٹے ہویٔے کتان کا بنا ہُوا تھا جَیسا کہ یَاہوِہ نے مَوشہ کو حُکم دیا تھا۔
6اَور اُنہُوں نے سونے کے خانوں میں سُلیمانی پتّھر سنگِ سُلیمانی جڑے۔ اُن پر ایک انگُشتری کے نقش کی طرح اِسرائیل کے بیٹوں کے نام کندہ کئے۔ 7اَور اُنہیں افُود کے کندھے والی پٹّیوں پر لگا دیا تاکہ یہ پتّھر اِسرائیل کے بیٹوں کی یادگاری کے لیٔے ہُوں جَیسا کہ یَاہوِہ نے مَوشہ کو حُکم دیا تھا۔
سینہ بند
8اَور اُنہُوں نے ایک ماہر کاریگر سے سینہ بند بنوایا جو افُود کی طرح سونے، نیلے آسمانی، اَرغوانی اَور سُرخ رنگ کے کپڑے اَور نفیس بٹے ہویٔے کتان سے بنایا گیا تھا 9اَور وہ چوکور تھا یعنی ایک بالشت لمبا اَور ایک بالشت چوڑا جسے دہرا کیا جا سَکتا تھا۔ 10پھر اُنہُوں نے اُس پر چار قطاروں میں قیمتی جواہر جڑے۔ پہلی قطار میں یاقُوت سُرخ اَور یَشب سبز اَور فیروزہ تھے؛ 11دُوسری قطار میں نیلا فیروزہ، نیلم اَور ہیرا، 12اَور تیسری قطار میں لشم، یَشب اَور زُمُرّد 13اَور چوتھی قطار میں پکھراج اَور سنگِ سُلیمانی اَور سنگِ یَشب۔ یہ سَب نقش کندہ کئے ہویٔے سونے کے خانوں میں جڑے گیٔے تھے۔ 14یہ پتّھر تعداد میں اِسرائیل کے ہر ایک بیٹوں کے ناموں کے مُطابق بَارہ تھے جِن پر ایک انگُشتری کے نقش کی طرح ہر ایک پر بَارہ قبیلوں کے نام کندہ کئےگئے تھے۔
15اَور اُنہُوں نے سینہ بند کے لیٔے بٹی ہُوئی ڈوری کی طرح خالص سونے کی دو زنجیریں بنائیں 16اَور اُنہُوں نے سونے کے دو خانے اَور سونے کے دو کڑے بنائے اَور اُن کڑوں کو سینہ بند کے دونوں کونوں پر لگا دیا۔ 17اَور اُنہُوں نے سونے کی اُن دونوں زنجیروں کو سینہ بند کے دونوں کونوں پر لگے اُن دونوں کڑوں کے ساتھ باندھ دیا۔ 18اَور اُن زنجیروں کے دونوں سِروں کو اُن دونوں چوکھٹوں کے ساتھ باندھ کر افُود کے دونوں کندھوں والی پٹّیوں سے جوڑ کر سامنے لٹکا دیا۔ 19اَور اُنہُوں نے سونے کے دو اَور کڑے بنائے اَور اُنہیں سینہ بند کے نیچے کے دونوں کونوں کو اُس حاشیہ میں لگایا جو افُود کے اَندر کی طرف تھا۔ 20پھر اُنہُوں نے سونے کے دو اَور کڑے بنا کر اُنہیں کندھے کی پٹّیوں کے نِچلے حِصّہ سے باندھنا جو کہ افُود کے سامنے ہے اَور افُود کے کمربند کے بالکُل اُوپر لگا دیا۔ 21اُنہُوں نے سینہ بند کے کڑوں کو افُود کے کڑوں کے ساتھ نیلے رنگ کی ڈوری سے باندھ دیا اَور اُسے کمربند سے جوڑ دیا تاکہ سینہ بند افُود سے اِدھر اُدھر ہلنے نہ پایٔے جَیسا کہ یَاہوِہ نے مَوشہ کو حُکم دیا تھا۔
کاہِنوں کے دیگر لباس
22اَور اُنہُوں نے اُس افُود کا جُبّہ نیلے رنگ کے کپڑے سے بنایا جسے ایک ماہر جُلاہے نے بُنا تھا۔ 23اَور جُبّہ کا گریبان زرہ کے گریبان کی طرح بیچ میں تھا اَور اُس کے اطراف بُنی ہُوئی گوٹ لگی ہُوئی تھی تاکہ وہ پھٹ نہ جائے۔ 24اَور اُنہُوں نے نیلے اَرغوانی اَور سُرخ رنگ کے دھاگے اَور نفیس بٹے ہویٔے کتان سے جُبّہ کے گھیر میں چاروں طرف انار بنائے۔ 25پھر اُنہُوں نے خالص سونے کی گھنٹیاں بنائیں اَور اُنہیں جُبّہ کے دامن کے گھیر میں چاروں طرف اناروں کے درمیان لگا دیا۔ 26اَور وہ ایک گھنٹی اَور ایک انار خدمت کے وقت پہنے جانے والے جُبّہ کے دامن کے گھیر میں سے چاروں طرف ایک گھنٹی اَور ایک انار کی ترتیب سے لگے ہویٔے تھے جَیسا یَاہوِہ نے مَوشہ کو حُکم دیا تھا۔
27اَور اَہرونؔ اَور اُس کے بیٹوں کے لیٔے اُنہُوں نے نفیس کتان سے بُنے کُرتے بنائے 28اَور کتان کا عمامہ، سَر کا پٹکا اَور نفیس بٹے ہویٔے کتان کے پاجامے بنائے۔ 29اَور کمربند نفیس بٹے ہویٔے کتان اَور نیلے، اَرغوانی اَور سُرخ رنگ کے کپڑے کا تھا جِس پر بیل بُوٹے کشیدہ کئے گیٔے تھے جَیسا کہ یَاہوِہ نے مَوشہ کو حُکم دیا تھا۔
30اُنہُوں نے تاج کی ایک تختی خالص سونے کا بنایا اَور اُس پر ایک انگُشتری کے نقش کی طرح یہ کندہ کیا:
یَاہوِہ کے لیٔے مُقدّس۔
31اَور پھر اُنہُوں نے اُسے ایک نیلے رنگ کی ڈوری سے عمامہ پر جوڑ دیا جَیسا کہ یَاہوِہ نے مَوشہ کو حُکم دیا تھا۔
مُوسیٰ کا مَسکن کا مُعائنہ کرنا
32اِس طرح مَسکن کے خیمہ اِجتماع کا سَب کام اَنجام تک پہُنچا اَور بنی اِسرائیل نے سَب کچھ وَیسے ہی کیا جَیسا کہ یَاہوِہ نے مَوشہ کو حُکم دیا تھا۔ 33پھر وہ اُس مَسکن کو مَوشہ کے پاس لایٔے:
یعنی خیمہ اَور اُس کا سارا سامان، اُس کے تُکمے، تختے، بینڈے، سُتون اَور پایٔے۔
34اَور مینڈھوں کی سُرخ رنگی ہُوئی کھالوں کا غلاف دریائی بچھڑوں کی کھالوں کا غلاف اَور بیچ کا پردہ،
35عہد کے صندُوق اَور اُس کی بَلّیاں اَور کفّارہ کا سرپوش،
36میز اَور اُس کے تمام ظروف اَور نذر کی روٹی،
37خالص سونے کا چراغدان مع چراغوں کے جو قطاروں میں رکھے تھے اَور اُس کے تمام لوازمات اَور جَلانے کے لیٔے زَیتُون کا تیل،
38سونے کا مذبح اَور مَسح کرنے کا زَیتُون کا تیل، خُوشبودار بخُور، خیمہ کے مدخل کا پردہ،
39کانسے کا مذبح اَور اُس کا کانسے کا جنگلہ، اُس کی بَلّیاں اَور اُس کے تمام ظروف۔
لگن اَور اُس کی چوکی۔
40صحن کے پردے اَور اُن کی بَلّیاں اَور پایٔے اَور صحن کے مدخل کے لیٔے پردہ،
اُن کی رسّیاں اَور صحن کے لیٔے خیمہ کی میخیں
اَور مَسکن کے خیمہ اِجتماع کے لیٔے سارا سامان۔
41اَور پاک مَقدِس میں خدمت کرتے وقت پہننے کے لیٔے بُنے ہویٔے مُقدّس لباس۔ اَور اَہرونؔ کاہِنؔ اَور اُس کے بیٹوں کے لیٔے جَب وہ بطور کاہِنؔ کے طور پر خدمت اَنجام دیتے تھے۔
42بنی اِسرائیل نے سارا کام وَیسے ہی کیا تھا جَیسا کہ یَاہوِہ نے مَوشہ کو حُکم دیا تھا۔ 43مَوشہ نے اُس کام کا جائزہ لیا اَور دیکھا کہ اُنہُوں نے اُسے وَیسے ہی کیا تھا جَیسے یَاہوِہ نے حُکم دیا تھا۔ تَب مَوشہ نے اُنہیں برکت دی۔
موجودہ انتخاب:
خُروج 39: UCV
سرخی
شئیر
کاپی
کیا آپ جاہتے ہیں کہ آپ کی سرکیاں آپ کی devices پر محفوظ ہوں؟ Sign up or sign in
اُردو ہم عصر ترجُمہ™، کِتاب مُقدّس
حق اِشاعت © 1999، 2005، 2022، 2024 Biblica, Inc.
کی اِجازت سے اِستعمال کیا جاتا ہے۔
دُنیا بھر میں تمام حق محفوظ۔
Holy Bible, Urdu Contemporary Version™
Copyright © 1999, 2005, 2022, 2024 by Biblica, Inc.
Used with permission.
All rights reserved worldwide.