خُروج 38
38
سوختنی قُربانی کی نذر کا مذبح
1اَور اُنہُوں نے سوختنی نذر کی قُربانی کا مذبح کیکر کی لکڑی کا بنایا جو چوکور تھا اَور پانچ ہاتھ لمبا اَور پانچ ہاتھ چوڑا اَور تین ہاتھ اُونچا تھا۔ 2اَور اُنہُوں نے اُس کے چاروں کونوں پر ایک ایک سینگ بنایا اَور وہ سینگ اَور مذبح ایک ہی ٹکڑے کے تھے اَور اُنہُوں نے مذبح کو کانسے سے منڈھا۔ 3اَور اُنہُوں نے اُس کے تمام ظروف کانسے کے یعنی دیگیں، بیلچے، چھڑکاؤ کرنے والے پیالے، گوشت کے لیٔے سیخیں اَور انگیٹھیاں بنائیں۔ 4اَور اُنہُوں نے مذبح کے لیٔے اُس کنارے کے نیچے کانسے کا جالی دار جنگلہ اِس طرح لگایا کہ وہ مذبح سے آدھی اُونچائی تک پہُنچتا تھا۔ 5اَور اُنہُوں نے کانسے کے کڑے گڑھ کر بنائے تاکہ کانسے کے جنگلہ کے چاروں کونوں کی بَلّیوں کو تھامے رکھیں۔ 6اَور اُنہُوں نے کیکر کی لکڑی کی بَلّیاں بنائیں اَور اُنہیں کانسے سے منڈھا۔ 7اَور اُنہُوں نے اُن بَلّیوں کو اُن کڑوں میں ڈالا تاکہ وہ مذبح کو اُٹھانے کے لیٔے اُس کے دونوں طرف ہُوں۔ اُنہُوں نے مذبح کو تختوں سے بنایا تھا اَور وہ اَندر سے کھوکھلا تھا۔
کانسے کا لگن
8اَور اُنہُوں نے اُن عورتوں کے فرمانوں سے جو خیمہ اِجتماع کے دروازہ پر خدمت کرتی تھیں کانسے کا ایک لگن اَور لگن کی چوکی کانسے کی بنائی۔
صحن
9پھر اُنہُوں نے مَسکن کے لیٔے ایک صحن بنایا جِس کی جُنوبی سمت ایک سَو ہاتھ لمبی تھی اَور جِس کے پردے نفیس بٹے ہویٔے کتان کے تھے۔ 10اَور اُن کے لیٔے بیس سُتون اَور کانسے کے بیس پایٔے تھے۔ اَور سُتونوں پر چاندی کی کنڈیاں اَور پٹّیاں تھیں۔ 11اَور شمالی سمت بھی ایک سَو ہاتھ لمبی اَور اُس کے پردوں کے لیٔے بھی بیس سُتون اَور کانسے کے بیس پایٔے تھے۔ اَور سُتونوں کے لیٔے چاندی کی کنڈیاں اَور پٹّیاں تھیں۔
12اَور مغربی کنارا پچاس ہاتھ چوڑا#38:12 پچاس ہاتھ چوڑا تقریباً تئیس میٹر تھا جِس کے پردوں کے لیٔے دس سُتون اَور دس پایٔے تھے اَور اُن سُتونوں پر چاندی کی کنڈیاں اَور پٹّیاں تھیں۔ 13اَور طُلوع آفتاب کی طرف مشرقی کنارا بھی پچاس ہاتھ چوڑا تھا۔ 14اَور پندرہ ہاتھ لمبے پردے دروازہ کے ایک طرف تھے جِن کے لیٔے تین سُتون اَور تین ہی پایٔے تھے۔ 15اَور پندرہ ہاتھ لمبے#38:15 پندرہ ہاتھ لمبے تقریباً چھ میٹر آٹھ سَو سینٹی میٹر پردے صحن کے دروازہ کی دُوسری طرف تھے اَور اُن کے لیٔے بھی تین سُتون اَور تین پایٔے تھے۔ 16اَور صحن کے اِردگرد تمام پردے نفیس بٹے ہویٔے کتان کے تھے۔ 17اُن بَلّیوں کے لیٔے پایٔے کانسے کے تھے۔ بَلّیوں پر کنڈیاں اَور پٹّیاں چاندی کی تھیں۔ صحن کے تمام پایوں کی پٹّیاں چاندی کی تھیں۔
18صحن کے دروازہ کے لیٔے پردے نیلے، اَرغوانی اَور سُرخ رنگ کے سُوت اَور نفیس بٹے ہویٔے کتان کا تھا جِس پر بیل بُوٹے کشیدہ کئے ہویٔے تھے اَور وہ بیس ہاتھ لمبا#38:18 بیس ہاتھ لمبا تقریباً نَو میٹر تھا اَور صحن کے پردوں کی طرح پانچ ہاتھ اُونچا تھا۔ 19اَور اُس کے لیٔے چار بَلّیاں اَور کانسے کے چار پایٔے تھے۔ اُن کی کنڈیاں اَور پٹّیاں چاندی کی تھیں اَور اُن کے سِروں پر چاندی منڈھی ہُوئی تھی۔ 20اَور مَسکن کے خیمہ اَور اُس کے اِردگرد صحن کی تمام میخیں کانسے کی تھیں۔
مَسکن کا سامان
21یہ ہیں اُس سامان کے اعدادوشمار جو مَسکن اَور شہادت کے خیمہ کے لیٔے اِستعمال کئےگئے ہیں اَور جسے مَوشہ کے حُکم سے اَہرونؔ کاہِنؔ کے بیٹے اِتمارؔ کی زیرِ ہدایت لیویوں نے قلم بند کیا۔ 22(بصل ایل بِن اوری بِن حُورؔ نے جو یہُوداہؔ کے قبیلہ سے تھا سَب کچھ بنایا جِس کا یَاہوِہ نے مَوشہ کو حُکم دیا تھا۔ 23اَور اُس کے ساتھ دانؔ کے قبیلہ کا اُہلیابؔ بِن احیسمکؔ تھا جو ایک اعلیٰ درجہ کا صنعت کار اَور نقّاش تھا اَور نیلے اَرغوانی اَور سُرخ رنگ کے سُوت اَور نفیس کتان کی کشیدہ کاری میں ماہر تھا)۔ 24اَور ہلانے کی نذر کی قُربانی کے طور پر چڑھایا جانے والا جِتنا سونا پاک مَقدِس کے لیٔے اِستعمال ہُوا وہ اُنتیس قِنطار اَور پاک مَقدِس کی ثاقل کے حِساب سے سات سَو تیس ثاقل تھا۔#38:24 تقریباً ایک میٹرک ٹن
25اَور وہ چاندی جو جماعت کے اُن افراد سے حاصل کی گئی جو مردُم شماری میں گنے گیٔے ایک سَو تالنت#38:25 ایک سَو تالنتتقریباً تین میٹرک ٹن اَور چار سَو کِلوگرام اَور پاک مَقدِس کی ثاقل کے حِساب سے ایک ہزار سات سَو پچھتّر ثاقل#38:25 ایک ہزار سات سَو پچھتّر ثاقل تقریباً بیس کِلوگرام تھی۔ 26یعنی ایک بیکا فی کس جو پاک مَقدِس کی ثاقل کے حِساب سے نیم ثاقل#38:26 نیم ثاقل تقریباً چھ گرام تھی ہر ایک سے لی گئی جو بیس بَرس یا اُس سے زِیادہ عمر کا تھا اَورجو شُمار کئے ہوؤں میں شامل تھا۔ اِن مَردوں کی کُل تعداد چھ لاکھ تین ہزار پانچ سَو پچاس تھی۔ 27ایک سَو تالنت چاندی پاک مَقدِس اَور پردوں کے پایوں کے ڈھالنے کے لیٔے اِستعمال کی گئی یعنی ایک سَو تالنت سے ایک سَو پایٔے اَور ہر پایٔے کے لیٔے ایک تالنت۔ 28اَور اُنہُوں نے بَلّیوں کے لیٔے کنڈیاں اَور بَلّیوں کے سِروں کو منڈھنے اَور اُن کی پٹّیاں بنانے کے لیٔے ایک ہزار سات سَو پچھتّر ثاقل چاندی اِستعمال کی۔
29اَور ہلانے کی نذر کی قُربانی کے طور پر چڑھائے جانے سے جو کانسے حاصل ہُوا وہ وزن میں ستّر تالنت اَور دو ہزار چار سَو ثاقل#38:29 ستّر تالنت اَور دو ہزار چار سَو ثاقل تقریباً 2 میٹرک ٹن اَور چار سَو کِلوگرام تھا۔ 30اَور اُنہُوں نے اُسے خیمہ اِجتماع کے دروازہ کے پایوں اَور کانسے کے مذبح اُس کا جنگلہ اَور اُس کے تمام ظروف بنانے کے لیٔے 31اَور اِردگرد کے صحن کے پایوں کے لیٔے اَور دروازہ کے پایوں کے لیٔے اَور مَسکن کے خیمہ کی تمام میخوں کے لیٔے اَور اِردگرد کے صحن کی میخوں کے لیٔے اِستعمال کیا۔
موجودہ انتخاب:
خُروج 38: UCV
سرخی
شئیر
کاپی
کیا آپ جاہتے ہیں کہ آپ کی سرکیاں آپ کی devices پر محفوظ ہوں؟ Sign up or sign in
اُردو ہم عصر ترجُمہ™، کِتاب مُقدّس
حق اِشاعت © 1999، 2005، 2022، 2024 Biblica, Inc.
کی اِجازت سے اِستعمال کیا جاتا ہے۔
دُنیا بھر میں تمام حق محفوظ۔
Holy Bible, Urdu Contemporary Version™
Copyright © 1999, 2005, 2022, 2024 by Biblica, Inc.
Used with permission.
All rights reserved worldwide.