خُروج 37
37
عہد کا صندُوق
1اَور بصل ایل نے وہ صندُوق کیکر کی لکڑی کا بنایا۔ اُس کی لمبائی ڈھائی ہاتھ اَور چوڑائی ڈیڑھ ہاتھ اَور اُونچائی ڈیڑھ ہاتھ تھی۔ 2اَور اُس کے اَندر اَور باہر دونوں طرف خالص سونا منڈھا اَور اُس کے اطراف سونے کا کلس بنایا۔ 3اَور اُس کے لیٔے سونے کو ڈھال کر چار کڑے بنائے اَور اُس کے چاروں پایوں کے ساتھ لگا دئیے دو کڑے ایک طرف اَور دو کڑے دُوسری طرف۔ 4پھر اُس نے کیکر کی لکڑی کی بَلّیاں بنا کر اُن پر سونا منڈھا۔ 5اَور اُس نے اُس صندُوق کو اُٹھاکر لے جانے کے لیٔے اُن بَلّیوں کو اُن کڑوں میں ڈال دیا جو صندُوق کے دونوں طرف تھے۔
6اَور اُس نے کفّارہ کا سرپوش خالص سونے کا بنایا جو کہ ڈھائی ہاتھ لمبا اَور ڈیڑھ ہاتھ چوڑا تھا۔ 7پھر اُس نے سرپوش کے دونوں کونوں پر سونے سے گڑھے ہویٔے دو کروبیم بنائے۔ 8اُس نے ایک کروب کو ایک سِرے پر اَور دُوسرے کروب کو دُوسرے سِرے پر بنایا اَور دونوں سِروں کے کروبیم اَور سرپوش ایک ہی ٹکڑے سے بنے ہُوئے تھے۔ 9اَور وہ کروبیم اَپنے پر اُوپر کی طرف پھیلائے ہویٔے تھے اَور اُن سے سرپوش کو ڈھانکے ہویٔے تھے۔ اَور وہ کروبیم کے چہرے ایک دُوسرے کے آمنے سامنے تھے گویا سرپوش کی طرف دیکھ رہے تھے۔
میز
10اُنہُوں نے وہ میز کیکر کی لکڑی کی بنائی جو دو ہاتھ لمبی#37:10 دو ہاتھ لمبی تقریباً نوّے سینٹی میٹر اَور ایک ہاتھ چوڑی#37:10 ایک ہاتھ چوڑی تقریباً چوڑائی پینتالیس سینٹی میٹر اَور ڈیڑھ ہاتھ اُونچی#37:10 ڈیڑھ ہاتھ اُونچی تقریباً اُونچائی اڑسٹھ سینٹی میٹر تھی۔ 11پھر اُنہُوں نے اُس پر خالص سونا منڈھا اَور اُس کے اطراف سونے کا ایک کلس بنایا۔ 12اَور اُنہُوں نے اُس کے اطراف چار اُنگل چوڑی#37:12 چار اُنگل چوڑی تقریباً ساڑھے سات سینٹی میٹر کنگنی بھی بنائی اَور اُس کنگنی پر سونے کا کلس رکھا۔ 13اَور اُنہُوں نے اُس میز کے لیٔے سونے کے چار کڑے بنا کر اُنہیں اُس کے چاروں کونوں سے جہاں پایٔے تھے جوڑ دیا۔ 14اَور وہ کڑے کنگنی کے نزدیک لگائے گیٔے تاکہ وہ میز کو اُٹھانے کے لئے اِستعمال ہونے والی بَلّیوں کو تھامے رکھیں۔ 15اَور اُس میز کو اُٹھانے کے لیٔے بَلّیاں کیکر کی لکڑی کی بنی ہُوئی تھیں اَور اُن پر سونا منڈھا ہُوا تھا۔ 16اَور اُنہُوں نے اُس میز کے لیٔے ظروف یعنی طباق، ڈونگے اَور پیالے اَور انگوری شِیرے کی نذروں کو اُنڈیلنے کے لیٔے صُراحیاں خالص سونے کے بنائے۔
چراغدان
17اُنہُوں نے خالص سونے کا ایک چراغدان بنایا اَور اُس کے پایٔے اَور ڈنڈی کو گڑھ کر بنایا۔ اَور اُس کے پیالے، کلیاں اَور پھُول سَب ایک ہی ٹکڑے کے بنے ہویٔے تھے۔ 18اَور اُس چراغدان کے دونوں طرف سے چھ شاخیں باہر کو نکلیں تین ایک طرف اَور تین دُوسری طرف۔ 19اَور بادام کے پھُول کی شکل کے تین پیالے، کلیاں اَور پھُول ایک شاخ پر تھے اَور تین اگلی شاخ پر اَور اِسی طرح چراغدان سے باہر کو نکلی ہُوئی ساری چھ شاخوں پر۔ 20اَور چراغدان کے اُوپر بادام کے پھُول کی شکل کے چار پیالے بنے ہویٔے ہیں، اَور اُن کے ساتھ کلیاں اَور پھُول تھے۔ 21ایک کلی چراغدان سے نکلی ہُوئی شاخوں کی پہلی جوڑی کے نیچے تھی۔ دُوسری کلی شاخوں کی دُوسری جوڑی کے نیچے اَور تیسری کلی تیسری جوڑی کے نیچے یعنی ساری کلیاں چھ شاخوں کے نیچے۔ 22اَور وہ کلیاں، شاخیں اَور چراغدان خالص سونے کے ایک ہی ٹکڑے سے گڑھ کر بنائے گیٔے تھے۔
23اُنہُوں نے اُس کے لیٔے سات چراغ نیز اُس کی گُلگیر اَور گلدان بھی خالص سونے کے بنائے۔ 24اَور اُنہُوں نے وہ چراغدان اَور اُس کے تمام لوازمات کو ایک تالنت#37:24 ایک تالنت تقریباً چونتیس کِلوگرام خالص سونے سے بنایا۔
بخُور کا مذبح
25اُنہُوں نے کیکر کی لکڑی سے بخُور کا مذبح بنایا اَور وہ چوکور تھا اَور ایک ہاتھ لمبا#37:25 ایک ہاتھ لمبا تقریباً پینتالیس سینٹی میٹر ایک ہاتھ چوڑا اَور دو ہاتھ اُونچا#37:25 ایک ہاتھ چوڑا اَور دو ہاتھ اُونچا تقریباً نوّے سینٹی میٹر تھا اَور اُس کے سینگ ایک ہی ٹکڑے کے تھے۔ 26اَور اُنہُوں نے اُس کی اُوپر کی سطح اَور تمام اطراف کو اَور سینگوں کو خالص سونے سے منڈھا اَور اُس کے اِردگرد سونے کا ایک کلس بنایا۔ 27اَور اُس کلس کے نیچے اُنہُوں نے سونے کے دو حلقے بنائے اَور وہ ایک دُوسرے کے مقابل دونوں جانِب تھے تاکہ اُسے اُٹھانے کے لیٔے اِستعمال ہونے والی بَلّیوں کو تھامے رکھیں۔ 28اَور اُنہُوں نے اُن بَلّیوں کو کیکر کی لکڑی سے بنایا اَور اُن پر سونا منڈھا۔
29اَور اُنہُوں نے مَسح کرنے کا پاک زَیتُون کا تیل اَور خالص خُوشبودار بخُور بھی بنائے جو کہ ایک ماہر عطر ساز ہی بنا سَکتا ہے۔
موجودہ انتخاب:
خُروج 37: UCV
سرخی
شئیر
کاپی
کیا آپ جاہتے ہیں کہ آپ کی سرکیاں آپ کی devices پر محفوظ ہوں؟ Sign up or sign in
اُردو ہم عصر ترجُمہ™، کِتاب مُقدّس
حق اِشاعت © 1999، 2005، 2022، 2024 Biblica, Inc.
کی اِجازت سے اِستعمال کیا جاتا ہے۔
دُنیا بھر میں تمام حق محفوظ۔
Holy Bible, Urdu Contemporary Version™
Copyright © 1999, 2005, 2022, 2024 by Biblica, Inc.
Used with permission.
All rights reserved worldwide.