YouVersion Logo
تلاش

خُروج 40

40
مَسکن کا کھڑا کیاجانا
1اَور یَاہوِہ نے مَوشہ سے فرمایا: 2”پہلے مہینے کی پہلی تاریخ کو تُم مَسکن کا خیمہ اِجتماع کھڑا کردینا۔ 3اَور اُس میں عہد کا صندُوق رکھ دینا اَور اُس کی حِفاظت کے لیٔے بیچ کا پردہ کھینچ دینا۔ 4اَور میز کو اَندر لاکر اُس کے لوازمات اُس پر ترتیب سے رکھ دینا۔ پھر چراغدان کو اَندر لاکر اُس کے چراغ رَوشن کردینا۔ 5اَور سونے کی بخُور کے مذبح کو عہد کے صندُوق کے سامنے رکھ دینا اَور مَسکن کے دروازہ پر پردہ لگادینا۔
6”سوختنی نذر کی قُربانی کے مذبح کو مَسکن کے خیمہ اِجتماع کے سامنے رکھ دینا۔ 7لگن کو خیمہ اِجتماع اَور مذبح کے درمیان رکھ کر اُس میں پانی بھر دینا۔ 8اَور اُس کے صحن کو چاروں طرف سے گھیر کر اُس کے مدخل پر پردہ لگادینا۔
9”مَسح کرنے والا زَیتُون کا تیل لینا اَور اُسے مَسکن کے خیمہ اِجتماع اَور اُس کے اَندر کے سَب ظروف پر چھڑک کر اُس کی اَور اُس کے سارے سامان کی تقدیس کرنا۔ تَب وہ مُقدّس ٹھہرے گا۔ 10پھر سوختنی نذر کی قُربانی کے مذبح کو اَور اُس کے تمام ظروف کو مَسح کرکے مذبح کی تقدیس کرنا، اَور تَب وہ نہایت ہی مُقدّس ٹھہرے گا۔ 11تَب لگن اَور اُس کی چوکی کو مَسح کرکے اُن کی تقدیس کرنا۔
12”اَہرونؔ اَور اُس کے بیٹوں کو خیمہ اِجتماع کے دروازہ پر لاکر اُنہیں پانی سے غُسل دِلانا۔ 13تَب اَہرونؔ کو مُقدّس لباس پہناکر اُسے مَسح کرنا اَور اُس کی تقدیس کرنا تاکہ وہ بطور کاہِنؔ میری خدمت کرے۔ 14اَور اُس کے بیٹوں کو لاکر اُنہیں کُرتے پہنانا۔ 15اَور جِس طرح تُم اُن کے باپ کو مَسح کروگے وَیسے ہی اُن کو مَسح کرنا تاکہ وہ بطور کاہِنؔ میرے لیٔے خدمت اَنجام دیں۔ اُن کا مَسح کیاجانا اَیسی کہانت کے لیٔے ہوگا جو آنے والی تمام نَسلوں میں اَبد تک جاری رہے گا۔“ 16مَوشہ نے سَب کچھ وَیسے ہی کیا، جَیسا کہ یَاہوِہ نے اُنہیں حُکم دیا تھا۔
17پس دُوسرے سال کے پہلے مہینے کی پہلی تاریخ کو مَسکن کھڑا کیا گیا۔ 18اَور جَب مَوشہ نے مَسکن کو کھڑا کیا تو اُنہُوں نے پایوں کو اُن کی جگہ پر قائِم کیا چوکھٹے بنائے اَور اُن کے بینڈے لگا کر سُتون کھڑے کر دئیے۔ 19پھر مَوشہ نے مَسکن پر خیمہ تان دیا اَور اُس کے اُوپر غلاف چڑھا دیا جَیسا کہ یَاہوِہ نے اُنہیں حُکم دیا تھا۔
20اُنہُوں نے شہادت کی تختیوں کو لے کر صندُوق میں رکھ دیا اَور بَلّیوں کو صندُوق میں لگا دیا اَور کفّارے کے سرپوش کو اُس کے اُوپر ٹِکا دیا۔ 21اَور پھر مَوشہ اُس صندُوق کو مَسکن میں لائے اَور بیچ کے پردہ کو لگا کر عہد کے صندُوق کو محفوظ کر دیا جَیسا کہ یَاہوِہ نے اُنہیں حُکم دیا تھا۔
22مَوشہ نے اُس میز کو خیمہ اِجتماع میں مَسکن کی شمالی جانِب پردہ کے باہر رکھ دیا۔ 23اَور مَوشہ پر یَاہوِہ کے رُوبرو روٹی سجا کر رکھ دی، جَیسا کہ یَاہوِہ نے اُنہیں حُکم دیا تھا۔
24مَوشہ نے چراغدان کو خیمہ اِجتماع میں مَسکن کی جُنوبی سمت میں میز کے سامنے رکھ دیا۔ 25اَور چراغوں کو یَاہوِہ کے رُوبرو رَوشن کر دیا جَیسا کہ یَاہوِہ نے مَوشہ کو حُکم دیا تھا۔
26مَوشہ نے سونے کے بنے ہُوئے مذبح کو خیمہ اِجتماع میں اُس پردہ کے سامنے رکھ دیا۔ 27اَور اُس پر خُوشبودار بخُور جَلائی جَیسا کہ یَاہوِہ نے مَوشہ کو حُکم دیا تھا۔
28اَور پھر اُنہُوں نے مَسکن کے دروازہ پر پردہ لگا دیا۔ 29مَوشہ نے سوختنی نذر کی قُربانی کا مذبح مَسکن کے خیمہ اِجتماع کے دروازہ پر رکھ کر اُس پر سوختنی نذریں اَور اناج کی نذریں چڑھائیں جَیسا کہ یَاہوِہ نے اُنہیں حُکم دیا تھا۔
30اُنہُوں نے لگن کو خیمہ اِجتماع اَور اُس مذبح کے درمیان رکھ کر اُس میں دھونے کے لیٔے پانی بھر دیا۔ 31اَور مَوشہ اَور اَہرونؔ اَور اُس کے بیٹوں نے اُسے اَپنے ہاتھ پاؤں دھونے کے لیٔے اِستعمال کیا۔ 32اَور جَب بھی وہ خیمہ اِجتماع میں داخل ہوتے یا مذبح کے قریب جاتے تو وہ اَپنے ہاتھ پاؤں دھوکر جاتے جَیسا کہ یَاہوِہ نے مَوشہ کو حُکم دیا تھا۔
33پھر مَوشہ نے مَسکن اَور مذبح کے اِردگرد صحن کو گھیر کر صحن کے دروازہ کا پردہ ڈال دیا اَور یُوں مَوشہ نے اُس کام کو ختم کیا۔
یَاہوِہ کا جلال
34تَب خیمہ اِجتماع پر بادل چھا گیا اَور پاک مَسکن یَاہوِہ کے جلال سے معموُر ہو گیا۔ 35اَور مَوشہ خیمہ اِجتماع میں داخل نہ ہو سکے کیونکہ وہ بادل اُن پر ٹھہرا ہُوا تھا اَور مَسکن یَاہوِہ کے جلال سے معموُر تھا۔
36اَور بنی اِسرائیل کے سارے سفر میں جَب کبھی وہ بادل اُس مَسکن کے اُوپر سے چھٹ جاتا تو وہ آگے بڑھتے۔ 37لیکن اگر وہ بادل سایہ ڈالے رہتا تو وہ اُس کے چھٹ جانے کے دِن تک سفر نہ کرتے تھے۔ 38یَاہوِہ کا بادل تمام بنی اِسرائیل کے گھرانے کے سارے سفر کے دَوران اُن کی نظروں کے سامنے دِن کو مَسکن کے اُوپر چھایا رہتا تھا، اَور رات کو بادل میں آگ ہوتی تھی۔

موجودہ انتخاب:

خُروج 40: UCV

سرخی

شئیر

کاپی

None

کیا آپ جاہتے ہیں کہ آپ کی سرکیاں آپ کی devices پر محفوظ ہوں؟ Sign up or sign in