خُروج 28
28
کاہِنوں کا مخصُوص لباس
1”اَور تُم بنی اِسرائیل میں سے اَپنے بھایٔی اَہرونؔ کو اَور اُس کے بیٹوں نادابؔ، اَبِیہُو، الیعزرؔ اَور اِتمارؔ کو اَپنے پاس رکھنا تاکہ وہ میری بطور کاہِنؔ خدمت کریں۔ 2اَور تُم اَپنے بھایٔی اَہرونؔ کی عزّت اَور زینت کی خاطِر اُسے مُقدّس لباس بنا کردینا۔ 3اَور تُم اُن تمام ماہر کاریگروں کو جنہیں مَیں نے اَیسے کاموں کے لیٔے عقل بخشی ہے کہنا کہ وہ اَہرونؔ کے لیٔے لباس بنائیں تاکہ وہ میری بطور کاہِنؔ خدمت کے لیٔے مخصُوص ہو۔ 4اَورجو لباس اُنہیں بنانے ہیں وہ یہ ہیں: سینہ بند، افُود، جُبّہ، چار خانے کا کرتہ، عمامہ اَور کمرکاپٹکہ۔ وہ تمہارے بھایٔی اَہرونؔ اَور اُن کے بیٹوں کے لیٔے یہ مُقدّس لباس بنائیں تاکہ وہ میری بطور کاہِنؔ خدمت کریں۔ 5اَور دیکھنا کہ وہ سونا اَور نیلے، اَرغوانی اَور قِرمزی رنگ کا کپڑا اَور نفیس کتان اِستعمال کریں۔
افُود
6”اَور وہ افُود سونے اَور نیلے، اَرغوانی اَور قِرمزی رنگ کے کپڑے اَور نفیس بٹے ہویٔے کتان کا بنائیں اَور وہ کسی ماہر کاریگر کے ہاتھ کا کام ہو۔ 7اَور اُس کے کندھوں پر ڈالنے والی پٹّیاں اُس کے دونوں کونوں سے مِلا کرجوڑ دینا تاکہ اُسے باندھا جا سکے۔ 8اَور اُس کا کمربند جو مہارت سے بُنا گیا ہو اِس طرح کا ہو: وہ اُسی کپڑے کا ٹکڑا ہو جِس کا افُود ہو اَور سونے اَور نیلے اَرغوانی اَور قِرمزی رنگ کے کپڑے اَور نفیس بٹے ہُوئے کتان کا ہو۔
9”اَور تُم دو سنگِ سُلیمانی لے کر اُن پر اِسرائیل کے بیٹوں کے نام کندہ کرنا 10اَور اُن کی پیدائش کی ترتیب کے مُطابق چھ نام ایک پتّھر پر اَور باقی چھ دُوسرے پتّھر پر ہُوں۔ 11اَور جِس طرح ایک گوہر تراش کسی انگُشتری پر نقش کندہ کرتا ہے اُسی طرح تُم اُن دونوں پتّھروں پر اِسرائیل کے بیٹوں کے نام کندہ کرنا اَور پھر اُن پتّھروں کو کھدوا کر سونے کے چوکھٹوں میں جڑنا۔ 12اَور اُنہیں افُود کے کندھے والی پٹّیوں پر لگانا تاکہ یہ پتّھر اِسرائیل کے بیٹوں کی یادگاری کے لیٔے ہُوں اَور اَہرونؔ اُن کے نام یَاہوِہ کے رُوبرو اَپنے دونوں کندھوں پر یادگاری کے لیٔے لگائے رہے۔ 13اَور تُم طِلا کاری کئے ہویٔے سونے کے چوکھٹے بنانا۔ 14اَور خالص سونے کی ڈوری کی طرح بٹی ہُوئی دو زنجیروں کوبنانا اَور اُن زنجیروں کو اُن چوکھٹوں میں جڑ دینا۔
سینہ بند
15”اَور فیصلے کرنے کے وقت اِستعمال کرنے کا سینہ بند کسی ماہر کاریگر سے بنوانا اَور اُسے بھی افُود کی طرح سونے اَور نیلے آسمانی، اَرغوانی اَور قِرمزی کپڑے اَور نفیس بٹے ہویٔے کتان کا بنانا۔ 16اَور یہ چوکور ہُوں یعنی ایک بالشت لمبا#28:16 ایک بالشت لمبا تقریباً 23 سینٹی مِیٹر اَور ایک بالشت چوڑا#28:16 ایک بالشت چوڑا تقریباً 23 سینٹی مِیٹر ہو اَور دہرا تہہ کیا ہُوا ہو۔ 17پھر اُس میں قیمتی جواہر چار قطاروں میں جڑنا۔ پہلی قطار میں یاقُوت سُرخ، یَشب سبز اَور فیروزہ ہو؛ 18دُوسری قطار میں نیلا فیروزہ، نیلم اَور ہیرا، 19تیسری قطار میں لشم، یَشب اَور زُمُرّد، 20چوتھی قطار میں پکھراج، سنگِ سُلیمانی اَور سنگِ یَشب۔ اِنہیں نقش کندہ کئے ہویٔے سونے کے خانوں میں جڑنا۔ 21یہ پتّھر تعداد میں اِسرائیل کے ہر ایک بیٹوں کے ناموں کے مُطابق بَارہ ہُوں جِن پر ایک انگُشتری کے نقش کی طرح ہر ایک پر بَارہ قبیلوں کے نام کندہ کئے جایٔیں۔
22”اَور تُم سینہ بند کے لیٔے ڈوری کی طرح بٹی ہُوئی خالص سونے کی دو زنجیریں بنانا 23اَور تُم سونے کے دو کڑے بنا کر اُن کڑوں کو سینہ بند کے دونوں کونوں سے باندھ دینا۔ 24اَور سونے کی اُن دونوں زنجیروں کو سینہ بند کے دونوں کونوں پر لگے دونوں کڑوں کے ساتھ باندھ دینا۔ 25اَور اُن زنجیروں کے دونوں سِروں کو اُن دونوں چوکھٹوں کے ساتھ باندھ کر افُود کے دونوں کندھوں والی پٹّیوں سے جوڑ کر سامنے لٹکا دینا۔ 26اَور تُم سونے کے دو اَور کڑے بنا کر اُنہیں سینہ بند کے نیچے کے دونوں کونوں کو اُس حاشیہ میں لگانا جو افُود کے اَندر کی طرف ہے۔ 27اَور تُم سونے کے دو اَور کڑے بنا کر اُنہیں کندھے کی پٹّیوں کے نِچلے حِصّہ سے باندھنا جو کہ افُود کے سامنے ہے تاکہ وہ افُود کے کمربند کے بالکُل اُوپر رہے۔ 28اَور سینہ بند کے کڑوں کو افُود کے اُن کڑوں کے ساتھ جو اُسے کمربند سے جوڑتے ہیں نیلے رنگ کی ڈوری سے باندھے جایٔیں تاکہ سینہ بند افُود سے اِدھر اُدھر کھسکنے نہ پایٔے۔
29”اَور جَب بھی اَہرونؔ پاک مقام میں داخل ہوکر یَاہوِہ کے حُضُور میں جائے تو وہ فیصلے کرنے کے وقت اِستعمال کرنے کے سینہ بند کو جِس پر اِسرائیل کے بیٹوں کے نام ہیں اَپنے سینہ پر لگائے رکھے تاکہ ہمیشہ اُن کی یادگاری ہُوا کرے 30اَور تُم سینہ بند میں اُوریمؔ اَور تُمّیمؔ کو بھی رکھنا تاکہ جَب بھی اَہرونؔ یَاہوِہ کی حُضُوری میں جائے تو یہ اُس کے دِل کے اُوپر رہیں۔ یُوں بنی اِسرائیل کے لیٔے فیصلے کرنے کے وسائل ہمیشہ یَاہوِہ کے آگے اَہرونؔ کے دِل پر رہیں گے۔
کاہِنوں کے دیگر لباس
31”اَور تُم افُود کا جُبّہ بالکُل نیلے رنگ کے کپڑے کا بنانا، 32اَور اُس کا گریبان بیچ میں ہو اَور زرہ کے گریبان کی طرح اُس کے گریبان کے اطراف بُنی ہُوئی گوٹ لگی ہُوئی ہو تاکہ وہ پھٹنے نہ پائے۔ 33اَور تُم جُبّہ کے دامن کے گھیر میں چاروں طرف نیلے، اَرغوانی اَور قِرمزی دھاگے سے انار کڑھوانا جِن کے درمیان سونے کی گھنٹیاں ہُوں۔ 34یعنی پہلے سونے کی ایک گھنٹی ہو اَور پھر ایک انار اَور آخِر تک یہی ترتیب جاری رہے۔ 35اَور اَہرونؔ خدمت کرتے وقت یہ جُبّہ ضروُر پہنا کرے اَور جَب وہ اُس پاک مقام کے اَندر یَاہوِہ کے حُضُور جائے اَور جَب وہاں سے باہر آئے تو اُن گھنٹیوں کی آواز سُنایٔی دے کہیں اَیسا نہ ہو کہ وہ مرجائے۔
36”اَور تُم خالص سونے کی ایک تختی بنا کر اُس پر انگُشتری کے نقش کی طرح یہ کندہ کرنا:
یَاہوِہ کے لیٔے مُقدّس۔
37اَور اُسے ایک نیلے رنگ کی ڈوری کے ذریعہ عمامہ پر اِس طرح باندھنا کہ وہ عمامہ کے سامنے رہے۔ 38یہ تختی اَہرونؔ کی پیشانی پر ہوگی اَور وہ اُن گُناہوں کو اَپنے اُوپر لے گا جِن کے لیٔے بنی اِسرائیل اَپنے پاک نذرانوں کو مخصُوص کریں گے خواہ وہ نذرانے کچھ بھی ہُوں۔ یہ تختی ہمیشہ اَہرونؔ کی پیشانی پر رہے تاکہ وہ یَاہوِہ کے حُضُور میں مقبُول ٹھہریں۔
39”اَور تُم جُبّہ کو نفیس کتان سے بُننا اَور عمامہ بھی مہین کتان کا بنانا اَور کمر کے پٹکے پر کشیدہ کاری کی جائے۔ 40اَور تُم اَہرونؔ کے بیٹوں کی عزّت اَور زینت کی خاطِر اُن کے لیٔے جُبّے، کمر کے پٹکے اَور عمامے بنانا۔ 41اَور تُم یہ کپڑے اَپنے بھایٔی اَہرونؔ اَور اُس کے بیٹوں کو پہنانا اَور اُنہیں مَسح کرنا اَور مخصُوص کرنا اَور اُن کی تقدیس کرنا تاکہ وہ میرے لیٔے بطور کاہِنؔ خدمت اَنجام دیں۔
42”اَور تُم اُن کے لیٔے کتان کے پاجَامے بنانا جو کمر سے لے کر رانوں تک لمبے ہُوں تاکہ اُن کا بَدن ڈھکا رہے۔ 43اَہرونؔ اَور اُس کے بیٹے جَب بھی خیمہ اِجتماع میں داخل ہُوں یا پاک مقام کے اَندر خدمت کرنے کے لیٔے مذبح کے قریب جایٔیں تو اُن زیرِ جاموں کو ضروُر پہنیں کہیں اَیسا نہ ہو کہ وہ گُنہگار ٹھہریں اَور مَر جایٔیں۔
”اَہرونؔ اَور اُس کی نَسل کے لیٔے ہمیشہ یہی دستور دائمی فرمان رہے گا۔
موجودہ انتخاب:
خُروج 28: UCV
سرخی
شئیر
کاپی
کیا آپ جاہتے ہیں کہ آپ کی سرکیاں آپ کی devices پر محفوظ ہوں؟ Sign up or sign in
اُردو ہم عصر ترجُمہ™، کِتاب مُقدّس
حق اِشاعت © 1999، 2005، 2022، 2024 Biblica, Inc.
کی اِجازت سے اِستعمال کیا جاتا ہے۔
دُنیا بھر میں تمام حق محفوظ۔
Holy Bible, Urdu Contemporary Version™
Copyright © 1999, 2005, 2022, 2024 by Biblica, Inc.
Used with permission.
All rights reserved worldwide.