YouVersion Logo
تلاش

خُروج 29

29
کاہِنوں کی تخصیص
1”اَور اُنہیں پاک کرنے کے لیٔے تاکہ وہ بطور کاہِنؔ میری خدمت اَنجام دیں تُم یُوں کرنا کہ ایک بچھڑا اَور دو بے عیب مینڈھے لینا۔ 2اَور تُم نفیس گندُم کے آٹے کی بے خمیری روٹیاں اَور زَیتُون کے تیل سے بنے کُلچے اَور تیل سے چُپڑی ہُوئی بے خمیری ٹکیئے بنانا۔ 3اَور اُنہیں ایک ٹوکری میں رکھ کر اُنہیں بچھڑوں اَور مینڈھوں دونوں کے ہمراہ نذر کرنا۔ 4پھر اَہرونؔ اَور اُس کے بیٹوں کو خیمہ اِجتماع کے دروازہ پر لاکر اُن کو پانی سے نہلانا۔ 5اَور پھر وہ لباس لے کر اَہرونؔ کو کرتا، اَور افُود کا جُبّہ اَور افُود اَور سینہ بند پہنانا۔ اَور اُس پر افُود کو نفاست سے بنے ہویٔے کمربند سے باندھ دینا۔ 6اَور اُس کے سَر پر عمامہ رکھنا اَور مُقدّس تاج اُس عمامہ پر لگادینا۔ 7اَور مَسح کا تیل اُس کے سَر پر ڈالنا اَور اُسے مَسح کرنا۔ 8اَور پھر اُس کے بیٹوں کو لانا اَور اُن کو چوغے پہنانا۔ 9اَور اُن کے سَروں پر عمامے رکھنا۔ اَور پھر اَہرونؔ اَور اُس کے بیٹوں کو کمرکاپٹکہ باندھنا اَور دستور کی رو سے کہانت ہمیشہ تک اُن کی ہے۔
”اِس طرح تُم اَہرونؔ اَور اُن کے بیٹوں کو بطور کاہِنؔ مخصُوص کرنا۔
10”اَور تُم اُس بچھڑے کو خیمہ اِجتماع کے سامنے لانا اَور اَہرونؔ اَور اُس کے بیٹے اَپنے ہاتھ اُس کے سَر پر رکھیں۔ 11اَور پھر اُس بچھڑے کو یَاہوِہ کی حُضُوری میں خیمہ اِجتماع کے دروازہ پر ذبح کرنا۔ 12اَور اُس بچھڑے کے خُون میں سے کچھ لے کر اُسے اَپنی اُنگلی سے مذبح کے سینگوں پر لگانا اَور باقی سارا خُون مذبح کے پایٔے پر اُنڈیل دینا۔ 13اَور پھر تمام آنتوں کے اِردگرد کی چربی، جِگر کے اُوپر کی جھِلّی اَور دونوں گُردے اَور اُن کے اُوپر کی چربی لے کر مذبح پر جَلانا۔ 14لیکن بچھڑے کے گوشت، اُس کی کھال اَور اُس کے گوشت اَور گوبر سمیت چھاؤنی سے باہر آگ میں جَلا دینا۔ یہ گُناہ کی قُربانی ہے۔
15”پھر مینڈھوں میں سے ایک کو لینا اَور اَہرونؔ اَور اُن کے بیٹے اُس کے سَر پر اَپنے ہاتھ رکھیں۔ 16اَور تُم اُس مینڈھے کو ذبح کرنا اَور اُس کے خُون کو لے کر مذبح پر چاروں طرف چھڑکنا۔ 17اَور پھر تُم اُس مینڈھے کے ٹکڑے ٹکڑے کرنا اَور اُس کی آنتوں اَور پایوں کو دھوکر اُس کے سَر اَور دیگر ٹُکڑوں کے ساتھ رکھنا۔ 18اَور پھر اُس پُورے مینڈھے کو مذبح پر جَلانا۔ یہ یَاہوِہ کے لیٔے سوختنی نذر ہے ایک فرحت بخش خُوشبو یعنی یَاہوِہ کے لیٔے غِذا کی آتِشی نذر کی قُربانی ہے۔
19”اَور پھر دُوسرے مینڈھے کو لینا اَور اَہرونؔ اَور اُن کے بیٹے اُس کے سَر پر اَپنے ہاتھ رکھیں 20اَور تُم اُس مینڈھے کو ذبح کرنا اَور اُس کے خُون میں سے کچھ لے کر اَہرونؔ اَور اُن کے بیٹوں کے داہنے کان کی لو پر، داہنے ہاتھ اَور داہنے پاؤں کے انگُوٹھوں پر لگانا اَور خُون کو مذبح پر چاروں طرف چھڑک دینا۔ 21اَور مذبح کے خُون اَور مَسح کرنے والے زَیتُون کے تیل میں سے تھوڑا تھوڑا اَہرونؔ اَور اُس کے لباس پر اَور اُس کے بیٹوں پر اَور اُن کے لباسوں پر چھڑکنا۔ تَب وہ اَور اُس کے بیٹے اَپنے اَپنے لباس سمیت مُقدّس ٹھہریں گے۔
22”اَور تُم مینڈھے کی چربی اُس کی دُم کی چربی اَور آنتوں کے اِردگرد کی چربی، جِگر کے اُوپر کی جھِلّی اَور دونوں گُردوں اَور اُن کے اُوپر کی چربی اَور داہنی ران کو لینا کیونکہ یہ تخصیص کا مینڈھا ہے 23اَور بے خمیری روٹی کی ٹوکری میں سے جو یَاہوِہ کے آگے ہوگی ایک روٹی، تیل سے بنا ہُوا ایک کُلچہ اَور زَیتُون کے تیل سے چُپڑی ہُوئی ایک ٹکیا لینا 24اَور مَوشہ نے اِن سَب کو اَہرونؔ اَور اُن کے بیٹوں کے ہاتھوں پر رکھ کر اُن کو ہلانے کی نذر کی قُربانی کے طور پر یَاہوِہ کے حُضُور ہلانا۔ 25پھر اُنہیں اُن کے ہاتھوں سے لے کر سوختنی نذر کے ساتھ مذبح پر جَلا دینا تاکہ وہ یَاہوِہ کے لیٔے فرحت بخش خُوشبو ہو۔ یہ یَاہوِہ کے لیٔے بطور غِذا کی آتِشی نذر ہے۔ 26اَور پھر اَہرونؔ کی تخصیص کے لیٔے تخصیصی مینڈھے کا سینہ لے کر اُسے یَاہوِہ کے حُضُور ہلانے کی نذر کی قُربانی کے طور پر ہلانا اَور یہ تمہارا حِصّہ ہوگا۔
27”اَور تُم اَہرونؔ اَور اُن کے بیٹے کے تخصیصی مینڈھے کے ہلانے کی نذر کی قُربانی کے طور پر اُن حِصّوں کو یعنی اُس کے سینہ کو جو ہلایا گیا تھا اَور اُس ران کو جو چڑھائی گئی تھی پاک ٹھہرانا۔ 28اَور یہ بنی اِسرائیل کی طرف سے دائمی حِصّہ کے طور پر اَہرونؔ اَور اُس کے بیٹوں کا حق ہوگا۔ یہ وہ نذر ہے جو بنی اِسرائیل کی طرف سے اُن کی سلامتی کی نذر کی قُربانی میں سے یَاہوِہ کے لیٔے گزرانی جائے گی۔
29”اَور اَہرونؔ کے پاک لباس اُس کی اَولاد کے لیٔے ہوں گے تاکہ وہ اُن ہی میں مَسح اَور تخصیص کئے جا سکیں۔ 30اَور اُس کا وہ بیٹا جو بطور کاہِنؔ اُس کا جانشین ہو وہ جَب پاک مقام میں خدمت کرنے کے لیٔے خیمہ اِجتماع میں آئے تو وہ اُنہیں سات دِن پہنے رہے۔
31”اَور تُم تخصیصی مینڈھے کے گوشت کو لے کر کسی پاک جگہ میں اُبالنا۔ 32اَور اَہرونؔ اَور اُس کے بیٹے مینڈھے کا گوشت اَور ٹوکری کی روٹیاں خیمہ اِجتماع کے دروازہ پر کھایٔیں۔ 33جِن ہدیوں سے اُنہیں تخصیص اَور پاک کرنے کے لیٔے کفّارہ دیا گیا اُنہیں بھی وُہی کھایٔیں۔ اُنہیں دُوسرا کویٔی بھی نہ کھائے کیونکہ وہ پاک ہیں۔ 34اَور اگر تخصیصی مینڈھے کے گوشت یا روٹی میں سے کچھ صُبح تک باقی رہ جائے تو اُسے جَلا دینا۔ وہ ہرگز نہ کھایا جائے، اِس لیٔے کہ وہ پاک ہے۔
35”اَور تُم اَہرونؔ اَور اُس کے بیٹوں کے لیٔے وہ سَب کرنا جِس کا مَیں نے تُمہیں حُکم دیا ہے۔ اَور سات دِن تک اُن کی تخصیص کرتے رہنا۔ 36اَور گُناہ کی قُربانی کے طور پر کفّارہ دینے کے لیٔے ہر روز ایک بچھڑے کو ذبح کرنا اَور اُس کے لیٔے کفّارہ دیتے وقت مذبح کو صَاف کرنا اَور اُسے مَسح کرنا تاکہ وہ پاک ہو جائے۔ 37اَور سات دِن تک مذبح کے لیٔے کفّارہ دے کر اُسے پاک کرنا۔ تَب وہ مذبح پاک ترین ہو جائے گا اَورجو کچھ اُس کے ساتھ چھُو جائے گا وہ بھی پاک ٹھہرے گا۔
38”اَور ہر روز مُتواتر جو کچھ تُمہیں مذبح پر گزراننا ہوگا یہ ہے: ایک ایک سال کے دو برّے، 39ایک برّہ صُبح کو گزراننا اَور دُوسرا شام کو جھٹپٹے کے وقت 40پہلے برّہ کے ساتھ ایفہ#29‏:40 ایفہ تقریباً ایک کِلو چھ سَو گرام کے دسویں حِصّہ کے برابر مَیدہ دینا جِس میں ہین کا چوتھا حِصّہ#29‏:40 ہین کا چوتھا حِصّہ تقریباً ایک لیٹر کولھو کے زَیتُون کا تیل مِلا ہو۔ اَور ہین کے چوتھے حِصّہ کے برابر انگوری شِیرہ بھی بطور انگوری شِیرہ کی نذر گزراننا۔ 41اَور تُم شام کے جھٹپٹے کے وقت بھی مَیدہ کی اَور اناج کی نذر اَور ساتھ ہی انگوری شِیرے کی نذر کے ساتھ دُوسرے برّہ کی قُربانی گزراننا جَیسی صُبح کے لیٔے مُقرّر ہے تاکہ وہ یَاہوِہ کے لیٔے ایک فرحت بخش خُوشبو اَور غِذا کی آتِشی نذر ٹھہرے۔
42”یہ سوختنی نذر خیمہ اِجتماع کے دروازہ پر یَاہوِہ کے آگے مسلسل نَسل در نَسل ہوتی رہے۔ وہاں میں تُم سے ملوں گا اَور باتیں کروں گا۔ 43اَور وہیں میں بنی اِسرائیل سے بھی مُلاقات کروں گا اَور وہ مقام میرے جلال سے مُقدّس ہوگا۔
44”میں خیمہ اِجتماع کو اَور مذبح کو مُقدّس کروں گا اَور مَیں اَہرونؔ اَور اُس کے بیٹوں کو مُقدّس کروں گا تاکہ وہ بطور کاہِنؔ میرے لیٔے خدمت اَنجام دیں۔ 45پھر میں اِسرائیلیوں کے درمیان سکونت کروں گا اَور اُن کا خُدا ہُوں گا 46اَور وہ جان لیں گے کہ مَیں یَاہوِہ اُن کا خُدا ہُوں جو اُن کو مِصر سے نکال کر لایا تاکہ میں اُن کے درمیان سکونت کروں، میں ہی یَاہوِہ اُن کا خُدا ہُوں۔

موجودہ انتخاب:

خُروج 29: UCV

سرخی

شئیر

کاپی

None

کیا آپ جاہتے ہیں کہ آپ کی سرکیاں آپ کی devices پر محفوظ ہوں؟ Sign up or sign in