YouVersion Logo
تلاش

خُروج 22

22
جائداد کے بارے میں
1”اگر کویٔی اِنسان ایک بَیل یا بھیڑ چُرا کر اُسے ذبح کرے یا بیچ دے تو وہ اُس بَیل کے بدلے پانچ بَیل اَور اُس بھیڑ کے بدلے چار بھیڑیں بطور مُعاوضہ دے۔
2”اگر کویٔی چور نقب زنی کرتے ہویٔے پکڑا جائے اَور اُس کو اَیسی مار پڑے کہ وہ مَر جائے تو مارنے والا خُون کا مُجرم نہ سمجھا جائے۔ 3لیکن اگر یہ واقعہ دِن میں ہو تو وہ خُون کا مُجرم سمجھا جائے گا۔
”چور کو لازِم ہے کہ وہ چوری کے مال کا مُعاوضہ واپس کرے۔ اگر اُس کے پاس کچھ نہ ہو تو وہ چوری کی سزا کے طور پر غُلام بنا کر بیچ دیا جائے۔ 4لیکن اگر چوری کیا ہُوا جانور اُس کے پاس جیتا مِل جائے خواہ وہ بَیل ہو یا گدھا یا بھیڑ تو وہ اُس کا دُگنا واپس کر دے۔
5”اگر کویٔی اِنسان اَپنے مویشی کسی کھیت یا انگور کے باغ میں چَراتا ہو اَور وہ اُنہیں بھٹک جانے دے اَور وہ جا کر کسی دُوسرے کے کھیت میں چرنے لگیں تو وہ اَپنے کھیت یا انگور کے باغ کی اَچھّی سے اَچھّی پیداوار میں سے اُس کا مُعاوضہ دے۔
6”اگر آگ بھڑک اُٹھے اَور کانٹے دار جھاڑیوں میں اَیسی پھیل جائے کہ اُس سے اناج کے پُولے یا کھڑی فصل یا سارا کھیت جَل جائے تو وہ جِس نے آگ جَلائی ہو ضروُر مُعاوضہ اَدا کرے۔
7”اگر کویٔی اِنسان اَپنی چاندی یا دیگر سامان اَپنے پڑوسی کے پاس بطور اَمانت رکھے اَور وہ پڑوسی کے گھر سے چوری ہو جائے اَور چور پکڑا جائے تو وہ اُس کا دُگنا اَدا کرے۔ 8لیکن اگر چور پکڑا نہ جائے تو ضروُری ہے کہ اُس گھر کا مالک قاضی کے سامنے حاضِر ہو تاکہ مَعلُوم ہو سکے کہ کہیں اُس نے اَپنے پڑوسی کی اَمانت میں خیانت نہیں کی۔ 9خیانت والے سارے مُعاملات خواہ وہ بَیل، گدھے، بھیڑ یا کپڑے یا کسی گُم شُدہ مال کے بارے میں کہے، ’یہ میرا ہے،‘ فریقین کی طرف سے قاضیوں کے حُضُور پیش کئے جایٔیں اَور جِس کو قاضی مُجرم ٹھہرائے وہ اَپنے پڑوسی کو دُگنا اَدا کرے۔
10”اگر کویٔی اِنسان اَپنے ہمسایہ کے پاس گدھا یا بَیل یا بھیڑ یا کویٔی اَور جانور بطور اَمانت رکھے اَور وہ مرجائے یا زخمی ہو جائے یا چوری چُھپے کہیں اَور بھیج دیا جائے 11تو اَیسے مُعاملہ کے تصفیہ کے لیٔے وہ دونوں یَاہوِہ کے سامنے حاضِر ہُوں اَور مُلزم قَسم کھا کر کہے کہ اُس نے اَپنے پڑوسی کی اَمانت میں خیانت نہیں کی اَور مالک اِسے سچ مانے تو کویٔی مُعاوضہ اَدا نہ کیا جائے۔ 12لیکن اگر وہ جانور پڑوسی کے یہاں سے چُرا لیا گیا ہو تو اُس کے مالک کو مُعاوضہ اَدا کرنا لازمی ہوگا۔ 13اگر اُسے کسی درندہ نے پھاڑ ڈالا ہو تو وہ اُس کی لاش بطور ثبوت پیش کر دے تو اُس سے اُس پھاڑے ہویٔے جانور کا مُعاوضہ نہ لیا جائے۔
14”اگر کویٔی اِنسان اَپنے پڑوسی سے کویٔی جانور اُدھار لے اَور وہ مالک کی غَیر مَوجُودگی میں زخمی ہو جائے یا مَر جائے تو وہ ضروُر اُس کا مُعاوضہ اَدا کرے۔ 15لیکن اگر مالک اَپنے جانور کے ساتھ ہو تو اُسے اُدھار لینے والے کو مُعاوضہ نہیں دینا پڑےگا۔ اگر وہ جانور کرایہ پر لیا گیا تھا تو کرایہ کی رقم ہی نُقصان کی تلافی سَمجھی جائے گی۔
مُعاشری ذمّہ داری
16”اگر کویٔی اِنسان کسی کنواری کو جِس کی نِسبت نہ ہُوئی ہو پھُسلا کر اُس سے مباشرت کرے تو وہ لازماً اُسے مَہر دے اَور اُس سے شادی کر لے۔ 17اگر لڑکی کا باپ اُسے اَپنی لڑکی دینے سے قطعاً اِنکار کر دے تَب بھی وہ کنواریوں کے مَہر کے مُطابق اُسے نقد رُوپیہ اَدا کرے۔
18”تُم جادُوگرنی کو زندہ نہ رہنے دینا۔
19”جو کویٔی جانور سے مباشرت کرے وہ قطعی جان سے ماراجائے۔
20”جو کویٔی واحد یَاہوِہ کے سِوا کسی دُوسرے معبُود کے آگے قُربانی چڑھائے تو وہ بالکُل نابود کر دیا جائے۔
21”کسی پردیسی سے بدسلُوکی نہ کرنا اَور نہ ہی اُس پر ستِم ڈھانا کیونکہ تُم بھی مِصر میں پردیسی تھے۔
22”تُم کسی بِیوہ یا یتیم کو دُکھ نہ دینا۔ 23اگر تُم نے اَیسا کیا اَور اُنہُوں نے مُجھ سے فریاد کی تو میں یقیناً اُن کی فریاد سُنوں گا 24اَور میرا قہر بھڑکے گا اَور مَیں تُمہیں تلوار سے مار ڈالوں گا اَور تمہاری بیویاں بِیوہ اَور تمہارے بچّے یتیم ہو جایٔیں گے۔
25”اگر تُم میرے لوگوں میں سے کسی مُحتاج کو جو تمہارے پاس رہتاہے کچھ رُوپیہ قرض دو تو اُس سے ساہوکار کی طرح سلُوک نہ کرنا اَور نہ زِیادہ سُود لینا۔ 26اگر تُم اَپنے پڑوسی کی چادر بطور رہن رکھ لو تو سُورج کے ڈُوبنے تک اُسے لَوٹا دینا 27کیونکہ اُس کے پاس جِسم ڈھانپنے کے لیٔے صِرف وُہی چادر ہے۔ پھر وہ کیا اوڑھ کر سوئے گا؟ جَب وہ مُجھ سے فریاد کرےگا تو میں اُس کی فریاد سُنوں گا کیونکہ مَیں بڑا رحیم ہُوں۔
28”تُم خُدا پر لعنت نہ کرنا اَور اَپنی قوم کے رہنماؤں پر لعنت مت بھیجنا۔
29”تُم گوداموں میں جمع کی ہُوئی پیداوار اَور اَپنے کولھو سے نکالے ہویٔے رس میں سے میرے لیٔے نذریں لانے میں تاخیر نہ کرنا۔
”اَور تُمہیں اَپنے بیٹوں میں سے پہلوٹھے کو لازماً مُجھے دینا ہوگا۔ 30اَور اَپنے مویشیوں اَور بھیڑوں کے پہلوٹھے کے ساتھ بھی اَیسا ہی کرنا۔ سات دِن تک تُم اُنہیں اَپنی ماؤں کے ساتھ رہنے دینا لیکن آٹھویں دِن تُم اُنہیں مُجھے دے دینا۔
31”تُم میرے مُقدّس لوگ ہوگے لہٰذا درندوں کے پھاڑے ہویٔے جانور کا گوشت نہ کھانا بَلکہ اُسے کُتّوں کے آگے پھینک دینا۔

موجودہ انتخاب:

خُروج 22: UCV

سرخی

شئیر

کاپی

None

کیا آپ جاہتے ہیں کہ آپ کی سرکیاں آپ کی devices پر محفوظ ہوں؟ Sign up or sign in