YouVersion Logo
تلاش

خُروج 23

23
اِنصاف اَور رحم کے بارے میں
1”تُم جھُوٹی خبریں نہ پھیلانا اَور نہ جھُوٹی گواہی دینے کے لیٔے کسی مُجرم کی مدد کرنا۔
2”بُرائی کرنے کے لیٔے ہُجوم کی پیروی نہ کرنا اَور جَب تُم کسی مُقدّمہ میں گواہی دو تو محض ہُجوم کا ساتھ دینے کی خاطِر اِنصاف کا خُون نہ کردینا۔ 3اَور کسی غریب اِنسان کے مُقدّمہ میں بھی طرفداری سے کام نہ لینا۔
4”اگر تُمہیں اَپنے دُشمن کا بھٹکا ہُوا بَیل یا گدھا کہیں مِل جائے تو اُسے ضروُر اُس کے پاس واپس لے جانا۔ 5اگر تُم اَپنے رقیب کے گدھے کو اُس کے بھاری بوجھ کے باعث گرا ہُوا دیکھو تو اُسے یُوں ہی نہ چھوڑ دینا بَلکہ اُسے کھڑا کرنے میں اُس کی مدد کرنا۔
6”تُم اَپنے غریب لوگوں کے مُقدّمات میں اِنصاف کا خُون نہ ہونے دینا۔ 7جھُوٹے اِلزام سے کویٔی واسطہ نہ رکھنا اَور نہ کسی بے قُصُور یا ایماندار اِنسان کو قتل کرنا کیونکہ مَیں کسی مُجرم کو نہ چھوڑوں گا۔
8”تُم رشوت نہ لینا کیونکہ رشوت بیناؤں کو اَندھا کردیتی ہے اَور صادقوں کی باتوں کو بدل ڈالتی ہے۔
9”کسی پردیسی پر ظُلم نہ کرنا کیونکہ تُم پردیسی کے دِل کو جانتے ہو اِس لیٔے کہ تُم خُود بھی مُلک مِصر میں پردیسی تھے۔
سَبت کے بارے میں
10”چھ سال تک تُم اَپنے کھیتوں میں بیج بونا اَور فصل کاٹنا۔ 11لیکن ساتویں سال اُس زمین میں نہ تو ہل چلانا اَور نہ اُسے اَپنے اِستعمال میں لانا تمہارے لوگوں میں جو ضروُرت مند ہُوں وہ اُس میں سے خُوراک حاصل کرنے کے لئے چھوڑیں۔ اَورجو اُن سے بچ رہے اُسے جنگلی جانور چَر لیں۔ اَپنے انگور کے باغ اَور اَپنے زَیتُون کے باغ سے بھی اَیسا ہی کرنا۔
12”چھ دِن اَپنا کام کاج کرنا لیکن ساتویں دِن کویٔی کام نہ کرنا تاکہ تمہارے بَیل اَور تمہارے گدھے کو آرام ملے اَور تمہارا خانہ زاد غُلام اَور وہ پردیسی جو تمہارے یہاں ٹھہرا ہو، تازہ دَم ہو جایٔے۔
13”اَور ہر ایک بات پرجو مَیں نے تُم سے کہی ہے احتیاط سے عَمل کرنا اَور دُوسرے معبُودوں کا نام تک نہ لینا بَلکہ وہ تمہارے مُنہ سے بھی سُنایٔی نہ دے۔
تین سالانہ عیدوں کے بارے میں
14”تُم سال میں تین بار میرے لیٔے عید منانا۔
15”عیدِ فطیر یعنی بے خمیری روٹی کی عید منانا اَور سات دِن تک جَیسا کہ مَیں نے تُمہیں حُکم دیا بے خمیری روٹیاں کھانا اَور اَیسا ابیبؔ کے مہینے میں مُقرّرہ وقت پر کرنا کیونکہ اُسی مہینے میں تُم مُلک مِصر سے نکلے تھے۔
”اَور کویٔی بھی میرے سامنے خالی ہاتھ نہ آئے۔
16”اَور اَپنے کھیت میں جو فصل تُم بوؤ اُس کی پہلی پیداوار سے فصل کاٹنے کی عید منانا۔
”اَور جَب تُم کھیت سے اَپنی فصل جمع کرو تو سال کے آخِر میں اناج جمع کرنے کی عید منانا۔
17”سال میں تین بار تمام مَردوں کو یَاہوِہ قادر کے حُضُور حاضِر ہونا ہوگا۔
18”تُم قُربانی کا خُون کسی اَیسی چیز کے ساتھ نہ پیش کرنا جِس میں خمیر مِلا ہو مُجھے نہ چڑھانا۔
”اَور میری عید کی قُربانیوں کی چربی میں سے کچھ صُبح تک باقی نہ رکھنا۔
19”اَور تُم اَپنی زمین کے پہلے پھلوں میں سے بہترین پھل یَاہوِہ اَپنے خُدا کے گھر میں لانا۔“
تُم بکری کے بچّہ کو اُس کی ماں کے دُودھ میں نہ پکانا۔
خُدا کا فرشتہ راہ تیّار کرتا ہے
20”سُنو، میں ایک فرشتہ تمہارے آگے بھیج رہا ہُوں تاکہ راستہ میں تمہارا نگہبان ہو اَور تُمہیں اُس جگہ پہُنچا دے جسے مَیں نے تیّار کیا ہے۔ 21تُم اُس کی طرف متوجّہ ہونا اَور اُس کی بات ماَننا۔ اَور اُس سے سرکشی نہ کرنا کیونکہ وہ تمہاری سرکشی کو مُعاف نہیں کرےگا اِس لیٔے کہ میرا نام اُس میں رہتاہے۔ 22اگر تُم اُس کی بات مانوگے اَور وہ سَب جو مَیں کہتا ہُوں کروگے تو مَیں تمہارے دُشمنوں کا دُشمن اَور تمہاری مُخالفت کرنے والوں کا مُخالف ہُوں گا۔ 23میرا فرشتہ تمہارے آگے آگے چلے گا اَور تُمہیں امُوریوں، حِتّیوں، پَرزّیوں، کنعانیوں، حِوّیوں اَور یبُوسیوں کے مُلک میں پہُنچا دے گا اَور مَیں اُنہیں ہلاک کر ڈالوں گا۔ 24تُم نہ تو اُن کے معبُودوں کو سَجدہ کرنا نہ اُن کی عبادت کرنا اَور نہ اُن کی پیروی کرنا۔ تُم اُنہیں مِسمار کردینا اَور اُن کے مُقدّس سُتونوں ٹکڑے ٹکڑے کردینا۔ 25تُم یَاہوِہ اَپنے خُدا کی عبادت کرنا تو تمہاری روٹی اَور تمہارے پانی پر اُس کی برکت ہوگی اَور مَیں تمہارے درمیان سے بیماری کو دُور کروں گا۔ 26اَور تمہارے مُلک میں نہ تو کسی عورت کا حَمل گِرے گا اَور نہ کویٔی بانجھ ہوگی۔ اَور مَیں تُمہیں عمر کی درازی بخشوں گا۔
27”میں اَپنی ہیبت کو تمہارے آگے آگے بھیجوں گا اَور مَیں ہر ایک قوم کو جو تمہارا مُقابلہ کرےگی شِکست دُوں گا۔ تمہارے سارے دُشمن میری وجہ سے پیٹھ پھیر کر بھاگ جایٔیں گے۔ 28اَور تمہارے آگے تتیاؤں کو بھیجوں گا جو حِوّیوں، کنعانیوں اَور حِتّیوں کو تمہارے سامنے سے بھگا دیں گی۔ 29لیکن مَیں اُنہیں ایک ہی بَرس میں نہ بھگاؤں گا تاکہ زمین ویران نہ ہو اَور جنگلی جانوروں کی کثرت تمہارے لیٔے نُقصان دہ ثابت نہ ہو۔ 30بَلکہ میں تھوڑا تھوڑا کرکے اُنہیں تمہارے سامنے سے اُس وقت تک دُور کرتا رہُوں گا جَب تک کہ تُم تعداد میں بڑھ کر اُس مُلک پر قابض نہ ہو جاؤ۔
31”اَور مَیں تمہاری سرحدیں بحرِقُلزمؔ سے لے کر فلسطینیوں کے بہر#23‏:31 فلسطینیوں کے بہریعنی بہر رُوم تک اَور بیابان سے لے کر دریائے فراتؔ تک مُقرّر کروں گا اَور اُس مُلک میں رہنے والوں کو تمہارے قبضہ میں دے دُوں گا اَور تُم اُنہیں اَپنے سامنے سے نکال دوگے۔ 32تُم اُن سے یا اُن کے معبُودوں سے کویٔی عہد نہ باندھنا۔ 33اَور وہ تمہارے مُلک میں رہنے نہ پائے اَیسا نہ ہو کہ وہ تُم سے میرے خِلاف گُناہ کروائیں کیونکہ اُن کے معبُودوں کی عبادت تمہارے لیٔے یقیناً ایک پھندا بَن جائے گی۔“

موجودہ انتخاب:

خُروج 23: UCV

سرخی

شئیر

کاپی

None

کیا آپ جاہتے ہیں کہ آپ کی سرکیاں آپ کی devices پر محفوظ ہوں؟ Sign up or sign in