YouVersion Logo
تلاش

خُروج 21

21
1”وہ آئین جو تُمہیں لوگوں کو بتانا ہیں یہ ہیں:
عِبرانی غُلاموں اَور خادِموں کے بارے میں
2”اگر تُم عِبرانی غُلام خریدو تو وہ چھ سال تک تمہاری خدمت کرے لیکن ساتویں سال وہ قیمت اَدا کئے بغیر آزاد ہوکر چلا جائے۔ 3اگر خَاوند اکیلا خریدا جائے تو اکیلا ہی آزاد کیا جائے۔ اگر شادی شُدہ ہو تو اُس کی بیوی بھی اُس کے ساتھ آزاد کی جائے۔ 4اگر اُس کی شادی اُس کے آقا نے کروائی ہو اَور اُس عورت کے اُس سے بیٹے اَور بیٹیاں ہُوئی ہُوں تو وہ عورت اَور اُس کے بچّے اُس کے آقا کے ہوں گے اَور صِرف اِنسان آزاد کیا جائے گا۔
5”لیکن اگر وہ غُلام یہ اعلان کرے ’میں اَپنے آقا سے اَور اَپنی بیوی اَور بچّوں سے مَحَبّت رکھتا ہُوں اَور مَیں آزاد ہوکر جانا نہیں چاہتا،‘ 6تو اُس کا آقا اُسے قاضیوں#21‏:6 قاضیوں یعنی خُدا کے پاس لے جائے اَور اُسے دروازہ پر یا دروازہ کی چوکھٹ پر لاکر سُوئے سے اُس کا کان چھید دے۔ تَب وہ عمر بھر اُس کی خدمت کرتا رہے گا۔
7”اَور اگر کویٔی اِنسان اَپنی بیٹی کو بطور خادِمہ بیچ دے تو وہ خادِمہ غُلاموں کی طرح چھ بَرس کے بعد آزاد نہ کی جائے۔ 8اگر وہ اَپنے آقا کو جِس نے اُسے اَپنے لیٔے مُنتخب کیا تھا خُوش نہ کرے تو وہ اُس کی چھڑوتی قیمت واپس لے کر اُسے اَپنے گھر جانے دے۔ اُسے اُس خادِمہ کو کسی پردیسی قوم کے ہاتھ بیچنے کا اِختیار نہیں کیونکہ وہ اُس خادِمہ کو اَپنے یہاں لانے کے بعد اُس سے کیا ہُوا وعدہ پُورا نہ کر سَکا۔ 9اگر وہ اُسے اَپنے بیٹے کے لیٔے خریدتا ہے تو اُس کے ساتھ بیٹیوں کے جَیسا سلُوک اَور حق اَدا کرے۔ 10اَور اگر وہ کسی دُوسری عورت کو شادی کرکے لایٔے تو لازِم ہے کہ وہ اُس خادِمہ یعنی پہلی عورت کو کھانے کپڑوں اَور اِزدواجی حُقُوق سے محروم نہ کرے۔ 11اگر وہ اُسے یہ تین چیزیں مُہیّا نہیں کرتا تو وہ خادِمہ اَپنے آزاد ہونے کی قیمت اَدا کئے بغیر واپس جا سکتی ہے۔
اِنفرادی چوٹ کے بارے میں
12”اگر کویٔی کسی اِنسان پر اَیسا حملہ کرے کہ وہ مَر جائے تو وہ لازماً جان سے ماراجائے۔ 13تاہم اگر اُس نے قصداً اَیسا نہ کیا ہو بَلکہ خُدا نے اَیسا ہونے دیا ہو تو اُس صورت میں وہ اُس جگہ جسے میں مُقرّر کروں گا فرار ہو جائے۔ 14لیکن اگر کویٔی دیدہ و دانستہ کسی دُوسرے اِنسان پر حملہ کرے تو اُسے میرے مذبح سے دُور لے جا کر مار دیا جائے۔
15”اَورجو کویٔی اَپنے باپ یا اَپنی ماں پر حملہ کرے وہ لازماً مار ڈالا جائے۔
16”اَورجو کویٔی کسی دُوسرے اِنسان کو اِغوا کرے خواہ اُسے بیچ دے خواہ اَپنے پاس رکھے اَور پکڑا جائے تو وہ ضروُر مار ڈالا جائے۔
17”اَورجو کویٔی اَپنے باپ یا اَپنی ماں پر لعنت کرے وہ قطعی مار ڈالا جائے۔
18”اَور اگر دو اِنسان جھگڑیں اَور ایک اِنسان دُوسرے اِنسان کو پتّھر یا مُکّا مارے اَور وہ نہ مَرے لیکن بِستر سے جا لگے، 19اَور اُس کے بعد اُٹھ کر اَپنی لاٹھی کے سہارے چلنے پھرنے لگے تو وہ جِس نے مارا تھا بَری سمجھا جائے لیکن ہرجانہ بھرے اَور زخمی ہونے والے کے علاج کا سارا خرچ مُکمّل شفا ہونے تک اَدا کرے۔
20”اگر کویٔی اِنسان اَپنے غُلام یا اَپنی خادِمہ کو لاٹھی سے اَیسا مارے کہ وہ فوراً مَر جائے تو اُسے لازماً سزا دی جائے۔ 21لیکن اگر وہ غُلام ایک دو دِن کے بعد اَچھّا ہو جائے تو اُسے سزا نہ دی جائے، اِس لیٔے کہ وہ غُلام اُس کی مِلکیّت ہے۔
22”اگر وہ لوگ جو باہم لڑ رہے ہُوں کسی حاملہ عورت کو اَیسی چوٹ پہُنچائیں جِس کے باعث اُس کا حَمل گِر جائے لیکن اُسے کویٔی اَور ضرر نہ پہُنچے تو جِتنا جُرمانہ اُس کا خَاوند مانگے اَور قاضی منظُور کریں اُس سے لیا جائے۔ 23لیکن اگر اُسے کویٔی اَور ضرر پہُنچا ہو تو تُم جان کے بدلے جان 24آنکھ کے بدلے آنکھ، دانت کے بدلے دانت، ہاتھ کے بدلے ہاتھ اَور پاؤں کے بدلے پاؤں لے لینا۔ 25جَلانے کے بدلے جَلانا، زخم کے بدلے زخم اَور چوٹ کے بدلے چوٹ پہُنچانا۔
26”اگر کویٔی مالک اَپنے غُلام یا لونڈی کی آنکھ پر اَیسا مارے کہ وہ پھوٹ جائے تو وہ اُس کی آنکھ کے بدلے اُس غُلام یا لونڈی کو آزاد کر دے۔ 27اَور اگر مالک کسی غُلام یا لونڈی کو مار کر اُس کا دانت توڑ ڈالے تو وہ اُس کے دانت کے بدلے اُس غُلام یا لونڈی کو آزاد کر دے۔
28”اگر کویٔی بَیل کسی مَرد یا عورت کو سینگ مار کر مار ڈالے تو اُس بَیل کو ضروُر سنگسار کیا جائے اَور اُس کا گوشت ہرگز نہ کھایا جائے لیکن بَیل کا مالک بےگُناہ ٹھہرے۔ 29لیکن اگر اُس بَیل کے سینگ مارنے کی عادت ہے اَور مالک کو آگاہ کیا جا چُکاہے لیکن اُس نے اُسے باندھ کر نہیں رکھا اَور وہ کسی مَرد یا عورت کو مار ڈالے تو اُس بَیل کو سنگسار کر دیا جائے اَور اُس کے مالک کو بھی مار ڈالا جائے۔ 30تاہم اگر اُس سے خُون بہا تو اُس کی چھڑوتی مانگی جائے تو اُسے اَپنی جان کے فدیہ میں جِتنا اُس سے طلب کیا جائے اُتنا ہی دینا پڑےگا۔ 31اگر وہ بَیل کسی کے بیٹے یا بیٹی کو سینگ مار کر مار ڈالے تَب بھی اِسی آئین کے مُطابق عَمل کیا جائے۔ 32اگر وہ بَیل کسی غُلام یا لونڈی کو سینگ مار کر مار ڈالے تو اُس بَیل کا مالک اُس غُلام یا لونڈی کے مالک کو تیس ثاقل#21‏:32 تیس ثاقل تقریباً تین سَو پینتالیس گرام چاندی اَدا کرے اَور اُس بَیل کو ضروُر سنگسار کر دیا جائے۔
33”اَور اگر کویٔی اِنسان کویٔی گڑھا کھول دے یا گڑھا کھود کر اُس کا مُنہ نہ ڈھانپے اَور کویٔی بَیل یا گدھا اُس میں گِر جائے 34تو گڑھے کا مالک اُس کا نُقصان بھر دے اَور جانور کے مالک کو قیمت اَدا کرے اَور مَرے ہویٔے جانور کو خُود لے لے۔
35”اگر کسی اِنسان کا بَیل کسی دُوسرے کے بَیل کو اَیسا زخمی کرے کہ وہ مَر جائے تو وہ اُس زندہ بَیل کو بیچ دے اَور اُس کا دام آپَس میں آدھا آدھا بانٹ لیں اَور اُس مَرے ہویٔے بَیل کو بھی اَیسے ہی بانٹ لے۔ 36لیکن اگر یہ بات مَعلُوم ہو کہ بَیل کو سینگ مارنے کی عادت تھی اَور اُس کے مالک نے پھر بھی اُسے باندھ کر نہیں رکھا تو اُس کے مالک کو بَیل کے بدلے بَیل دینا لازمی ہوگا اَور مَرا ہُوا جانور اُس کا ہوگا۔

موجودہ انتخاب:

خُروج 21: UCV

سرخی

شئیر

کاپی

None

کیا آپ جاہتے ہیں کہ آپ کی سرکیاں آپ کی devices پر محفوظ ہوں؟ Sign up or sign in