YouVersion Logo
تلاش

اِستِثنا 11

11
یَاہوِہ سے مَحَبّت اَور فرمانبرداری
1تُم یَاہوِہ اَپنے خُدا سے مَحَبّت رکھّو اَور اُن کے تمام تقاضوں، قوانین، آئین اَور اُن کے اَحکام پر ہمیشہ عَمل کرتے رہنا۔ 2اَور تُم آج کے دِن یاد رکھّو کہ مَیں تمہارے بال بچّوں سے کلام نہیں کر رہا ہُوں، جنہوں نے نہ تو یَاہوِہ تمہارے خُدا کی تنبیہ کو سمجھا ہے اَور نہ ہی اُنہُوں نے اُن کی عظمت، قوی ہاتھ اَور بڑھائے بازو کو دیکھاہے؛ 3اَور اُن معجزوں کو جسے خُدا نے مِصر میں اَور شاہِ مِصر فَرعوہؔ اَور اُس کے سَب لوگوں کے سامنے عجِیب و غریب کارنامے کیٔے۔ 4اَور یَاہوِہ نے مِصر کی فَوج اَور اُس کے گھوڑوں اَور رتھوں کا کیا حَشر کیا، جَب وہ تمہارا تعاقب کر رہے تھے تو اُنہیں بحرِقُلزمؔ کے پانی میں ڈُبو کر کیسے اُنہیں ہمیشہ کے لیٔے غرق کر دیا۔ 5اَور تمہارے اِس مقام میں پہُنچنے تک تمہارے بچّوں نے نہیں دیکھا تھا کہ یَاہوِہ نے اُس بیابان میں تمہارے ساتھ کیا کیا کیا تھا۔ 6اَور یَاہوِہ نے اِلیابؔ بِن داتنؔ اَور ابیرامؔ کے ساتھ جو رُوبِنؔ کے پوتے تھے کیا کیا تھا، جَب سَب اِسرائیلیوں کے سامنے، زمین نے اَپنا مُنہ کھولا اَور اُنہیں اُن کے گھرانوں، خیموں اَور اُن کے ہر جاندار سمیت نگل لیا۔ 7لیکن تُم نے تو اَپنی آنکھوں سے اِن سَب عظیم کارناموں کو دیکھاہے جسے یَاہوِہ نے اَنجام دیا تھا۔
8لہٰذا تُم اُن سَب اَحکام پر عَمل کرنا جو آج مَیں تُمہیں دے رہا ہُوں تاکہ تُم مربوط ہوکر اُس مُلک پر قبضہ کر سکو، جسے حاصل کرنے کے لیٔے تُم یردنؔ کے پار جا رہے ہو۔ 9تاکہ اُس مُلک میں تمہاری عمر دراز ہو، جِس میں دُودھ اَور شہد کا دریا بہتا ہے، اَور جسے تمہارے آباؤاَجداد اَور اُن کی اَولاد کو دینے کا وعدہ یَاہوِہ نے اُن سے قَسم کھا کر کی تھی۔ 10کیونکہ جِس مُلک پر تُم قبضہ کرنے جا رہے ہو، وہ مِصر کی مانند نہیں ہے، جہاں سے تُم نکل آئے ہو، وہاں تُم بیج بوتے تھے اَور سبزی کے باغ کی طرح اُسے پاؤں سے نالیاں بنا کر سینچتے تھے۔ 11لیکن جِس مُلک پر قبضہ کرنے کے لیٔے تُم یردنؔ پار کر رہے ہو، وہ پہاڑوں اَور وادیوں کا مُلک ہے جو آسمان کی بارش سے سیراب ہوتا رہتاہے۔ 12وہ اَیسا مُلک ہے جِس کی فکر یَاہوِہ تمہارے خُدا کرتے ہیں اَور سال کے آغاز سے اُس کے اِختتام تک یَاہوِہ تمہارے خُدا کی نگاہیں اُس پر ہمیشہ لگی رہتی ہیں۔
13لہٰذا اگر تُم جو اَحکام آج مَیں تُمہیں دے رہا ہُوں، اُن پر سچّے دِل سے عَمل کرو یعنی یَاہوِہ اَپنے خُدا سے مَحَبّت رکھّو اَور اَپنے سارے دِل اَور اَپنی ساری جان سے اُس کی خدمت کرو، 14تو مَیں تمہارے مُلک میں صحیح وقت پر مینہ برساؤں گا خواہ وہ موسمِ خزاں ہو یا موسمِ بہار؛ تاکہ تُم اَپنا اناج اَور نئے انگوری شِیرے اَور زَیتُون کا تیل جمع کر سکو۔ 15مَیں تمہارے مویشیوں کے لیٔے کھیتوں میں گھاس اُگاؤں گا اَور تُم کھاؤگے اَور مطمئن ہو جاؤگے۔
16لہٰذا خبردار رہو، کہیں اَیسا نہ ہو کہ تمہارا دِل دھوکا کھایٔیں اَور تُم بہک کر غَیر معبُودوں کی عبادت کرنے لگو اَور اُن کے آگے سَجدہ کرو۔ 17تَب یَاہوِہ کا غضب تُم پر بھڑک اُٹھے گا اَور وہ آسمان کے دروازے بند کر دے، تاکہ مینہ نہ برسے اَور زمین میں کچھ پیداوار نہ ہو، اَور تُم اِس بہترین مُلک سے جسے یَاہوِہ تُمہیں دے رہاہے بہت جلد فنا ہو جاؤگے۔ 18اِس لیٔے میرے اِن الفاظ کو اَپنے دِل و دماغ پر نقش کر لو اَور تُم اُنہیں اَپنے ہاتھوں پر نِشان کے طور پر باندھنا اَور اَپنی پیشانیوں پر ٹیکوں کی طرح لگا لو۔ 19گھر میں بیٹھتے، راہ پر چلتے، لیٹتے اَور اُٹھتے ہویٔے، تُم اِن کا ذِکر کیا کرنا؛ اَور اُنہیں اَپنے بچّوں کو سِکھایا کرنا۔ 20تُم اُنہیں اَپنے مکانوں کے دروازوں کی چوکھٹوں پر اَور اَپنے پھاٹکوں پر کندہ کرنا۔ 21تاکہ جَب تک آسمان اَور زمین قائِم ہیں، تمہاری اَور تمہارے اَولاد کی عمر اُس مُلک میں دراز ہو، جسے دینے کا وعدہ یَاہوِہ نے تمہارے آباؤاَجداد سے قَسم کھا کر کیا تھا۔
22اگر تُم اِن سَب اَحکام کو جو میں تُمہیں دے رہا ہُوں؛ اُن پر عَمل کرو اَور یَاہوِہ اَپنے خُدا سے مَحَبّت رکھّو، اَور اُن کی سَب راہوں پر چلو اَور اُن سے لپٹے رہو، 23تَب یَاہوِہ اِن سَب قوموں کو تمہارے سامنے سے بے دخل کر دیں گے اَور تُم اَپنے سے بڑی اَور زورآور قوموں پر قابض ہو جاؤگے۔ 24جہاں جہاں تمہارے قدم پڑیں گے وہ زمین تمہاری ہو جائے گی؛ اَور تمہاری سرحد بیابان سے لے کر مُلک لبانونؔ تک اَور دریائے فراتؔ سے لے کر مغربی سمُندر تک پھیلی ہوگی۔ 25کویٔی بھی شخص تمہارا مُقابلہ نہ کر سکےگا اَور تُم جہاں کہیں جاؤگے یَاہوِہ تمہارے خُدا تُم سے کئے ہویٔے وعدے کے مُطابق اُس سارے مُلک پر تمہارا خوف اَور دہشت پیدا کر دیں گے۔
26دیکھو، آج مَیں تمہارے سامنے برکت اَور لعنت دونوں رکھ رہا ہُوں۔ 27برکت اُس حال میں پاؤگے جَب تُم یَاہوِہ اَپنے خُدا کے اَحکام پرجو آج مَیں تُمہیں دے رہا ہُوں عَمل کروگے؛ 28اَور لعنت اُس صورت میں، اگر تُم یَاہوِہ اَپنے خُدا کے اَحکام کی فرمانبرداری نہ کرو اَور اُس راہ کو جِس کی بابت میں آج تُمہیں حُکم دیتا ہُوں اُسے چھوڑکر اُن غَیر معبُودوں کی پیروی کرو، جِن سے تُم اَب تک واقف نہ تھے۔ 29جَب یَاہوِہ تمہارے خُدا تُمہیں اُس مُلک میں پہُنچا دیں گے جِس پر قبضہ کرنے کے لیٔے تُم اُس میں داخل ہو رہے ہو، تَب کوہِ گِرزِیمؔ پر سے برکتیں اَور کوہِ عیبالؔ پر سے لعنتوں کا اعلان کرنا۔ 30جَیسا کہ تُم جانتے ہو کہ یہ کوہِ یردنؔ کے پار مغرب میں آفتاب کے غروب ہونے کی جانِب کچھ ہی فاصلے پر کنعانیوں کے مُلک میں ہیں جو عراباہؔ میں گِلگالؔ کے سامنے مورہؔ کے بڑے بلُوطوں کے نزدیک رہتے ہیں۔ 31کیونکہ تُم اَب یردنؔ کو پار کرکے اُس مُلک میں داخل ہوکر اُس پر قبضہ کرنے جا رہے ہو، جو یَاہوِہ تمہارے خُدا تُمہیں دے رہے ہیں۔ جَب تُم اُس پر قابض ہو جاؤ اَور وہاں رہنے لگو، 32تَب خبردار رہنا تاکہ تُم اُن تمام قوانین اَور آئین پر عَمل کرنا؛ جنہیں آج مَیں تمہارے سامنے پیش کر رہا ہُوں۔

موجودہ انتخاب:

اِستِثنا 11: UCV

سرخی

شئیر

کاپی

None

کیا آپ جاہتے ہیں کہ آپ کی سرکیاں آپ کی devices پر محفوظ ہوں؟ Sign up or sign in