YouVersion Logo
تلاش

اِستِثنا 10

10
پہلی جَیسی دُوسری نئی تختیوں کا دیا جانا
1اُس وقت یَاہوِہ نے مُجھ سے فرمایا، ”پہلی تختیوں کی مانند پتّھر کی دو اَور تختیاں تراش لو، اَور میرے پاس اِس پہاڑ پر آ جاؤ۔ اَور لکڑی کا ایک صندُوق بھی بنالو۔ 2میں اُن تختیوں پر وُہی الفاظ لِکھ دُوں گا، جو اُن پہلی تختیوں پر مرقوم تھے جنہیں تُم نے توڑ ڈالا ہے۔ تَب تُم اِن تختیوں کو اُس صندُوق میں رکھ دینا۔“
3تَب مَیں نے کیکر کی لکڑی کا ایک صندُوق بنایا اَور پہلی تختیوں کی مانند پتّھر کی دو اَور تختیاں تراشیں اَور وہ دونوں تختیاں اَپنے ہاتھوں میں لیٔے ہویٔے پہاڑ پر چڑھ گیا۔ 4اَورجو دس اَحکام یَاہوِہ نے مُقدّس اِجتماع کے دِن پہاڑ پر آگ کے درمیان سے تمہارے سامنے اعلان کیا تھا اُنہیں کو اُن دو تختیوں پر لِکھ دیا جو اُن پہلے کی تختیوں پر لِکھا گیا تھا؛ پھر اُنہیں یَاہوِہ نے میرے سُپرد کر دیا۔ 5تَب میں پہاڑ پر سے نیچے اُتر آیا اَور یَاہوِہ کے حُکم کے مُطابق اُن تختیوں کو اَپنے بنائے ہویٔے صندُوق میں رکھ دیا اَور اَب وہ وہیں مَوجُود ہیں۔
6(تَب بنی اِسرائیل بنی جعقانیوں کے کنوؤں سے کوچ کرکے موسیرہؔ تک آئے۔ وہیں اَہرونؔ نے وفات پائی اَور دفن بھی ہُوا۔ اَور اُس کے بیٹے الیعزرؔ نے اُس کی جگہ کہانت کا عہدہ سنبھالا۔ 7وہاں سے وہ گُدگُودؔہ سے ہوتے ہویٔے یُوطباتؔہ کے مُلک کی طرف روانہ ہویٔے جِس میں پانی کے تمام دریا بہتے ہیں۔ 8اُس وقت یَاہوِہ نے لیویوں کے قبیلہ کو الگ کر لیا تاکہ وہ یَاہوِہ کے عہد کا صندُوق اُٹھایا کریں اَور یَاہوِہ کے حُضُور میں کھڑے ہوکر اُن کی خدمت کریں اَور یَاہوِہ کے نام سے برکت دیا کریں جَیسا کہ وہ آج تک کرتے آ رہے ہیں۔ 9اِس لیٔے لیویوں کا اُن کے بھائیوں کے درمیان کویٔی حِصّہ یا مِیراث نہیں ہے۔ یَاہوِہ ہی اُن کی مِیراث ہیں جَیسا کہ یَاہوِہ تمہارے خُدا نے اُن سے فرمایا تھا۔)
10اَور مَیں پہلے کی طرح چالیس دِن اَور چالیس رات پہاڑ پر ٹھہرا رہا اَور اِس دفعہ بھی یَاہوِہ نے میری سُنی اَور تُمہیں ہلاک کرنے کا خیال ہی نکال دیا۔ 11تَب یَاہوِہ نے مُجھ سے فرمایا، ”جا اَور اُن لوگوں کی رہنمائی کر تاکہ وہ اُس مُلک میں داخل ہوکر اُس پر قبضہ کر لیں جسے اُنہیں دینے کی مَیں نے اُن کے آباؤاَجداد سے قَسم کھائی تھی۔“
یَاہوِہ کا خوف ماننا
12پس اَے اِسرائیل! یَاہوِہ تمہارے خُدا تُم سے اِس کے سِوا اَور کیا چاہتے ہیں کہ تُم یَاہوِہ اَپنے خُدا کا خوف مانو اَور اُن کی سَب راہوں پر چلو اَور اُن سے مَحَبّت رکھّو اَور اَپنے سارے دِل اَور اَپنی ساری جان سے یَاہوِہ اَپنے خُدا کی خدمت کرو، 13اَور یَاہوِہ کے جو اَحکام اَور قوانین میں تُمہیں آج دے رہا ہُوں اُن پر عَمل کرو تاکہ تمہاری خیر ہو؟
14دیکھ آسمان اَور سَب سے اُونچا آسمانوں کا آسمان اَور زمین اَور اُس میں جو کچھ ہے یہ سَب یَاہوِہ تمہارے خُدا ہی کا ہے۔ 15تو بھی یَاہوِہ نے تمہارے آباؤاَجداد سے خُوش ہوکر اُن سے مَحَبّت کی اَور اُنہُوں نے تُمہیں بھی جو اُن کی اَولاد ہو، سَب قوموں میں سے مُنتخب کیا جَیسا کہ آج کے دِن ظاہر ہے۔ 16چنانچہ اَپنے دِلوں کا ختنہ کرو اَور اَب تو ضِد کرنا چھوڑ دو۔ 17کیونکہ یَاہوِہ تمہارے خُدا خداؤں کا خُدا ہیں، اَور خُداوندوں کا خُداوؔند ہیں۔ وہ خُدائے عظیم، قادر اَور مُہیب خُدا ہیں جو کسی کی طرفداری نہیں کرتے اَور نہ ہی رشوت لیتے ہیں۔ 18وہ یتیموں اَور بیواؤں کا اِنصاف کرتے ہیں اَور پردیسی سے اَیسی مَحَبّت رکھتے ہیں کہ اُسے کھانا اَور کپڑا مُہیّا کرتے ہیں۔ 19اَور تُم بھی اُن سے جو پردیسی ہیں مَحَبّت رکھّو کیونکہ تُم خُود بھی مِصر میں پردیسی تھے۔ 20یَاہوِہ اَپنے خُدا کا خوف مانو اَور اُن کی خدمت کرو۔ اُن سے لپٹے رہو اَور یَاہوِہ کے نام کی قَسم کھاؤ۔ 21وُہی تمہاری حَمد و ثنا کا سزاوار ہیں اَور وُہی تمہارے خُدا ہیں جنہوں نے تمہاری خاطِر عظیم اَور مُہیب کارنامے اَنجام دئیے جنہیں تُم نے اَپنی آنکھوں سے دیکھاہے۔ 22جَب تمہارے آباؤاَجداد مِصر گیٔے تھے تَب وہ کُل شُمار میں ستّر لوگ تھے اَور اَب یَاہوِہ تمہارے خُدا نے تُمہیں آسمان کے سِتاروں کی مانند لاتعداد بنا دیا ہے۔

موجودہ انتخاب:

اِستِثنا 10: UCV

سرخی

شئیر

کاپی

None

کیا آپ جاہتے ہیں کہ آپ کی سرکیاں آپ کی devices پر محفوظ ہوں؟ Sign up or sign in