YouVersion Logo
تلاش

اِستِثنا 12

12
عبادت کی واحد جگہ
1جَب تک تُم اُس مُلک میں زندہ رہو جسے یَاہوِہ تمہارے آباؤاَجداد کے خُدا نے تمہارے قبضہ میں دے دیا ہے، تَب تک اُس مُلک میں اِن قوانین اَور آئین پر نہایت احتیاط سے عَمل کرنا۔ 2تُم اُن تمام اُونچے پہاڑوں اَور ٹیلوں پر کے اَور ہر سرسبز درخت کے نیچے کے اُن تمام مقامات کو پُوری طرح سے نِیست و نابود کردینا جہاں وہ قومیں تھیں جِن کے اَب تُم وارِث ہوگے اَپنے معبُودوں کی عبادت کیا کرتی تھیں۔ 3تُم اُن کے مذبحوں کو ڈھا دینا، اَور اُن کے مُقدّس سُتونوں کو چکنا چُور کر ڈالنا اَور اُن کے اشیراہؔ کے سُتونوں کو آگ لگادینا؛ اُن کے معبُودوں کے بُتوں کو کاٹ کر گرا دینا اَور اُن کے نام تک کو اُن جگہوں سے مٹا دینا۔
4تُم یَاہوِہ اَپنے خُدا کی عبادت اُن کے طریقوں کے مُطابق مت کرنا۔ 5مگر تُم یَاہوِہ کی عبادت اُسی مقام میں کرنا جسے یَاہوِہ تمہارے خُدا تمہارے سَب قبیلوں میں سے خُود مُنتخب کریں گے تاکہ وہاں اَپنا نام اَور قِیام قائِم کریں۔ تُم اُسی مقام کے طالب ہوکر وہاں جایا کرنا۔ 6اَور وہیں اَپنی سوختنی نذریں اَور ذبیحے، اَپنی دہ یکیاں اَور خصوصی نذرانے، اَپنی مَنّتوں کی چیزیں اَور اَپنی رضا کی قُربانیاں اَور اَپنے مویشیوں اَور بھیڑ بکریوں کے پہلوٹھوں کو پیش کرنا۔ 7اَور وہیں یَاہوِہ اَپنے خُدا کے حُضُور تُم اَور تمہارا خاندان کھائے اَور اَپنے ہاتھوں کے سارے کاموں اَور کامرانیوں پر خُوشی منائیں جِس میں یَاہوِہ تمہارے خُدا نے تُمہیں برکت دی ہے۔
8اَور جَیسے ہم آج کل یہاں وُہی کرتے ہیں جو ہمیں بھلا لگتا ہے وَیسا تُم وہاں ہرگز نہ کرنا، 9کیونکہ اَب تک تُم اُس آرامگاہ اَور مِیراث میں نہیں پہُنچے ہو، جو یَاہوِہ تمہارے خُدا تُمہیں دے رہے ہیں۔ 10لیکن تُم یردنؔ پار کرکے اُس مُلک میں بس جاؤگے جو یَاہوِہ تمہارے خُدا تُمہیں مِیراث کے طور پر دے رہے ہیں اَور وہ تُمہیں تمہارے اطراف کے تمام دُشمنوں سے سکون بخشیں گے تاکہ تُم سلامتی سے رہ سکو۔ 11تَب جو مقام یَاہوِہ تمہارے خُدا اَپنے نام کے قِیام کے لیٔے مُنتخب کریں گے وہیں تُم یہ سَب چیزیں لے جایا کرنا جِن کا میں تُمہیں حُکم دیتا ہُوں یعنی اَپنی سوختنی نذریں اَور ذبیحے اَپنی دہ یکیاں اَور خصوصی نذرانے اَور اَپنی خاص نذر کی اَشیا جِن کی مَنّت تُم نے یَاہوِہ کے لیٔے مانی ہو۔ 12اَور وہاں تُم تمہارے بیٹے اَور بیٹیاں تمہارے خادِم اَور خادِمائیں اَور تمہارے شہروں کے لیوی جِن کا اَپنا کویٔی حِصّہ یا مِیراث نہیں ہے یَاہوِہ کے حُضُور میں سَب مِل کر خُوشیاں منانا۔ 13خبردار رہنا کہ تُم اَپنی سوختنی نذریں کسی بھی جگہ اَپنی مرضی سے نہ پیش کرنا، 14مگر تُم صِرف اُسی جگہ سوختنی نذر گزراننا جسے یَاہوِہ تمہارے کسی ایک قبیلہ کی جگہ میں مُنتخب کریں گے اَور تُم وہیں سَب کُچھ کرنا؛ جِس کا حُکم میں تُمہیں دے رہا ہُوں۔
15البتّہ اَپنے جانوروں کو تُم اَپنے کسی بھی شہر میں ذبح کر سکتے ہو اَور یَاہوِہ اَپنے خُدا کی دی ہُوئی برکت کے مُطابق جِتنا چاہو اُتنا اُن کا گوشت کھا سکتے ہو؛ گویا وہ غزال یا ہِرن کا گوشت ہو اُسے ناپاک اَور پاک و صَاف دونوں طرح کے آدمی کھا سکتے ہیں۔ 16لیکن تُم خُون ہرگز نہ کھانا، اُسے پانی کی طرح زمین پر بہا دینا۔ 17تُم اَپنے اناج، نئے انگوری شِیرے، زَیتُون کے تیل کی دہ یکیاں اَور اَپنے مویشیوں اَور بھیڑ بکریوں کے ریوڑ کے پہلوٹھے، اَپنی مَنّت مانی ہُوئی چیزیں اَور اَپنی رضا کی قُربانیاں یا خصوصی نذرانہ کو اَپنے شہروں کے اَندر ہرگز نہ کھانا۔ 18بَلکہ تُم، تمہارے بیٹے اَور بیٹیاں تمہارے خادِم اَور خادِمائیں اَور تمہارے شہروں کے لیوی اُنہیں یَاہوِہ اَپنے خُدا کے حُضُور اُسی جگہ کھایٔیں جسے یَاہوِہ تمہارے خُدا مُنتخب کریں، اَور تُم یَاہوِہ اَپنے خُدا کے حُضُور اَپنے ہاتھوں کے سَب کاموں پر خُوشی منانا۔ 19اَور خبردار رہنا کہ جَب تک تُم اَپنے مُلک میں زندہ رہو، لیویوں کو بھُلا نہ دینا۔
20جَب یَاہوِہ تمہارے خُدا اَپنے وعدے کے مُطابق جو اُنہُوں نے تُم سے کیا ہے، تمہاری سرحد کو بڑھائیں، اَور تمہارا دِل گوشت کھانے کو کرے اَور تُم کہو، ”میں گوشت کھانا چاہتا ہُوں،“ تو تُم جِتنا دِل چاہے اُتنا کھا سکتے ہو۔ 21اَور اگر وہ جگہ جسے یَاہوِہ تمہارے خُدا نے اَپنا نام قائِم کرنے کے لیٔے جو مقام مُنتخب کیا ہو، وہ تُم سے کافی دُورہو، تو تُم اَپنے مویشیوں کے ریوڑ میں سے بھیڑ بکری یا جانوروں میں سے جنہیں یَاہوِہ نے تُمہیں دئیے ہیں؛ کسی کو بھی میرے حُکم کے مُطابق ذبح کر سکتے ہو اَور تُم اُن کے گوشت کو اَپنے دِل کی چاہت کے مُطابق اَپنے شہروں میں کھا سکتے ہو۔ 22جَیسے تُم غزال یا ہِرن کا گوشت کھاتے ہو وَیسے ہی تُم اُنہیں کھانا۔ پاک اَور ناپاک دونوں طرح کے آدمی اُسے کھا سکتے ہیں۔ 23لیکن اِتنی احتیاط ضروُر برتنا کہ خُون ہرگز نہ کھانا، کیونکہ خُون ہی تو جان ہے اِس لیٔے تُم جان کو گوشت کے ساتھ ہرگز مت کھانا۔ 24تُم خُون ہرگز نہ کھانا بَلکہ اُسے پانی کی مانند زمین پر اُنڈیل دینا۔ 25تُم اُسے ہرگز نہ کھانا تاکہ تمہارا اَور تمہارے بعد تمہاری اَولاد کی بھی خیر ہو کیونکہ تمہارا یہ فعل یَاہوِہ کی نظر میں راست ٹھہرے گا۔
26لیکن اَپنی مُقدّس چیزوں اَور اَپنی مَنّت کی چیزوں کو یَاہوِہ کے مُنتخب مقام پر لے جانا۔ 27اَور اَپنی سوختنی نذروں کا گوشت اَور خُون دونوں یَاہوِہ اَپنے خُدا کے مذبح پر نذر کرنا۔ تمہاری قُربانیوں کا خُون بھی یَاہوِہ تمہارے خُدا کے مذبح پر ہی اُنڈیلا جائے لیکن تُم اُن کا گوشت کھا سکتے ہو۔ 28اِن تمام قوانین پرجو میں تُمہیں دے رہا ہُوں نہایت احتیاط سے عَمل کرنا تاکہ تمہارا اَور تمہارے بعد تمہاری اَولاد کی ہمیشہ خیر ہو کیونکہ تمہارا یہ فعل یَاہوِہ تمہارے خُدا کی نظر میں دُرست اَور راست ٹھہرے گا۔
29جِن قوموں پر تُم حملہ کرنے اَور اُن کے مُلک پر قبضہ کرنے جا رہے ہو، اُنہیں یَاہوِہ تمہارے خُدا تمہارے سامنے فنا کر دیں گے۔ لیکن جَب تُم اُنہیں کھدیڑ کر اُن کے مُلک میں بس جاؤ، 30خبردار رہنا کہ تمہارے سامنے اُن تمام قوموں کے نِیست و نابود ہو جانے کے بعد کہیں اَیسا نہ ہو کہ تُم اُن قوموں کی پیروی میں اُلجھ جاؤ، اَور اُن کے معبُودوں کے متعلّق یہ دریافت کرنے لگو، ”یہ قومیں کِس طرح اَپنے معبُودوں کی عبادت کیا کرتی تھیں؟ ہم بھی وَیسا ہی کریں گے۔“ 31تُم اُن کے طور طریق پر یَاہوِہ اَپنے خُدا کی عبادت ہرگز نہ کرنا کیونکہ اُنہُوں نے اَپنے معبُودوں کی پرستش میں اَیسے مکرُوہ کام کرتے ہیں جِن سے یَاہوِہ کو سخت نفرت ہے۔ وہ تو اَپنے بیٹوں اَور بیٹیوں کو بھی اَپنے معبُودوں کی پرستش میں آتِشی قُربانی کے طور پر نذر کر دیتے ہیں۔
32تُم بڑی ہوشیاری سے اِن سَب اَحکام پر جنہیں میں تُمہیں دے رہا ہُوں عَمل کرنا؛ اِن میں نہ تو کچھ اِضافہ کرنا اَور نہ ہی اِن میں سے کچھ گھٹانا۔

موجودہ انتخاب:

اِستِثنا 12: UCV

سرخی

شئیر

کاپی

None

کیا آپ جاہتے ہیں کہ آپ کی سرکیاں آپ کی devices پر محفوظ ہوں؟ Sign up or sign in