دانی ایل 8
8
مینڈھے اَور بکرے کا رُویا جو دانی ایل نے دیکھا
1بیلطشضرؔ بادشاہ کی سلطنت کے تیسرے سال میں، مُجھ دانی ایل کو ایک رُویا نظر آیا یعنی میرے پہلے رُویا دیکھنے کے بعد ایک اَور رُویا دیکھی۔ 2مَیں نے اَپنی رُویا میں اَپنے آپ کو صُوبہ عیلامؔ کے شُوشنؔ کے قلعہ میں دیکھا اَور رُویا میں، مَیں اُولاؔئی نہر کے پاس تھا۔ 3مَیں نے آنکھ اُٹھاکر نظر کی اَور اَپنے سامنے دو سینگ والا ایک مینڈھا دیکھا جو نہر کے کنارے کھڑا تھا اَور اُس کے سینگ لمبے تھے۔ اُن میں سے ایک سینگ دُوسرے سے لمبا تھا لیکن وہ بعد میں نِکلا تھا۔ 4مَیں نے دیکھا کہ وہ مینڈھا مغرب، شمال اَور جُنوب کی طرف سینگ مار رہاتھا اَور کویٔی جانور اُس کے سامنے کھڑا نہ رہ سَکتا تھا اَور نہ کویٔی اُس کی طاقت سے کسی کو بچا سَکتا تھا۔ وہ جیسا چاہتا تھا، کرتا تھا یہاں تک کہ وہ بہت بڑا ہو گیا۔
5جَب مَیں اُس پر غور کر ہی رہاتھا کہ ایک بکرا جِس کی آنکھوں کے درمیان ایک نُمایاں سینگ تھا، مغرب کی جانِب سے نکل کر بغیر زمین کو چھُوئے تمام رُوئے زمین کو عبور کرتے ہُوئے آیا۔ 6وہ دو سینگوں والے مینڈھے کی طرف آیا جسے مَیں نے نہر کے کنارے کھڑا دیکھا تھا اَور شدید غُصّہ میں اُس پر لپکا۔ 7مَیں نے اُسے مینڈھے پر نہایت غُصّہ میں حملہ کرتے ہُوئے دیکھا اُس نے اُسے مارا اَور اُس کے دونوں سینگ توڑ ڈالے۔ مینڈھے میں اِتنی طاقت ہی نہیں تھی کہ وہ اُس بکرے سے مُقابلہ کرے۔ بکرے نے اُسے زمین پر پٹک دیا اَور اُسے روند ڈالا اَور کویٔی اُس مینڈھے کو اُس کی گرفت سے چھُڑا نہ سَکا۔ 8بکرا بہت طاقتور ہو گیا لیکن جَب اُس کی عظمت اِنتہا کو پہُنچی تو اُس کا بڑا سینگ توڑ دیا گیا اَور اُس کی جگہ چار نُمایاں سینگ نکل آئے جو آسمان کی چاروں سمتوں کی جانِب بڑھنے لگے۔
9پھر اُن میں سے ایک سینگ اَور نکل آیا جو شروع میں تو چھوٹا تھا لیکن جُنوب کی جانِب اَور مشرق کی جانِب اَور ایک خُوبصورت مُلک کی طرف پُوری طاقت سے بڑھتا گیا۔ 10وہ اِس قدر بڑھا کہ اجرامِ فلکی تک پہُنچ گیا اَور اُس نے اُن میں سے چند سِتاروں کو زمین پر پھینک دیا اَور اُنہیں روند ڈالا۔ 11اُس نے اَپنے آپ کو عظمت میں یَاہوِہ کے آسمانی فَوج کے سپہ سالار کی مانند بُلند کیا؛ اَور اُس نے یَاہوِہ کو نذر کی جانے والی روزانہ کی قُربانی کو بند کر دیا اَور اُس کے پاک مَقدِس کو گرا دیا۔ 12اَور لوگوں کی خطاکاری کی باعث یَاہوِہ کے لوگ#8:12 یَاہوِہ کے لوگ لشکر اَور دائمی قُربانی سمیت اُس کے حوالہ کر دیئے گیٔے۔ وہ ہر قدم پر کامیاب ہوتا گیا اَور صداقت کو مٹّی میں مِلا دیا گیا۔
13تَب مَیں نے ایک قُدُّوس فرشتہ کو کچھ کلام کرتے ہُوئے سُنا، ”پھر دُوسرے فرشتہ نے اُس سے پُوچھا جو کلام کر رہاتھا، رُویا میں بَیان کئےگئے روزانہ کی قُربانی، خطاکاری کی باعث ہونے والی تباہی اَور پاک مَقدِس اَور یَاہوِہ کے لوگوں کی پامالی کے پُورا ہونے میں اَور کتنا وقت لگے گا؟“
14اُس نے مُجھ سے کہا، اِسے پُورا ہونے میں دو ہزار تین سَو صُبح اَور شام لگیں گے، ”اِس کے بعد ہی پاک مَقدِس کی دوبارہ تقدیس ہوگی۔“
رُویا کی تعبیر
15جَب مَیں، دانی ایل، یہ رُویا دیکھ رہاتھا اَور اُسے سمجھنے کی کوشش کر رہاتھا، تبھی میرے سامنے ایک اِنسان کی شکل نموُدار ہُوئی۔ 16اَور مَیں نے اُولاؔئی نہر میں سے آتی ہُوئی ایک آدمی کی بُلند آواز سُنی، ”اَے گیبریلؔ، اُس شخص کو اُس رُویا کا مطلب سمجھا۔“
17جَیسے ہی وہ اُس جگہ کے نزدیک آیا جہاں میں کھڑا تھا میں ڈر گیا اَور مُنہ کے بَل گِر پڑا۔ اُس نے مُجھ سے کہا، اَے آدمؔ زاد، ”یہ سمجھ لے کہ یہ رُویا آخِری دِنوں کے متعلّق ہے۔“
18جَب وہ مُجھ سے بات کر رہاتھا تَب میں گہری نیند میں تھا اَور میرا چہرہ زمین پر تھا۔ تَب اُس نے مُجھے اُٹھایا اَور مُجھے اَپنے پاؤں پر کھڑا کیا۔
19اُس نے کہا: ”قہر بھڑکنے کے آخِری دِنوں میں جو کچھ ہوگا وہ میں تُمہیں بتاتا ہُوں کیونکہ یہ رُویا آخِری زمانہ کے مُقرّرہ وقت کے متعلّق ہے۔ 20دو سینگ والا مینڈھا جو آپ نے دیکھا وہ مِدائی اَور فارسؔ کے بادشاہوں کی نُمائندگی کرتا ہے۔ 21اَور وہ جھبرا بکرا یُونانؔ کا بادشاہ ہے اَور اُس کی آنکھوں کے درمیان کا بڑا سینگ پہلا بادشاہ ہے۔ 22وہ چار سینگ جو ٹوٹے ہُوئے سینگ کی جگہ نکل آئے اُن چار سلطنتوں کی نُمائندگی کرتے ہیں جو اُس کی قوموں میں سے برپا ہوں گی لیکن اُن کی اقتداری قُوّت اُس پہلے کی سِی نہ ہوگی۔
23”اَور اُن کی سلطنت کے آخِری دِنوں میں جَب خطاکار لوگ اِنتہائی بدکاری پر اُتر آئیں گے تَب ایک سخت اَور بےرحم بادشاہ برپا ہوگا۔ 24وہ نہایت ہی زورآور ہوگا لیکن اَپنی قُوّت سے نہیں۔ وہ حیرت اَنگیز تباہی مچائے گا اَور وہ ہر کام میں کامیاب ہوگا اَور وہ زور آوروں اَور مُقدّس لوگوں کو ہلاک کر دے گا۔ 25وہ فریب کا سبب بنے گا، کامیاب ہونے کے لئے مکّاری کا اِستعمال کرےگا اَور خُوب کامیاب بھی ہوگا اَور اَپنے آپ کو افضل سمجھے گا۔ جَب لوگ اَپنے آپ کو محفوظ محسُوس کرتے ہوں گے تَب وہ بہُتوں کو مار ڈالے گا اَور شہزادوں کے شہزادے کے خِلاف کھڑا ہوگا۔ تو بھی وہ ہلاک ہو جائے گا لیکن کسی اِنسانی قُوّت سے نہیں۔
26”صُبح اَور شام کے متعلّق جو رُویا تُمہیں دِکھائی گئی وہ سچ ہے لیکن اُس رُویا کو تُم مُہر لگا کر پوشیدہ رکھو کیونکہ یہ مُستقبِل بعید سے تعلّق رکھتی ہے۔“
27میں دانی ایل تھک گیا اَور کیٔی دِنوں تک عَلیل پڑا رہا۔ پھر مَیں اُٹھا اَور بادشاہ کے کاروبار میں مصروف ہُوا۔ لیکن مَیں اُس رُویا سے بہت سہم گیا تھا کیونکہ وہ سمجھ سے بالاتر تھی۔
موجودہ انتخاب:
دانی ایل 8: UCV
سرخی
شئیر
کاپی
کیا آپ جاہتے ہیں کہ آپ کی سرکیاں آپ کی devices پر محفوظ ہوں؟ Sign up or sign in
اُردو ہم عصر ترجُمہ™، کِتاب مُقدّس
حق اِشاعت © 1999، 2005، 2022، 2024 Biblica, Inc.
کی اِجازت سے اِستعمال کیا جاتا ہے۔
دُنیا بھر میں تمام حق محفوظ۔
Holy Bible, Urdu Contemporary Version™
Copyright © 1999, 2005, 2022, 2024 by Biblica, Inc.
Used with permission.
All rights reserved worldwide.