دانی ایل 9
9
دانی ایل کی دعا
1داریاویشؔ بِن احسویروسؔ جو مادیوںؔ کی نَسل سے تھا اَور کَسدیوں کے مُلک پر بادشاہ مُقرّر ہُوا تھا، اُس کی سلطنت کے پہلے سال میں، 2داریاویشؔ کی سلطنت کے پہلے سال میں، مُجھ دانی ایل نے نوشتوں سے یہ جان لیا تھا کہ یَاہوِہ نے یرمیاہؔ نبی پر نازل کئے ہُوئے کلام کے مُطابق یروشلیمؔ کی ویرانی ستّر سال تک قائِم رہے گی۔ 3چنانچہ میں خُداوؔند خُدا کی طرف رُجُوع ہُوا اَور مَیں نے دعا اَور مناجات سے روزہ رکھ کر ٹاٹ اوڑھ کر اَور راکھ پر بیٹھ کر اُس سے استدعا کی۔
4مَیں نے یَاہوِہ اَپنے خُدا سے دعا کی اَور اقرار کیا:
”اَے خُداوؔند، عظیم و مُہیب خُدا، جو لوگ آپ سے مَحَبّت رکھتے اَور آپ کے فرمانبردار بندے ہیں، آپ اُن کے ساتھ اَپنا مَحَبّت کا عہد قائِم رکھتے ہیں۔ 5ہم نے گُناہ کیا اَور غلط کام کئے۔ ہم نے بدکاری اَور بغاوت کی ہے۔ ہم نے آپ کے آئین اَور اَحکام سے مُنہ موڑ لیا ہے۔ 6ہم نے آپ کے خادِموں نبیوں کی بات نہ سُنی جنہوں نے آپ کے نام سے ہمارے بادشاہوں، ہمارے شہزادے، ہمارے آباؤاَجداد اَور مُلک کے تمام لوگوں سے کلام کیا تھا۔
7”اَے خُداوؔند آپ صادق ہے لیکن آج کے دِن ہم پشیمان ہیں۔ یعنی بنی یہُوداہؔ، یروشلیمؔ کے باشِندے اَور سبھی اِسرائیلی جو نزدیک ہیں اَور دُور ہیں، ہماری بےوفائی کے باعث آپ نے ہمیں اُن تمام ممالک میں مُنتشر کر دیا ہے۔ 8اَے یَاہوِہ، ہم اَور ہمارے بادشاہ، ہمارے شہزادے اَور ہمارے آباؤاَجداد کافی شرمسار ہیں کیونکہ ہم نے آپ کے خِلاف گُناہ کیا ہے۔ 9خُداوؔند، ہمارا خُدا رحیم و غفور ہے حالانکہ ہم نے اُن کے خِلاف بغاوت کی ہے۔ 10ہم نے یَاہوِہ ہمارے خُدا کے اَحکام کو نہ مانا، اَور نہ ہی اُن قوانین پر عَمل کیا جنہیں اُس نے ہمیں اَپنے خادِم نبیوں کی مَعرفت عطا فرمائی تھی۔ 11سارے بنی اِسرائیل آپ کی شَریعت سے منحرف ہو گئے اَور آپ کی اِطاعت سے مُنہ موڑ لیا۔
”چنانچہ لعنتیں اَور خُداوؔند کے خادِم مَوشہ کے آئین میں قَسم کھا کے درج کی ہُوئی آفتیں ہم پر نازل کر دی گئیں کیونکہ ہم نے آپ کے خِلاف گُناہ کیا۔ 12چنانچہ جو کچھ ہمارے خِلاف اَور ہمارے حاکموں کے خِلاف کہا گیا تھا اُسے آپ نے ہم پر بڑی آفت بھیج کر پُورا کر دیا کیونکہ جَیسا یروشلیمؔ کے ساتھ کیا گیا وَیسا اَب تک سارے آسمان کے نیچے کہیں بھی نہیں کیا گیا ہے۔ 13جَیسا کہ مَوشہ کی آئین میں مرقوم ہے، یہ ساری آفت ہم پر آ پڑی۔ پھر بھی ہم نے نہ تو یَاہوِہ ہمارے خُدا کا فضل حاصل کرنے کی کوشش کی اَور نہ ہی اَپنے گُناہوں کو ترک کرکے آپ کی سچّائی پر غور کیا۔ 14یَاہوِہ نے ہم پر یہ آفت نازل کرنے میں پس و پیش نہ کی کیونکہ یَاہوِہ ہمارا خُدا جو کچھ کرتا ہے وہ راستبازی سے ہی کرتا ہے۔ پھر بھی ہم نے اُس کی اِطاعت نہ کی۔
15”اَب اَے خُداوؔند ہمارے خُدا جِس نے اَپنے لوگوں کو اَپنے قوی ہاتھ کی قُوّت سے مِصر سے باہر نکال لایا اَور اَپنا اَیسا بڑا نام کمایا جو آج تک مشہُور ہے۔ لیکن ہم نے گُناہ کیا اَور ہم خطاکار ہیں۔ 16اَے خُداوؔند اَپنے راستبازی کے تمام کاموں کے مُطابق، اَپنے شہر اَور اَپنے مُقدّس پہاڑ یروشلیمؔ پر سے اَپنا غُصّہ اَور اَپنا قہر ہٹا لے۔ ہمارے گُناہ اَور ہمارے آباؤاَجداد کی بداعمالیوں کے باعث یروشلیمؔ اَور آپ کے لوگوں کی ہمارے اِردگرد کے لوگوں سے تحقیر ہو رہی ہے۔
17”اَب اَے خُدا اَپنے خادِم کی دعائیں اَور اِلتجا قبُول فرما۔ اَے خُداوؔند اَپنی ہی خاطِر اَپنے ویران پاک مَقدِس پر نظرِ عنایت فرما۔ 18اَے ہمارے خُدا کان لگا کر سُنیں، اَور اَپنی آنکھیں کھول کر اُس شہر کی ویرانی کو دیکھیں جو آپ کے نام سے جانا جاتا ہے۔ ہم آپ سے اِس لیٔے اِلتجا نہیں کر رہے ہیں کہ ہم راستباز ہیں بَلکہ اِس لیٔے کہ آپ نہایت رحیم ہیں۔ 19اَے خُداوؔند سُنیں، اَے خُداوؔند مُعاف کر دیں، اَے خُداوؔند غور سے سُنیں اَور کچھ کریں؛ اَے میرے خُدا، اَپنی خاطِر اَب اَور تاخیر نہ کریں، کیونکہ آپ کا شہر اَور آپ کے لوگ آپ کے نام سے جانے جاتے ہیں۔“
ستّر ”سات“
20جَب مَیں اِس قدر فریاد کر رہاتھا اَور اَپنے اَور اَپنی قوم اِسرائیل کے گُناہوں کا اقرار کر رہاتھا اَور یَاہوِہ اَپنے خُدا سے اُس کے مُقدّس پہاڑ کی خاطِر استدعا کر رہاتھا۔ 21اَور ابھی میں دعا کر ہی رہاتھا کہ وہ شخص گیبریلؔ جسے میں اُس سے پہلے کی رُویا میں دیکھ چُکاتھا تیز پرواز کرکے شام کی قُربانی کے وقت میرے پاس آیا۔ 22اُس نے مُجھے ہدایات دیں اَور کہا، ”اَے دانی ایل میں اَب اِس لیٔے آیا ہُوں کہ تُمہیں بصیرت اَور دانش بخشوں: 23جوں ہی تُم نے دعا کرنا شروع کیا تھا تبھی آسمانی حُکم جاری کیا گیا جو میں تُمہیں بتانے آیا ہُوں کیونکہ تُو خُدا کی نظر میں مُعزّز ہے۔ چنانچہ اُس پیغام پر غور کر اَور رُویا کو سمجھ لے۔
24”تمہارے لوگوں اَور مُقدّس شہر کے لیٔے ستّر سات#9:24 ستّر سات یعنی ستّر ہفتے مُقرّر کئے گیٔے ہیں کہ اُن کی سرکشی کا خاتِمہ ہو جائے اَور اُن کے گُناہوں کا اِختتام ہو جائے اَور اُن کے خطاؤں کا کفّارہ دیا جائے، اَور اَبدی راستبازی قائِم ہو، رُویا اَور نبیوں کی نبُوّت کی باتوں پر مُہر ہو اَور پاک ترین مقام کا پھر سے مَسح کیا جائے۔
25”پس تُم جان لو اَور سمجھ لو کہ یروشلیمؔ کی بحالی اَور دوبارہ تعمیر کئے جانے کا حُکم صادر ہونے سے لے کر ممسوح بادشاہ کی آمد تک، ’سات‘ ہفتے اَور باسٹھ ہفتے گزر جایٔیں گے۔ اُسے اُس کے بازاروں اَور فصیل اَور خندق سمیت تعمیر کیا جائے گا۔ لیکن یہ مُصیبت کے ایّام میں ہوگا۔ 26’سات‘ ہفتے اَور باسٹھ ہفتوں کے بعد ممسوح کو قتل کر دیا جائے گا اَور اُس وقت شہر اُس کے ہاتھ میں نہیں آئے گا اَور آنے والے حُکمران کے لوگ شہر اَور پاک مَقدِس کو تباہ کر دیں گے۔ لیکن اُس ممسوح حُکمران کا اِختتام سیلاب کی مانند جلد ہو جائے گا، جنگ آخِر تک جاری رہے گی اَور تباہیوں کا فرمان جاری کیا جا چُکاہے۔ 27اَور وہ حُکمران ایک ہفتہ یعنی سات سال کے لیٔے بہُتوں سے عہد باندھے گا اَور اُس ہفتہ کے درمیان وہ قُربانی اَور نذر موقُوف کر دے گا اَور وہ بیت المُقدّس میں ایک تباہ کرنے والی مکرُوہ شَے کو قائِم کرےگا جو تباہی کا باعث ہوگا۔ یہ تَب تک ہوتا رہے گا جَب تک کہ مُقرّر وقت کے آخِر میں اُس حُکمران پر یہ تباہی نازل نہ کر دی جائے۔“
موجودہ انتخاب:
دانی ایل 9: UCV
سرخی
شئیر
کاپی
کیا آپ جاہتے ہیں کہ آپ کی سرکیاں آپ کی devices پر محفوظ ہوں؟ Sign up or sign in
اُردو ہم عصر ترجُمہ™، کِتاب مُقدّس
حق اِشاعت © 1999، 2005، 2022، 2024 Biblica, Inc.
کی اِجازت سے اِستعمال کیا جاتا ہے۔
دُنیا بھر میں تمام حق محفوظ۔
Holy Bible, Urdu Contemporary Version™
Copyright © 1999, 2005, 2022, 2024 by Biblica, Inc.
Used with permission.
All rights reserved worldwide.