2 شموایلؔ 6
6
عہد کے صندُوق کا یروشلیمؔ لایا جانا
1داویؔد نے اِسرائیل میں سے آدمیوں کو چُن کر جمع کیا جو تعداد میں تیس ہزار تھے۔ 2اَور داویؔد اَپنے سارے آدمیوں کے ساتھ یہُوداہؔ کے بعلہؔ#6:2 بعلہؔ یعنی قِریت یعریمؔ کو روانہ ہُوا تاکہ خُدا کے صندُوق کو لے آئے جو اُس کے نام یعنی قادرمُطلق یَاہوِہ#6:2 قادرمُطلق یَاہوِہ عِبرانی میں یَاہوِہ سباؤتھ یعنی لشکروں کے یَاہوِہ کے نام سے کہلاتا ہے اَورجو اُن کروبیوں کے درمیان تخت نشین ہے جو صندُوق پر ہیں۔ 3اِس لئے اُنہُوں نے خُدا کے صندُوق کو ایک نئی گاڑی پر رکھا اَور اُسے ابینادابؔ کے گھر سے لے آئے جو پہاڑی پر تھا۔ ابینادابؔ کے بیٹے عُزّاہ اَور اخیوؔ اُس نئی گاڑی کو ہانک رہے تھے 4جِس پر خُدا کا صندُوق تھا اَور اخیوؔ ابینادابؔ کے آگے آگے چل رہاتھا۔ 5اَور داویؔد اَور تمام بنی اِسرائیل کا گھرانا اَپنی ساری قُوّت کے ساتھ یَاہوِہ کے آگے صنوبر کی لکڑی سے بنے ہر قِسم کے ساز سِتار، بربط، دف، خنجری اَور جھانجھ اَیسے سازوں کو بجاتے ہُوئے خُوشی منا رہے تھے۔
6اَور جَب وہ نکونؔ کے کھلیان کو آئے بَیلوں نے ٹھوکر کھائی اَور خُدا کا صندُوق گرنے پر تھا اَور عُزّاہ نے آگے بڑھ کر خُدا کے صندُوق کو سنبھال لیا۔ 7اُس نے صندُوق کو ہاتھ لگا کر غلطی کی تھی اِس لیٔے یَاہوِہ کا قہر عُزّاہ پر بھڑکا اَور وہ وہیں خُدا کے صندُوق کے پاس مَر گیا۔
8داویؔد اِس بات سے بڑا غمگین ہُوا کیونکہ یَاہوِہ کا قہر عُزّاہ کے خِلاف بھڑکا تھا لہٰذا وہ جگہ آج تک پیریزؔ عُزّاہ#6:8 پیریزؔ عُزّاہ عُزّا کے خِلاف آگ بگُولہ ہونا کہلاتی ہے۔
9اُس دِن داویؔد یَاہوِہ سے ڈر گیا اَور کہنے لگاکہ، ”یَاہوِہ کا صندُوق میرے یہاں کیسے آسکتا ہے؟“ 10لہٰذا اُس نے نہ چاہا کہ یَاہوِہ کے صندُوق کو داویؔد کے شہر میں اَپنے پاس لے جائے اَور وہ اُسے گِتّی عوبیدؔ اِدُوم کے گھر لے گیا۔ 11اَور یَاہوِہ کا صندُوق تین مہینے تک عوبیدؔ اِدُوم گِتّی کے گھر میں رہا اَور یَاہوِہ نے اُسے اَور اُس کے سارے گھرانے کو برکت بخشی۔
12اَور جَب داویؔد بادشاہ کو بتایا گیا، ”خُدا کے صندُوق کی وجہ سے یَاہوِہ نے عوبیدؔ اِدُوم کے گھرانے کو اَور اُس کی ہر چیز کو برکت بخشی ہے تو داویؔد گیا۔“ اَور خُدا کے صندُوق کو عوبیدؔ اِدُوم کے گھر سے داویؔد کے شہر میں خُوشی خُوشی لے آئے۔ 13جَب یَاہوِہ کے صندُوق کو اُٹھاکر لے جانے والے چھ قدم چل چُکے تو داویؔد نے ایک بَیل اَور ایک فربہ بچھڑا قُربان کیا۔ 14اَور داویؔد جو کتان کا افُود پہنے ہُوئے تھا پُورے جوش کے ساتھ یَاہوِہ کے حُضُور رقص کرنے لگا۔ 15اِس طرح داویؔد اَور اِسرائیل کے سارے لوگ نعرے لگاتے ہُوئے اَور نرسنگے پھُونکتے ہُوئے یَاہوِہ کے صندُوق کو لے کر آئے۔
16اَور جَب یَاہوِہ کا صندُوق داویؔد کے شہر میں داخل ہو رہاتھا تو شاؤل کی بیٹی میکلؔ نے ایک کھڑکی سے جھانکا۔ اَور جَب اُس نے داویؔد بادشاہ کو یَاہوِہ کے سامنے اُچھلتے اَور رقص کرتے دیکھا تو اُس کے دِل میں داویؔد کے لیٔے حقارت پیدا ہو گئی۔
17اُنہُوں نے یَاہوِہ کے صندُوق کو لاکر اُس کی جگہ پر خیمہ میں رکھ دیا جو داویؔد نے اُس کے لیٔے کھڑا کیا تھا۔ اَور داویؔد نے یَاہوِہ کے آگے سوختنی نذریں اَور سلامتی کی نذریں چڑھائیں۔ 18اَور جَب داویؔد سوختنی نذریں اَور سلامتی کی نذریں چڑھا چُکے تو اُنہُوں نے قادرمُطلق یَاہوِہ کے نام سے لوگوں کو برکت دی۔ 19پھر اُس نے سارے بنی اِسرائیل کے ہُجوم کو یعنی مَردوں اَور عورتوں کو ایک ایک روٹی، ایک ایک کھجور کی ٹکیا اَور ایک ایک کشمش کی ٹکیا دی۔ پھر سَب لوگ اَپنے اَپنے گھر چلے گیٔے۔
20جَب داویؔد اَپنے گھرانے کو برکت دینے کے لیٔے گھر لَوٹا تو شاؤل کی بیٹی، میکلؔ اُس کا اِستِقبال کرنے باہر آئی اَور کہنے لگی واہ، ”آج شاہِ اِسرائیل نے اَپنے خادِموں کی لونڈیوں کے سامنے اَپنے آپ کو ایک ادنیٰ آدمی کی طرح ننگا کرکے اَپنے مرتبہ کو کیسی اَذیّت دی ہے!“
21داویؔد نے میکلؔ سے کہا، ”یہ تو یَاہوِہ کے حُضُور میں تھا جِس نے تیرے باپ اَور اُس کے گھرانے کے کسی فرد کی بجائے مُجھے چُنا تاکہ اَپنی قوم اِسرائیل کا حُکمران بنائے۔ لہٰذا میں یَاہوِہ کے آگے رقص کروں گا۔ 22بَلکہ میں اِس سے بھی زِیادہ نیچا ہوکر اَپنی ہی نظر میں ذلیل ہُوں گا۔ لیکن جِن لونڈیوں کا تُم نے ذِکر کیا ہے وُہی میری عزّت کریں گی۔“
23اَور شاؤل کی بیٹی میکلؔ اَپنی موت کے دِن تک بے اَولاد رہی۔
موجودہ انتخاب:
2 شموایلؔ 6: UCV
سرخی
شئیر
کاپی
کیا آپ جاہتے ہیں کہ آپ کی سرکیاں آپ کی devices پر محفوظ ہوں؟ Sign up or sign in
اُردو ہم عصر ترجُمہ™، کِتاب مُقدّس
حق اِشاعت © 1999، 2005، 2022، 2024 Biblica, Inc.
کی اِجازت سے اِستعمال کیا جاتا ہے۔
دُنیا بھر میں تمام حق محفوظ۔
Holy Bible, Urdu Contemporary Version™
Copyright © 1999, 2005, 2022, 2024 by Biblica, Inc.
Used with permission.
All rights reserved worldwide.