YouVersion Logo
تلاش

2 شموایلؔ 5

5
داویؔد کا اِسرائیل کا بادشاہ بَن جانا
1تَب اِسرائیل کے سَب قبیلے حِبرونؔ میں داویؔد کے پاس آئے اَور کہنے لگے، ”کہ ہم تمہارا اَپنا ہی گوشت اَور خُون ہیں۔ 2کچھ عرصہ پہلے جَب شاؤل ہمارا بادشاہ تھا تو تُم ہی تو تھے جو اِسرائیلیوں کی فَوجی مہموں میں اُن کی قیادت کیا کرتے تھے۔ اَور یَاہوِہ نے تُمہیں فرمایا، ’تُم میری قوم اِسرائیل کی گلّہ بانی کروگے اَور تُم اُن کے حُکمران بَن جاؤگے۔‘ “
3جَب اِسرائیل کے سَب بُزرگ حِبرونؔ میں داویؔد بادشاہ کے پاس آئے تو بادشاہ نے اُن کے ساتھ حِبرونؔ میں یَاہوِہ کے حُضُور عہد کیا اَور اُنہُوں نے داویؔد کو مَسح کرکے اِسرائیل کا بادشاہ بنایا۔
4جَب داویؔد بادشاہ بنے تو وہ تیس سال کے تھے اَور اُنہُوں نے چالیس سال حُکمرانی کی۔ 5اُنہُوں نے حِبرونؔ میں یہُوداہؔ پر سات سال چھ مہینے اَور یروشلیمؔ میں تمام اِسرائیل اَور یہُوداہؔ پر تینتیس سال حُکمرانی کی۔
داویؔد کا یروشلیمؔ کو فتح کرنا
6پھر بادشاہ اَور اُن کے آدمی یروشلیمؔ پر چڑھائی کرنے گیٔے جہاں یبُوسی رہتے تھے۔ یبُوسیوں نے داویؔد سے کہا، ”آپ شہر میں داخل نہ ہو سکیں گے کیونکہ آپ کو تو اَندھے اَور لنگڑے بھی روک سکتے ہیں۔“ وہ سوچتے تھے، ”داویؔد کا شہر میں داخل ہونا غَیر ممکن ہے۔“ 7تاہم داویؔد نے صِیّونؔ کے قلعہ پر قبضہ کر لیا۔ اُسے اَب داویؔد کا شہر کہتے ہیں۔
8اُس دِن داویؔد نے کہا، ”جو کویٔی بھی یبُوسیوں کو مغلُوب کرےگا اُسے داویؔد کے دُشمنوں یعنی لنگڑوں اَور اَندھوں تک پہُنچنے کے لیٔے نالے کو اِستعمال کرنا پڑےگا۔“ اِسی لیٔے ”یہ کہاوت مشہُور ہو گئی کہ اَندھوں اَور لنگڑوں کا محل میں کیا کام؟“
9پھر داویؔد اُس قلعہ میں رہنے لگے اَور اُنہُوں نے اُس کا نام داویؔد کا شہر رکھا۔ اُنہُوں نے اُس کے اِردگرد کے خِطّہ کو مِلّوؔ سے لے کر اَندرونی جانِب تک مضبُوطی سے تعمیر کیا۔ 10اَور داویؔد زِیادہ سے زِیادہ طاقتور ہوتا گیا کیونکہ قادرمُطلق یَاہوِہ خُدا اُس کے ساتھ تھے۔
11اَور شاہِ صُورؔ حِیرامؔ نے قاصِدوں کو دیودار کی لکڑی، بڑھئی اَور مِعمار دے کر داویؔد کے پاس بھیجا اَور اُنہُوں نے داویؔد کے لیٔے ایک محل بنایا۔ 12اَور داویؔد کو مَعلُوم ہو گیا کہ یَاہوِہ نے اُسے اِسرائیل کے بادشاہ کے طور پر قِیام بخشا ہے اَور اَپنی قوم اِسرائیل کی خاطِر اُس کی بادشاہی کو بڑا ممتاز کیا ہے۔
13حِبرونؔ سے چلے آنے کے بعد داویؔد نے یروشلیمؔ میں اَپنے حرم میں کیٔی داشتائیں اَور بیویاں داخل کرلی اُن کے یہاں کیٔی بیٹے اَور بیٹیاں پیدا ہُوئیں۔ 14اَور وہاں یروشلیمؔ میں اُس کے یہاں جو بچّے پیدا ہُوئے اُن کے نام یہ ہیں: شَمّوعؔ، شوبابؔ، ناتنؔ اَور شُلومونؔ، 15اِبحارؔ، الِیشُوعؔ، نِفیگ، یافیعؔ، 16اِلیشمعؔ، الیدعؔ اَور الیفلطؔ۔
داویؔد کا فلسطینیوں کو شِکست دینا
17جَب فلسطینیوں نے سُنا کہ داویؔد کو مَسح کرکے اِسرائیل کا بادشاہ بنایا گیا ہے تو وہ سَب لشکر کے ساتھ اِکٹھّے ہوکر اُسے تلاش کرنے نکل پڑے لیکن داویؔد یہ خبر سُن کر قلعہ میں چلا گیا۔ 18اَور فلسطینی آئے اَور رفائیمؔ کی وادی میں پھیل گیٔے۔ 19لہٰذا داویؔد نے یَاہوِہ سے پُوچھا، ”کیا میں جا کر فلسطینیوں پر حملہ کر دُوں؟ کیا آپ اُنہیں میرے حوالے کر دیں گے؟“
یَاہوِہ نے داویؔد کو جَواب دیا، ”جاؤ، مَیں ضروُر فلسطینیوں کو تمہارے حوالے کر دُوں گا۔“
20لہٰذا داویؔد بَعل پراضیمؔ کو گئے اَور وہاں اُس نے اُنہیں شِکست دی۔ اُس نے کہا، ”جَیسے اَچانک سیلاب کا پانی پھوٹ کر بہہ نکلتا ہے وَیسے ہی یَاہوِہ نے میرے دُشمنوں کو میرے سامنے ٹکڑے ٹکڑے کر ڈالا۔“ اِس لیٔے وہ جگہ بَعل پراضیمؔ#5‏:20 بَعل پراضیمؔ خُدا جو توڑ دینے والا ہے کہلائی۔ 21فلسطینی اَپنے بُتوں کو وہاں چھوڑ گیٔے اَور داویؔد اَور اُس کے آدمی اُنہیں اُٹھاکر لے گیٔے۔
22فلسطینی ایک دفعہ پھر آئے اَور وادی رفائیمؔ میں پھیل گیٔے۔ 23لہٰذا داویؔد نے یَاہوِہ سے ہدایت چاہی تو یَاہوِہ نے اُسے جَواب دیا، ”سیدھے جا کر حملہ کرنے کے بجائے اُنہیں پیچھے سے گھیر لینا اَور بید کے درختوں کے سامنے سے اُن پر حملہ کرنا۔ 24اَور جُوں ہی تُم بید کے درختوں کی پھُنگیوں میں قدموں کی آواز سُنو تو جلدی سے حرکت میں آجانا تاکہ وہ سمجھ لیں کہ یَاہوِہ فلسطینیوں کی فَوج کو مارنے کے لیٔے تمہارے آگے گئے ہیں۔“ 25لہٰذا داویؔد نے وَیسا ہی کیا جَیسا کہ یَاہوِہ نے اُسے حُکم دیا تھا اَور وہ فلسطینیوں کو گِبعؔ#5‏:25 گِبعؔ یعنی گِبعونؔ سے لے کر گِزرؔ تک مارتا چلا گیا۔

موجودہ انتخاب:

2 شموایلؔ 5: UCV

سرخی

شئیر

کاپی

None

کیا آپ جاہتے ہیں کہ آپ کی سرکیاں آپ کی devices پر محفوظ ہوں؟ Sign up or sign in