YouVersion Logo
تلاش

2 شموایلؔ 4

4
اِشبوستؔ کا قتل
1جَب شاؤل کے بیٹے اِشبوستؔ نے سُنا کہ ابنیرؔ حِبرونؔ میں مَر گیا ہے تو وہ پست ہِمّت ہو گیا اَور اِسرائیل کے سارے لوگوں پر خوف طاری ہو گیا۔ 2شاؤل کے بیٹے کے دو آدمی چھاپہ مار دستوں کے سردار تھے۔ ایک کا نام بعناہ اَور دُوسرے کا ریخابؔ تھا اَور وہ رِمّونؔ بیروتی کے بیٹے تھے جو بِنیامین کے قبیلہ سے تھا۔ بیروت بِنیامین کا حِصّہ سمجھا جاتا ہے۔ 3کیونکہ بیروت کے لوگ گِتَّئیم کو بھاگ گیٔے تھے اَور آج تک وہاں پردیسی کی طرح مُقیم ہیں۔
4(یُوناتانؔ بِن شاؤل کا ایک بیٹا تھا جو دونوں ٹانگوں سے لنگڑا تھا اَور جَب یزرعیلؔ کی طرف سے شاؤل اَور یُوناتانؔ کے متعلّق خبر مِلی تو وہ پانچ سال کا تھا۔ اُس کی دایہ اُسے جلدی سے اُٹھاکر بھاگی اَور گھبراہٹ میں وہ اُس کی گود سے گِر گیا اَور لنگڑا ہو گیا۔ اُس کا نام مفِیبوستؔ تھا)۔
5رِمّونؔ بیروتی کے بیٹے ریخابؔ اَور بعناہ اِشبوستؔ کے گھر جانے کے لیٔے روانہ ہُوئے اَور شِدّت کی دھوپ میں وہاں پہُنچے۔ وہ دوپہر کو وہاں آرام کر رہاتھا۔ 6اَور وہ گیہُوں لینے کے بہانے گھر کے اَندرونی حِصّہ میں گھُسے اَور اُنہُوں نے اُس کے پیٹ میں چھُرا گھونپ دیا اَور پھر ریخابؔ اَور اُس کا بھایٔی بعناہ چُپکے سے باہر نکل گیٔے۔
7وہ اُس گھر میں اُس وقت داخل ہُوئے جَب اِشبوستؔ اَپنی خواب گاہ میں بِستر پر سو رہاتھا۔ اُنہُوں نے اُسے چھُرا گھونپ کر مار ڈالا اَور اُس کا سَر کاٹ لیا۔ اَور اِشبوستؔ کے سَر اَپنے ساتھ لے کر رات بھر عراباہؔ کے میدان کی راہ سے سفر کیا۔ 8وہ اِشبوستؔ کے سَر کو حِبرونؔ میں داویؔد کے پاس لایٔے اَور بادشاہ سے کہنے لگے کہ، ”یہ ہے تمہارے دُشمن شاؤل کے بیٹے اِشبوستؔ کا سَر جِس نے تمہاری جان لینے کی کوشش کی۔ آج یَاہوِہ نے میرے آقا بادشاہ کا اِنتقام شاؤل اَور اُس کی نَسل سے لے لیا ہے۔“
9داویؔد نے ریخابؔ اَور اُس کے بھایٔی بعناہ کو جو رِمّونؔ بیروتی کے بیٹے تھے جَواب دیا، ”کہ یَاہوِہ کی حیات کی قَسم جِس نے مُجھے ہر مُصیبت سے رِہائی دی ہے۔ 10ایک آدمی نے آکر مُجھے یہ بتایا، ’شاؤل مَر گیا ہے،‘ تو مَیں نے صِقلاگ میں اُسے پکڑکر قتل کر دیا۔ اُس نے سوچا کہ وہ میرے لیٔے اَچھّی خبر لا رہاہے۔ لیکن یہ تھا وہ اِنعام جو مَیں نے اُسے اُس کی خبر کے بدلہ میں دیا۔ 11پس جَب بدکار لوگوں نے ایک بےگُناہ آدمی کو اُسی کے گھر میں اُس کے بِستر پر قتل کیا ہے تو مُجھ پر کس قدر زِیادہ واجِب ہے کہ اُس کے خُون کا بدلہ تُم سے لُوں اَور زمین کو تمہارے وُجُود سے پاک کر دُوں۔“
12لہٰذا داویؔد نے اَپنے آدمیوں کو اُن کے قتل کا حُکم دیا اَور وہ قتل کر دئیے گیٔے اَور اُنہُوں نے اُن کے ہاتھ پاؤں کاٹ کر اُن کی لاشوں کو حِبرونؔ میں تالاب کے پاس لٹکا دیا۔ لیکن اُنہُوں نے اِشبوستؔ کا سَر لے لیا اَور اُسے حِبرونؔ میں ابنیرؔ کی قبر میں دفن کر دیا۔

موجودہ انتخاب:

2 شموایلؔ 4: UCV

سرخی

شئیر

کاپی

None

کیا آپ جاہتے ہیں کہ آپ کی سرکیاں آپ کی devices پر محفوظ ہوں؟ Sign up or sign in