YouVersion Logo
تلاش

2 شموایلؔ 7

7
داویؔد سے خُدا کے وعدے
1بعدازاں جَب بادشاہ اَپنے محل میں رہنے لگا اَور یَاہوِہ نے اُسے اُس کے چاروں طرف کے دُشمنوں سے آرام بخشا 2تو بادشاہ نے ناتنؔ نبی سے کہا، ”اِدھر مَیں ہُوں جو دیودار کی لکڑی کے محل میں رہتا ہُوں اَور اُدھر خُدا کا صندُوق ہے جو خیمہ میں رکھا گیا ہے۔“
3ناتنؔ نے بادشاہ کو جَواب دیا، ”جو کچھ آپ کے جی میں ہے اُسے اَنجام دیں کیونکہ یَاہوِہ آپ کے ساتھ ہیں۔“
4اُسی رات یَاہوِہ کا کلام ناتنؔ کو پہُنچا:
5”جاؤ اَور میرے خادِم داویؔد کو بتاؤ، ’یَاہوِہ یُوں فرماتے ہیں: کیا تُم میرے رہنے کے لیٔے ایک گھر بناؤگے؟ 6جَب مَیں اِسرائیلیوں کو مِصر سے نکال کر لایا اُس دِن سے لے کر آج تک میں کسی گھر میں نہیں رہا بَلکہ خیمہ کو اَپنا قِیام بنا کر جابجا گھُومتا رہا ہُوں۔ 7جہاں کہیں مَیں تمام بنی اِسرائیل کے ساتھ گیا کیا مَیں نے اُن کے اُن حُکمرانوں میں سے جِن کو مَیں نے اَپنی قوم اِسرائیل کی گلّہ بانی کرنے کا حُکم دیا تھا مَیں نے اُن میں سے کسی سے بھی کبھی کہا، ”تُم نے میرے لیٔے دیودار کی لکڑی کا گھر کیوں نہیں بنایا؟“ ‘
8”پس تُم میرے خادِم داویؔد کو بتاؤ، ’قادرمُطلق یَاہوِہ یُوں فرماتے ہیں، مَیں نے تُمہیں چراگاہ میں سے جَب تُم بھیڑ بکریوں کے پیچھے پیچھے چلتے تھے تاکہ تُم میری قوم اِسرائیل کے حُکمران ہو۔ 9جہاں کہیں تُم گئے مَیں تمہارے ساتھ رہا اَور مَیں نے تمہارے سارے دُشمنوں کو تمہارے سامنے سے فنا کر دیا۔ اَب مَیں تمہارے نام کو رُوئے زمین کے عظیم آدمیوں کے بڑے ناموں کی مانند عظمت بخشوں گا۔ 10اَور مَیں اَپنی قوم اِسرائیل کو ایک اَیسی سرزمین میں قائِم کروں گا جو اُن کا وطن ہوگا اَور اُنہیں وہاں سے کبھی نہ ہٹایا جا سکےگا۔ اَور بدکار لوگ اُنہیں دُکھ نہ دے سکیں گے جَیسا کہ وہ پہلے کیا کرتے تھے۔ 11اَور جَیسا کہ وہ اُس وقت سے کرتے آ رہے ہیں جَب مَیں نے اَپنی قوم اِسرائیل پر قاضی مُقرّر کرنے کا حُکم دیا تھا اَور تُمہیں تمہارے سَب دُشمنوں سے سکون بھی بخشوں گا۔
” ’اَور یَاہوِہ تُمہیں فرماتے ہیں کہ یَاہوِہ خُود تمہارے گھرانے کو قائِم رکھیں گے: 12اَور جَب تیرے دِن پُورے ہو جایٔیں اَور تُو اَپنے آباؤاَجداد کے ساتھ سو جائے تو مَیں تیرے بعد تیری نَسل کو جو تیرے صُلب سے ہوگی برپا کروں گا اَور اُس کی بادشاہی کو قائِم کروں گا 13اَور یہی وہ شخص ہوگا جو میرے نام کی حَمد و ثنا کے لیٔے ایک گھر بنائے گا اَور مَیں اُس کی بادشاہی کا تخت ہمیشہ تک قائِم رکھوں گا۔ 14اَور مَیں اُس کا باپ ہوں گا اَور وہ میرا بیٹا ہوگا۔ اَور جَب وہ خطا کرےگا تو مَیں اُسے آدمیوں کے ذریعہ ڈنڈوں اَور کوڑوں سے پِٹواؤں گا۔ 15لیکن جَیسے شاؤل سے میری رحمت جُدا ہو گئی تھی اُس سے میری رحمت کبھی جُدا نہ ہوگی، وُہی شاؤل جسے مَیں نے تیرے راستہ سے ہٹا دیا۔ 16تیرا خاندان اَور تیری بادشاہی میرے حُضُور اَبد تک قائِم رہے گی اَور تیرا تخت اَبد تک قائِم رہے گا۔‘ “
17چنانچہ ناتنؔ نے یہ ساری باتیں جسے یَاہوِہ نے رُویا میں دِکھایا تھا اُسے داویؔد کو کہہ سُنایٔیں۔
داویؔد کی دعا
18تَب داویؔد بادشاہ اَندر گئے اَور یَاہوِہ کے حُضُور بیٹھ کر کہنے لگے:
”اَے یَاہوِہ قادر مَیں کون ہُوں اَور میرا خاندان کیا ہے کہ آپ نے مُجھے یہ مقام عطا کیا؟ 19تو بھی اَے یَاہوِہ قادر آپ کی نظر میں یہ گویا کافی نہ تھا کہ آپ نے اَپنے خادِم کے گھرانے کے مُستقبِل کی خبر بھی دے دی۔ اَے یَاہوِہ قادر کیا آپ اِنسان سے اِسی طرح پیش آتے ہیں؟
20”داویؔد آپ سے اِس سے زِیادہ کیا کہہ سَکتا ہے؟ جَب کہ اَے یَاہوِہ قادر آپ اَپنے خادِم کو جانتے ہیں۔ 21آپ نے اَپنے کلام کی خاطِر اَور اَپنی مرضی کے مُطابق یہ عظیم کام کیا ہے اَور اَپنے خادِم کو اِس سے آگاہ کر دیا ہے۔
22”اَے یَاہوِہ قادر آپ واقعی کتنے عظیم ہیں! اَور جَیسا کہ ہم نے خُود اَپنے کانوں سے سُنا ہے آپ کی مانند کویٔی نہیں اَور آپ کے سِوا کویٔی خُدا نہیں ہے۔ 23آپ کی قوم اِسرائیل کی مانند کون ہے، یعنی رُوئے زمین پر اَیسی بے نظیر قوم جسے خُدا نے خُود جا کر چھُڑایا تاکہ اُسے اَپنی قوم بنا لے اَور یُوں اَپنے نام کو جلال بخشے اَور اَپنی اُس قوم کے آگے جسے آپ نے مِصر سے نکالا دیگر قوموں اَور اُن کے معبُودوں کو پامال کرکے عظیم اَور مُہیب کارنامے اَنجام دیئے۔ 24آپ نے اَپنی قوم اِسرائیل کو مُقرّر کر دیا کہ وہ ہمیشہ کے لیٔے آپ کی قوم بنی رہے اَور آپ اَے یَاہوِہ اُن کا خُدا ہو گئے۔
25”اَور اَب اَے یَاہوِہ خُدا اَپنے اُس وعدہ کو ہمیشہ تک قائِم رکھنا جو آپ نے اَپنے خادِم اَور اُس کے گھرانے کے متعلّق کیا ہے اَور جَیسا آپ نے کہا وَیسا ہی کرنا۔ 26تاکہ ہمیشہ تک آپ کے نام کی عظمت ہو اَور لوگ کہیں، ’قادرمُطلق یَاہوِہ اِسرائیل کے خُدا ہیں!‘ اَور آپ کے خادِم داویؔد کا گھرانا آپ کے حُضُور میں ہمیشہ قائِم رہے!
27”اَے قادرمُطلق یَاہوِہ اِسرائیل کے خُدا آپ نے اَپنے خادِم پر ظاہر کیا اَور کہا، ’مَیں تیرے لیٔے ایک خاندان کی بُنیاد رکھوں گا۔‘ لہٰذا آپ کے خادِم کو ہمّت ہُوئی کہ آپ سے یہ دعا کرے۔ 28اَے یَاہوِہ قادر، آپ ہی خُدا ہیں! آپ کا عہد قابلِ اِعتماد ہے اَور آپ نے اَپنے خادِم سے اِن اَچھّی باتوں کا وعدہ کیا ہے۔ 29اَب اَپنے خادِم کے گھرانے کو برکت دینا منظُور فرمائیں تاکہ وہ ہمیشہ آپ کی نظر میں قائِم رہے۔ کیونکہ اَے یَاہوِہ قادر آپ نے فرمایاہے اَور آپ کی برکت سے آپ کے خادِم کا گھرانا اَبد تک مُبارک رہے گا۔“

موجودہ انتخاب:

2 شموایلؔ 7: UCV

سرخی

شئیر

کاپی

None

کیا آپ جاہتے ہیں کہ آپ کی سرکیاں آپ کی devices پر محفوظ ہوں؟ Sign up or sign in