2 شموایلؔ 11
11
داویؔد اَور بتشیبؔا
1موسمِ بہار میں جَب بادشاہ جنگ کرنے نکلتے تھے، تَب داویؔد نے یُوآبؔ کو اَپنے سرداروں اَور ساری بنی اِسرائیل فَوج کے ہمراہ بھیج دیا۔ اُنہُوں نے عمُّونیوں کو ہلاک کیا اَور ربّہؔ کا محاصرہ کر لیا لیکن داویؔد یروشلیمؔ ہی میں رہا۔
2ایک شام داویؔد بادشاہ اَپنے پلنگ سے اُٹھ کر محل کی چھت پر ٹہلنے لگا۔ اُس نے چھت پر سے دیکھا کہ ایک عورت نہا رہی ہے۔ وہ عورت بڑی خُوبصورت تھی 3اَور داویؔد نے اُس کے بارے میں معلومات حاصل کرنے کے لیٔے کسی اہم شخص کو بھیجا۔ اُس آدمی نے بتایا کہ، ”وہ بتشیبؔا ہے جو اِلیعامؔ کی بیٹی اَور حِتّی اورِیّاہؔ کی بیوی ہے۔“ 4تَب داویؔد نے اَپنے قاصِدوں کو بھیج کر اُسے بُلوایا اَور وہ اُس کے پاس آ گئی اَور وہ اُس کے ساتھ ہمبستر ہُوا (کیونکہ وہ اَپنی ماہواری نَجاست سے پاک ہو چُکی تھی)۔ پھر وہ واپس گھر چلی گئی۔ 5وہ عورت حاملہ ہو گئی اَور اُس نے داویؔد کو خبر بھیجی کہ، ”میں حاملہ ہُوں۔“
6لہٰذا داویؔد نے یُوآبؔ کو یہ پیغام بھیجا: ”حِتّی اورِیّاہؔ کو میرے پاس بھیج دے۔“ یُوآبؔ نے اُسے داویؔد کے پاس بھیج دیا۔ 7جَب اورِیّاہؔ اُس کے پاس آیا تو داویؔد نے اُس سے یُوآبؔ کا خیریت پُوچھی اَور یہ بھی کہ سپاہی کیسے ہیں اَور جنگ کیسی چل رہی ہے؟ 8پھر داویؔد نے اورِیّاہؔ سے کہا، ”اَپنے گھر جا اَور اَپنے پاؤں دھوکر آرام کر۔“ اورِیّاہؔ محل سے چلا گیا اَور بادشاہ کی طرف سے اُس کے پیچھے پیچھے ایک تحفہ بھیجا گیا۔ 9لیکن اورِیّاہؔ شاہی محل کے مدخل پر ہی اَپنے مالک کے سَب خادِموں کے ساتھ سو گیا اَور اَپنے گھر نہ گیا۔
10جَب داویؔد کو مَعلُوم ہُوا، ”اورِیّاہؔ اَپنے گھر نہیں گیا۔“ تو اُس نے اُس سے پُوچھا، ”کیا تُو ابھی ابھی فَوجی مُہم#11:10 فَوجی مُہم عِبرانی میں سفر سے سے نہیں آیا ہے؟ تُو اَپنے گھر کیوں نہیں گیا؟“
11اورِیّاہؔ نے داویؔد سے کہا، ”عہد کا صندُوق اَور بنی اِسرائیل اَور یہُوداہؔ خیموں میں رہتے ہیں اَور میرا آقا یُوآبؔ اَور میرے مالک کے آدمی کھُلے کھیتوں میں ڈالے ہُوئے ہیں۔ بھلا میں کس طرح کھانے پینے اَور اَپنی بیوی کے ساتھ سونے کے لیٔے گھر جا سَکتا ہُوں؟ آپ کی حیات کی قَسم میں اَیسا کام نہیں کروں گا!“
12تَب داویؔد نے اُس سے کہا، ”ایک دِن اَور یہاں ٹھہر اَور کل مَیں تُجھے واپس بھیج دُوں گا۔“ اِس لیٔے اورِیّاہؔ اُس دِن اَور اگلے دِن بھی یروشلیمؔ میں رہا۔ 13اَور داویؔد کے بُلانے پر اُس نے اُس کے حُضُور میں کھایا پیا اَور داویؔد نے اُسے خُوب پلا کر متوالا کر دیا۔ لیکن شام کو اورِیّاہؔ اَپنے مالک کے خادِموں کے درمیان اَپنی چٹائی پر سونے کے لیٔے باہر گیا پر اَپنے گھر نہ گیا۔
14صُبح کو داویؔد نے یُوآبؔ کے نام ایک خط لِکھّا اَور اُسے اورِیّاہؔ کے ہاتھ بھیجا۔ 15اِس خط میں اُس نے لِکھّا کہ، ”اورِیّاہؔ کو محاذِ جنگ کی اگلی صف میں رکھنا جہاں سخت لڑائی جاری ہو اَور پھر اُس کے پیچھے سے ہٹ جانا تاکہ وہ بُری طرح زخمی ہو اَور اَپنی جان سے ہاتھ دھو بیٹھے۔“
16لہٰذا جَب یُوآبؔ نے شہر کا محاصرہ کر لیا تو اُس نے اورِیّاہؔ کو اَیسی جگہ رکھا جہاں اُسے مَعلُوم تھا کہ بڑے بہادر آدمی شہر کا دفاع کر رہے ہیں۔ 17جَب اُس شہر کے آدمی باہر نکل کر یُوآبؔ کے خِلاف لڑے تو داویؔد کی فَوج کے کچھ آدمی مارے گیٔے اَور حِتّی اورِیّاہؔ بھی مارا گیا۔
18تَب یُوآبؔ نے قاصِد کے ذریعہ لڑائی کا سارا حال داویؔد کو بھیجا۔ 19اَور قاصِد کو تاکید کی: ”جَب تُو لڑائی کی یہ تفصیل بادشاہ کو بتا چُکے، 20تو ممکن ہے کہ بادشاہ کا غُصّہ بھڑک اُٹھے اَور وہ پُوچھ لے، ’تُم لڑنے کے لیٔے شہر کے اِس قدر نزدیک کیوں گیٔے تھے؟ کیا تُمہیں مَعلُوم نہیں تھا کہ وہ دیوار پر سے تیروں کی بارش کر دیں گے؟ 21یرُب بشیتؔ کے بیٹے اَبی ملیخ کو کس نے مارا؟ کیا وہ ایک عورت نہ تھی جِس نے تبیضؔ میں چکّی کا پاٹ دیوار پر سے اُس کے اُوپر پھینکا تھا جِس سے وہ مَر گیا؟ پھر تُم دیوار کے نزدیک کیوں گیٔے؟‘ تَب جَواب میں اُسے کہنا، ’تیرا خادِم حِتّی اورِیّاہؔ بھی مَر گیا ہے۔‘ “
22چنانچہ وہ قاصِد روانہ ہُوا اَور جَب وہاں پہُنچا تو اُس نے داویؔد کو سَب کچھ بتایا جسے بتانے کے لیٔے یُوآبؔ نے اُسے بھیجا تھا 23قاصِد نے داویؔد سے کہا، ”وہ لوگ ہم پر غالب آئے اَور پھر باہر نکل کر میدان میں ہمارے رُوبرو ہو گئے۔ لیکن ہم نے اُنہیں واپس شہر کے مدخل تک دھکیل دیا۔ 24تَب تیر اَندازوں نے دیوار پر سے آپ کے خادِموں پر تیر برسانے شروع کر دیئے جِن سے بادشاہ کے کچھ آدمی مَر گیٔے اَور آپ کا خادِم حِتّی اورِیّاہؔ بھی مَر گیا۔“
25تَب داویؔد نے قاصِد سے کہا، ”یُوآبؔ سے کہنا: ’اِس واقعہ سے پریشان ہونے کی ضروُرت نہیں۔ تلوار جَیسے ایک کو اَپنا لقمہ بناتی ہے وَیسے ہی دُوسرے کو بھی کھا جاتی ہے شہر پر شِدّت سے حملہ کر اَور اُسے تباہ کر دے۔‘ اِن باتوں سے یُوآبؔ کی حوصلہ اَفزائی کرنا۔“
26جَب اورِیّاہؔ کی بیوی نے سُنا کہ اُس کا خَاوند مَر گیا ہے تو اُس نے اُس کے لیٔے ماتم کیا۔ 27اَور جَب ماتم کرنے کی مُدّت ختم ہو گئی تو داویؔد نے اُسے اَپنے گھر بُلوایا اَور وہ اُس کی بیوی بَن گئی اَور اُس سے اُس کے ایک لڑکا پیدا ہُوا۔ لیکن داویؔد کا یہ کام یَاہوِہ کی نظر میں بُرا تھا۔
موجودہ انتخاب:
2 شموایلؔ 11: UCV
سرخی
شئیر
کاپی
کیا آپ جاہتے ہیں کہ آپ کی سرکیاں آپ کی devices پر محفوظ ہوں؟ Sign up or sign in
اُردو ہم عصر ترجُمہ™، کِتاب مُقدّس
حق اِشاعت © 1999، 2005، 2022، 2024 Biblica, Inc.
کی اِجازت سے اِستعمال کیا جاتا ہے۔
دُنیا بھر میں تمام حق محفوظ۔
Holy Bible, Urdu Contemporary Version™
Copyright © 1999, 2005, 2022, 2024 by Biblica, Inc.
Used with permission.
All rights reserved worldwide.