2 شموایلؔ 10
10
داویؔد کا عمُّونیوں کو شِکست دینا
1اِس کے بعد عمُّونیوں کا بادشاہ مَر گیا اَور اُس کا بیٹا حنُونؔ بطور بادشاہ اُس کا جانشین ہُوا۔ 2اَور داویؔد نے سوچا کہ، ”میں ناحسؔ کے بیٹے حنُونؔ پر مہربانی کروں گا، جَیسے اُس کے باپ نے مُجھ پر مہربانی کی تھی۔“ لہٰذا داویؔد نے حنُونؔ کے پاس اُس کے باپ کی ماتم پُرسی کرنے کی غرض سے ایک وفد بھیجا۔
جَب داویؔد کے آدمی عمُّونیوں کی سرزمین میں آئے 3تو عمُّونی اُمرا نے اَپنے مالک حنُونؔ سے کہا، ”کیا تُم یہ سوچتے ہو کہ داویؔد نے تمہارے پاس تمہارے باپ کے اِحترام کے طور پر ماتم پُرسی کے لیٔے سفیر بھیجے ہیں؟ کیا داویؔد نے اُنہیں جاسُوسی کرنے تو نہیں بھیجا کہ وہ شہر کی حالت مَعلُوم کریں اَور پھر داویؔد اُسے تباہ کر دے؟“ 4اِس پر حنُونؔ نے داویؔد کے سفیروں کو پکڑ لیا اَور ہر ایک کی آدھی داڑھی مُنڈوا دی اَور اُن کے لباس کمر سے نیچے تک کٹوا کر اُنہیں رخصت کر دیا۔
5جَب داویؔد کو اِس کی خبر پہُنچی کہ وہ اِس ذِلّت کی وجہ سے بڑے شرمندہ ہیں تو اُس نے اُن سے مِلنے کو قاصِد بھیجے اَور بادشاہ نے فرمایا، ”جَب تک تمہاری داڑھیاں بڑھ نہ جایٔیں تَب تک تُم یریحوؔ میں ہی رُکے رہو۔ اُس کے بعد واپس آجانا۔“
6جَب عمُّونیوں کو احساس ہُوا کہ وہ اَپنی حرکت سے داویؔد کی نظر میں ذلیل ٹھہرے ہیں تو اُنہُوں نے بیت رحوبؔ اَور ضوباہؔ سے بیس ہزار ارامی پیادہ سپاہیوں، نیز معکہؔ کے بادشاہ کو ایک ہزار سپاہیوں سمیت اَور طوبؔ کے بَارہ ہزار آدمیوں کو اُجرت پر بُلا لیا۔
7جَب داویؔد نے یہ سُنا تو اُس نے یُوآبؔ اَور سُورماؤں کے تمام فَوج کو بھیجا 8تَب بنی عمُّون نے باہر نکل کر اَپنے پھاٹک کے پاس ہی لڑائی کے لیٔے صف باندھی اَور ضوباہؔ اَور رحوبؔ کے ارامی اَور طوبؔ اَور معکہؔ کے لوگ میدان میں الگ تھے۔
9جَب یُوآبؔ نے دیکھا کہ اُس کے آگے اَور پیچھے لڑائی کے لیٔے صف بندی ہو چُکی ہے تو اُس نے اِسرائیل کے کچھ بہترین فَوجیوں کو چُن کر اُنہیں ارامیوں کے خِلاف صف آرا کیا۔ 10اَور باقی آدمیوں کو اَپنے بھایٔی ابیشائی کی قیادت میں عمُّونیوں کے خِلاف میدان میں اُتارا۔ 11اَور یُوآبؔ نے کہا، ”اگر ارامی مُجھ پر غالب آنے لگیں تو تُم میری مدد کے لیٔے بروقت پہُنچ جانا۔ لیکن اگر عمُّونی تمہارے خِلاف زِیادہ طاقتور ثابت ہُوئے تو مَیں تمہاری رِہائی کو بروقت پہُنچ جاؤں گا۔ 12پس ہمّت باندھو اَور آؤ ہم اَپنی قوم اَور اَپنے خُدا کے شہروں کی خاطِر بہادری سے جنگ کریں اَور یَاہوِہ جو کچھ اُن کی نظر میں بہتر ہوگا وُہی کریں گے۔“
13تَب یُوآبؔ اَور اُس کے لشکر کے آدمی ارامیوں سے لڑنے کے لیٔے آگے بڑھے اَور ارامی اُن کے سامنے سے بھاگ نکلے۔ 14جَب عمُّونیوں نے دیکھا کہ ارامی بھاگ نکلے تو وہ بھی ابیشائی کے سامنے سے بھاگ کر شہر کے اَندر چلے گیٔے۔ تَب یُوآبؔ عمُّونیوں سے جنگ کرنے کے بعد واپس یروشلیمؔ چلا گیا۔
15بعد میں جَب ارامیوں نے دیکھا کہ اِسرائیلیوں نے اُنہیں شِکست دے دی ہے تو وہ پھر سے جمع ہونے لگے۔ 16ہددعزرؔ نے دریائے فراتؔ کے پار سے ارامیوں کو بُلوا بھیجا۔ وہ حِلامؔ میں آ گئے اَور ہددعزرؔ کا سپہ سالار شُوبکؔ اُن کی قیادت کر رہاتھا۔
17جَب داویؔد کو اِس کی خبر مِلی تو اُس نے تمام بنی اِسرائیل کو جمع کیا اَور دریائے یردنؔ کو پار کرکے حِلامؔ کی طرف بڑھا۔ ارامیوں نے داویؔد کا مُقابلہ کرنے کے لیٔے صف آرائی کی اَور اُس سے لڑے۔ 18لیکن ارامی اِسرائیلیوں کے سامنے ٹِک نہ سکے اَور بھاگ نکلے۔ داویؔد نے اُن کے سات سَو رتھ بانو اَور چالیس ہزار پیادہ فَوجیوں کو قتل کر دیا اَور اُس نے فَوج کے سپہ سالار شُوبکؔ کو بھی مار گرایا اَور وہ وہیں مَر گیا۔ 19جَب اُن تمام بادشاہوں نے جو ہددعزرؔ کے مطیع تھے دیکھا کہ وہ اِسرائیل سے شِکست کھا چُکے ہیں تو اُنہُوں نے بنی اِسرائیل سے صُلح کرلی اَور اُن کے مطیع ہو گئے۔
ارامیوں نے ڈر کے مارے پھر کبھی عمُّونیوں کی مدد کرنے کی جُرأت نہ کی۔
موجودہ انتخاب:
2 شموایلؔ 10: UCV
سرخی
شئیر
کاپی
کیا آپ جاہتے ہیں کہ آپ کی سرکیاں آپ کی devices پر محفوظ ہوں؟ Sign up or sign in
اُردو ہم عصر ترجُمہ™، کِتاب مُقدّس
حق اِشاعت © 1999، 2005، 2022، 2024 Biblica, Inc.
کی اِجازت سے اِستعمال کیا جاتا ہے۔
دُنیا بھر میں تمام حق محفوظ۔
Holy Bible, Urdu Contemporary Version™
Copyright © 1999, 2005, 2022, 2024 by Biblica, Inc.
Used with permission.
All rights reserved worldwide.