2 سلاطین 3
3
مُوآب کا بغاوت کرنا
1شاہِ یہُودیؔہ یہوشافاطؔ کے اٹھّارہویں سال میں یہُورامؔ#3:1 یہُورامؔ چند نُسخوں میں یُورامؔ لِکھا گیا ہے بِن احابؔ سامریہؔ میں اِسرائیل کا بادشاہ بنا اَور اُس نے بَارہ سال حُکمرانی کی۔ 2اُس نے یَاہوِہ کی نظر میں بدی کی حالانکہ وَیسی نہیں جَیسے اُس کے والدین نے کی تھی کیونکہ اُس نے اَپنے باپ کے بنائے ہویٔے بَعل کے مُقدّس سُتونوں کو نِیست و نابود کر دیا تھا۔ 3تاہم وہ یرُبعامؔ بِن نباطؔ کے اُن گُناہوں میں لپٹا رہا جِن سے یرُبعامؔ نے بنی اِسرائیل سے گُناہ کروایا تھا اَور یہُورامؔ نے اُن گُناہوں سے کنارہ کشی نہ کی۔
4اَور مُوآب کا بادشاہ میشاؔ بھیڑیں پالتا تھا اَور اُسے شاہِ اِسرائیل کو خراج میں سالانہ ایک لاکھ برّے اَور ایک لاکھ مینڈھوں کی اُون دینی پڑتی تھی۔ 5لیکن احابؔ کی موت کے بعد شاہِ مُوآب نے شاہِ اِسرائیل سے بغاوت کی۔ 6لہٰذا فوراً بادشاہ یہُورامؔ سامریہؔ سے روانہ ہُوا اَور سارے بنی اِسرائیل فَوج کو جمع کیا۔ 7اُس نے شاہِ یہُودیؔہ یہوشافاطؔ کو بھی یہ پیغام بھیجا: ”مُوآب کا بادشاہ مُجھ سے باغی ہو گیا ہے۔ کیا مُوآب سے جنگ کرنے کے لیٔے آپ میری ساتھ چلیں گے؟“
یہوشافاطؔ نے جَواب دیا، ”بے شک مَیں آپ کے ساتھ چلُوں گا کیونکہ مَیں اَور آپ الگ نہیں ہیں، میری فَوج آپ کی فَوج ہے اَور میرے گھوڑے آپ کے گھوڑے ہیں۔“
8تَب اُس نے دریافت کیا، ”ہم کون سے راستہ سے حملہ کریں گے؟“
یہُورامؔ نے جَواب دیا، ”اِدُوم کے ریگستانی راستہ سے۔“
9لہٰذا شاہِ اِسرائیل کے ساتھ شاہِ یہُودیؔہ اَور شاہِ اِدُوم بھی شامل ہو گیٔے۔ اَور وہ سات دِن تک چکّر پر چکّر کاٹتے رہے لیکن ریگستان میں نہ تو لشکر کے لیٔے اَور نہ ہی جانوروں کے لیٔے پانی مَوجُود تھا۔
10تَب شاہِ اِسرائیل چِلّا اُٹھا، افسوس صَد افسوس، کیا یَاہوِہ نے ہم تینوں بادشاہوں کو اِس لیٔے جمع کیا ہے کہ ہمیں مُوآب کے حوالہ کر دیں،
11لیکن یہوشافاطؔ نے دریافت کیا، ”کیا یہاں یَاہوِہ کا کویٔی نبی نہیں ہے جِس کی مَعرفت سے ہم یَاہوِہ کی مرضی مَعلُوم کر سکیں؟“
تَب شاہِ اِسرائیل کے ایک مُلازم نے جَواب دیا، ”الِیشعؔ بِن شافاطؔ یہیں رہتے ہیں۔ جو ایلیّاہ کے ذاتی خادِم تھے۔“
12یہوشافاطؔ نے کہا، ”ہاں، یَاہوِہ کا کلام اُن کے پاس نازل ہوتاہے۔“ چنانچہ شاہِ اِسرائیل، یہوشافاطؔ اَور شاہِ اِدُوم تینوں ہی الِیشعؔ سے مُلاقات کرنے چل دیئے۔
13الِیشعؔ نے شاہِ اِسرائیل کو جَواب دیا، ”میرا تمہارے ساتھ کویٔی واسطہ نہیں ہے، تُم اَپنے والدین کے نبیوں کے پاس جاؤ۔“
بنی اِسرائیل کے بادشاہ نے الِیشعؔ سے کہا، ”اَیسا لگتا ہے کہ خُود یَاہوِہ نے ہم تین بادشاہوں کو اِس لیٔے جمع کیا ہے تاکہ ہمیں مُوآب کے حوالہ کر دیں۔“
14الِیشعؔ نے فرمایا، ”قادرمُطلق یَاہوِہ کی حیات کی قَسم جِن کی میں خدمت کرتا ہُوں، اگر مُجھے شاہِ یہُودیؔہ یہوشافاطؔ کی مَوجُودگی کا لحاظ نہ ہوتا تو میں نہ تو تمہاری طرف نظر کرتا اَور نہ ہی تمہاری مدد کرتا، 15لیکن خیر! اَب کسی سارنگی بجانے والے کو میرے پاس لاؤ۔“
اَور جَب سارنگی بجانے والا سارنگی بجا رہاتھا تو یَاہوِہ کی قُوّت الِیشعؔ پر نازل ہویٔی۔ 16اَور الِیشعؔ نے کہا، ”یَاہوِہ یُوں فرماتے ہیں: میں اِس خشک وادی کو پانی سے بھر دوں گا۔ 17کیونکہ یَاہوِہ یُوں فرماتے ہیں کہ تُمہیں نہ تو ہَوا آتی دِکھائی دے گی اَور نہ ہی بارش؛ پھر بھی یہ وادی پانی سے بھر جائے گی تُم اَور تمہارے گھوڑے اَور تمہارے سبھی مویشی بھی پانی پیئیں گے۔ 18اَور یہ یَاہوِہ کی نظر میں ایک مَعمولی سِی بات ہے۔ اَور یَاہوِہ مُوآب کی فَوج کو بھی تمہارے حوالہ کر دیں گے۔ 19اِس کے علاوہ تُم ہر فصیلدار شہر اَور ہر بڑے قصبے کو شِکست دوگے اَور اُن کے ہر اَچھّے درخت کو کاٹ ڈالوگے اَور تمام پانی کے چشموں کو بند کر دوگے اَور ہر اَچھّے کھیت کو پتّھروں سے برباد کر دوگے۔“
20اگلی صُبح قُربانی گزراننے کے وقت یَکایک اِدُوم کی طرف سے پانی بہتا ہُوا آیا اَور تمام زمین پانی سے لبالب ہو گئی۔
21اَور جَب سَب مُوآبیوں نے سُنا کہ تین بادشاہ اُن سے جنگ کرنے آ چُکے ہیں۔ لہٰذا ہر جَوان یا ضعیف شخص جو ہتھیار باندھنے کے قابل تھا طلب کیا گیا اَور سَب کو سرحد پر مُقرّر کر دیا گیا۔ 22اگلے دِن صُبح کو جَب مُوآبی سو کر اُٹھے تو اُنہیں پانی پر آفتاب کی کرنوں کی چمک کے وجہ سے گویا پانی خُون کی مانند سُرخ دِکھائی دے رہاتھا۔ 23اِس لیٔے اُنہُوں نے ایک دُوسرے سے کہا، یہ تو خُون ہے! لگتا ہے کہ وہ بادشاہ آپَس میں ہی جنگ کرلئے ہیں اَور اُنہُوں نے ایک دُوسرے کو قتل کر دیا ہے۔ لہٰذا اَے مُوآبیوں، اَب لُوٹ کے لیٔے آگے بڑھو!
24لیکن جَب مُوآبی اِسرائیلیوں کی چھاؤنیوں تک پہُنچے تو اِسرائیلی فَوج اُٹھ کر مُوآبی سے لڑتی رہی یہاں تک کہ وہ بھاگ گئے، اَور اِسرائیلیوں نے اُن کے مُلک پر حملہ کرکے مُوآبیوں کا قتل عام کیا۔ 25اَور اِسرائیلیوں نے قصبوں کو نِیست و نابود کر دیا اَور ہر ایک شخص نے ہر اَچھّے کھیت میں پتّھر پھینک کر اُسے پتّھروں سے بھر دیا۔ اَور تمام پانی کے چشموں کو بند کر دیا اَور ہر اَچھّے درخت کو کاٹ ڈالا۔ اگرچہ صِرف قیرؔ حارسیتھؔ اَور اِس کے پتّھروں کی فصیل باقی رہ گئی تھی لیکن گوفن چلانے والوں نے اُس کا محاصرہ کیا اَور اُس پر بھی حملہ کر دیا۔
26جَب مُوآب کے بادشاہ نے دیکھا کہ جنگ میں اُس کی فَوج شِکست کھا رہی ہے تو اُس نے سات سَو شمشیر زن مَرد اَپنے ساتھ لیٔے تاکہ وہ صفوں کو چیرتے ہُوئے شاہِ اِدُوم تک پہُنچ جایٔیں۔ لیکن وہ کامیاب نہ ہُوئے۔ 27تَب اُس نے اَپنے پہلوٹھے بیٹے کو جو اُس کا جانشین بننے والا تھا لیا اَور اُسے شہر کی فصیل پر سوختنی نذر کے طور پر چڑھا دیا۔ اَور بنی اِسرائیل پر قہر شدید نازل ہُوا لہٰذا وہ پیچھے ہٹ گیٔے اَور اَپنے مُلک کو واپس لَوٹ آئے۔
موجودہ انتخاب:
2 سلاطین 3: UCV
سرخی
شئیر
کاپی
کیا آپ جاہتے ہیں کہ آپ کی سرکیاں آپ کی devices پر محفوظ ہوں؟ Sign up or sign in
اُردو ہم عصر ترجُمہ™، کِتاب مُقدّس
حق اِشاعت © 1999، 2005، 2022، 2024 Biblica, Inc.
کی اِجازت سے اِستعمال کیا جاتا ہے۔
دُنیا بھر میں تمام حق محفوظ۔
Holy Bible, Urdu Contemporary Version™
Copyright © 1999, 2005, 2022, 2024 by Biblica, Inc.
Used with permission.
All rights reserved worldwide.