2 سلاطین 23
23
یُوشیاہؔ کا عہد کی تجدید کرنا
1تَب بادشاہ نے یہُودیؔہ اَور یروشلیمؔ کے سَب بُزرگوں کو اَپنے پاس بُلوا کر جمع کیا۔ 2اَور بادشاہ، بنی یہُودیؔہ اَور یروشلیمؔ کے سَب لوگوں اَور کاہِنؔ اَور نبیوں کے ساتھ کیا چُھوٹے کیا بڑے، سَب لوگوں کو ساتھ لے کر یَاہوِہ کے بیت المُقدّس کو گیا اَور بادشاہ نے یَاہوِہ کے بیت المُقدّس میں پائی گئی اُس عہد کی کِتاب کی تمام باتیں بُلند آواز سے پڑھ کر اُنہیں سُنائیں۔ 3تَب بادشاہ نے سُتون کے پاس کھڑے ہوکر یَاہوِہ کے حُضُور میں یہ عہد کیا کہ وہ یَاہوِہ کی پیروی کریں گے۔ اُس کے اَحکام، رسمیں اَور قوانین کو اَپنے سارے دِل اَور ساری جان سے عَمل کریں گے اَور عہدنامہ کی ساری باتوں پرجو اِس کِتاب میں مرقوم ہیں عَمل کریں گے۔ تَب وہاں مَوجُود سَب عوام نے اُس عہد پر قائِم رہنے کا عہد لیا۔
4پھر بادشاہ نے اعلیٰ کاہِن خِلقیاہؔ اَور اُس کے تحت کام کرنے والے کاہِنوں کو اَور دربانوں کو حُکم دیا کہ وہ اُن تمام اَشیا کو جو بَعل اَور اشیراہؔ اَور سِتاروں کے آسمانی لشکر کے لیٔے بنائی گئی ہیں یَاہوِہ کے بیت المُقدّس سے باہر نکال دیں۔ اَور بادشاہ نے اُنہیں یروشلیمؔ سے باہر قِدرُونؔ کی وادی کے میدانوں میں جَلا دیا اَور اُن کی راکھ کو بیت ایل لے گئے۔ 5یُوشیاہؔ نے اُن بُت پرست کاہِنوں کو جنہیں یہُوداہؔ کے بادشاہوں نے یہُودیؔہ کے شہروں اَور یروشلیمؔ کے اِردگرد کے اُونچے مقامات میں بخُور جَلانے کو مُقرّر کیا تھا اُنہیں ہٹا دیا اَور اُنہیں بھی جو بَعل، آفتاب اَور چاند، کواکب اَور سِتاروں کے سارے آسمانی لشکر کے لیٔے بخُور جَلاتے تھے بَرخواست کر دیا۔ 6بادشاہ نے اشیراہؔ کو یَاہوِہ کے بیت المُقدّس سے نکلوا کر یروشلیمؔ سے باہر قِدرُونؔ کی وادی میں لے جا کر جَلا دیا اَور اُسے پیس کر راکھ بنا کر عوام کی قبروں پر بِکھیر دیا۔ 7اَور بادشاہ نے مَندِر کے مرَدپرستوں کے مکانوں کو بھی ڈھا دیا جو یَاہوِہ کے بیت المُقدّس کے صحن میں تعمیر کئےگئے تھے، جہاں عورتیں اشیراہؔ دیوی کے لیٔے پردے بُنا کرتی تھیں ڈھا دیا۔
8یُوشیاہؔ نے یہُوداہؔ کے تمام شہروں سے سارے کاہِنوں کو یروشلیمؔ میں جمع کرکے گِبعؔ سے لے کر بیرشبعؔ تک اُن تمام اُونچے مقامات کو جہاں کاہِنؔ بخُور جَلایا کرتے تھے، اُنہیں ناپاک کر دیا۔ پھر پھاٹکوں پر مَوجُود اِحترام والے اُن اُونچے اُونچے پرستش کے مقاموں کو نِیست و نابود کر ڈالا جو شہر کے حاکم یہوشُعؔ کے پھاٹک کے مدخل کی بائیں طرف تعمیر کئےگئے تھے۔ 9تو بھی اُونچے مَندِروں کے کاہِنوں کو یروشلیمؔ میں یَاہوِہ کے مذبح کی خدمت کرنے کی مناہی تھی کیونکہ اُنہُوں نے غَیر قوموں کے اُونچے مقامات میں خدمت کی تھی۔ پھر بھی وہ اَپنے ہم خدمت کاہِنوں کے ساتھ بے خمیری روٹی کے کھانے میں ضروُر شرکت کرتے تھے۔
10یُوشیاہؔ نے تُوفتؔ کو جو بین ہِنَّومؔ کی وادی میں تھا اُسے ناپاک کر دیا تاکہ اِس کے بعد کویٔی بھی شخص اَپنے بیٹے یا بیٹی کو مولکؔ کے واسطے آتِشی قُربانی کرنے کے لئے اِس کا اِستعمال نہ کر سکے۔ 11اَور اُس نے یَاہوِہ کے بیت المُقدّس کے مدخل سے اُن گھوڑوں کے بُت کو ہٹا دیا جنہیں یہُوداہؔ کے بادشاہوں نے آفتاب معبُود کے لیٔے مخصُوص کیا تھا۔ وہ گھوڑے خواجہ سرا ناتان ملِکؔ کے کمرے کے صحن میں قائِم کئےگئے تھے۔ پھر یُوشیاہؔ نے آفتاب کے رتھوں کو بھی آگ میں جَلا دیا۔
12اَور یُوشیاہؔ نے اُن مذبح کو جو یہُوداہؔ کے بادشاہوں نے آحازؔ کے بالاخانہ کی چھت پر تعمیر کرائے تھے اَورجو منشّہ نے یَاہوِہ کے بیت المُقدّس کے دونوں صحنوں میں تعمیر کئے تھے اُنہیں نِیست و نابود کر دیا اَور اُنہیں ریزہ ریزہ کرکے قِدرُونؔ کی وادی میں پِھکوا دیا۔ 13اَور بادشاہ نے اُن اُونچے مقامات کو بھی جو یروشلیمؔ کے مقابل کوہِ ہلاکت کے جُنوب میں تھے، ناپاک کر دیا جنہیں شاہِ اِسرائیل شُلومونؔ نے صیدونیوں کی نہایت مکرُوہ دیوی عستوریتؔ، مُوآب کے نہایت مکرُوہ معبُود کموشؔ اَور عمُّون کے لوگوں کے نہایت ہی مکرُوہ معبُود مولکؔ یا مِلکامؔ کے واسطے تعمیر کئے تھے۔ 14یُوشیاہؔ نے سُتونوں کو ٹکڑے ٹکڑے کر دیا اَور اشیراہؔ کے سُتونی بُتوں کو کاٹ ڈالا اَور اُن خالی مقاموں کو اِنسانی ہڈّیوں سے بھر دیا۔
15اِس کے علاوہ اُس مذبح کو جو بیت ایل میں تعمیر کی گئی تھی اَور اُن مَندِروں کو جنہیں یرُبعامؔ بِن نباطؔ نے تعمیر کرایا تھا، اَور جِس نے بنی اِسرائیل سے بدی کروائی تھی، یُوشیاہؔ نے اُس مذبح اَور اُن اُونچے مَندِر کو نِیست و نابود کر دیا۔ اَور اُنہیں ریزہ ریزہ کر دیا اَور اشیراہؔ کے بُتوں کو آگ میں جَلا دیا۔ 16جَب یُوشیاہؔ نے چاروں طرف نگاہ ڈالی اَور اُن قبروں کو دیکھا جو پہاڑ میں کھودی گئی تھیں، تَب اُس نے خادِموں کو بھیج کر اُن کے اَندر سے ہڈّیاں نکلوائیں اَور اُنہیں اُس مذبح پر جَلا کر اُسے ناپاک کر دیا، یہ یَاہوِہ کے اُس قول کے مُطابق ہُوا جِس کی بابت اُس مَرد خُدا نے چِلّاکر پیشین گوئی کی تھی۔
17تَب بادشاہ نے دریافت کیا، ”وہ لَوحِ مزار جو مَیں دیکھ رہا ہُوں کس کی ہے؟“
شہر کے لوگوں نے اُنہیں جَواب دیا، ”یہ اُس مَرد خُدا کی قبر ہے جِس نے یہُوداہؔ سے آکر اِسی بیت ایل کے مذبح کے خِلاف چِلّاکر اِن ہی کاموں کی نبُوّت کی تھی جسے آج آپ نے بیت ایل کے مذبح کے ساتھ پُورا کر دیا ہے۔“
18تَب بادشاہ نے حُکم دیا، ”اُسے نہ چھیڑنا اَور کویٔی اُس کی ہڈّیوں کو دَرہم برہم نہ کرنے پایٔے۔“ چنانچہ اُنہُوں نے اُن کی ہڈّیوں کو اَور اُس نبی کی ہڈّیوں کو جو سامریہؔ سے آیاتھا وہیں رہنے دیا۔
19یُوشیاہؔ نے اُن سارے اُونچے مقامات پر بُتکدوں کو بھی جو شاہانِ بنی اِسرائیل نے یَاہوِہ کو غُصّہ دِلانے کے لیٔے سامریہؔ کے شہروں میں تعمیر کی تھیں معدوم کر دیا۔ ٹھیک اُسی طرح جَیسا اُنہُوں نے بیت ایل میں کیا تھا۔ 20اَور یُوشیاہؔ نے اُن اُونچے مقامات پر بُتکدوں کے سَب کاہِنوں کو جو وہاں مَوجُود تھے اُن مذبحوں پر قتل کرکے اُن پر اِنسانی ہڈّیاں جَلائیں۔ اِس کے بعد بادشاہ یروشلیمؔ لَوٹ گئے۔
21اَور بادشاہ نے سَب لوگوں کو یہ حُکم دیا: ”جَیسا اِس عہد کی کِتاب میں درج ہے، یَاہوِہ اَپنے خُدا کے لیٔے عیدِفسح مناؤ۔“ 22قاضیوں کے زمانہ میں جنہوں نے بنی اِسرائیل کی قیادت کی اَور شاہانِ بنی اِسرائیل اَور یہُوداہؔ کے تمام بادشاہوں کے ایّام میں اَیسی عیدِفسح کبھی نہیں منائی گئی تھی۔ 23لیکن یُوشیاہؔ بادشاہ کے دَورِ حُکومت کے اٹھّارہویں سال میں یَاہوِہ کے لیٔے یہ عیدِفسح یروشلیمؔ میں منائی گئی۔
24اِس کے علاوہ یُوشیاہؔ نے جادُوگروں اَور اَرواح پرستوں، خانگی معبُودوں، بُتوں اَور ساری مکرُوہ چیزوں کو جو یہُودیؔہ اَور یروشلیمؔ میں جہاں کہیں نظر آئیں اُنہیں یُوشیاہؔ نے اِس خیالات سے نِیست و نابود کر دیا کہ وہ آئین کے اُن تقاضوں کو جو اُس کِتاب میں درج تھیں اُن کی تصدیق کر سکے جو خِلقیاہؔ کاہِنؔ کو یَاہوِہ کے بیت المُقدّس میں مِلی تھی۔ 25یُوشیاہؔ کی مانند نہ تو اُس سے پیشتر اَور نہ ہی اُس کے بعد میں اَیسا کوئی بھی بادشاہ پیدا ہُوا، جو اَپنے سارے دِل اَور اَپنی ساری جان اَور اَپنے سارے طاقت سے مَوشہ کے تمام آئین کے مُطابق یَاہوِہ کی طرف رُجُوع لایا ہو۔
26تاہم یَاہوِہ کا قہر شدید جو یہُوداہؔ پر بھڑکا تھا ٹھنڈا نہیں ہُوا کیونکہ منشّہ نے اَپنی ساری بدکاریوں سے یَاہوِہ کے غضب کو بھڑکا دیا تھا۔ 27لہٰذا یَاہوِہ نے فرمایا، ”میں یہُوداہؔ کو بھی اَپنی حُضُوری سے دُور کر دُوں گا جَیسے مَیں نے بنی اِسرائیل کو دُور کر دیا ہے۔ اَور مَیں اِس شہر کو بھی ترک کر دُوں گا، جسے مَیں نے خُود مُنتخب کیا ہے یعنی یروشلیمؔ کے اُس بیت المُقدّس کو بھی جِس کی بابت مَیں نے اعلان کیا تھ، ’میرا نام وہاں قائِم رہے گا۔‘ “
28کیا یُوشیاہؔ کے دَورِ حُکومت کے دیگر واقعات اَور اُس کے سارے کارنامے یہُوداہؔ کے بادشاہوں کی تواریخ کی کِتاب میں درج نہیں ہے؟
29یُوشیاہؔ بادشاہ کے ایّام سلطنت میں شاہِ مِصر فَرعوہؔ، نِکوہؔ شاہِ اشُور کی مدد کرنے کے لیٔے دریائے فراتؔ کو گیا۔ اَور یُوشیاہؔ بادشاہ جنگ میں اُس کا مُقابلہ کرنے کے لیٔے نِکلا لیکن نِکوہؔ نے مگِدّوؔ میں اُسے دیکھتے ہی قتل کر دیا۔ 30اَور یُوشیاہؔ کے مُلازم اُس کی لاش کو ایک رتھ میں مگِدّوؔ سے یروشلیمؔ لے گیٔے اَور اُسے اُس کی اَپنی ہی قبر میں دفن کر دیا اَور مُلک کے لوگوں نے یُوشیاہؔ کے بیٹے یہُوآحازؔ کو لے کر مَسح کیا اَور اُسے اُس کے باپ کی جگہ بادشاہ مُقرّر کر دیا۔
شاہِ یہُودیؔہ یہُوآحازؔ
31یہُوآحازؔ تئیس سال کا تھا جَب وہ بادشاہ بنا۔ اَور اُس نے یروشلیمؔ میں تین مہینے حُکمرانی کی۔ اُس کی ماں کا نام حمُوطلؔ تھا جو لِبناہؔ شہر کے باشِندے یرمیاہؔ کی بیٹی تھی۔ 32یہُوآحازؔ نے بھی اَپنے آباؤاَجداد کی مانند وُہی کیا جو یَاہوِہ کی نظر میں بُرا تھا۔ 33اَور فَرعوہؔ نِکوہؔ نے اُسے مُلک حماتؔ کے رِبلہؔ شہر میں قَید کر دیا تاکہ وہ یروشلیمؔ میں سلطنت نہ کر سکے اَور یہُوداہؔ کے مُلک پر ایک سَو تالنت#23:33 ایک سَو تالنت تقریباً تین ہزار چار سو کِلو چاندی اَور ایک تالنت سونا#23:33 ایک تالنت سونا تقریباً چونتیس کِلو خراج کے طور پر مُقرّر کر دیا۔ 34فَرعوہؔ نِکوہؔ نے یُوشیاہؔ کے بیٹے اِلیاقیؔم کو اُس کے باپ یُوشیاہؔ کی جگہ بادشاہ بنایا اَور اُس کا نام بدل کر یہُویقیمؔ رکھ دیا۔ لیکن وہ یہُوآحازؔ کو اسیر کرکے مِصر لے گیا جہاں اُس نے وفات پائی۔ 35یہُویقیمؔ نے فَرعوہؔ نِکوہؔ کو وہ چاندی اَور سونا تحفہ میں تو بھجوا دیا جِس کا اُس نے مطالبہ کیا تھا۔ مگر اِس وجہ سے اُس نے مُلک پر محصُول لگا دیا کہ فَرعوہؔ کے حُکم کے مُطابق اُسے وہ رقم مُہیّا کرائے۔ اِس لئے اُس نے اَپنے ہی شُمار کے مُطابق لوگوں سے مُقرّرہ مقدار جبراً چاندی اَور سونا وصول کرنے لگا۔
شاہِ یہُودیؔہ یہُویقیمؔ
36یہُویقیمؔ پچّیس سال کا تھا جَب وہ بادشاہ بنا اَور اُس نے گیارہ سال تک یروشلیمؔ پر حُکمرانی کی۔ اُس کی ماں کا نام زیبِدہؔ تھا جو روماہؔ کے باشِندے پِدائیاہؔ کی بیٹی تھی۔ 37اَور یہُویقیمؔ نے بھی اَپنے آباؤاَجداد کی مانند وُہی کیا جو یَاہوِہ کی نظر میں بُرا تھا۔
موجودہ انتخاب:
2 سلاطین 23: UCV
سرخی
شئیر
کاپی
![None](/_next/image?url=https%3A%2F%2Fimageproxy.youversionapi.com%2F58%2Fhttps%3A%2F%2Fweb-assets.youversion.com%2Fapp-icons%2Fur.png&w=128&q=75)
کیا آپ جاہتے ہیں کہ آپ کی سرکیاں آپ کی devices پر محفوظ ہوں؟ Sign up or sign in
اُردو ہم عصر ترجُمہ™، کِتاب مُقدّس
حق اِشاعت © 1999، 2005، 2022، 2024 Biblica, Inc.
کی اِجازت سے اِستعمال کیا جاتا ہے۔
دُنیا بھر میں تمام حق محفوظ۔
Holy Bible, Urdu Contemporary Version™
Copyright © 1999, 2005, 2022, 2024 by Biblica, Inc.
Used with permission.
All rights reserved worldwide.