2 سلاطین 24
24
1یہُویقیمؔ کے دَورِ حُکومت میں شاہِ بابیل نبوکدنضرؔ نے مُلک پر حملہ کیا اَور یہُویقیمؔ تین سال تک اُس کا جاگیردار بنا رہا۔ لیکن بعد میں اُس نے اَپنی اِطاعت سے منحرف ہوکر نبوکدنضرؔ کے خِلاف بغاوت کر دی۔ 2اَور یَاہوِہ نے کَسدی، ارامی، مُوآبی اَور عمُّونی مال غنیمت لُوٹنے والے دستے بھیجے تاکہ یہ یہُوداہؔ کو ہلاک کر دیں، یہ یَاہوِہ کے اُس کلام کے مُطابق ہُوا تھا جو اُنہُوں نے اَپنے خادِموں، نبیوں کی مَعرفت اعلان کیا تھا۔ 3بے شک یہ باتیں یہُوداہؔ کے ساتھ یَاہوِہ کے حُکم کے مُطابق ہُوئیں تاکہ منشّہ کے گُناہوں اَور اِس کے کئے ہُوئے تمام کاموں کی وجہ سے اُنہیں اِس کی حُضُوری سے دُور کیا جا سکے۔ 4منشّہ کا ایک گُناہ یہ بھی تھا کہ اُس نے بے قُصُوروں کا خُون بہایا تھا اَور سارے یروشلیمؔ کو اُن کے خُون سے بھر دیا تھا۔ لہٰذا یَاہوِہ اُسے مُعاف کرنا نہیں چاہتے تھے۔
5کیا یہُویقیمؔ کے دَورِ حُکومت کے دیگر واقعات اَور اُس کے سارے کارنامے یہُوداہؔ کے بادشاہوں کی تواریخ کی کِتاب میں درج نہیں ہے؟ 6اَور یہُویقیمؔ اَپنے آباؤاَجداد کے ساتھ سو گیا اَور اُس کا بیٹا یہُویاکینؔ اُس کی جگہ پر بادشاہ بنا۔
7شاہِ مِصر پھر کبھی اَپنے مُلک سے باہر نہ نِکلا کیونکہ شاہِ بابیل نے وادی مِصر سے لے کر دریائے فراتؔ تک اُس کا تمام علاقہ اَپنے قبضہ میں کر لیا تھا۔
شاہِ یہُودیؔہ یہُویاکینؔ
8یہُویاکینؔ اٹھّارہ سال کا تھا جَب وہ بادشاہ بنا اَور اُس نے یروشلیمؔ میں تین ماہ حُکمرانی کی۔ اُس کی ماں کا نام نحُشتاؔ تھا جو یروشلیمؔ کے باشِندے الناتھانؔ کی بیٹی تھی۔ 9اُس نے اَپنے آباؤاَجداد کی مانند وُہی کیا جو یَاہوِہ کی نظر میں بُرا تھا۔
10اُس کے دَورِ حُکومت میں شاہِ بابیل نبوکدنضرؔ کے فَوجی اعلیٰ افسران نے یروشلیمؔ پر حملہ کرکے شہر کا محاصرہ کر لیا۔ 11اَور جَب شہر کا محاصرہ جاری تھا تو شاہِ بابیل نبوکدنضرؔ خُود بھی وہاں آیا۔ 12تَب شاہِ یہُودیؔہ یہُویاکینؔ نے اَپنی ماں، اَپنے مُلازمین، اُمرا اَور اہلکاروں کے ساتھ خُود کو بھی اُس کے تابع کر دیا۔
اَور شاہِ بابیل نے اَپنی سلطنت کے آٹھویں سال میں یہُویاکینؔ کو گِرفتار کر لیا۔ 13تَب نبوکدنضرؔ نے یَاہوِہ کے کلام کے مُطابق یَاہوِہ کے بیت المُقدّس اَور شاہی محل کے سارے خزانے وہاں سے نکال کر اَپنے ساتھ لے گیا۔ اُس نے سونے کے ظروف بھی اَپنے قبضہ میں لے لیٔے جنہیں شاہِ اِسرائیل شُلومونؔ نے یَاہوِہ کے بیت المُقدّس کے لیٔے بنوایا تھا۔ 14اَور نبوکدنضرؔ نے اَپنے ساتھ پُورے یروشلیمؔ کو یعنی تمام سرداروں اَور جنگجو مَردوں، تمام دستکاروں اَور کاریگروں کو جِن کا شُمار مِلا کر دس ہزار تھا اُنہیں اسیر کرکے لے گیا۔ چنانچہ مُلک میں صرف کنگالوں کے سِوا اَور کویٔی باقی نہ رہا۔
15نبوکدنضرؔ یہُویاکینؔ کو اسیر کرکے بابیل لے گیا۔ وہ بادشاہ کی ماں، اُس کی بیویوں، اُس کے خواجہ سراؤں اَور مُلک کے اُمرا کو بھی یروشلیمؔ سے بابیل لے گیا۔ 16اَور شاہِ بابیل نے سات ہزار جنگجو مَردوں کو اَور ایک ہزار دستکاروں ہُنرمند کارکن اَور کاریگر کو بھی اسیر کرکے بابیل لے گیا۔ 17اُس شاہِ بابیل نے یہُویاکینؔ کے چچا متّنیاہؔ کو اُس کی جگہ بادشاہ بنا دیا اَور اُس کا نام بدل کر صِدقیاہؔ رکھ دیا۔
شاہِ یہُودیؔہ صِدقیاہؔ
18جَب صِدقیاہؔ بادشاہ بنا، تَب وہ اکّیس سال کا تھا اَور اُس نے گیارہ سال تک یروشلیمؔ پر حُکمرانی کی۔ اُس کی ماں کا نام حمُوطلؔ تھا جو لِبناہؔ شہر کے باشِندے یرمیاہؔ کی بیٹی تھی۔ 19اُس نے بھی یہُویقیمؔ کی مانند وُہی کیا جو یَاہوِہ کی نظر میں بُرا تھا 20یَاہوِہ کے غضب کی بنا پر یروشلیمؔ اَور یہُودیؔہ کا یہ حال ہُوا اَور آخِرکار یَاہوِہ نے اُنہیں اَپنے سامنے سے دُور ہی کر دیا۔ اَور صِدقیاہؔ نے شاہِ بابیل کے خِلاف بغاوت کر دی تھی۔
یروشلیمؔ کا زوال
پھر بعد میں صِدقیاہؔ نے بھی شاہِ بابیل کے خِلاف بغاوت کر دی۔
موجودہ انتخاب:
2 سلاطین 24: UCV
سرخی
شئیر
کاپی

کیا آپ جاہتے ہیں کہ آپ کی سرکیاں آپ کی devices پر محفوظ ہوں؟ Sign up or sign in
اُردو ہم عصر ترجُمہ™، کِتاب مُقدّس
حق اِشاعت © 1999، 2005، 2022، 2024 Biblica, Inc.
کی اِجازت سے اِستعمال کیا جاتا ہے۔
دُنیا بھر میں تمام حق محفوظ۔
Holy Bible, Urdu Contemporary Version™
Copyright © 1999, 2005, 2022, 2024 by Biblica, Inc.
Used with permission.
All rights reserved worldwide.