2 سلاطین 22
22
کِتاب تورہ کا مِلنا
1یُوشیاہؔ آٹھ سال کا تھا جَب وہ بادشاہ بنا اَور اُس نے یروشلیمؔ میں اِکتیس سال حُکمرانی کی۔ اُس کی ماں کا نام یدِیداہؔ تھا جو عدایاہؔ کی بیٹی تھی اَور بُصقتؔ کی باشِندہ تھی۔ 2اُس نے وُہی کیا جو یَاہوِہ کی نظر میں دُرست تھا اَور اَپنے آباؤاَجداد داویؔد کی سَب راہوں پر چلا اَور اُس سے نہ تو داہنی یا بائیں طرف مُڑا۔
3بادشاہ یُوشیاہؔ نے اَپنی حُکمرانی کے اٹھّارہویں سال میں اَپنے مُنشی شافانؔ بِن اصلیاہؔ بِن مِشُلّامؔ کو یَاہوِہ کے بیت المُقدّس میں یہ کہہ کر بھیجا: 4”خِلقیاہؔ اعلیٰ کاہِن کے پاس جاؤ تاکہ وہ اُس نقدی کو گنے جو یَاہوِہ کے بیت المُقدّس میں لائی گئی ہے اَور جسے دربانوں نے عوام سے لے کر جمع کیا ہے۔ 5اَور یہ رقم اُن آدمیوں کے حوالہ کر دی جائے جو بیت المُقدّس کی مرمّت کے کام کی نِگرانی پر مامُور ہیں تاکہ وہ اُن کاریگروں کو مُہیّا کرایٔیں جو یَاہوِہ کے بیت المُقدّس کی مرمّت کا کام کر رہے ہیں۔ 6یعنی بڑھئیوں، مِعماروں اَور سنگ تراشوں کو ادائیگی کریں اَور اَیسا بندوبست کرنا کہ وہ بیت المُقدّس کی مرمّت کرنے کے لیٔے لکڑی اَور تراشا ہُوا پتّھر خرید لیں۔ 7لیکن تعمیر کرانے والوں سے اُس نقدی کا جو اُنہیں سُپرد کی جائے حِساب لینے کی ضروُرت نہیں کیونکہ وہ راستی سے کام کر رہے ہیں۔“
8خِلقیاہؔ اعلیٰ کاہِن نے شافانؔ مُنشی کو اِطّلاع دی، ”مُجھے یَاہوِہ کے بیت المُقدّس میں کِتاب تورہ مِلی ہے اَور اُس نے وہ کِتاب شافانؔ کو دے دی۔“ اَور وہ اُسے پڑھنے لگا۔ 9اَور پھر شافانؔ مُنشی نے بادشاہ کے پاس جا کر اُنہیں اِطّلاع دی: ”آپ کے خادِموں نے وہ ساری نقدی جو یَاہوِہ کے بیت المُقدّس میں مِلی تھی، اُسے لے کر آپ کے منصبداروں اَور کاریگروں کے ہاتھ میں سُپرد کر دی ہے جنہیں یَاہوِہ کے بیت المُقدّس کی مرمّت کا نِگراں مُقرّر کیا ہے۔“ 10اِس کے بعد شافانؔ مُنشی نے بادشاہ کو یہ بھی خبر دی، ”خِلقیاہؔ کاہِنؔ نے مُجھے ایک کِتاب دی ہے۔“ اَور شافانؔ نے اُسے بادشاہ کے حُضُور پڑھ کر سُنایا۔
11جَب بادشاہ نے کِتاب تورہ کی باتیں سُنیں تو اُنہُوں نے اَپنے کپڑے پھاڑ دئیے۔ 12اَور خِلقیاہؔ کاہِنؔ، احیقامؔ بِن شافانؔ، عکبورؔ بِن میکایاہؔ، شافانؔ مُنشی اَور بادشاہ کے خادِم عسایاہؔ کو یہ حُکم دیا: 13”اِس کِتاب میں ہماری بابت جو لِکھا ہے، اُس کے بارے میں، میری طرف سے، عوام کی طرف سے، اَور سارے یہُوداہؔ کی طرف سے بیت المُقدّس میں جا کر یَاہوِہ کی مرضی دریافت کرو۔ کیونکہ یَاہوِہ کا بڑا غضب ہم پر اِسی سبب سے نازل ہُواہے؛ کیونکہ ہمارے آباؤاَجداد نے اِس کِتاب میں درج حُکموں کی تعمیل نہ کی اَورجو کچھ اِس میں ہمارے لئے لِکھا ہے اُس کے مُطابق عَمل نہیں کیا۔“
14تَب خِلقیاہؔ کاہِنؔ، احیقامؔ، عکبورؔ، شافانؔ اَور عسایاہؔ مِل کر حُلدہؔ نبیّہ سے مشورہ کرنے اُس کے پاس گیٔے، جو توشہ خانہ کے داروغہ شلُّومؔ بِن تِقوہؔ کی بیوی تھی، جو ہرحاسؔ کے بیٹے، وہ یروشلیمؔ کے نئے محلّہ میں رہتی تھی۔
15حُلدہؔ نبیّہ نے اُنہیں جَواب دیا، ”یَاہوِہ، بنی اِسرائیل کے خُدا کا یہ فرمان ہے: جِس شخص نے تُمہیں میرے پاس بھیجا ہے اُس سے یہ کہنا، 16’یَاہوِہ یُوں فرماتے ہیں کہ اِس کِتاب کی اُن سَب باتوں کے مُطابق جنہیں شاہِ یہُودیؔہ نے پڑھا ہے، میں اِس مُلک پر اَور اِس کے سَب باشِندوں پر بَلائیں نازل کرنے والا ہُوں۔ 17کیونکہ اُنہُوں نے مُجھے ترک کر دیا ہے اَور غَیر معبُودوں کے آگے بخُور جَلایا اَور اَپنے ہاتھوں سے تعمیر کی ہوئی تمام چیزوں سے مُجھے غُصّہ دِلایا ہے۔ لہٰذا میرا قہر اِس مقام پر بھڑکے گا اَور ٹھنڈا نہ ہوگا۔‘ 18لیکن تُم شاہِ یہُودیؔہ سے جِس نے تُمہیں یَاہوِہ سے دریافت کرنے کے لیٔے بھیجا ہے کہنا: ’جو کلام تُم نے سُنا ہے اُس کے متعلّق، یَاہوِہ، بنی اِسرائیل کے خُدا کا یہ فرمان ہے: 19کیونکہ تمہارا دِل حلیم ہے، اَور تُم نے خُود کو یَاہوِہ کے حُضُور حلیم کیا ہے، جَب تُم نے وہ بات سُنی جو مَیں نے اِس مقام اَور اِس کے باشِندوں کے متعلّق کہا ہے کہ وہ لعنتی ٹھہریں گے اَور تباہ کر دئیے جایٔیں گے، تو تُم نے اَپنے کپڑے پھاڑے اَور تُم نے میرے حُضُور ماتم کیا ہے۔ لہٰذا یہ یَاہوِہ کا پیغام ہے کہ مَیں نے بھی تمہاری فریاد سُن لی ہے۔ 20چنانچہ سُنو! میں تُمہیں تمہارے آباؤاَجداد کے ساتھ مِلا دُوں گا اَور تُم سلامتی کے ساتھ قبر میں اُتارے جاؤگے اَور تمہاری آنکھیں اُس تمام آفت کو نہ دیکھ پائیں گی جو میں اِس جگہ پر اَور یہاں کے باشِندوں پر لانے والا ہُوں۔‘ “
تَب اُنہُوں نے لَوٹ کر بادشاہ کو حُلدہؔ نبیّہ کا یہ پیغام سُنایا۔
موجودہ انتخاب:
2 سلاطین 22: UCV
سرخی
شئیر
کاپی
کیا آپ جاہتے ہیں کہ آپ کی سرکیاں آپ کی devices پر محفوظ ہوں؟ Sign up or sign in
اُردو ہم عصر ترجُمہ™، کِتاب مُقدّس
حق اِشاعت © 1999، 2005، 2022، 2024 Biblica, Inc.
کی اِجازت سے اِستعمال کیا جاتا ہے۔
دُنیا بھر میں تمام حق محفوظ۔
Holy Bible, Urdu Contemporary Version™
Copyright © 1999, 2005, 2022, 2024 by Biblica, Inc.
Used with permission.
All rights reserved worldwide.