2 سلاطین 21
21
شاہِ یہُودیؔہ منشّہ
1منشّہ بَارہ سال کا تھا جَب وہ بادشاہ بنا اَور اُس نے یروشلیمؔ میں پچپن سال حُکمرانی کی۔ اُس کی ماں کا نام حِپضیباہؔ تھا۔ 2اُس نے وُہی کیا جو یَاہوِہ کی نظر میں بُرا تھا؛ اُس نے اُن قوموں کے مکرُوہ دستوروں کی پیروی کی جنہیں یَاہوِہ نے بنی اِسرائیل کے سامنے سے کھدیڑ دیا تھا۔ 3کیونکہ اُس نے اُن اُونچے مقامات کو جنہیں اُس کے باپ حِزقیاہؔ نے مِسمار کر دیا تھا دوبارہ تعمیر کروایٔے، اَور شاہِ اِسرائیل احابؔ کی مانند بَعل کے لیٔے مذبحے تعمیر کروائے اَور اشیراہؔ کا سُتون بنوایا، وہ آسمانی سِتاروں اَور اُن کے لشکر کو سَجدہ اَور پرستش کرتا تھا۔ 4اَور اُس نے یَاہوِہ کے بیت المُقدّس میں تمام غَیر معبُودوں کے مذبحے تعمیر کروایٔے جِس کی بابت یَاہوِہ نے فرمایا تھا، ”کہ میں یروشلیمؔ میں اَپنا نام قائِم کروں گا۔“ 5اَور یَاہوِہ کے بیت المُقدّس کے دونوں صحنوں میں اُس نے تمام اجرامِ فلکی کے لیٔے مذبحے بنائے 6منشّہ نے اَپنے ہی بیٹے کی آتِشی قُربانی گزرانی۔ وہ جادُوگری، فالگیری اَور مُردوں سے مشورہ اَور اَرواح پرست بَن گیا تھا اَور اُس نے یَاہوِہ کی نظر میں نہایت بدی کی اَور اُن کے قہر شدید کو بھڑکا دیا تھا۔
7منشّہ نے اُس اشیراہؔ دیوی کے ڈھالے ہوئے بُت کو بیت المُقدّس میں نصب کر دیا، جِس کی بابت یَاہوِہ نے داویؔد اَور اُن کے بیٹے شُلومونؔ سے فرمایا تھا، ”میں اِس گھر میں اَور یروشلیمؔ میں جسے مَیں نے بنی اِسرائیل کے سَب قبیلوں میں سے مُنتخب کیا ہے، میں اَپنا نام اَبد تک قائِم رکھوں گا۔ 8اَور اِس کے علاوہ میں بنی اِسرائیل کے قدموں کو اِس مُلک سے باہر ہرگز آوارہ پھرنے نہ دوں گا جسے مَیں نے اُن کے آباؤاَجداد کو عطا فرمایا تھا بشرطیکہ وہ آئین کی اُن سَب باتوں کو جِن کا مَیں نے اُنہیں حُکم دیا ہے یعنی تمام آئین پرجو میرے خادِم مَوشہ نے اُنہیں عطا کئے بڑی احتیاط سے عَمل کریں۔“ 9مگر بنی اِسرائیل نے اُن پر عَمل نہ کیا اَور منشّہ نے بھی اُنہیں اِس قدر گُمراہ کر دیا کہ اُنہُوں نے اُن غَیر قوموں کی بہ نِسبت زِیادہ بدی کی جنہیں یَاہوِہ نے بنی اِسرائیل کے سامنے سے نِیست و نابود کر دیا تھا۔
10لہٰذا یَاہوِہ نے اَپنے خادِموں اَور نبیوں کی مَعرفت یُوں فرمایا: 11”چونکہ شاہِ یہُودیؔہ منشّہ نے یہ مکرُوہ کام کئے ہیں اَور اُس نے اُن امُوریوں سے بھی زِیادہ بدی کی ہے جو اُس سے پہلے مَوجُود تھے اَور اَپنے بُتوں کی پرستش کروا کے یہُوداہؔ سے بھی گُناہ کروایاہے۔ 12اِس لیٔے یَاہوِہ، بنی اِسرائیل کے خُدا کا یہ فرمان ہے: میں یروشلیمؔ پر اَور یہُوداہؔ پر اَیسی مُصیبت لاؤں گا کہ جو بھی اُس کے بارے میں سُنے گا اُس کے کان جھنجھنا جائیں گے۔ 13مَیں یروشلیمؔ پر سامریہؔ کی طرح ایک پیمائشی جریب اَور احابؔ کے خاندان کی طرح ساہول کا اِستعمال کروں گا۔ مَیں یروشلیمؔ کو اِس طرح مٹا دوں گا جَیسے برتن کو پونچھ دیا جاتا ہے، مَیں اِسے پونچھ کر اُلٹا کر دوں گا۔ 14اَور مَیں اَپنی مِیراث کے باقی بچے ہُوئے لوگوں کو ترک کرکے اُنہیں اُن کے دُشمنوں کے حوالہ کر دُوں گا اَور وہ اَپنے سَب دُشمنوں کے لئے لُوٹ اَور شِکار بَن جائیں گے۔ 15کیونکہ اُنہُوں نے وُہی کیا ہے جو میری نظر میں بُرا ہے، اَور اَیسا کرکے اُنہُوں نے میرے قہر شدید کو بھڑکا دیا ہے، اَیسی حرکت وہ جَب سے اُن کے آباؤاَجداد مِصر سے نکلے ہیں تَب سے لے کر آج کے دِن تک کرتے آ رہے ہیں۔“
16اُس گُناہ کے علاوہ جو منشّہ نے یہُوداہؔ سے کروایا تھا جو یَاہوِہ کی نظر میں بُرا تھا، منشّہ نے بے شُمار بے قُصُوروں کا قتل عام کروایا کہ سارا یروشلیمؔ ایک سِرے سے لے کر دُوسرے سِرے تک خُون سے بھر گیا۔
17منشّہ کے دَورِ حُکومت کے دیگر واقعات اَور اُس کے سارے کارنامے اَور وہ گُناہ جِس کا وہ مُرتکب ہُوا، کیا وہ یہُوداہؔ کے بادشاہوں کی تواریخ کی کِتاب میں درج نہیں ہے؟ 18اَور منشّہ اَپنے آباؤاَجداد کے ساتھ سو گیا اَور اَپنے اُس محل کے باغ میں جو عُزّاؔ کے باغ میں ہے دفن کیا گیا۔ اَور اُس کی جگہ پر اُس کا بیٹا امُونؔ بادشاہ بنا۔
شاہِ یہُودیؔہ امُونؔ
19امُونؔ بائیس سال کا تھا جَب وہ بادشاہ بنا اَور اُس نے یروشلیمؔ میں دو سال حُکمرانی کی۔ اُس کی ماں کا نام میسُلّیمِتؔ تھا جو یُوطبہؔ شہر کی باشِندہ اَور حروصؔ کی بیٹی تھی۔ 20اَور اُس نے اَپنے باپ منشّہ کی طرح وُہی کیا جو یَاہوِہ کی نظر میں بُرا تھا۔ 21اَور وہ پُوری طرح اَپنے باپ کے نقش قدم پر چلا۔ اُس نے اُن بُتوں کی پرستش اَور سَجدہ کیا جِن کی پرستش اَور سَجدہ اُس کا باپ کیا کرتا تھا۔ 22اَور اِس طرح اُس نے اَپنے آباؤاَجداد کے خُدا یَاہوِہ کو ترک کر دیا اَور اُن کی راہ پر نہ چلا۔
23امُونؔ کے منصبداروں نے اُس کے خِلاف سازش کی اَور بادشاہ کو اُس کے محل میں قتل کر دیا۔ 24تَب مُلک کی عوام نے اُن تمام لوگوں کو قتل کر دیا، جنہوں نے امُونؔ بادشاہ کے خِلاف سازش کی تھی اَور اُس کے بیٹے یُوشیاہؔ کو اُس کی جگہ بادشاہ بنایا۔
25کیا امُونؔ کے دَورِ حُکومت کے دیگر واقعات اَور اُس کے کارنامے یہُوداہؔ کے بادشاہوں کی تواریخ کی کِتاب میں درج نہیں ہے؟ 26اُسے عُزّاؔ کے باغ میں اُس کی قبر میں دفن کیا گیا اَور یُوشیاہؔ اُس کا بیٹا اُس کی جگہ پر بادشاہ بنا۔
موجودہ انتخاب:
2 سلاطین 21: UCV
سرخی
شئیر
کاپی

کیا آپ جاہتے ہیں کہ آپ کی سرکیاں آپ کی devices پر محفوظ ہوں؟ Sign up or sign in
اُردو ہم عصر ترجُمہ™، کِتاب مُقدّس
حق اِشاعت © 1999، 2005، 2022، 2024 Biblica, Inc.
کی اِجازت سے اِستعمال کیا جاتا ہے۔
دُنیا بھر میں تمام حق محفوظ۔
Holy Bible, Urdu Contemporary Version™
Copyright © 1999, 2005, 2022, 2024 by Biblica, Inc.
Used with permission.
All rights reserved worldwide.