2 سلاطین 20
20
حِزقیاہؔ کی بیماری
1اُن دِنوں حِزقیاہؔ بیمار ہو گیا یہاں تک کہ مرنے کی نَوبَت آ گئی۔ تَب یَشعیاہ بِن آموصؔ نبی اُن سے مُلاقات کرنے آئے اَور حِزقیاہؔ سے فرمایا، ”یَاہوِہ یُوں فرماتے ہیں کہ تُم اَپنے گھرانے کو سیدھا کرو کیونکہ تُم مرنے والے ہو اَور اِس بیماری سے شفایاب ہونا ممکن نہیں ہے۔“
2تَب یہ سُن کر حِزقیاہؔ نے اَپنا مُنہ دیوار کی طرف کرکے یَاہوِہ سے یہ دعا کی، 3”اَے یَاہوِہ یاد فرمائیں کہ مَیں آپ کے حُضُور مُکمّل جان نثاری اَور پُوری وفاداری سے چلتا رہا ہُوں اَور مَیں نے وُہی کیا ہے جو آپ کی نظروں میں دُرست ہے۔“ اَور تَب حِزقیاہؔ زار زار رونے لگا۔
4یَشعیاہ کے محل درمیانی صحن سے باہر نکلنے سے پیشتر ہی، یَاہوِہ کا کلام اُن پر نازل ہُوا کہ: 5”واپس جا کر میری قوم کے رہنما حِزقیاہؔ سے فرما، ’یَاہوِہ تمہارے آباؤاَجداد داویؔد کے خُدا یُوں فرماتے ہیں، مَیں نے تمہاری دعا سُن لی ہے اَور مَیں نے تمہارے آنسُو دیکھے ہیں۔ مَیں تُمہیں شفا بخشوں گا اَور آج سے تین دِن کے بعد تُم یَاہوِہ کے بیت المُقدّس میں جاؤگے۔ 6اَور مَیں تمہاری عمر پندرہ بَرس اَور بڑھا دُوں گا اَور تُمہیں اَور اِس شہر کو شاہِ اشُور کے اِختیار سے آزاد کر دُوں گا۔ میں اَپنے جلال کی خاطِر اَور اَپنے خادِم داویؔد کی خاطِر اِس شہر کی حِفاظت کروں گا۔‘ “
7تَب یَشعیاہ نے حِزقیاہؔ کے خادِموں کو حُکم دیا، ”سُوکھنے اَنجیر کی ایک ٹکیا تیّار کرکے لاؤ۔“ تَب اُنہُوں نے وَیسا ہی کیا اَور اُسے بادشاہ کے پھوڑے پر باندھ دیا۔ تَب وہ شفایاب ہو گیا۔
8حِزقیاہؔ نے یَشعیاہ سے دریافت کیا تھا کہ، ”اِس کا کیا نِشان ہوگا کہ یَاہوِہ مُجھے شفا بخشیں گے اَور مَیں اَب سے تیسرے دِن بعد یَاہوِہ کے بیت المُقدّس میں جاؤں گا۔“
9یَشعیاہ نے جَواب دیا، ”یَاہوِہ کے وعدہ پُورا ہونے کا یہ نِشان ہوگا، کیا سایہ یا تو دس قدم آگے بڑھ جائے گا، یا دس قدم پیچھے ہو جائے گا؟“
10حِزقیاہؔ نے حُکم دیا، ”سایہ کا دس قدم آگے جانا تو مَعمولی سِی بات ہے۔ بہتر تو یہ ہے کہ سایہ دس قدم پیچھے ہو جائے۔“
11تَب یَشعیاہ نبی نے یَاہوِہ سے دعا کی اَور یَاہوِہ نے اُس سایہ کو جو آحازؔ کی دھوپ گھڑی میں دس قدم ڈھل چُکاتھا، وہ دس قدم پیچھے چلا گیا۔
بابیل سے قاصِدوں کی آمد
12اُس وقت شاہِ بابیل مرُودکؔ بلادانؔ بِن بلادانؔ نے حِزقیاہؔ کے پاس خُطوط اَور تحفے بھیجے کیونکہ اُس نے حِزقیاہؔ کی بیماری کی خبر سُنی تھی۔ 13حِزقیاہؔ نے سفیروں کا اِستِقبال کیا اَورجو کچھ اُس کے گوداموں میں تھا یعنی چاندی، سونا، مَسالہ اَور نفیس عطر اَور اَپنا اسلحہ خانہ اَورجو کچھ اُس کے خزانوں میں مَوجُود تھا اُنہیں دِکھایا۔ اَور اُس کے محل میں یا اُس کی تمام مملکت میں کویٔی چیز اَیسی نہ تھی جو حِزقیاہؔ نے اُنہیں نہ دِکھائی ہو۔
14تَب یَشعیاہ نبی نے حِزقیاہؔ بادشاہ کے پاس جا کر پُوچھا، ”اُن لوگوں نے کیا کہا اَور وہ کہاں سے آئےتھے؟“
حِزقیاہؔ نے جَواب دیا، ”وہ دُور کے مُلک، بابیل سے میرے پاس آئےتھے۔“
15تَب نبی نے پُوچھا، ”اُنہُوں نے آپ کے محل میں کیا کیا دیکھا؟“
حِزقیاہؔ نے کہا، ”اُنہُوں نے وہ سَب کچھ دیکھا جو میرے محل میں ہے۔ میرے خزانوں میں اَیسی کویٔی شَے نہیں جو مَیں نے اُنہیں نہیں دِکھائی۔“
16تَب یہ سُن کر یَشعیاہ نے حِزقیاہؔ سے فرمایا، ”یَاہوِہ کا کلام سُنو، 17یَاہوِہ فرماتے ہیں کہ وہ دِن یقیناً آنے والے ہیں، جَب تمہارے محل کی ہر ایک چیز اَور سَب کچھ جو تمہارے آباؤاَجداد نے آج تک جمع کیا ہے، بابیل کو لے جایا جائے گا اَور یہاں کچھ بھی باقی نہ رہ جائے گا۔ 18اَور تمہارے بیٹوں میں سے بعض کو جو تمہارے اَپنے گوشت اَور خُون ہیں اُنہیں اسیری میں لے جایا جائے گا اَور اُنہیں شاہِ بابیل کے محل کے خواجہ سرا بنا دیا جائے گا۔“
19تَب حِزقیاہؔ نے یَشعیاہ کو جَواب دیا، ”یَاہوِہ کا کلام جو آپ نے سُنایا بھلا ہی ہے،“ کیونکہ اُس نے سوچا، ”جَب تک میں زندہ ہُوں تَب تک اَمن و سلامتی قائِم رہے گی۔“
20اَور حِزقیاہؔ کے دَورِ حُکومت کے دیگر واقعات اَور اُس کے کارنامے اَور یہ کہ اُس نے کس طرح تالاب اَور سُرنگ کی تعمیر کرائی، جِس کے ذریعہ شہر کے اَندر پانی لایا گیا، کیا وہ یہُوداہؔ کے بادشاہوں کی کِتاب میں درج نہیں ہے؟ 21حِزقیاہؔ اَپنے آباؤاَجداد کے ساتھ سو گیا اَور اُس کی جگہ پر اُس کا بیٹا منشّہ بادشاہ بنا۔
موجودہ انتخاب:
2 سلاطین 20: UCV
سرخی
شئیر
کاپی
کیا آپ جاہتے ہیں کہ آپ کی سرکیاں آپ کی devices پر محفوظ ہوں؟ Sign up or sign in
اُردو ہم عصر ترجُمہ™، کِتاب مُقدّس
حق اِشاعت © 1999، 2005، 2022، 2024 Biblica, Inc.
کی اِجازت سے اِستعمال کیا جاتا ہے۔
دُنیا بھر میں تمام حق محفوظ۔
Holy Bible, Urdu Contemporary Version™
Copyright © 1999, 2005, 2022, 2024 by Biblica, Inc.
Used with permission.
All rights reserved worldwide.