YouVersion Logo
تلاش

2 سلاطین 13

13
شاہِ اِسرائیل یہُوآحازؔ
1شاہِ یہُودیؔہ احزیاہؔ بِن یُوآشؔ کے دَورِ حُکومت کے تئیسویں سال میں یہُوآحازؔ بِن یِہُو سامریہؔ میں اِسرائیل کا بادشاہ بنا اَور اُس نے سترہ سال حُکمرانی کی۔ 2اَور اُس نے وُہی کیا جو یَاہوِہ کی نظر میں بُرا تھا، اَور اُس نے یرُبعامؔ بِن نباطؔ کے اُن گُناہوں کی پیروی کی جِن سے اُس نے بنی اِسرائیل سے گُناہ کروایا تھا؛ اَور وہ اُن گُناہوں سے کنارہ نہ کیا۔ 3لہٰذا یَاہوِہ کا غضب بنی اِسرائیل پر بھڑکا اَور اُنہُوں نے طویل عرصہ تک اِسرائیل کو شاہِ ارام حزائیلؔ اَور اُس کے بیٹے بِن ہددؔ کے تابع میں رکھا۔
4اَور پھر یہُوآحازؔ نے یَاہوِہ سے فریاد کی اَور یَاہوِہ نے اُس کی فریاد سُنی کیونکہ اُنہُوں نے اِسرائیل قوم پر ہو رہے ظُلم و سِتم کو دیکھا کہ کس قدر شاہِ ارام اُنہیں اَذیّت دے رہاتھا۔ 5اَور یَاہوِہ نے بنی اِسرائیل کو ایک نَجات دینے والا عنایت فرمایا چنانچہ وہ ارام کے اِختیار سے آزاد ہو گئے اَور پہلے کی طرح بنی اِسرائیل اَپنے گھروں میں بحِفاظت سے رہنے لگے۔ 6اِتنا سَب ہونے کے باوُجُود بھی وہ یرُبعامؔ کے گھرانے کے اُن گُناہوں سے کنارہ نہیں کیٔے؛ جِن میں اُس نے بنی اِسرائیل کو بھی ملوث کر رکھا تھا بَلکہ وہ اُنہیں گُناہوں میں ڈُوبے رہے یہاں تک کہ اشیراہؔ بُت کا سُتون بھی سامریہؔ میں وُہی رہا۔
7اَب یہُوآحازؔ کی فَوج میں صرف پچاس گُھڑسوار، دس رتھ اَور دس ہزار پیادوں کے سِوا اَور کچھ باقی نہیں بچا تھا کیونکہ باقیوں کو شاہِ ارام نے اُنہیں تباہ کر دیا اَور خاک کی مانند پیس ڈالا تھا۔
8کیا یہُوآحازؔ کے دَورِ حُکومت کے دیگر واقعات اَور فتوحات سَب کچھ جو اُس نے کیا اُس کا ذِکر بنی اِسرائیل کے بادشاہوں کی تواریخ کی کِتاب میں درج نہیں ہے؟ 9اَور یہُوآحازؔ اَپنے آباؤاَجداد کے ساتھ سو گیا اَور سامریہؔ میں دفن کیا گیا اَور اُس کا بیٹا یہُوآشؔ اُس کی جگہ پر بادشاہ مُقرّر ہُوا۔
یہُوآشؔ شاہِ اِسرائیل
10یُوآشؔ شاہِ یہُودیؔہ کے سینتیسویں سال میں یہُوآشؔ بِن یہُوآحازؔ سامریہؔ میں اِسرائیل کا بادشاہ بنا اَور اُس نے سولہ سال حُکمرانی کی۔ 11اَور اُس نے وُہی کیا جو یَاہوِہ کی نظر میں بُرا تھا اَور وہ یرُبعامؔ بِن نباطؔ کے اُن گُناہوں سے جِن میں اُس نے بنی اِسرائیل کو بھی ملوث کیا ہُوا تھا باز نہ آیا بَلکہ اُن ہی میں ڈوبا رہا۔
12کیا یہُوآشؔ کے دَورِ حُکومت کے دیگر واقعات اَور وہ سَب جو اُس نے کیا اَور اُس کی قُوّت اَور اماضیاہؔ شاہِ یہُودیؔہ کے ساتھ اُس کا جنگ کرنا اُس کا ذِکر بنی اِسرائیل کے بادشاہوں کی تواریخ کی کِتاب میں درج نہیں ہے؟ 13اَور یہُوآشؔ اَپنے آباؤاَجداد کے ساتھ سو گیا اَور یرُبعامؔ اُس کی جگہ تخت نشین ہُوا۔ اَور یہُوآشؔ سامریہؔ میں شاہانِ بنی اِسرائیل کے ساتھ دفن کیا گیا۔
14اِس وقت الِیشعؔ ایک جان لیوا مرض میں اِس قدر مُبتلا ہو گیٔے تھے کہ وہ مرنے والے تھے۔ شاہِ اِسرائیل یہُوآشؔ اُن سے مُلاقات کرنے گیا اَور الِیشعؔ کے سامنے جا کر روتے ہُوئے کہنے لگا، اَے میرے باپ، اَے میرے باپ، بنی اِسرائیل کے رتھ اَور اُس کے گُھڑسوار!
15الِیشعؔ نے فرمایا، ”اَپنا کمان اَور کچھ تیر لو،“ چنانچہ بادشاہ نے وَیسا ہی کیا۔ 16تَب الِیشعؔ نے بنی اِسرائیل کے بادشاہ کو حُکم دیا، کمان کھینچ اَور جَب اُس نے اُسے کھینچا تو الِیشعؔ نے اَپنے ہاتھ بادشاہ کے ہاتھوں پر رکھ دیا۔
17تَب الِیشعؔ نے حُکم دیا، ”مشرق کی طرف کی کھڑکی کھول دو۔ اَور بادشاہ نے اُسے کھول دیا۔“ الِیشعؔ نے فرمایا، ”تیر چلاؤ اَور اُس نے تیر چلایا۔ تَب الِیشعؔ نے اعلان کیا، یہ یَاہوِہ کے فتح کا تیر ہے یعنی مُلک ارام پر فتح پانے کا تیر۔ تُم افیقؔ میں ارامیوں سے تَب تک جنگ کرنا جَب تک اُنہیں پُوری طرح سے نِیست و نابود نہ کر دو۔“
18پھر الِیشعؔ نے دوبارہ فرمایا، تیروں کو لے لو اَور بادشاہ نے اُنہیں لے لیا۔ تَب الِیشعؔ نے اِسرائیل کے بادشاہ کو حُکم دیا، ”زمین پر تیر چلاؤ۔“ اَور بادشاہ نے زمین پر تین بار تیر چلایا اَور پھر رُک گیا۔ 19تَب مَرد خُدا اُس پر غُصّہ کرتے ہُوئے فرمایا، ”تُمہیں کم سے کم پانچ یا چھ بار زمین پر تیر چلانا تھا۔ تبھی تُم ارام کو اَیسی شِکست دیتے کہ وہ پُوری طرح سے نِیست و نابود ہو جاتا۔ مگر اَب تُم اُسے صِرف تین بار ہی شِکست دے سکوگے۔“
20تَب الِیشعؔ کی وفات ہو گئی اَور اُنہُوں نے الِیشعؔ کو سُپرد خاک کر دیا۔
اَور ہر سال موسمِ بہار میں مال غنیمت لوٹنے والوں کا ایک مُوآبی دستہ مُلک میں داخل ہُوا کرتا تھا، 21ایک دفعہ جَب کچھ اِسرائیلی ایک شخص کو دفن کر رہے تھے تو اَچانک اُنہُوں نے مال غنیمت لوٹنے والوں کے ایک دستہ کو آتے دیکھا۔ اَور اُنہُوں نے اُس شخص کی لاش کو الِیشعؔ کی قبر میں پھینک دیا۔ اَور جوں ہی وہ لاش الِیشعؔ کی ہڈّیوں سے ٹکرائی اُس میں جان آ گئی اَور مُردہ شخص زندہ ہوکر اَپنے پاؤں پر کھڑا ہو گیا۔
22اَور یہُوآحازؔ کے پُورے دَورِ حُکومت میں شاہِ ارام حزائیلؔ بنی اِسرائیل کو مسلسل اَذیّت ہی دیتا رہا۔ 23مگر یَاہوِہ اَبراہامؔ، اِصحاقؔ اَور یعقوب کے ساتھ اَپنے عہد کی وجہ سے اُن پر مہربان تھے اَور اُنہُوں نے اُن پر رحم کیا اَور اُن کی خبرگیری کی اَور آج تک اُنہیں ہلاک نہیں ہونے دیا اَور نہ ہی اُنہیں اَپنی حُضُوری سے دُور کیا۔
24جَب حزائیلؔ شاہِ ارام نے وفات پائی تو اُس کا بیٹا بِن ہددؔ اُس کی جگہ بادشاہ مُقرّر ہُوا۔ 25اِس وقت یہُوآشؔ بِن یہُوآحازؔ نے حزائیلؔ کے بیٹے بِن ہددؔ سے وہ سَب شہر چھین لیٔے جو اُس کے باپ یہُوآحازؔ سے جنگ میں چھین لیٔے گیٔے تھے۔ یہُوآشؔ نے تین بار بِن ہددؔ کو شِکست دی تھی اَور اِس طرح اُس نے بنی اِسرائیل کے شہر واپس لے لئے۔

موجودہ انتخاب:

2 سلاطین 13: UCV

سرخی

شئیر

کاپی

None

کیا آپ جاہتے ہیں کہ آپ کی سرکیاں آپ کی devices پر محفوظ ہوں؟ Sign up or sign in