YouVersion Logo
تلاش

2 سلاطین 14

14
اماضیاہؔ شاہِ یہُودیؔہ
1شاہِ اِسرائیل یہُوآشؔ بِن یہُوآحازؔ کے دَورِ حُکومت کے دُوسرے سال میں شاہِ یہُودیؔہ اماضیاہؔ بِن یُوآشؔ نے حُکمرانی کرنا شروع کیا۔ 2وہ پچّیس سال کا تھا جَب وہ بادشاہ بنا اَور اُس نے یروشلیمؔ میں اُنتیس سال حُکمرانی کی۔ اُس کی ماں کا نام یِہوعدّان تھا اَور وہ یروشلیمؔ کی باشِندہ تھی۔ 3اُس نے وُہی کیا جو یَاہوِہ کی نظر میں دُرست تھا لیکن اَپنے باپ داویؔد کی طرح نہیں کیا بَلکہ ہر بات میں اَپنے باپ یُوآشؔ کے نقش قدم پر چلا۔ 4تو بھی اُونچے مقامات ڈھائے نہ گیٔے اَور لوگ وہاں قُربانیاں گزرانتے اَور بخُور جَلاتے رہے۔
5اَور سلطنت اُس کے ہاتھ میں مُستحکم ہوتے ہی، اُس نے اُن افسران کو جنہوں نے اُس کے باپ بادشاہ کو قتل کیا تھا جان سے مار ڈالا۔ 6تاہم اُس نے قاتلوں کے بیٹوں کو جان سے نہیں مارا کیونکہ مَوشہ کی کِتاب تورہ میں یَاہوِہ کا یہ حُکم درج ہے: ”والدین اَپنے بچّوں کے عِوض میں نہ مارے جایٔیں اَور نہ ہی بچّے اَپنے والدین کی خاطِر مارے جایٔیں۔ ہر ایک اَپنے ہی گُناہ کے سبب سے ماراجائے۔“
7یہی وہ شخص تھا جِس نے وادی شور میں دس ہزار اِدُومیوں کو شِکست دی اَور جنگ کرکے سیلاؔ پر قبضہ کر لیا اَور اُسے یُقِتی ایل نام دیا جو آج تک اِسی نام سے مشہُور ہے۔
8پھر اماضیاہؔ نے شاہِ اِسرائیل یہُوآشؔ بِن یہُوآحازؔ بِن یِہُو کے پاس قاصِد کی مَعرفت پیغام بھیجا: ”اگر ہمّت ہے تو آ اَور آمنے سامنے ہوکر میرے ساتھ جنگ کرو۔“
9لیکن شاہِ اِسرائیل یہُوآشؔ نے شاہِ یہُودیؔہ اماضیاہؔ کو پیغام بھیجا: ”لبانونؔ کی ایک کٹیلی جھاڑی نے لبانونؔ کے مضبُوط دیودار کو پیغام بھیجا، ’اَپنی بیٹی کی شادی میرے بیٹے سے کر دو۔‘ اِتنے میں لبانونؔ کا ایک جنگلی حَیوان اُدھر سے گُزرا جِس نے اُس جھاڑی کو پاؤں تلے روند ڈالا۔ 10یہ سچ ہے کہ تُم نے اِدُوم کو شِکست دی اَور اَب تُم غُرور سے بھر گئے ہو۔ اِس لئے اَپنی فتح پر فخر کرو اَور گھر میں بیٹھے رہو! مُصیبت کو دعوت دے رہے ہو۔ تُم تو ڈُبو گے ہی، ساتھ ہی یہُودیؔہ کو بھی لے ڈُبو گے۔“
11تاہم اماضیاہؔ نے اُس کی بات نہیں مانی۔ لہٰذا شاہِ اِسرائیل یہُوآشؔ نے اُس پر حملہ کر دیا اَور اُن دونوں کا مُقابلہ یہُودیؔہ کے بیت شِمِشؔ کے مقام پر ہُوا۔ 12بنی یہُوداہؔ نے بنی اِسرائیل سے شِکست کھائی اَور اُن کے سَب آدمی اَپنے اَپنے خیموں کو فرار ہو گیٔے۔ 13اَور شاہِ اِسرائیل یہُوآشؔ نے شاہِ یہُودیؔہ اماضیاہؔ بِن یہُوآشؔ بِن احزیاہؔ کو بیت شِمِشؔ میں قَید کر لیا۔ اَور اُسے لے کر پھر یہُوآشؔ یروشلیمؔ آیا اَور وہاں اُس نے اِفرائیمؔ کے پھاٹک سے لے کر کونے والے پھاٹک تک تقریباً ایک سَو اسّی میٹر تک یروشلیمؔ کی فصیل توڑ ڈالی۔ 14اَور اُس نے سَب سونے اَور چاندی اَور تمام ظروف کو جو یَاہوِہ کے بیت المُقدّس میں اَور شاہی محل کے خزانوں میں ملے، اُنہیں اَور جنگی قَیدیوں کو ساتھ لے کر سامریہؔ کو لَوٹ گیا۔
15کیا یہُوآشؔ کے دَورِ حُکومت کے دیگر واقعات اَور اماضیاہؔ شاہِ یہُودیؔہ کے خِلاف اُس کی جنگ اُس کا ذِکر بنی اِسرائیل کے بادشاہوں کی تواریخ کی کِتاب میں درج نہیں ہے؟ 16اَور یہُوآشؔ اَپنے آباؤاَجداد کے ساتھ سو گیا اَور شاہانِ بنی اِسرائیل کے ساتھ سامریہؔ میں دفن کیا گیا اَور اُس کا بیٹا یرُبعامؔ اَپنے باپ کی جگہ پر بادشاہ بنا۔
17شاہِ یہُودیؔہ اماضیاہؔ بِن یُوآشؔ شاہِ اِسرائیل یہُوآشؔ بِن یہُوآحازؔ کے مرنے کے بعد بھی پندرہ سال تک زندہ رہا۔ 18کیا اماضیاہؔ کے دَورِ حُکومت کے دیگر واقعات اَور اُس کے کارنامے یہُوداہؔ کے بادشاہوں کی تواریخ کی کِتاب میں درج نہیں ہے؟
19پھر اَیسا ہُوا کہ یروشلیمؔ میں اماضیاہؔ کے خِلاف سازش کی گئی، اَور وہ لاکیشؔ کو فرار ہو گیا؛ لیکن سازش کرنے والوں نے اَپنے آدمی بھیج کر لاکیشؔ تک اُس کا تعاقب کیا اَور وہیں اُس کا قتل کر دیا۔ 20تَب وہ اُس کی لاش گھوڑے پر لاد کر واپس لایٔے اَور اُسے اُس کے آباؤاَجداد کے ساتھ داویؔد کے شہر یروشلیمؔ میں دفن کر دیا۔
21تَب یہُوداہؔ کے سَب لوگوں نے عزریاہؔ کو جو سولہ سال کا تھا، اُس کے باپ اماضیاہؔ کی جگہ پر بادشاہ بنایا۔ 22اَور اماضیاہؔ بادشاہ کی وفات کے بعد، عزریاہؔ نے ایلاتؔ شہر کو دوبارہ تعمیر کیا اَور اُسے پھر سے یہُوداہؔ کی مملکت میں شامل کر لیا۔
یرُبعامؔ دوم شاہِ اِسرائیل
23اَور شاہِ یہُودیؔہ اماضیاہؔ بِن یُوآشؔ کے دَورِ حُکومت کے پندرھویں سال میں شاہِ اِسرائیل یرُبعامؔ بِن یہُوآشؔ سامریہؔ میں بادشاہ بنا اَور اُس نے اکتالیس سال تک حُکمرانی کی۔ 24اَور اُس نے وُہی کیا جو یَاہوِہ کی نظر میں بُرا تھا۔ اَور اُس نے یرُبعامؔ بِن نباطؔ کے اُن گُناہوں سے کنارہ نہیں کیا جِن سے اُس نے بنی اِسرائیل کو بھی ملوث کیا تھا۔ 25اَور اِسرائیل کے خُدا یَاہوِہ کے اُس قول کے مُطابق جو اُنہُوں نے گاتؔھ حِفرؔ کے باشِندہ یُوناہؔ بِن امِتّائی بِن نبی کی مَعرفت فرمایا تھا، یرُبعامؔ نے بنی اِسرائیل کی سرحدوں کو لیبو حماتؔ کے مدخل سے لے کر عراباہؔ کے سمُندر یعنی بحرِ مُردار تک بحال کیا۔
26کیونکہ یَاہوِہ نے دیکھا کہ بنی اِسرائیل میں ہر کویٔی خواہ وہ غُلام ہو یا آزاد کتنی سخت مُصیبت اُٹھا رہاہے اَور اُن کی مدد کرنے والا کویٔی نہیں۔ 27چونکہ یَاہوِہ نے تو اَیسا نہیں فرمایا تھا کہ وہ آسمان کے نیچے سے بنی اِسرائیل کا نام و نِشان مٹا دیں گے، اِس لیٔے یَاہوِہ نے اُنہیں یرُبعامؔ بِن یہُوآشؔ کے ذریعہ رِہائی بخشی۔
28کیا یرُبعامؔ کے دَورِ حُکومت کے دیگر واقعات اَور سَب کچھ جو اُس نے کیا اَور اُس کی قُوّت، اُس کے جنگی اُصُول اَور اُس کے دَمشق اَور حماتؔ، جو یہُوداہؔ سے تعلّق رکھتے تھے، کس طرح بحال کیا، اُس کو دوبارہ حاصل کرنے کا بَیان، اُس کا ذِکر بنی اِسرائیل کے بادشاہوں کی تواریخ کی کِتاب میں درج نہیں ہے؟ 29اَور یرُبعامؔ اَپنے آباؤاَجداد شاہانِ بنی اِسرائیل کے ساتھ سو گیا اَور اُس کا بیٹا زکریاؔہ اُس کی جگہ بادشاہ بنا۔

موجودہ انتخاب:

2 سلاطین 14: UCV

سرخی

شئیر

کاپی

None

کیا آپ جاہتے ہیں کہ آپ کی سرکیاں آپ کی devices پر محفوظ ہوں؟ Sign up or sign in