YouVersion Logo
تلاش

2 تواریخ 33

33
منشّہ شاہِ یہُودیؔہ
1منشّہ بَارہ سال کا تھا جَب وہ بادشاہ بنا اَور اُس نے یروشلیمؔ میں پچپن سال حُکمرانی کی۔ 2اُس نے اُن قوموں کے مکرُوہ کاموں کی پیروی کی جنہیں یَاہوِہ نے بنی اِسرائیل کے سامنے سے نکال دیا تھا اَور اِس طرح وہ یَاہوِہ کی نظر میں بدی کا مُرتکب ہُوا۔ 3اُس نے اُن اُونچے مقامات کو جنہیں اُس کے باپ حِزقیاہؔ نے مِسمار کر دیا تھا دوبارہ تعمیر کروائی۔ اَور منشّہ نے بَعل نامی بُتوں کے لیٔے مذبحے اَور اشیراہؔ کے لکڑی کے سُتون تیّار کروائے۔ اَور اُس نے تمام اجرامِ فلکی کو سَجدہ کیا اَور اُن کی پرستش کرتا رہا۔ 4منشّہ نے یَاہوِہ کے بیت المُقدّس میں تمام مذبحے بنوائے جِس کے متعلّق یَاہوِہ نے فرمایا تھا کہ، ”میرا نام یروشلیمؔ میں ہمیشہ قائِم رہے گا۔“ 5اَور یَاہوِہ کے بیت المُقدّس کے دونوں صحنوں میں اُس نے تمام اجرامِ فلکی کے لیٔے مذبحے بنائے 6اَور اُس نے بین ہِنَّومؔ کی وادی میں اَپنے بیٹوں کی آتِشی قُربانی دی۔ اَور اُس نے قیاس آرائی، شگون ماننا، کالا جادُو کرنا اَور وہ اَرواح پرستوں کے آشناؤں اَور قِسمت کا حال بتانے والوں کی طرف رُجُوع کیا۔ اُس نے یَاہوِہ کی نظر میں بہت بدکاری کی اَور اُنہیں غُصّہ دِلایا۔
7اَورجو ایک تراشا ہُوا بُت اُس نے بنوایا اُس نے اُسے خُدا کے بیت المُقدّس میں نصب کروا دیا، جِس کی بابت خُدا نے داویؔد اَور اُس کے بیٹے شُلومونؔ سے فرمایا تھا، ”اِس بیت المُقدّس میں اَور یروشلیمؔ میں جنہیں مَیں نے بنی اِسرائیل کے سَب قبیلوں میں سے اِنتخاب کیا ہے، میں اَپنا نام وہاں اَبد تک قائِم رکھوں گا۔ 8اَور مَیں بنی اِسرائیل کے قدموں کو پھر سے اُس سرزمین پر سے جو مَیں نے اُن کے آباؤاَجداد کو عنایت کی تھی پھر کبھی بے دخل نہ ہونے دُوں گا بشرطیکہ وہ آئین کی اُن سَب باتوں کو جِن کا مَیں نے اُنہیں حُکم دیا ہے یعنی اُن تمام آئین، قوانین اَور ضوابط کو جو مَوشہ نے اُنہیں عطا کئے ہیں بڑی احتیاط سے عَمل کرتے رہیں۔“ 9لیکن منشّہ نے بنی یہُوداہؔ اَور یروشلیمؔ کے لوگوں کو یہاں تک گُمراہ کر دیا کہ اُنہُوں نے اُن قوموں سے بھی زِیادہ بدکاری کی جنہیں یَاہوِہ نے بنی اِسرائیل کے سامنے سے نِیست و نابود کر دیا تھا۔
10اَور یَاہوِہ نے منشّہ اَور اُس کے لوگوں سے کلام کیا لیکن اُنہُوں نے اُس کلام پر کویٔی توجّہ نہ دی۔ 11اِس لیٔے یَاہوِہ نے اُن کے خِلاف اشُور کے بادشاہ کے سپہ سالاروں کو اُن پر حملہ کرنے کے لئے بھیجا، جو منشّہ کو اسیر کرکے اَور اُس کی ناک میں کانٹا لگا کر کانسے کی زنجیروں کے اَور بِیڑیوں سے جکڑ کر بابیل لے گیٔے۔ 12تَب اَپنی سخت مُصیبت میں اُس نے یَاہوِہ اَپنے خُدا کی مہربانی حاصل کرنے کے لئے مِنّت کی اَور اَپنے آباؤاَجداد کے خُدا کے حُضُور بڑی خاکساری اِختیار کی۔ 13جَب اُس نے یَاہوِہ سے دعا کی تو یَاہوِہ نے اُس کی فریاد سُنی اَور اُس کی دعا قبُول فرمائی اَور اُسے اُس کی مملکت میں ہی یروشلیمؔ کو واپس لَوٹا لایا۔ تَب منشّہ نے جان لیا کہ یَاہوِہ ہی خُدا ہیں۔
14تَب اُس نے وادی میں گیحونؔ کے مغرب کی طرف مچھلی پھاٹک کے مدخل تک اَور عوفیلؔ کی پہاڑی کے اِردگرد داویؔد کے شہر کی بیرونی دیوار کو دوبارہ تعمیر کیا اَور اُس کی اُونچائی زِیادہ کر دی۔ اِس کے بعد اُس نے یہُودیؔہ کے تمام فصیلدار شہروں میں لشکر کے سپہ سالار مُقرّر کئے۔
15اَور اُس نے یَاہوِہ کے بیت المُقدّس سے اُن غَیر معبُودوں اَور اُس بُت کو اَور اُن سَب مذبحوں کو جو اُس نے بیت المُقدّس کی پہاڑی پر اَور یروشلیمؔ میں تعمیر کروائی تھی اُنہیں توڑ ڈالا اَور اُنہیں شہر کے باہر پھنکوا دیا۔ 16پھر اُس نے یَاہوِہ کے مذبح کی دوبارہ مرمّت کروائی اَور اُس پر سلامتی کی نذر اَور شُکر گزاری کی قُربانیاں گذرانی اَور منشّہ نے سارے بنی یہُوداہؔ کو حُکم دیا کہ وہ صِرف بنی اِسرائیل کے خُدا یَاہوِہ کی پرستش کریں۔ 17تاہم لوگ اُونچے مقامات پر قُربانی پیش کرتے رہے لیکن اُن کا کہنا تھا کہ ہماری قُربانی ہمارے یَاہوِہ خُدا کے لیٔے ہے۔
18اَور منشّہ کے دَورِ حُکومت کے دیگر واقعات، اَپنے خُدا سے اُس کی گئی دعا اَورجو کلام رَوشن ضمیروں نے بنی اِسرائیل کے خُدا یَاہوِہ کے نام سے اُسے سُنایا تھا، وہ تمام بنی اِسرائیل کے بادشاہوں کی تواریخ میں درج ہے۔ 19اُس کی دعا اَور کس طرح خُدا نے اُس کی اِلتجا قبُول فرمائی، اَور اُس کے خاکساری اِختیار کرنے سے پیشتر کے تمام گُناہ، اُس کی دغابازی اَور وہ جگہیں جہاں اُس نے اُونچے مقامات تعمیر کروائے اَور اشیراہؔ کے سُتون کھڑے کئے اَور بُت نصب کئے، اِن سَب کا بَیان غیب بین ہوشِیعؔ کے رُویتوں میں مرقوم ہے۔ 20منشّہ اَپنے آباؤاَجداد کے ساتھ سو گیا اَور اَپنے محل میں دفن کیا گیا۔ اَور اُس کا بیٹا امُونؔ بطور بادشاہ اُس کا جانشین ہُوا۔
امُونؔ شاہِ یہُودیؔہ
21امُونؔ بائیس سال کا تھا جَب وہ بادشاہ بنا اَور اُس نے یروشلیمؔ میں دو سال حُکمرانی کی۔ 22اُس نے اَپنے باپ منشّہ کی طرح وُہی کیا جو یَاہوِہ کی نظر میں بُرا تھا امُونؔ نے اُن تمام بُتوں کو جنہیں منشّہ نے بنوایا تھا پرستش کی اَور اُنہیں کی قُربانیاں گذرانی۔ 23لیکن وہ یَاہوِہ کے حُضُور خاکسار نہ بنا جَیسے اُس کا باپ منشّہ خاکسار بنا تھا۔ بَلکہ امُونؔ خطاؤں پر خطا کرتا رہا۔
24امُونؔ کے درباریوں نے اُس کے خِلاف سازش کی اَور اُسے اُس کے محل میں ہی قتل کر دیا۔ 25تَب مُلک کی عوام نے اُن تمام لوگوں کو قتل کر دیا، جنہوں نے امُونؔ بادشاہ کے خِلاف سازش کی تھی اَور اُس کے بیٹے یُوشیاہؔ کو اُس کی جگہ بادشاہ بنایا۔

موجودہ انتخاب:

2 تواریخ 33: UCV

سرخی

شئیر

کاپی

None

کیا آپ جاہتے ہیں کہ آپ کی سرکیاں آپ کی devices پر محفوظ ہوں؟ Sign up or sign in