2 تواریخ 32
32
صینخربؔ کا یروشلیمؔ پر حملہ
1حِزقیاہؔ کی اِس وفاداری کے باوُجُود شاہِ اشُور صینخربؔ نے یہُودیؔہ پر حملہ کر دیا اَور یہُودیؔہ میں داخل ہُوا اَور اُس نے قلعہ بند شہروں کو اَپنے لیٔے فتح کرنے کے خیال سے اُن کا محاصرہ کر لیا۔ 2جَب حِزقیاہؔ نے دیکھا کہ صینخربؔ نزدیک آ گیا ہے اَور اُس کا مقصد یروشلیمؔ پر حملہ کرنے کا ہے، 3تَب حِزقیاہؔ نے شہر کے باہر چشموں سے پانی روکنے کے لیٔے اَپنے اُمرا اَور لشکر کے بہادروں سے صلاح مشورہ کیا اَور اِس کام میں اُنہُوں نے اُس کی مدد کی۔ 4اَور اِس کام کے لئے بہت سے آدمیوں کو جمع کرکے اُنہُوں نے اُن تمام چشموں کو اَور اُس سرزمین میں بہنے والے دریا کو بند کر دیا اَور اُنہُوں نے کہا، ”جَب شاہانِ اشُور حملہ کرنے آئے تو اُنہیں کثرت سے پانی کیوں ملے؟“ 5لہٰذا حِزقیاہؔ نے بڑے ہمّت سے کام لے کر فصیل کے ٹُوٹے حِصّوں کی دوبارہ مرمّت کروائی اَور اُس پر بُرج تعمیر کئے۔ اِس کے علاوہ اُس نے فصیل کے باہر ایک اَور فصیل بنوائی اَور داویؔد کے شہر میں اُس نے چھتوں کو مُستحکم کیا۔ پھر اُس نے بہت بڑی تعداد میں ہتھیار اَور ڈھالیں بھی بنوائیں۔
6اَور لوگوں کے اُوپر فَوجی افسران مُقرّر کئے اَور اُنہیں میدان میں شہر کے پھاٹک پر اَپنے سامنے جمع کیا اَور اُنہیں تسلّی دیتے ہُوئے فرمایا: 7”مضبُوط ہو جاؤ اَور حوصلہ رکھو۔ شاہِ اشُور اَور اُس کے ساتھ لشکرِ جبّار کی وجہ سے خوف نہ کرو، اَور ہِراساں نہ ہو کیونکہ ہمارے ساتھ اُس کی بہ نِسبت زِیادہ بڑی طاقت ہے۔ 8اُس کے ساتھ صِرف گوشت کا بازو ہے یعنی لشکری طاقت ہے مگر ہماری مدد کرنے اَور ہماری جنگ لڑنے کے لیٔے یَاہوِہ ہمارے خُدا یَاہوِہ ہمارے ساتھ ہیں۔“ اَورجو کچھ شاہِ یہُودیؔہ حِزقیاہؔ نے فرمایا اُس سے لوگوں کو بڑا حوصلہ مِلا۔
9اِس کے بعد جَب شاہِ اشُور صینخربؔ اَور اُس کی افواج لاکیشؔ کا محاصرہ کر رہی تھیں تو اُس نے اَپنے افسران کو اِس پیغام کے ساتھ شاہِ یہُودیؔہ حِزقیاہؔ اَور یہُودیؔہ کی فَوج کو بھیجا جو یروشلیمؔ میں ڈالے ہوئی تھی،
10”شاہِ اشُور صینخربؔ یُوں فرماتا ہے کہ مَیں نے یروشلیمؔ کا محاصرہ کر لیا ہے۔ اَب تُم کس پر اِعتماد کئے بیٹھے ہو؟ 11جَب حِزقیاہؔ کہتاہے، ’یَاہوِہ ہمارے خُدا ہمیں شاہِ اشُور کے ہاتھ سے بچائیں گے،‘ تو وہ تُمہیں بہکا رہاہے تاکہ تُمہیں بھُوک اَور پیاس سے مَر جانے دے۔ 12کیا یہ وُہی حِزقیاہؔ نہیں جِس نے معبُودوں کے بُلند مقامات اَور مذبحوں کو نِیست و نابود کروا دیا اَور یہُودیؔہ اَور یروشلیمؔ کو حُکم دیا، ’تُم صِرف ایک ہی مذبح کے آگے سَجدہ کرنا اَور اُسی پر قُربانیاں گذراننا‘؟
13”کیا تُمہیں مَعلُوم نہیں کہ مَیں نے اَور میرے آباؤاَجداد نے دیگر ممالک کے تمام لوگوں کے ساتھ کیا کچھ کیا؟ کیا اُن اَقوام کے معبُود میرے ہاتھ سے اُن کے مُلک کو بچا سکے؟ 14اُن قوموں کو جنہیں میرے آباؤاَجداد نے تباہ کیا اُن قوموں کے تمام معبُودوں میں سے کون اَپنے لوگوں کو میرے ہاتھ سے بچانے کے قابل نِکلا؟ تو پھر تمہارے معبُود تُمہیں میرے ہاتھوں سے کیسے بچا سکیں گے؟ 15پس تُم حِزقیاہؔ کے فریب میں مت آؤ! اُس کا یقین مت کرو کیونکہ کسی بھی قوم یا مملکت کا اَیسا کویٔی معبُود نہیں ہے جو اَپنے لوگوں کو میرے یا میرے آباؤاَجداد کے ہاتھ سے بچا سکے، تو تمہارا معبُود تُمہیں میرے ہاتھ سے کیسے بچا سکےگا!“
16اَور صینخربؔ کے افسران نے یَاہوِہ خُدا کے خِلاف اُن کے خادِم حِزقیاہؔ کے خِلاف بہت سِی اَور باتیں بھی کہیں۔ 17اَور اُس بادشاہ نے یَاہوِہ بنی اِسرائیل کے خُدا کی توہین کرتے ہُوئے اَور اُس کے خِلاف یہ کہتے ہُوئے خط لکھے: ”جِس طرح دیگر ممالک کے معبُود اَپنے لوگوں کو میرے ہاتھ سے نہ بچا سکے وَیسے ہی حِزقیاہؔ کا معبُود بھی اَپنے لوگوں کو میرے ہاتھ سے نہ بچا سکےگا۔“ 18پھر اُنہُوں نے یروشلیمؔ کے اُن لوگوں کو جو فصیل پر تھے یہی باتیں یہُودیؔہ کی عِبرانی زبان میں بڑے زور زور سے سُنائیں تاکہ اُنہیں ڈرا دھمکا کر شہر پر قبضہ کر لیں۔ 19اَور اُنہُوں نے یروشلیمؔ کے خُدا کے بارے میں بھی وُہی باتیں کہیں جو اُنہُوں نے دُنیا کی دیگر اَقوام کے معبُودوں کے بارے میں کہی تھیں جو اِنسان کے ہاتھوں کی کاریگری ہیں۔
20تَب حِزقیاہؔ بادشاہ اَور یَشعیاہ بِن آموصؔ نبی نے آسمان کی طرف مُنہ کرکے دعا کی اَور دہائی دی۔ 21اَور یَاہوِہ نے ایک فرشتہ بھیجا جِس نے شاہِ اشُور کے لشکرگاہ میں تمام سُورماؤں اَور سپہ سالاروں اَور افسران کو ہلاک کر دیا۔ پس وہ بڑی ذِلّت کے ساتھ اَپنے مُلک کو پسپا ہو گیا اَور جَب وہ اَپنے معبُود کے مَندِر میں گیا تو اُس کے بیٹوں میں سے بعض نے اُسے تلوار سے قتل کر دیا۔
22لہٰذا یَاہوِہ نے حِزقیاہؔ اَور یروشلیمؔ کے لوگوں کو شاہِ اشُور صینخربؔ کے ہاتھ سے اَور تمام دُوسروں کے ہاتھ سے بچایا اَور اُنہیں ہر طرف سے مدد پہُنچائی۔ 23بہت سے لوگ یروشلیمؔ میں یَاہوِہ کے لیٔے عطیات اَور حِزقیاہؔ شاہِ یہُودیؔہ کے لیٔے قیمتی تحائف لایٔے اَور تَب سے تمام قوموں میں اُس کا بڑا اِحترام ہونے لگا۔
حِزقیاہؔ کا غُرور، کامیابی اَور وفات
24اُن دِنوں حِزقیاہؔ بیمار ہو گیا یہاں تک کہ مرنے کی نَوبَت آ گئی۔ اُس نے یَاہوِہ سے دعا کی جِس نے اُسے جَواب دیا اَور اُسے ایک معجزاتی نِشان دیا۔ 25لیکن حِزقیاہؔ کا دِل غُرور سے بھرا ہُوا تھا اَور اُس نے اُس مہربانی کے لیٔے جو اُس کے ساتھ کی گئی تھی خُدا کا شکریہ بھی اَدا نہ کیا۔ اِس لیٔے اُس پر، اَور یہُودیؔہ اَور یروشلیمؔ پر یَاہوِہ کا قہر بھڑکا۔ 26تَب حِزقیاہؔ نے اَپنے دِل کے غُرور سے تَوبہ کی اَور وَیسے ہی یروشلیمؔ کے لوگوں نے بھی تَوبہ کرکے خاکساری اِختیار کی۔ اِس لیٔے حِزقیاہؔ کے ایّام میں یَاہوِہ کا قہر اُن پر نازل نہ ہُوا۔
27حِزقیاہؔ کی دولت اَور شان و شوکت کی کویٔی حَد نہ تھی اَور اُس نے اَپنی چاندی، سونے، جواہر، مَسالوں۔ ڈھالوں اَور تمام قَسم کی قیمتی اَشیا کے لیٔے خزانے بنوائے۔ 28اَور اناج، نیا انگوری شِیرہ اَور تیل کا ذخیرہ کرنے کے لیٔے گودام تعمیر کروائے اَور مُختلف قِسم کے مویشیوں کے لیٔے اصطبل اَور بھیڑ بکریوں کے لیٔے باڑے بنوائے۔ 29اُس نے دیہات تعمیر کئے اَور بڑی تعداد میں گائے بَیل بھیڑ بکریاں حاصل کئے کیونکہ خُدا نے اُسے بہت زِیادہ دولت بخشی تھی۔
30یہ حِزقیاہؔ ہی تھا جِس نے گیحونؔ کے چشمہ کے پانی نکلنے کے بالائی راستہ کو بند کرکے پانی کو دُوسرے راستہ سے داویؔد کے شہر کے مغرب کی طرف پہُنچایا اَور وہ ہر کام میں جو اُس نے شروع کیا کامیاب ہُوا۔ 31لیکن جَب بابیل کے اُمرا نے اُس معجزاتی نِشان کے متعلّق جو اُس مُلک میں رونما ہُوا تھا جاننے کے لیٔے اُس کے پاس سفیر بھیجے تو خُدا نے اُسے آزمانے کے لیٔے اَور اُس کے دِل کا حال جاننے کے لیٔے اُسے ترک کر دیا۔
32حِزقیاہؔ کے دَورِ حُکومت کے دیگر واقعات اَور اُس کی جان نثاری کے کارنامے یَشعیاہ بِن آموصؔ نبی کی رُویا میں اَور یہُوداہؔ اَور اِسرائیل کے بادشاہوں کی کِتاب میں درج نہیں ہے۔ 33اَور حِزقیاہؔ اَپنے آباؤاَجداد کے ساتھ سو گیا اَور اُس پہاڑی پر جہاں داویؔد کی اَولاد کی قبریں ہیں دفن کیا گیا۔ اَور جَب اُس نے وفات پائی تو یہُودیؔہ اَور یروشلیمؔ کے سَب لوگوں نے اُسے خِراج عقیدت پیش کیا اَور اُس کا بیٹا منشّہ بطور بادشاہ اُس کا جانشین ہُوا۔
موجودہ انتخاب:
2 تواریخ 32: UCV
سرخی
شئیر
کاپی
کیا آپ جاہتے ہیں کہ آپ کی سرکیاں آپ کی devices پر محفوظ ہوں؟ Sign up or sign in
اُردو ہم عصر ترجُمہ™، کِتاب مُقدّس
حق اِشاعت © 1999، 2005، 2022، 2024 Biblica, Inc.
کی اِجازت سے اِستعمال کیا جاتا ہے۔
دُنیا بھر میں تمام حق محفوظ۔
Holy Bible, Urdu Contemporary Version™
Copyright © 1999, 2005, 2022, 2024 by Biblica, Inc.
Used with permission.
All rights reserved worldwide.