2 تواریخ 31
31
1اِس تقریب کے خاتِمہ پر تمام بنی اِسرائیل جو وہاں حاضِر تھے، یہُودیؔہ کے شہروں میں گیٔے اَور بُتوں کے مُقدّس سُتونوں کو ٹکڑے ٹکڑے کر دیا اَور اشیراہؔ کے لکڑی کے سُتونوں کو کاٹ ڈالا۔ اُنہُوں نے بنی یہُوداہؔ، بِنیامین، اِفرائیمؔ اَور منشّہ میں ہر جگہ کے بُلند مقامات اَور مذبحوں کو تباہ کر دیا اَور کسی کو سالِم نہ چھوڑا۔ اِس کے بعد تمام بنی اِسرائیل اَپنے شہروں میں اَپنی اَپنی مِلکیّت میں واپس چلےگئے۔
عبادت کے لیٔے نذرانے
2حِزقیاہؔ نے کاہِنوں اَور لیویوں کو اُن کے فریقوں کے مُطابق کام سُپرد کیا یعنی کاہِنوں اَور لیویوں میں سے ہر ایک کو اُن کے فرائض کے مُطابق سوختنی نذریں اَور سلامتی کی نذریں گذراننے، عبادت اَور شُکر گزاری کرنے اَور یَاہوِہ کے قِیام کے پھاٹکوں پر سِتائش کرنے کی ذمّہ داریاں سُپرد کیں۔ 3اَور بادشاہ نے صُبح اَور شام کی سوختنی نذروں کے لیٔے اَور جَیسے یَاہوِہ کے آئین میں لِکھا ہے سَبتوں، نئے چاندوں اَور مُقرّرہ عیدوں کی آتِشی قُربانیوں کے لیٔے اَپنی مِلکیّت میں سے اِمداد مُقرّر کر دی۔ 4اَور حِزقیاہؔ نے اُن لوگوں کو جو یروشلیمؔ میں رہتے تھے حُکم دیا کہ کاہِنوں اَور لیویوں کو اُن کا واجِبُ الادا حِصّہ دیں تاکہ وہ اَپنی خدمات کو یَاہوِہ کے آئین کی تعلیم کے لیٔے وقف کر سکیں۔ 5اِس فرمان کے جاری ہوتے ہی بنی اِسرائیل اَپنے اناج کے پہلے پھل، نیا انگوری شِیرہ، زَیتُون کے تیل اَور شہد اَور کھیتوں کی پیداوار بڑی فراخدلی سے لانے لگے۔ اِس کے علاوہ وہ بڑی تعداد میں اِن سَب کا دسواں حِصّہ بھی خُوشی سے دینے لگے۔ 6اَور اِسرائیل اَور یہُودیؔہ کے لوگ جو یہُودیؔہ کے شہروں میں رہتے تھے، اُنہُوں نے تو اَپنے جانوروں کے گلّوں اَور ریوڑوں کا دسواں حِصّہ، اَور یَاہوِہ اَپنے خُدا کی خاطِر مُقدّس کی ہُوئی اَشیا کا دسواں حِصّہ بھی لایٔے اَور اُن کے ڈھیر کے ڈھیر لگا دئیے۔ 7اُنہُوں نے تیسرے مہینے میں اِن کا ڈھیر لگانا شروع کیا اَور اِس کا خاتِمہ ساتویں مہینے کے آخِر میں ہی ہو سَکا۔ 8جَب حِزقیاہؔ اَور اُس کے اہلکاروں نے آکر اُن ذخیروں کو دیکھا تو اُنہُوں نے یَاہوِہ کی سِتائش کی اَور اُن کی اُمّت بنی اِسرائیل کو مُبارکباد دی۔
9جَب حِزقیاہؔ نے کاہِنوں اَور لیویوں سے اُن ذخیروں کے بارے میں پُوچھا۔ 10تو اعلیٰ کاہِن عزریاہؔ نے جو صدُوقؔ کے خاندان کا تھا جَواب دیا، ”جَب سے لوگ اَپنی اَپنی نذرانے یَاہوِہ کے بیت المُقدّس میں لانے لگے ہیں، تَب سے ہمیں کھانے کو کافی ملتا رہاہے اَور بہت کچھ ابھی بھی باقی پڑا ہے کیونکہ یَاہوِہ نے اَپنی اُمّت کو برکت دی ہے اَور یہ بڑا ذخیرہ اُسی بقیّہ سامان کا ہے۔“
11تَب حِزقیاہؔ نے یَاہوِہ کے بیت المُقدّس میں اُس سامان کے ذخیرہ کے لیٔے کمرے تعمیر کرانے کا حُکم دیا۔ لہٰذا وہ تیّار کئے گیٔے۔ 12پھر وہ وفاداری سے نذرانے، دہ یکیاں اَور نذر کئے گیٔے تحفے لاتے رہے۔ اَور کونعنیاہؔ ایک لیوی اِن چیزوں کا مختار تھا اَور اُس کا بھایٔی شِمعیؔ اُس کا نائب تھا۔ 13اَور یحی ایل، عززیاہؔ ناحات، عساہیلؔ، یریموتؔ، یُوزبادؔ، الی ایل، یسماخیاہؔ، ماحاتھؔ اَور بِنایاہؔ، جِن کی تقرّری حِزقیاہؔ بادشاہ اَور خُدا کے بیت المُقدّس کے مختار عزریاہؔ نے کی تھی کونعنیاہؔ اَور اُس کے بھایٔی شِمعیؔ کے ماتحت کار گزار تھے۔
14اَور مشرقی پھاٹک کا دربان قورؔے بِن یِمنہؔ لیوی خُدا کے حُضُور پیش کی گئی رضا کی قُربانیوں پر مُقرّر تھا تاکہ یَاہوِہ کو دئیے گیٔے ہدیوں اَور پاک ترین چیزوں کو تقسیم کر دیا کرے۔ 15اُس کے وفادار ماتحت عدنؔ، مِنیامین، یہوشُعؔ، شمعیاہؔ، امریاہؔ اَور شِکنیاہؔ کاہِنوں کے شہروں میں مُقرّر کئے گیٔے تھے تاکہ اَپنے چُھوٹے بڑے کاہِنؔ بھائیوں کو اُن کے فریقوں کے مُطابق اُن کا حِصّہ دیانتداری سے یکساں طور پر تقسیم کریں۔
16اِس کے علاوہ اُنہُوں نے اُن لڑکوں کو حِصّہ تقسیم کیا جو تین سال یا اُس سے زِیادہ عمر کے تھے اَور جِن کے نام نَسب ناموں میں درج تھے یعنی اُن سَب کو جو روزانہ اَپنی ذمّہ داریوں اَور اَپنے فریقوں کے مُطابق اَپنے فرائض کو اَنجام دینے کے لیٔے یَاہوِہ کے بیت المُقدّس میں داخل ہوتے تھے۔ 17اَور اُنہُوں نے اُن کو بھی حِصّہ تقسیم کیا جِن کے نام آبائی خاندانوں کے حِساب سے کاہِنوں کے نَسب ناموں میں درج تھے۔ اَور اِسی طرح لیویوں کو بھی جو بیس سال سے زِیادہ عمر کے تھے اُن کی ذمّہ داریوں اَور اُن کے فریقوں کے مُطابق اُن کا حِصّہ تقسیم کیا۔ 18اَور اُنہُوں نے اُن کی ساری جماعت کے چُھوٹے بچّوں، بیویوں اَور بیٹے اَور بیٹیوں کو بھی جِن کے نام نَسب ناموں میں درج تھے حِصّہ پانے والوں میں شامل کیا کیونکہ اُن لیویوں کو اَپنے مُقرّرہ کاموں کے اَنجام دینے کے لیٔے وفاداری سے اَپنے آپ کو مخصُوص رکھنا پڑتا تھا۔ لہٰذا وہ دُوسرے کام نہیں کر سکتے تھے۔
19جہاں تک کاہِنوں یعنی اَہرونؔ کی اَولاد کا تعلّق ہے وہ جو اَپنے شہروں کے اطراف کھیتوں میں یا کسی دُوسرے شہر میں رہتے تھے اُن کے ہر مَرد کو اَور اُن سَب کو جِن کے نام لیویوں کے نَسب ناموں میں درج تھے اُن کا حِصّہ تقسیم کرنے کے لیٔے بھی آدمی نامزد کئے گیٔے۔
20اَورجو کچھ یَاہوِہ اُن کے خُدا یَاہوِہ کی نظر میں اَچھّا، دُرست اَور راست تھا وُہی حِزقیاہؔ نے یہُوداہؔ کے ہر حِصّہ میں کیا۔ 21اَور خُدا کے بیت المُقدّس کی خدمت اَور آئین اَور اَحکام کی تعمیل کرتے ہُوئے جو کام بھی اُس نے شروع کیا اُس میں وہ خُدا کا طلب گار ہُوا اَور اُسے پُورے دِل سے کیا اَور کامیاب ہُوا۔
موجودہ انتخاب:
2 تواریخ 31: UCV
سرخی
شئیر
کاپی
کیا آپ جاہتے ہیں کہ آپ کی سرکیاں آپ کی devices پر محفوظ ہوں؟ Sign up or sign in
اُردو ہم عصر ترجُمہ™، کِتاب مُقدّس
حق اِشاعت © 1999، 2005، 2022، 2024 Biblica, Inc.
کی اِجازت سے اِستعمال کیا جاتا ہے۔
دُنیا بھر میں تمام حق محفوظ۔
Holy Bible, Urdu Contemporary Version™
Copyright © 1999, 2005, 2022, 2024 by Biblica, Inc.
Used with permission.
All rights reserved worldwide.