2 تواریخ 11
11
1اَور جَب رحُبعامؔ یروشلیمؔ پہُنچا، تو اُس نے شمالی اِسرائیل سے جنگ کرنے کے لیٔے یہُوداہؔ اَور بِنیامین کے گھرانے سے ایک لاکھ اسّی ہزار جنگجو مَرد چُن کر جمع کئے تاکہ رحُبعامؔ مُکمّل سلطنت کو پھر سے اَپنے قبضہ میں کر لے۔
2لیکن مَرد خُدا شمعیاہؔ کے پاس یَاہوِہ کا یہ کلام پہُنچا، 3”رحُبعامؔ بِن شُلومونؔ شاہِ یہُودیؔہ اَور سارے اِسرائیل سے جو یہُوداہؔ اَور بِنیامین صوبے میں رہتے ہیں اعلان کرو، 4’یَاہوِہ فرماتے ہیں: تُم اَپنے بھائیوں سے لڑنے کے لیٔے حملہ نہ کرو۔ بَلکہ تُم میں سے ہر ایک اَپنے اَپنے گھر چلا جائے کیونکہ ابھی جو کچھ ہُواہے وہ مَیں نے ہی ہونے دیا ہے۔‘ “ چنانچہ اُنہُوں نے یَاہوِہ کے کلام پر عَمل کیا، اَور یرُبعامؔ پر حملہ کئے بغیر لَوٹ گیٔے۔
رحُبعامؔ کا یہُوداہؔ کی قلعہ بندی کرنا
5رحُبعامؔ یروشلیمؔ میں مُقیم ہو گیا اَور اُس نے یہُوداہؔ میں حِفاظت کے لیٔے شہروں کو تعمیر کیا۔ 6یعنی بیت لحمؔ، عیطامؔ، تقوعؔ، 7بیت ضُورؔ، شوکوہؔ، عدُلّامؔ، 8گاتؔھ، مریشہؔ، زِیفؔ، 9ادوریمؔ، لاکیشؔ، عزیقاہؔ، 10ضورعاہؔ، ایّالونؔ اَور حِبرونؔ۔ یہ قلعہ بند شہر یہُوداہؔ اَور بِنیامین صوبے میں بنائے گیٔے تھے۔ 11رحُبعامؔ نے اُن کے قلعوں کو مضبُوط کیا، اُن میں فَوجی سپہ سالار مامُور کئے اَور زَیتُون کے تیل اَور انگوری شِیرہ کے ذخیروں کا اِنتظام کیا۔ 12اَور اُن تمام شہروں میں ڈھالیں اَور نیزے رکھوا کر اُنہیں خُوب مُستحکم کر دیا۔ اِس طرح یہُوداہؔ اَور بِنیامین کے صوبے رحُبعامؔ کے قبضہ میں رہے۔
13اَور اِسرائیل کے ایک کونے سے لے کر دُوسرے کونے تک جتنے بھی کاہِنؔ اَور لیوی تھے وہ سَب اَپنے اَپنے علاقوں سے نکل کر اُس کے پاس آ گئے۔ 14اَور لیویوں نے تو اَپنی چراگاہوں اَور املاک تک کو ترک کر دیا اَور یہُودیؔہ اَور یروشلیمؔ میں آ گیٔے کیونکہ یرُبعامؔ اَور اُس کے بیٹوں نے اُنہیں بطور کاہِنؔ یَاہوِہ کی خدمت اَنجام دینے سے منع کر دیا تھا۔ 15اَور یرُبعامؔ نے اُونچے مقامات پر، بکروں اَور بچھڑوں کے بُتوں کو قائِم کیا اَور اُن کے لیٔے اَپنے کاہِنؔ مُقرّر کر دئیے تھے۔ 16اَور شمالی اِسرائیل کے ہر قبیلہ کے لوگ جنہوں نے اَپنے دِل یَاہوِہ، اِسرائیل کے خُدا کی جُستُجو میں لگا رکھے تھے لیویوں کے پیچھے پیچھے یروشلیمؔ میں آئے کہ یَاہوِہ اَپنے آباؤاَجداد کے خُدا کے حُضُور قُربانیاں گزرانیں۔ 17اَور اُنہُوں نے یہُوداہؔ کی سلطنت کو مُستحکم کیا اَور تین سال تک داویؔد اَور شُلومونؔ کی راہوں پر چلتے ہُوئے رحُبعامؔ بِن شُلومونؔ کی تائید اَور حمایت کی۔
رحُبعامؔ کا خاندان
18اَور رحُبعامؔ نے ماحلتھ کو جو یریموتؔ بِن داویؔد اَور اِلیابؔ بِن یِشائی کی بیٹی اَبی حائیل تھی اُس سے شادی کرلی۔ 19اَور ماحلتھ سے پیدا ہُوئے رحُبعامؔ کے بیٹے یہ ہیں: یعُوسؔ، شِماریاہؔ اَور زہمؔ۔ 20اِس کے بعد اُس نے اَبشالومؔ کی بیٹی معکہؔ کو بیاہ لیا جِس کے اُس سے ابیّاہؔ، عتّئیؔ، زیزاؔ اَور شلُومیتؔ پیدا ہُوئے۔ 21اَور اِس کے بعد رحُبعامؔ اَبشالومؔ کی بیٹی معکہؔ کو اَپنی سَب بیویوں اَور داشتاؤں سے زِیادہ مَحَبّت کرتا تھا۔ کُل مِلا کر اُس کی اٹھّارہ بیویاں اَور ساٹھ داشتاؤں سے اٹّھائیس بیٹے اَور ساٹھ بیٹیاں پیدا ہُوئی تھیں۔
22اَور رحُبعامؔ نے ابیّاہؔ بِن معکہؔ کو اُس کے سارے بھائیوں کے اُوپر اعلیٰ سردار مُقرّر کر دیا کیونکہ اُس کی مرضی تھی کہ اُس کے بعد وُہی بادشاہ بنے۔ 23اَور اُس نے دانشمندی سے کام لے کر اَپنے سارے بیٹوں کو یہُودیؔہ اَور بِنیامین کے تمام علاقوں میں اَور تمام قلعہ بند شہروں میں الگ الگ بھیج دیا اَور اُنہیں با اِفراط اشیائے خُوردنی بھی عطا فرمائی اَور اُن کے واسطے تمام بیویاں مُہیّا کروائیں۔
موجودہ انتخاب:
2 تواریخ 11: UCV
سرخی
شئیر
کاپی
کیا آپ جاہتے ہیں کہ آپ کی سرکیاں آپ کی devices پر محفوظ ہوں؟ Sign up or sign in
اُردو ہم عصر ترجُمہ™، کِتاب مُقدّس
حق اِشاعت © 1999، 2005، 2022، 2024 Biblica, Inc.
کی اِجازت سے اِستعمال کیا جاتا ہے۔
دُنیا بھر میں تمام حق محفوظ۔
Holy Bible, Urdu Contemporary Version™
Copyright © 1999, 2005, 2022, 2024 by Biblica, Inc.
Used with permission.
All rights reserved worldwide.