YouVersion Logo
تلاش

2 تواریخ 12

12
شیشاقؔ کا یروشلیمؔ پر حملہ کرنا
1جَب بحیثیت بادشاہ رحُبعامؔ کے قدم جم گیٔے اَور اُس کی حُکومت مُستحکم ہو گئی تو اُس نے اَور اُس کے ساتھ تمام بنی اِسرائیل نے یَاہوِہ کے آئین کو ترک کر دیا۔ 2کیونکہ وہ یَاہوِہ کی نافرمانی کرنے لگے تھے، اِس لیٔے رحُبعامؔ بادشاہ کی سلطنت کے پانچویں سال میں شیشاقؔ شاہِ مِصر نے یروشلیمؔ پر حملہ کر دیا۔ 3اُس کے ساتھ بَارہ سَو رتھ اَور ساٹھ ہزار گُھڑسوار تھے اَور لیبیا، سُکّیمی اَور کُوشی ممالک کے بے شُمار فَوجی تھے جو اُس کے ساتھ مِصر سے آئےتھے۔ 4اُس نے یہُوداہؔ صُوبہ کے قلعہ بند شہروں پر قبضہ کر لیا اَور یروشلیمؔ تک آ پہُنچا۔
5تَب شمعیاہؔ نبی، رحُبعامؔ اَور یہُوداہؔ کے سرداروں کے پاس جو شیشاقؔ کے ڈر سے یروشلیمؔ میں جمع ہو گئے تھے آئے اَور اُن سے فرمایا، یَاہوِہ یُوں فرماتے ہیں، ”تُم لوگوں نے مُجھے ترک کر دیا، ’لہٰذا مَیں نے بھی تُمہیں شیشاقؔ کے ہاتھ میں ترک کر دیا ہے۔‘ “
6تَب اِسرائیل کے اُمرا اَور بادشاہ حلیم ہوکر کہنے لگے، ”یَاہوِہ راست ہیں۔“
7جَب یَاہوِہ نے دیکھا کہ اُنہُوں نے حلیمی اِختیار کی تو یَاہوِہ کا کلام شمعیاہؔ پر نازل ہُوا: ”چونکہ اَب اُنہُوں نے اَپنے کو حلیم بنایا ہے اِس لیٔے میں اُنہیں ہلاک نہیں کروں گا بَلکہ جلد ہی رِہائی بخشوں گا اَور میرا غضب شیشاقؔ کے ذریعہ یروشلیمؔ پر نازل نہ ہوگا۔ 8تاہم وہ شیشاقؔ کے خادِم ہو جایٔیں گے تاکہ میری خدمت اَور دیگر ممالک کے بادشاہوں کی خدمت کرنے میں اِمتیاز کرنا سیکھ سکیں۔“
9جَب شیشاقؔ، شاہِ مِصر نے یروشلیمؔ پر حملہ کیا تو اُس نے یَاہوِہ کے بیت المُقدّس کے خزانوں کو اَور شاہی محل کے خزانوں کو لُوٹ لیا اَور وہ سونے کی اُن ڈھالوں سمیت جو شُلومونؔ نے بنوائی تھیں سَب کچھ لے گیا۔ 10لہٰذا رحُبعامؔ بادشاہ نے اُن کے بدلے کانسے کی ڈھالیں بنوائیں اَور اُنہیں شاہی محل کے مُحافظ دستوں کے سرداروں کے سُپرد کر دیا۔ 11جَب بھی بادشاہ یَاہوِہ کے بیت المُقدّس کو جاتا تھا تو دستے کے مُحافظ سپاہی اُن ڈھالوں کو اُٹھاکر اُس کے ساتھ جاتے تھے اَور بادشاہ کے وہاں سے لوٹنے پر پھر اِنہیں واپس لاکر اسلحہ خانہ میں رکھ دیتے تھے۔
12چنانچہ رحُبعامؔ نے خُود کو حلیم بنا لیا، اِس لئے یَاہوِہ کا غُصّہ اُس پر سے ٹل گیا اَور وہ مُکمّل طور پر تباہ نہ کیا گیا۔ اَور اِس وقت یہُوداہؔ کے حالات کُچھ بہتر تھیں۔
13رحُبعامؔ بادشاہ نے دارُالحکومت یروشلیمؔ میں خُود کو پھر سے مضبُوط کیا، اَور یہُوداہؔ پر حُکمرانی کرنے لگا۔ وہ اکتالیس سال کا تھا جَب وہ بادشاہ بنا اَور اُس نے یروشلیمؔ شہر میں سترہ سال تک جسے یَاہوِہ نے اِسرائیل کے سَب قبیلوں میں سے مُنتخب کر لیا تھا کہ اَپنا نام وہاں قائِم کرے، حُکمرانی کی۔ اُس کی ماں کا نام نعمہؔ تھا جو عمُّونی قوم کی عورت تھی۔ 14رحُبعامؔ نے بدی کی کیونکہ اُس کا دِل یَاہوِہ کا طالب نہیں تھا۔
15اَور رحُبعامؔ کے دَورِ حُکومت کے شروع سے لے کر آخِر تک کے کارنامے شمعیاہؔ نبی اَور عِدّوؔ غیب بین کے رُویتوں میں جو نَسب ناموں سے متعلّق ہیں قلم بند ہیں۔ اَور رحُبعامؔ اَور یرُبعامؔ کے درمیان مُتواتر جنگ جاری رہی۔ 16اَور رحُبعامؔ اَپنے آباؤاَجداد کے ساتھ سو گیا اَور داویؔد کے شہر میں دفن کیا گیا۔ اَور اُس کی جگہ پر اُس کا بیٹا ابیّاہؔ بطور بادشاہ تخت نشین ہُوا۔

موجودہ انتخاب:

2 تواریخ 12: UCV

سرخی

شئیر

کاپی

None

کیا آپ جاہتے ہیں کہ آپ کی سرکیاں آپ کی devices پر محفوظ ہوں؟ Sign up or sign in