1 شموایلؔ 8

8
بنی اِسرائیل نے ایک بادشاہ کی درخواست کی۔
1جَب شموایلؔ ضعیف ہو گئے تو اُنہُوں نے اَپنے بیٹوں کو بنی اِسرائیل کے لیٔے قاضی مُقرّر کیا۔ 2اُس کے پہلوٹھے کا نام یُوایلؔ تھا اَور اُس کے دُوسرے بیٹے کا نام ابیّاہؔ تھا اَور وہ بیرشبعؔ میں قاضی تھے۔ 3لیکن شموایلؔ کے بیٹے اُس کے نقش قدم پر نہ چلے۔ وہ ناجائز نفع کمانے پرتُلے ہُوئے تھے رشوت لیتے اَور اِنصاف کا خُون کرتے تھے۔
4لہٰذا بنی اِسرائیل کے سَب بُزرگ جمع ہوکر رامہؔ میں شموایلؔ کے پاس آئے 5اَور کہنے لگے، ”تُم بُوڑھے ہو گئے ہو، اَور تمہارے بیٹے تمہاری راہوں پر نہیں چلتے، اِس لیٔے تُم دیگر قوموں کی طرح ہم پر کسی کو بادشاہ مُقرّر کر دو۔“
6لیکن جَب اُنہُوں نے کہا، ”ہماری عدالت کرنے کے لیٔے ہمیں کویٔی بادشاہ دیں،“ تو یہ بات شموایلؔ کو بڑی بُری لگی۔ لہٰذا اُس نے یَاہوِہ سے دعا کی۔ 7اَور یَاہوِہ نے شموایلؔ سے کہا: ”جو کچھ یہ لوگ کہہ رہے ہیں اُسے سُن۔ یہ تُم نہیں جسے اُنہُوں نے ردّ کیا ہے بَلکہ اُنہُوں نے مُجھے اَپنے بادشاہ کے طور پر ردّ کیا ہے۔ 8جَب مَیں اُنہیں مِصر سے نکال کر لایا اُس دِن سے آج تک جِس طرح وہ غَیر معبُودوں کی عبادت کرنے کے لیٔے مُجھے چھوڑ چُکے ہیں وَیسے ہی وہ تمہارے ساتھ کر رہے ہیں۔ 9تُم اُن کی بات مان لو لیکن سنجِیدگی سے اُنہیں خبردار کر دو اَور بتا دو کہ وہ بادشاہ جو اُن پر حُکمرانی کرےگا اُس کے ضوابط کیا ہوں گے۔“
10تَب شموایلؔ نے، اُن لوگوں کو جو اُس سے ایک بادشاہ مُقرّر کرنے کا مطالبہ کر رہے تھے یَاہوِہ کی سَب باتیں کہہ سُنائیں۔ 11اَور یہ بھی کہا، ”تُم پر حُکومت کرنے والا بادشاہ جو کچھ کرےگا وہ یہ ہے: وہ تمہارے بیٹوں کو لے کر اَپنے رتھوں اَور گھوڑوں کے لیٔے خدمت گار رکھےگا اَور وہ اُس کے رتھوں کے آگے آگے دَوڑیں گے۔ 12بعض کو وہ ہزار ہزار پر اَور بعض کو پچاس پچاس پر سردار مُقرّر کرےگا اَور بعض کو اَپنی زمین میں ہل چلانے اَور اَپنی فصل کاٹنے کے کام پر لگائے گا اَور بعض کو دُوسروں کو جنگ کے ہتھیار بنانے اَور اَپنے رتھوں کے لیٔے سازوسامان تیّار کرنے کے لیٔے رکھےگا۔ 13اَور تمہاری بیٹیوں کو لے کر اُن سے عطر سازی کروائے گا، سالن تیّار کروائے گا اَور روٹیاں پکوائے گا۔ 14وہ تمہارے بہترین کھیتوں اَور تاکستانوں اَور زَیتُون کے باغوں کو لے کر اَپنے خدمت گاروں کو عطا کرےگا۔ 15اَور تمہارے اناج اَور تمہاری انگور کی فصل کا دسواں حِصّہ لے کر اَپنے خادِموں اَور اہلکاروں کو دے گا۔ 16تمہارے خادِموں اَور لونڈیوں اَور تمہارے بہترین مویشیوں اَور گدھوں کو اَپنے اِستعمال کے لیٔے لے لے گا۔ 17وہ تمہاری بھیڑ بکریوں کا دسواں حِصّہ لے لے گا اَور تُم خُود بھی اُس کے غُلام بَن کر رہ جاؤگے۔ 18اَور جَب وہ دِن آئے گا تو تُم اُس بادشاہ سے جسے تُم نے چُنا ہوگا نَجات پانے کے لیٔے فریاد کروگے لیکن اُس دِن یَاہوِہ تمہاری نہ سُنیں گے۔“
19لیکن لوگوں نے شموایلؔ کی بات سُننے سے اِنکار کر دیا اَور کہا، ”نہیں! ہم اَپنے اُوپر ایک بادشاہ چاہتے ہیں۔ 20تَب ہم بھی اَور سَب قوموں کی مانند ہوں گے اَور ہم پر حُکومت کرنے، ہمارے آگے جانے اَور ہماری لڑائیاں لڑنے کے لیٔے ہمارا بھی ایک بادشاہ ہوگا۔“
21شموایلؔ نے لوگوں کی سَب باتیں سُنیں اَور اُنہیں یَاہوِہ کے حُضُور دہرایا۔ 22تَب یَاہوِہ نے جَواب دیا، ”اُن کی بات مان لے اَور اُن کے لیٔے ایک بادشاہ مُقرّر کر دے۔“
تَب شموایلؔ نے بنی اِسرائیل کے ”لوگوں کو اَپنے اَپنے قصبے کو چلے جانے کا حُکم دیا۔“

موجودہ انتخاب:

1 شموایلؔ 8: UCV

سرخی

شئیر

کاپی

None

کیا آپ جاہتے ہیں کہ آپ کی سرکیاں آپ کی devices پر محفوظ ہوں؟ Sign up or sign in