1 شموایلؔ 7
7
1تَب قِریت یعریمؔ کے لوگوں نے آکر یَاہوِہ کے صندُوق کو اَپنے قبضہ میں لے لیا اَور اُسے ابینادابؔ کے گھر جو پہاڑی پر ہے لے گیٔے اَور اُس کے بیٹے الیعزرؔ کی تقدیس کی کہ وہ یَاہوِہ کے صندُوق کی نگہبانی کرے۔ 2وہ صندُوق بیس سال کے طویل عرصہ تک قِریت یعریمؔ میں ہی رہا۔
شموایلؔ کا مِصفاہؔ میں فلسطینیوں کو مغلُوب کرنا
اَور اِسرائیل کے سَب لوگ نوحہ کرتے رہے اَور یَاہوِہ کی بخشش کے طلب گار ہُوئے۔ 3اَور شموایلؔ نے تمام بنی اِسرائیل کے گھرانے سے کہا، ”اگر تُم اَپنے سارے دِل سے یَاہوِہ کی طرف رُجُوع کر رہے ہو تو پھر غَیر معبُودوں اَور عستوریتؔ کو اَپنے درمیان سے دُور کرکے اَپنے آپ کو یَاہوِہ کے سُپرد کر دو اَور اگر تُم صِرف اُن ہی کی عبادت کروگے تو وہ تُمہیں فلسطینیوں کے ہاتھ سے چھُڑائیں گے۔“ 4لہٰذا بنی اِسرائیل اَپنے بَعل معبُود اَور عستوریتؔ کو چھوڑکر فقط یَاہوِہ کی عبادت کرنے لگے۔
5پھر شموایلؔ نے کہا، ”تمام اِسرائیل کو مِصفاہؔ میں جمع کرو اَور مَیں یَاہوِہ سے تمہاری شفاعت کروں گا۔“ 6اَور جَب وہ مِصفاہؔ میں جمع ہُوئے تو اُنہُوں نے کوئیں سے پانی بھر کر یَاہوِہ کے آگے اُنڈیلا اَور اُس دِن اُنہُوں نے روزہ رکھا اَور وہاں اُنہُوں نے اعتراف کیا، ”ہم نے یَاہوِہ کا گُناہ کیا ہے۔“ اَور مِصفاہؔ میں شموایلؔ اِسرائیل کا قاضی تھا۔
7جَب فلسطینیوں نے سُنا کہ بنی اِسرائیل مِصفاہؔ میں جمع ہُوئے ہیں تو فلسطینیوں کے سردار اُن پر حملہ کرنے کی غرض سے بڑھے۔ جَب اِسرائیلیوں نے یہ سُنا تو وہ فلسطینیوں کی وجہ سے دہشت زدہ ہو گئے۔ 8اَور بنی اِسرائیل نے شموایلؔ سے کہا، ”ہمارے لیٔے یَاہوِہ ہمارے خُدا سے فریاد کرنا بند نہ کرنا تاکہ وہ ہمیں فلسطینیوں کے ہاتھ سے بچائیں۔“ 9تَب شموایلؔ نے ایک دُودھ پیتا برّہ لیا اَور اُسے پُوری سوختنی نذر کے طور پر یَاہوِہ کے حُضُور گزرانا اَور اُس نے بنی اِسرائیل کی طرف سے یَاہوِہ سے فریاد کی اَور یَاہوِہ نے اُس کی سُنی۔
10اَور جَب شموایلؔ سوختنی نذر گزران رہاتھا تو فلسطینی نزدیک آ پہُنچے تاکہ اِسرائیلیوں سے جنگ کریں۔ لیکن اُس دِن یَاہوِہ فلسطینیوں پر زور سے گرجے اَور اُن میں اَیسا خوف و ہِراس پیدا کر دیا کہ اُنہُوں نے اِسرائیلیوں کے ہاتھوں شِکست کھا کر بھاگ گئے۔ 11اَور اِسرائیل کے لوگوں نے بڑی پھرتی سے مِصفاہؔ سے نکل کر فلسطینیوں کا تعاقب کیا اَور بیت کرؔ سے نیچے ایک مقام تک راستہ بھر اُن کا قتلِ عام کرتے چلے گیٔے۔
12تَب شموایلؔ نے ایک پتّھر لے کر اُسے مِصفاہؔ اَور شینؔ کے درمیان نصب کر دیا اَور اُس نے یہ کہہ کر اُس کا نام اِبن عزرؔ#7:12 اِبن عزرؔ یعنی مدد کا پتّھر رکھا کہ، ”اِتنی دُور تک یَاہوِہ نے ہماری مدد کی۔“
13لہٰذا فلسطینی مغلُوب ہو گئے اَور اُنہُوں نے اِسرائیلی علاقہ پر پھر حملہ نہ کیا۔ اَور شموایلؔ کے لئے زندگی بھر یَاہوِہ کا ہاتھ ہمیشہ فلسطینیوں کے خِلاف رہا۔ 14اَور عقرونؔ سے گاتؔھ تک کے قصبات جو فلسطینیوں نے اِسرائیل سے چھین لیٔے تھے اُن پر پھر سے اِسرائیل کا قبضہ ہو گیا۔ یہاں تک کہ اِسرائیل نے اَپنے سارے علاقہ کو فلسطینیوں کے تسلُّط سے چھُڑا لیا اَور بنی اِسرائیل اَور امُوریوں کے درمیان بھی صُلح و سلامتی ہو گئی۔
15شموایلؔ زندگی بھر بنی اِسرائیل کی بطور رہنما عدالت کرتے رہے۔ 16وہ سال بسال بیت ایل سے گِلگالؔ اَور وہاں سے مِصفاہؔ کو دورہ پر جاتے اَور اُن تمام مقامات میں بنی اِسرائیل کی عدالت کرتے تھے۔ 17لیکن وہ ہمیشہ رامہؔ کو جہاں اُن کا گھر تھا واپس چلے جاتے تھے اَور وہاں بھی وہ بنی اِسرائیل کی عدالت کرتے تھے۔ وہیں اُنہُوں نے یَاہوِہ کے لیٔے ایک مذبح بنایا۔
موجودہ انتخاب:
1 شموایلؔ 7: UCV
سرخی
شئیر
کاپی
کیا آپ جاہتے ہیں کہ آپ کی سرکیاں آپ کی devices پر محفوظ ہوں؟ Sign up or sign in
اُردو ہم عصر ترجُمہ™، کِتاب مُقدّس
حق اِشاعت © 1999، 2005، 2022، 2024 Biblica, Inc.
کی اِجازت سے اِستعمال کیا جاتا ہے۔
دُنیا بھر میں تمام حق محفوظ۔
Holy Bible, Urdu Contemporary Version™
Copyright © 1999, 2005, 2022, 2024 by Biblica, Inc.
Used with permission.
All rights reserved worldwide.