YouVersion Logo
تلاش

1 شموایلؔ 5

5
اشدُودؔ اَور عقرونؔ میں صندُوق
1خُدا کے عہد کا صندُوق چھین لینے کے بعد، فلسطینی اُسے اِبن عزرؔ سے اشدُودؔ لے گیٔے۔ 2اَور فلسطینیوں نے خُدا کے صندُوق کو دگونؔ کے مَندِر میں لے جا کر دگونؔ معبُود کے پاس رکھ دیا۔ 3اگلے دِن جَب اشدُودؔ کے لوگ صُبح کو اُٹھے تو دیکھا، وہاں دگونؔ تھا، یَاہوِہ کے عہد کے صندُوق کے آگے مُنہ کے بَل زمین پر گرا پڑا ہے! تَب اُنہُوں نے دگونؔ کو اُٹھایا اَور واپس اُس کی جگہ پر رکھ دیا۔ 4لیکن اگلی صُبح جَب وہ اُٹھے، تو وہاں دگونؔ تھا، یَاہوِہ کے عہد کے صندُوق کے آگے اوندھے مُنہ زمین پر گرا پڑا تھا! اُس کا سَر اَور بازو توڑ دئیے گیٔے تھے اَور دہلیز پر پڑے ہُوئے تھے۔ صِرف اُس کا دھڑ رہ گیا تھا۔ 5یہی وجہ ہے کہ آج بھی دگونؔ کے پجاری اَور دیگر لوگ جو اشدُودؔ میں دگونؔ کے مَندِر میں آتے ہیں دہلیز پر پاؤں نہیں رکھتے۔
6اَور یَاہوِہ کا ہاتھ اشدُودؔ اَور اُس کے گِردونواح کے لوگوں پر بھاری تھا۔ یَاہوِہ نے اُن پر تباہی نازل کر دی اَور اُنہیں گِلٹیوں کی تکلیف (طاعون) میں مُبتلا کر دیا۔ 7اشدُودؔ کے لوگوں نے جَب یہ حال دیکھا تو کہنے لگے، ”اِسرائیل کے معبُود کا صندُوق یہاں ہمارے پاس ہرگز نہیں رہنا چاہیے کیونکہ اُن کا ہاتھ ہم پر اَور ہمارے معبُود دگونؔ پر بھاری ہے۔“ 8لہٰذا اُنہُوں نے فلسطینیوں کے تمام سرداروں کو بُلاکر جمع کیا اَور پُوچھا، ”ہم اِسرائیل کے معبُود کے صندُوق کا کیا کریں؟“
اُنہُوں نے جَواب دیا، ”اِسرائیل کے خُدا کا صندُوق گاتؔھ بھجوا دو۔“ لہٰذا اُنہُوں نے اِسرائیل کے خُدا کا صندُوق وہاں مُنتقل کر دیا۔
9جَب اُنہُوں نے اُسے مُنتقل کر دیا تو یَاہوِہ کا ہاتھ اُس شہر کے خِلاف اُٹھا اَور وہاں بڑا خوف و ہِراس پھیل گیا اَور یَاہوِہ نے اُس شہر کے لوگوں کو چُھوٹے سے بڑے تک گِلٹیوں کی وَبا میں مُبتلا کر دیا۔ 10لہٰذا اُنہُوں نے خُدا کے صندُوق کو عقرونؔ بھیج دیا۔
اَور جوں ہی خُدا کے عہد کا صندُوق عقرونؔ میں داخل ہُوا عقرونؔ کے لوگ چِلّانے لگے، ”وہ ہمیں اَور ہمارے لوگوں کو مارنے کے لیٔے اِسرائیل کے معبُود کا صندُوق اِدھر لایٔے ہیں۔“ 11پس اُنہُوں نے فلسطینیوں کے تمام سرداروں کو بُلاکر جمع کیا اَور کہا، ”اِسرائیل کے معبُود کا صندُوق یہاں سے ہٹا دو اَور اُسے اُس کی اَپنی جگہ پر واپس بھجوا دو ورنہ اُس کی مَوجُودگی ہمیں اَور ہمارے لوگوں کو مار ڈالے گی۔“ وجہ یہ تھی کہ موت نے شہر میں خوف و ہِراس پھیلا دیا تھا اَور خُدا کا ہاتھ اُس شہر پر بہت بھاری تھا۔ 12جو لوگ موت سے بچ گیٔے تھے وہ گِلٹیوں کے مرض میں مُبتلا تھے۔ اَور اُس شہر کی شوروغل آسمان تک جا پہُنچی۔

موجودہ انتخاب:

1 شموایلؔ 5: UCV

سرخی

شئیر

کاپی

None

کیا آپ جاہتے ہیں کہ آپ کی سرکیاں آپ کی devices پر محفوظ ہوں؟ Sign up or sign in