اگلے دِن جَب اشدُودؔ کے لوگ صُبح کو اُٹھے تو دیکھا، وہاں دگونؔ تھا، یَاہوِہ کے عہد کے صندُوق کے آگے مُنہ کے بَل زمین پر گرا پڑا ہے! تَب اُنہُوں نے دگونؔ کو اُٹھایا اَور واپس اُس کی جگہ پر رکھ دیا۔ لیکن اگلی صُبح جَب وہ اُٹھے، تو وہاں دگونؔ تھا، یَاہوِہ کے عہد کے صندُوق کے آگے اوندھے مُنہ زمین پر گرا پڑا تھا! اُس کا سَر اَور بازو توڑ دئیے گیٔے تھے اَور دہلیز پر پڑے ہُوئے تھے۔ صِرف اُس کا دھڑ رہ گیا تھا۔