1 شموایلؔ 4
4
1اَور شموایلؔ کا کلام تمام اِسرائیل میں پہُنچا۔
فلسطینیوں کا عہد کے صندُوق پر قبضہ کرنا
پھر اَیسا ہُوا کہ اِسرائیلی فلسطینیوں سے لڑنے کے لیٔے نکلے۔ اِسرائیلیوں نے اِبن عزرؔ میں نصب کی اَور فلسطینیوں نے افیقؔ میں۔ 2اَور فلسطینی اِسرائیل کا مُقابلہ کرنے کے لیٔے صف آرا ہُوئے اَور جَب لڑائی نے زور پکڑا تو اِسرائیلیوں نے فلسطینیوں سے شِکست کھائی کیونکہ اُن کے تقریباً چار ہزار آدمی میدانِ جنگ میں قتل کر دئیے گیٔے تھے۔ 3جَب وہ فَوجی سپاہی چھاؤنی میں واپس آئے تو اِسرائیل کے بُزرگوں نے پُوچھا، ”آج یَاہوِہ نے ہمیں فلسطینیوں سے شِکست کیوں دِلوائی؟ آؤ ہم یَاہوِہ کا عہد کا صندُوق شیلوہؔ سے لے آئیں تاکہ وہ ہمارے ساتھ جائے اَور ہمیں ہمارے دُشمنوں کے ہاتھ سے بچائیں۔“
4لہٰذا اُنہُوں نے شیلوہؔ میں آدمی بھیجے اَور وہ اُس قادرمُطلق یَاہوِہ#4:4 قادرمُطلق یَاہوِہ عِبرانی میں یَاہوِہ سباؤتھ یعنی لشکروں کے یَاہوِہ کے عہد کے صندُوق کو لے آئے جو کروبیوں کے درمیان تخت نشین ہے۔ اَور عیلیؔ کے دونوں بیٹے حُفنیؔ اَور فِنحاسؔ وہاں یَاہوِہ کے عہد کے صندُوق کے ساتھ تھے۔
5اَور جَب یَاہوِہ کا عہد کا صندُوق چھاؤنی میں آ گیا تو تمام اِسرائیلیوں نے اِتنے زور سے نعرہ مارا کہ زمین لرز اُٹھی۔ 6اُس شوروغل کو سُن کر فلسطینیوں نے پُوچھا، ”عِبرانیوں کی چھاؤنی میں یہ سَب نعرہ بازی کیسی ہے؟“
اَور جَب اُنہیں مَعلُوم ہُوا کہ یَاہوِہ کا عہد کا صندُوق چھاؤنی میں آ گیا ہے 7تو فلسطینی ڈر گیٔے اَور کہنے لگے، ”اُن کی چھاؤنی میں تو ایک معبُود آ گیا ہے۔“ مزید کہا ”یہ ایک بَلا ہم پر آئی ہے اِس سے پہلے کبھی اَیسا نہیں ہُوا۔ 8اَب ہماری خیر نہیں! اِن زبردست معبُودوں کے ہاتھ سے ہمیں کون بچائے گا؟ یہ وُہی معبُود ہیں جنہوں نے مِصریوں پر بیابان میں مہلک بَلائیں نازل کیں۔ 9اَے فلسطینیو! مضبُوط بنو اَور مردانگی کے جوہر دِکھاؤ ورنہ تُم عِبرانیوں کے محکُوم ہو جاؤگے جَیسا کہ وہ اِس وقت تمہارے محکُوم ہیں۔ مردانگی سے کام لو اَور لڑو!“
10پس فلسطینی لڑے اَور اِسرائیلیوں نے شِکست کھائی اَور ہر ایک آدمی اَپنے اَپنے خیمہ کی طرف بھاگ نِکلا۔ وہاں بہت بڑی خُونریزی ہُوئی جِس میں اِسرائیل کے تیس ہزار پیادے کام آئے۔ 11خُدا کا صندُوق اِسرائیل کے ہاتھ سے نکل گیا اَور عیلیؔ کے دونوں بیٹے حُفنیؔ اَور فِنحاسؔ بھی مارے گیٔے۔
عیلیؔ کی وفات
12اَور اُسی دِن بِنیامین کے گھرانے کا ایک آدمی میدانِ جنگ سے بھاگ کر شیلوہؔ پہُنچا۔ اُس کے کپڑے پھٹے ہُوئے تھے اَور اُس نے اَپنے سَر پر خاک ڈال رکھی تھی۔ 13جَب وہ وہاں پہُنچا تو عیلیؔ راہ کے کنارے اَپنی کُرسی پر بیٹھا اِنتظار کر رہاتھا۔ کیونکہ اُس کے دِل میں خُدا کے عہد کے صندُوق کے لیٔے اَندیشہ تھا۔ اَور جَب وہ آدمی قصبہ میں داخل ہُوا اَورجو کچھ واقع ہُوا تھا بتایا تو سارا قصبہ چِلّانے لگا۔
14عیلیؔ نے چِلّانے کی آواز سُن کر، ”پُوچھا کہ اِس شوروغل کا کیا مطلب ہے؟“
اَور وہ آدمی جلدی سے عیلیؔ کے پاس گیا، 15عیلیؔ اٹّھانوے سال کا تھا اَور اُس کی آنکھیں پتھرا گئی تھیں اَور وہ دیکھ نہ سَکتا تھا۔ 16اُس نے عیلیؔ، کو بتایا، ”میں ابھی ابھی میدانِ جنگ سے آیا ہُوں اَور بھاگ کر یہاں پہُنچا ہُوں۔“
تَب عیلیؔ نے پُوچھا، ”بیٹا! لڑائی کا کیا حال رہا؟“
17جو آدمی خبر لے کر آیاتھا اُس نے جَواب دیا، ”اِسرائیلی فلسطینیوں سے شِکست کھا کر بھاگ نکلے اَور فَوج کا سخت جانی نُقصان ہُواہے۔ تمہارے دونوں بیٹے حُفنیؔ اَور فِنحاسؔ بھی جنگ میں کام آئے ہیں اَور خُدا کے عہد کا صندُوق چھِن گیا ہے۔“
18جَب اُس نے خُدا کے عہد کے صندُوق کا ذِکر کیا تو وہ اَپنی کُرسی سے پیچھے کی طرف پھاٹک کے پاس گرا اَور اُس کی گردن ٹوٹ گئی اَور وہ مَر گیا کیونکہ وہ ایک ضعیف اَور بھاری بھر کم آدمی تھا۔ اُس نے قاضی کی حیثیت سے چالیس سال تک اِسرائیل کی قیادت کی۔
19اُس کی بہُو، فِنحاسؔ کی بیوی حاملہ تھی اَور عنقریب جننے والی تھی۔ جَب اُس نے یہ خبر سُنی کہ خُدا کے عہد کا صندُوق چھین لیا گیا اَور اُس کا سسُر اَور خَاوند مَر گیٔے تو وہ دردِزہ میں مُبتلا ہو گئی اَور بچّے کو پیدا کیا۔ مگر وہ دردِزہ سے اِس قدر نڈھال ہو گئی 20کہ قریبُ المرگ تھی۔ وہ عورتیں جو اُس کی تیمار داری کر رہی تھیں کہنے لگیں، ”مایوس نہ ہو۔ تُم کو بیٹا ہُواہے۔“ مگر اُس نے نہ تو جَواب دیا نہ توجّہ کی۔
21اَور اُس نے یہ کہتے ہُوئے اُس لڑکے کا نام ایکبودؔ رکھا، خُدا کے عہد کا صندُوق چھِن جانے اَور اُس کے سسُر اَور خَاوند کے اِنتقال کے باعث، ”اِسرائیل سے جلال جاتا رہا۔“ 22اُس نے کہا، ”جلال اِسرائیل سے رخصت ہُوا کیونکہ خُدا کے عہد کا صندُوق چھِن گیا ہے۔“
موجودہ انتخاب:
1 شموایلؔ 4: UCV
سرخی
شئیر
کاپی
کیا آپ جاہتے ہیں کہ آپ کی سرکیاں آپ کی devices پر محفوظ ہوں؟ Sign up or sign in
اُردو ہم عصر ترجُمہ™، کِتاب مُقدّس
حق اِشاعت © 1999، 2005، 2022، 2024 Biblica, Inc.
کی اِجازت سے اِستعمال کیا جاتا ہے۔
دُنیا بھر میں تمام حق محفوظ۔
Holy Bible, Urdu Contemporary Version™
Copyright © 1999, 2005, 2022, 2024 by Biblica, Inc.
Used with permission.
All rights reserved worldwide.