1 شموایلؔ 3
3
یَاہوِہ کا شموایلؔ کو بُلانا
1اَور اُس لڑکے شموایلؔ نے عیلیؔ کے ماتحت یَاہوِہ کے حُضُور میں خدمت کی۔ اُن ایّام میں یَاہوِہ کا کلام کم ہی نازل ہوتا تھا اَور رُویا بھی عام نہ تھی۔
2ایک رات عیلیؔ، جِس کی آنکھیں اِس قدر کمزور ہو گئی تھیں کہ وہ بمشکل دیکھ سَکتا تھا اَپنی جگہ لیٹا ہُوا تھا 3اَور خُدا کا چراغ جَل رہاتھا۔ شموایلؔ یَاہوِہ کی ہیکل میں جہاں خُدا کا صندُوق تھا لیٹا ہُوا تھا۔ 4تَب یَاہوِہ نے شموایلؔ کو پُکارا:
شموایلؔ نے جَواب دیا، ”مَیں حاضِر ہُوں۔“ 5اَور وہ دَوڑکر عیلیؔ کے پاس گیا اَور کہا، ”آپ نے مُجھے آواز دی تھی، مَیں حاضِر ہُوں۔“
لیکن عیلیؔ نے کہا، ”نہیں مَیں نے تو نہیں بُلایا۔“ جا، جا کر لیٹ جا۔ لہٰذا وہ جا کر لیٹ گیا۔
6اَور یَاہوِہ نے پھر پُکارا، ”شموایلؔ!“ اَور شموایلؔ اُٹھ کر عیلیؔ کے پاس گیا اَور کہا، ”آپ نے مُجھے پُکارا تھا مَیں حاضِر ہُوں۔“
عیلیؔ نے کہا، ”کہ بیٹا، مَیں نے تُجھے نہیں پُکارا۔ واپس جا اَور لیٹ جا۔“
7شموایلؔ ابھی تک یَاہوِہ سے آشنا نہ تھا اَور نہ ہی کبھی یَاہوِہ کا کلام اُس پر نازل ہُوا تھا۔
8پھر یَاہوِہ نے تیسری بار ”شموایلؔ!“ کو پُکارا اَور شموایلؔ اُٹھ کر عیلیؔ کے پاس گیا اَور کہا، ”آپ نے مُجھے پُکارا اِس لیٔے مَیں حاضِر ہُوں۔“
تَب عیلیؔ سمجھ گیا کہ اُس لڑکے کو یَاہوِہ آواز دے رہے تھے۔ 9لہٰذا عیلیؔ نے شموایلؔ سے کہا، ”جا اَور لیٹ جا، اگر تُجھے پھر بُلایا جائے تو کہنا، ’اَے یَاہوِہ! فرمایئے کیونکہ آپ کا بندہ سُن رہاہے۔‘ “ پس شموایلؔ جا کر اَپنی جگہ لیٹ گیا۔
10تَب یَاہوِہ وہاں آ کھڑے ہُوئے اَور پہلے کی طرح پُکارا، ”شموایلؔ! شموایلؔ!“
تَب شموایلؔ نے کہا، ”فرمایئے کیونکہ آپ کا خادِم سُن رہاہے۔“
11اَور یَاہوِہ نے شموایلؔ سے کہا: ”دیکھ، مَیں اِسرائیل میں ایک اَیسا کام کرنے والا ہُوں جسے سُن کر ہر ایک کے کان بھنّا اُٹھیں گے۔ 12اُس وقت مَیں عیلیؔ کے خِلاف وہ سَب کچھ جو مَیں نے اُس کے گھرانے کے خِلاف شروع سے لے کر آخِر تک کہا عَمل میں لاؤں گا۔ 13کیونکہ مَیں اُسے بتا چُکا ہُوں کہ میں اُس بدکاری کے باعث جسے وہ جانتا ہے اُس کے گھر کا ہمیشہ کے لیٔے فیصلہ کروں گا۔ اُس کے بیٹے لعنتی کام کرتے رہے اَور وہ اُنہیں روکنے میں ناکام رہا۔ 14اِس لیٔے عیلیؔ کے گھرانے کی بابت مَیں نے قَسم کھائی، ’قُربانی یا ہدیہ سے بھی اُس کے گھرانے کے گُناہ کا کفّارہ نہیں ہوگا۔‘ “
15اَور شموایلؔ صُبح تک لیٹا رہا۔ تَب اُس نے یَاہوِہ کے گھر کے دروازے کھولے اَور وہ اَپنی رُویا کی بات عیلیؔ کو بتانے سے ڈرتا تھا۔ 16لیکن عیلیؔ نے اُسے بُلایا، ”بیٹا، شموایلؔ۔“
شموایلؔ نے جَواب دیا، ”مَیں حاضِر ہُوں۔“
17”وہ کیا بات ہے جو خُدا نے تُجھ سے کہی ہے؟“ تَب عیلیؔ نے پُوچھا، ”اُسے مُجھ سے نہ چھُپا۔ اَور اگر تُم مُجھ سے کویٔی بات جو اُنہُوں نے بتایٔی ہے چھُپاؤگے تو خُدا تُجھ سے وَیسا ہی بَلکہ اُس سے بھی زِیادہ کرے۔“ 18لہٰذا شموایلؔ نے اُسے سَب کچھ بتا دیا اَور اُس سے کچھ بھی نہ چھپایا۔ تَب عیلیؔ نے کہا، ”وہ یَاہوِہ ہیں۔ اُنہیں وہ کام کرنے دیں جو اُن کی نظر میں بھلا ہے۔“
19اَور جَب شموایلؔ بڑا ہُوا، تو یَاہوِہ اُس کے ساتھ تھے اَور اُنہُوں نے شموایلؔ کے بارے میں اَپنی ساری پیشین گوئیاں پُوری کیں۔ 20اَور تمام اِسرائیل نے دانؔ سے بیرشبعؔ تک تسلیم کر لیا کہ شموایلؔ یَاہوِہ کا مُقرّر کیا ہُوا نبی ہے۔ 21اَور یَاہوِہ شیلوہؔ میں ظاہر ہوتے رہے اَور وہیں پر اُنہُوں نے اَپنے کلام کے وسیلہ سے اَپنے آپ کو شموایلؔ پر ظاہر کیا تھا۔
موجودہ انتخاب:
1 شموایلؔ 3: UCV
سرخی
شئیر
کاپی
کیا آپ جاہتے ہیں کہ آپ کی سرکیاں آپ کی devices پر محفوظ ہوں؟ Sign up or sign in
اُردو ہم عصر ترجُمہ™، کِتاب مُقدّس
حق اِشاعت © 1999، 2005، 2022، 2024 Biblica, Inc.
کی اِجازت سے اِستعمال کیا جاتا ہے۔
دُنیا بھر میں تمام حق محفوظ۔
Holy Bible, Urdu Contemporary Version™
Copyright © 1999, 2005, 2022, 2024 by Biblica, Inc.
Used with permission.
All rights reserved worldwide.