YouVersion Logo
تلاش

1 شموایلؔ 15

15
یَاہوِہ کا شاؤل کا بطور بادشاہ ردّ کرنا
1شموایلؔ نے شاؤل سے کہا، ”مَیں وُہی شخص ہُوں جسے یَاہوِہ نے بھیجا ہے کہ وہ اَپنی اِسرائیلی قوم کے اُوپر تُمہیں بطور بادشاہ مَسح کرے۔ لہٰذا اَب توجّہ سے یَاہوِہ کا پیغام سُنو۔ 2قادرمُطلق یَاہوِہ خُدا یُوں فرماتے ہیں، ’جَب اِسرائیلی مِصر سے نکل کر آئے تو اُن کا راستہ روک کر عمالیقیوں نے اُن کے ساتھ جو کچھ کیا اُس کے لیٔے میں اُنہیں سزا دُوں گا۔ 3اِس لیٔے اَب تُم جاؤ اَور عمالیقیوں پر حملہ کرو اَورجو کچھ اُن کا ہے اُسے پُوری طرح تباہ کر دو۔ اَور اُن پر رحم نہ کرنا بَلکہ مَردوں اَور عورتوں، بچّوں اَور شیر خوار بچّوں، گائے بَیلوں، بھیڑوں، اُونٹوں اَور گدھوں، سَب کو قتل کردینا۔‘ “
4لہٰذا شاؤل نے لوگوں کو طلب کیا اَور طلائمؔ میں اُنہیں جمع کرکے گِنا۔ وہ دو لاکھ پیادے اَور یہُوداہؔ کے دس ہزار مَرد تھے۔ 5اَور شاؤل عمالیقؔ کے شہر کو گیا اَور ایک گہری گھاٹی میں گھات لگا کر بیٹھ گیا 6تَب شاؤل نے قینیوں سے کہا، ”تُم عمالیقیوں کو چھوڑکر چلے جاؤ تاکہ میں اُن کے ساتھ تُمہیں ہلاک نہ کروں کیونکہ تُم تمام بنی اِسرائیلیوں سے جَب وہ مِصر سے نکل کر آئے مہربانی سے پیش آئےتھے۔“ لہٰذا قینیؔ عمالیقیوں سے پرے ہٹ گیٔے۔
7تَب شاؤل نے مِصر کے مشرق میں حَویلہؔ سے لے کر شُورؔ تک عمالیقیوں پر حملہ کیا۔ 8اَور عمالیقیوں کے بادشاہ اَگاگؔ کو زندہ پکڑ لیا اَور اُس کے تمام لوگوں کو تلوار سے قتل کر دیا۔ 9لیکن شاؤل اَور اُس کی فَوج نے اَگاگؔ کو اَور بہترین بھیڑوں، گائے بَیلوں، موٹے تازے بچھڑوں اَور برّوں کو الغرض تمام اَچھّی چیزوں کو چھوڑ دیا کیونکہ وہ اُنہیں تباہ کرنے کے لیٔے آمادہ نہ ہُوئے۔ لیکن اُنہُوں نے ہر ایک چیز کو جو ناقص اَور نکمّی تھی بالکُل تباہ کر دیا۔
10تَب یَاہوِہ کا کلام شموایلؔ کو پہُنچا کہ: 11”مُجھے افسوس ہے کہ مَیں نے شاؤل کو بادشاہ بنایا ہے کیونکہ وہ مُجھ سے برگشتہ ہو گیا ہے اَور اُس نے میری ہدایات پر عَمل نہیں کیا۔“ یہ سُن کر شموایلؔ کا غُصّہ بھڑک اُٹھا اَور وہ ساری رات یَاہوِہ سے فریاد کرتے رہے۔
12شموایلؔ صُبح سویرے اُٹھے اَور شاؤل کو ملنے گیا۔ لیکن اُنہیں بتایا گیا، ”شاؤل کرمِلؔ چلا گیا اَور وہاں اُس نے اَپنے اِعزاز میں ایک یادگار کھڑی کی اَور پھر مُڑ کر گِلگالؔ کو چلا گیا ہے۔“
13اَور جَب شموایلؔ اُس کے پاس پہُنچے تو شاؤل نے کہا، ”یَاہوِہ آپ کو برکت بخشیں! مَیں نے یَاہوِہ کی ہدایات پر عَمل کیا ہے۔“
14لیکن شموایلؔ نے کہا، ”پھر میرے کانوں میں بھیڑوں کے ممیانے کی یہ آواز کیسی ہے؟ اَور گائے بَیلوں کے ڈکرانے کی آواز جو میں سُنتا ہُوں کیسی ہے؟“
15شاؤل نے جَواب دیا، ”فَوجی سپاہی اُن کو عمالیقیوں کے یہاں سے لے آئے ہیں؛ اُنہُوں نے بہترین بھیڑوں اَور گائے بَیلوں کو زندہ رکھا تاکہ اُنہیں یَاہوِہ تمہارے خُدا کے لیٔے قُربان کریں اَور باقی سَب کو ہم نے نِیست و نابود کر دیا۔“
16شموایلؔ نے شاؤل سے کہا چُپ رہ کہ گذشتہ رات یَاہوِہ نے جو کچھ مُجھ سے کہا ذرا اُسے بھی سُن لے۔
شاؤل نے جَواب دیا کہ یہ، ضروُر بتائیے۔
17شموایلؔ نے کہا، ”اگرچہ ایک وقت تُو خُود اَپنی نظر میں حقیر تھا، پھر بھی کیا تُو اِسرائیل کے قبیلوں کا سردار نہ بنا؟ اَور یَاہوِہ نے تُجھے مَسح کیا تاکہ تُو اِسرائیل کا بادشاہ ہو۔ 18اَور یَاہوِہ نے تُجھے ایک مقصد کے لیٔے بھیجا اَور کہا، ’جا اَور اُن بدکار لوگوں یعنی عمالیقیوں کو پُوری طرح تباہ کر؛ اَور جَب تک تُو اُنہیں تباہ نہ کر دے اُن سے جنگ کرتا رہ۔‘ 19تُونے یَاہوِہ کا حُکم کیوں نہ مانا؟ تُو لُوٹ کے مال پر کیوں ٹوٹ پڑا اَور یَاہوِہ کی نظر میں بدی کیوں کی؟“
20شاؤل نے شموایلؔ سے کہا، ”مَیں نے تو یَاہوِہ کا حُکم مانا اَورجو کام خُدا نے مُجھے سونپا تھا میں اُسے اَنجام دینے کے لیٔے گیا۔ مَیں نے عمالیقیوں کو پُوری طرح تباہ کر دیا ہے اَور اُن کے بادشاہ اَگاگؔ کو لے آیا ہُوں۔ 21اَور فَوجیوں نے لُوٹ کے مال سے بھیڑیں اَور گائے بَیل لے لیٔے چونکہ لُوٹ کے مال کا بہترین حِصّہ یَاہوِہ کے لیٔے مخصُوص تھا، اِس لیٔے وہ چاہتے ہیں کہ گِلگالؔ میں یَاہوِہ تمہارے خُدا کے حُضُور میں اُسے قُربان کریں۔“
22مگر شموایلؔ نے جَواب دیا:
”کیا یَاہوِہ سوختنی نذروں اَور ذبیحوں سے اِتنا ہی خُوش ہوتے ہیں
جِتنا اُس بات سے کہ یَاہوِہ کا حُکم مانا جائے؟
دیکھ حُکم ماَننا، قُربانی چڑھانے سے،
اَور کہنے کے مُطابق عَمل کرنا مینڈھوں کی چربی سے بہتر ہے۔
23کیونکہ بغاوت جادُوگری کے گُناہ کی مانند ہے،
اَور تکبُّر بُت پرستی کی بُرائی کی مانند ہے۔
اَور چونکہ تُم نے یَاہوِہ کے کلام کو نہیں مانا،
اِس لیٔے اُس نے بھی بطور بادشاہ تُجھے ردّ کر دیا ہے۔“
24تَب شاؤل نے شموایلؔ سے کہا، ”مَیں نے گُناہ کیا ہے۔ مَیں نے یَاہوِہ کے حُکم کی اَور آپ کی ہدایات کی خِلاف ورزی کی ہے۔ کیونکہ مَیں لوگوں سے ڈرتا تھا، اِس لیٔے مَیں نے اُن کی بات مان لی۔ 25اِس لئے اَب مَیں آپ کی مَنّت کرتا ہُوں کہ میرا گُناہ مُعاف کر دیں اَور میرے ساتھ واپس چلیں تاکہ میں یَاہوِہ کو سَجدہ کروں۔“
26لیکن شموایلؔ نے شاؤل سے کہا، ”مَیں تیرے ساتھ واپس نہیں جاؤں گا کیونکہ تُونے یَاہوِہ کے کلام کو ردّ کر دیا ہے اَور یَاہوِہ نے تُجھے بطور اِسرائیل کا بادشاہ ردّ کر دیا ہے۔“
27اَور جَیسے ہی شموایلؔ جانے کے لیٔے مُڑے شاؤل نے اُن کے جُبّہ کا دامن پکڑ لیا اَور وہ چاک ہو گیا۔ 28شموایلؔ نے اُن سے کہا، ”یَاہوِہ نے اِسرائیل کی بادشاہی تُجھ سے آج ہی چاک کرکے چھین لی اَور تیرے ایک پڑوسی کو جو تُجھ سے بہتر ہے دے دی ہے۔ 29وہ جو اِسرائیل کا جلال ہے وہ نہ تو جھُوٹ بولتا ہے اَور نہ اَپنا اِرادہ بدلتا ہے کیونکہ وہ کویٔی اِنسان نہیں ہے کہ اَپنا اِرادہ بدل دے۔“
30شاؤل نے جَواب دیا، ”مَیں نے گُناہ کیا ہے تو بھی مہربانی کرکے میرے لوگوں کے رہنماؤں کے سامنے اَور اِسرائیل کے سامنے میری عزّت رکھ لیں اَور میرے ساتھ واپس چلیں تاکہ میں یَاہوِہ آپ کے خُدا کو سَجدہ کر سکوں۔“ 31پس شموایلؔ شاؤل کے ساتھ واپس گئے اَور شاؤل نے یَاہوِہ کو سَجدہ کیا۔
32شموایلؔ نے کہا، ”عمالیقیوں کے بادشاہ اَگاگؔ کو میرے پاس لاؤ۔“
اَگاگؔ بڑی خُوشی کے ساتھ یہ سوچتا ہُوا آیا، ”یقیناً موت کی تلخی اَب گزر چُکی ہے۔“
33لیکن شموایلؔ نے کہا،
”جَیسے تیری تلوار نے عورتوں کو بے اَولاد کیا ہے،
وَیسے ہی تیری ماں بھی عورتوں میں بے اَولاد ہوگی۔“
اَور شموایلؔ نے گِلگالؔ میں یَاہوِہ کے حُضُور میں اَگاگؔ کو قتل کروا دیا۔
34تَب شموایلؔ رامہؔ چلےگئے لیکن شاؤل اَپنے گھر یعنی شاؤل کے گِبعہؔ کو چلا گیا۔ 35شموایلؔ مَرتے دَم تک شاؤل کو مِلنے نہ گیا حالانکہ شموایلؔ اُس کے لیٔے افسوس کرتا رہا اَور یَاہوِہ شاؤل کو اِسرائیل کا بادشاہ بنانے سے رنجیدہ ہُوا۔

موجودہ انتخاب:

1 شموایلؔ 15: UCV

سرخی

شئیر

کاپی

None

کیا آپ جاہتے ہیں کہ آپ کی سرکیاں آپ کی devices پر محفوظ ہوں؟ Sign up or sign in