1 تواریخ 29
29
بیت المُقدّس کی تعمیر کے واسطے نذریں
1اَور داویؔد بادشاہ نے ساری جماعت سے فرمایا، ”خُدا نے فقط میرے بیٹے شُلومونؔ کو مُنتخب کیا ہے اَور وہ ابھی لڑکا ہے اَور ناتجربہ کار ہے۔ یہ کام بڑا ہے کیونکہ یہ شاندار عمارت اِنسان کے لیٔے نہیں بَلکہ یَاہوِہ خُدا کے لیٔے ہے۔ 2اَور جہاں تک مُجھ سے بَن پڑا مَیں نے اَپنے خُدا کے بیت المُقدّس کے لیٔے سونے کی چیزوں کے لیٔے سونا اَور چاندی کی چیزوں کے لیٔے چاندی، کانسے کی چیزوں کے لیٔے کانسا، لوہے کی چیزوں کے لیٔے لوہا، لکڑی کی چیزوں کے لیٔے لکڑیاں بھی کثیر تعداد میں جمع کرلی ہیں۔ مَیں نے اِن کے علاوہ عقِیق پتّھر اَور باقی بیش قیمتی پتّھر اَور پچّی کاری کے لیٔے رنگ برنگے کے سنگِ سُلیمانی اَور ہر قِسم کے بیش قیمت فیروزہ اَور سنگِ مرمر بکثرت فراہم کیا ہے۔ 3اِن سَب کے علاوہ میرے خُدا کے بیت المُقدّس میں میرا دِل لگے رہنے کی وجہ سے اَپنے خُود کے خزانے میں سے سونے اَور چاندی، میں اَپنے خُدا کے بیت المُقدّس کے واسطے دے رہا ہُوں۔ یہ اُن سَب چیزوں کے علاوہ ہیں جو مَیں نے پہلے ہی سے اُس بیت المُقدّس کے لیٔے مُہیّا کی ہیں۔ 4یعنی ایک لاکھ کِلو اوفیرؔ کا سونا اَور دو لاکھ پینتیس ہزار کِلو خالص چاندی، اَپنے خُدا کے بیت المُقدّس کی دیواروں پر منڈھنے کے لیٔے، 5یہ سَب سونے اَور چاندی سے بننے والی دیگر اَشیا کے لیٔے دیتا ہُوں جو ماہر کاریگروں سے بنوائے جایٔیں گے۔ پس آپ لوگوں میں سے اَپنی دِلی خُوشی سے یَاہوِہ کے لیٔے مخصُوص کرنے کے واسطے نذرانے لانے کے لئے کون تیّار ہے؟“
6تَب آبائی خاندانوں کے سرداروں اَور بنی اِسرائیل کے قبیلوں کے سرداروں، ہزاروں اَور سینکڑوں فَوجی دستوں کے سرداروں اَور شاہی کام کے نِگران منصبداروں نے اَپنی خُوشی سے آمادگی ظاہر کی۔ 7اَور خُدا کے بیت المُقدّس کے کام کے لیٔے بنی اِسرائیل نے ایک سَو ستّر ٹن سونا اَور دس ہزار دِرہم#29:7 دس ہزار دِرہم تقریباً 84 کِلو سونے کے سِکّے؛ تین سو چالیس ٹن چاندی، چھ سو دس ٹن کانسے اَور تین ہزار چار سَو ٹن لوہا نذرانے میں دیا۔ 8اَور جِن کے پاس جواہر پتّھر تھے اُنہُوں نے اَپنے جواہر گیرشونی یحی ایل کے ہاتھ میں یَاہوِہ کے بیت المُقدّس کے خزانے کے لیٔے دے دئیے۔ 9لوگ بڑے خُوش ہُوئے کہ اُن کے سرداروں نے اَپنی دِلی خُوشی اَور پُوری رضامندی سے یَاہوِہ کے لیٔے دیا۔ اَور داویؔد بادشاہ بھی نہایت شادمان ہُوئے۔
داویؔد کی دعا
10تَب داویؔد نے تمام جماعت کی مَوجُودگی میں یہ کہتے ہُوئے یَاہوِہ کی تعریف کی،
”اَے یَاہوِہ ہمارے باپ اِسرائیل کے خُدا،
آپ کی حَمد و سِتائش ابدُالآباد ہوتی رہے۔
11اَے یَاہوِہ، عظمت، قُدرت،
جلال، شان و شوکت،
یعنی آسمان اَور زمین کی ہر چیز آپ ہی کا ہے۔
اَے یَاہوِہ بادشاہی بھی آپ ہی کی ہے؛
اَور بطور حاکم آپ ہی سَب پر سرفراز ہیں۔
12اَور دولت اَور عزّت آپ کی طرف سے آتی ہیں؛
اَور آپ ہی سَب چیزوں پر حُکمران ہیں۔
اِختیار اَور قُدرت آپ ہی کے ہاتھ میں ہیں،
اَور سَب کو توانائی اَور سرفرازی آپ ہی بخشتے ہیں۔
13اِس لئے اَے ہمارے خُدا، ہم آپ کے شُکر گذار ہیں،
اَور آپ کے جلالی نام کی تعریف کرتے ہیں۔
14”لیکن مَیں کون ہُوں اَور میرے لوگ کیا ہیں کہ اِس طرح فراخدلی سے دینے کے قابل ہوں؟ کیونکہ سَب چیزیں آپ ہی کی طرف سے ملتی ہیں اَورجو کچھ آپ کے ہاتھ سے ہمیں ملتا ہے اُسی میں سے ہم نے دیا ہے۔ 15کیونکہ ہم آپ کی نظر میں پردیسی اَور مُسافر ہیں جَیسے ہمارے آباؤاَجداد تھے اَور ہمارے دِن رُوئے زمین پر سایہ کی مانند بے قِیام ہیں۔ 16اَے یَاہوِہ ہمارے خُدا، یہ ساری چیزیں جو ہم نے جمع کی ہیں اِس لیٔے ہیں کہ آپ کے پاک نام کے لیٔے ایک بیت المُقدّس کی تعمیر کیا جائے۔ یہ ہمیں آپ ہی کے ہاتھ سے مِلی ہیں اَور اِن سَب کے مالک آپ ہی ہیں۔ 17اَے میرے خُدا، میں یہ بھی جانتا ہُوں کہ آپ دِل کو جانچتے ہیں اَور دیانتداری میں آپ کی خُوشنودی ہے۔ مَیں نے یہ تمام چیزیں اَپنی صدق دِلی اَور نیک نیّت سے دی ہیں اَور مُجھے یہ دیکھ کر بڑی مسرّت حاصل ہُوئی ہے کہ آپ کے لوگ جو یہاں حاضِر ہیں یہ سَب کچھ اَپنی خُوشی سے دے رہے ہیں۔ 18اَے یَاہوِہ، ہمارے آباؤاَجداد اَبراہامؔ، اِصحاقؔ اَور اِسرائیل کے خُدا، اَپنے لوگوں کے دِل میں یہ خواہش ہمیشہ قائِم رکھیں تاکہ اُن کے دِل ہمیشہ آپ کی طرف مائل رہیں 19اَور میرے بیٹے شُلومونؔ کو اَیسا کامل دِل عطا کریں کہ وہ آپ کے اَحکام، رسمیں اَور قوانین پر عَمل کرے اَور اِس عظیم بیت المُقدّس کی تعمیر کرائے جِس کے لیٔے مَیں نے یہ سَب تیّاری کی ہے۔“
20تَب داویؔد نے تمام جماعت سے فرمایا کہ، ”یَاہوِہ اَپنے خُدا کو مُبارک کہو۔“ تَب سَب نے یَاہوِہ اَپنے آباؤاَجداد کے خُدا کی حَمد و تعریف کی اَور سَر جھُکا کر یَاہوِہ اَور بادشاہ کے آگے سَجدہ کیا۔
شُلومونؔ کا بادشاہ تسلیم کیاجانا
21اَور اگلے دِن اُنہُوں نے یَاہوِہ کو ذبیحوں کی قُربانیاں اَور سوختنی نذریں گذرانیں یعنی ایک ہزار بَیل، ایک ہزار نر مینڈھے اَور ایک ہزار برّے اَور مے کی مشروبات نذر کے طور پر گذرانیں اَور بکثرت دیگر قُربانیاں گذرانی جو سارے اِسرائیل کے لیٔے تھیں۔ 22اَور اُنہُوں نے اُس دِن بڑی خُوشی کے ساتھ یَاہوِہ کی حُضُوری میں کھایا پیا۔
تَب اُنہُوں نے دُوسری مرتبہ داویؔد کے بیٹے شُلومونؔ کو بطور بادشاہ تسلیم کیا اَور اُسے حُکمران ہونے کے لئے صدُوقؔ کو کاہِنؔ ہونے کے لئے یَاہوِہ کی حُضُوری میں مَسح کیا۔ 23تَب شُلومونؔ یَاہوِہ کے تخت پر اَپنے باپ داویؔد کی جگہ بطور بادشاہ تخت نشین ہُوئے۔ وہ بڑے اِقبالمند ہُوئے اَور سارا اِسرائیل اُن کا مطیع ہُوا۔ 24تمام افسران اَور سُورماؤں، نیز داویؔد بادشاہ کے سَب بیٹوں نے شُلومونؔ بادشاہ کی اِطاعت کرنے کا عہد کیا۔
25یَاہوِہ نے سارے اِسرائیل کی نظر میں شُلومونؔ کو بڑی سرفرازی بخشی اَور اُسے اَیسی شاہانہ شان و شوکت عطا کی جو اُس سے پہلے اِسرائیل میں کسی بادشاہ کو نصیب نہ ہوئی تھی۔
داویؔد بادشاہ کی وفات
26اَور داویؔد بِن یِشائی سارے اِسرائیل کے بادشاہ تھے۔ 27داویؔد نے چالیس بَرس تک اِسرائیل پر حُکمرانی کی یعنی سات سال حِبرونؔ میں اَور تینتیس سال یروشلیمؔ میں، 28اَور داویؔد نے خُوب عمر رسیدہ ہوکر اَور دولت اَور عزّت سے آسُودہ ہوکر وفات پائی اَور اُس کا بیٹا شُلومونؔ بطور بادشاہ اُس کا جانشین ہُوا۔
29اَور داویؔد بادشاہ کے دَورِ حُکومت کے شروع سے لے کر آخِر تک کے اہم واقعات غیب بین شموایلؔ نبی کی تاریخ میں، ناتنؔ نبی کی تاریخ میں اَور غیب بین گادؔ کی تاریخ میں قلم بند ہیں۔ 30یعنی اُن کی حُکومت اَور طاقت اَور اُن کے اَور اِسرائیل کے گِردوپیش کے واقعات اَور تمام دیگر مملکتوں کے حالات اُن میں تفصیل سے مندرج ہیں۔
موجودہ انتخاب:
1 تواریخ 29: UCV
سرخی
شئیر
کاپی
کیا آپ جاہتے ہیں کہ آپ کی سرکیاں آپ کی devices پر محفوظ ہوں؟ Sign up or sign in
اُردو ہم عصر ترجُمہ™، کِتاب مُقدّس
حق اِشاعت © 1999، 2005، 2022، 2024 Biblica, Inc.
کی اِجازت سے اِستعمال کیا جاتا ہے۔
دُنیا بھر میں تمام حق محفوظ۔
Holy Bible, Urdu Contemporary Version™
Copyright © 1999, 2005, 2022, 2024 by Biblica, Inc.
Used with permission.
All rights reserved worldwide.