2 تواریخ 1
1
شُلومونؔ کا حِکمت طلب کرنا
1اَور شُلومونؔ بِن داویؔد نے اَپنی مملکت میں مضبُوطی سے اَپنا تسلُّط قائِم کر لیا کیونکہ یَاہوِہ اُن کے خُدا اُن کے ساتھ تھے اَور یَاہوِہ نے شُلومونؔ کو بے اِنتہا عظمت عطا فرمائی۔
2اَور شُلومونؔ نے تمام اِسرائیل یعنی ہزاروں اَور سینکڑوں فَوجی دستوں کے سالاروں، قاضیوں اَور تمام اِسرائیل کے سربراہوں سے جو آبائی خاندانوں کے سردار تھے باتیں کیں۔ 3اَور شُلومونؔ ساری جماعت سمیت گِبعونؔ کے اُونچے مقام کی طرف روانہ ہُوئے کیونکہ خُدا کا خیمہ اِجتماع وہیں تھا جسے یَاہوِہ کے خادِم مَوشہ نے بیابان میں تعمیر کیا تھا۔ 4لیکن خُدا کے صندُوق کو داویؔد قِریت یعریمؔ سے اُس مقام میں اُٹھا لائے تھے جو اُنہُوں نے صندُوق کے لئے تیّار کیا تھا کیونکہ داویؔد نے اُس کے لئے یروشلیمؔ میں ایک خیمہ کھڑا کیا تھا۔ 5لیکن کانسے کا وہ مذبح جسے بصل ایل بِن اوری بِن حُورؔ نے گِبعونؔ میں تعمیر کروایا تھا وہیں یَاہوِہ کے خیمہ اِجتماع کے آگے ہی تھا۔ پس شُلومونؔ اَور ساری جماعت نے اِس سے یَاہوِہ کی مرضی دریافت کی۔ 6اَور شُلومونؔ وہاں کانسے کے مذبح کے پاس یَاہوِہ کے حُضُور آئے جہاں خیمہ اِجتماع تھا اَور اُس پر ایک ہزار سوختنی نذریں گذرانیں۔
7اُسی رات خُدا شُلومونؔ پر ظاہر ہُوئے، اَور اُن سے فرمایا کہ مانگو، جو کچھ تُم چاہتے ہو، ”میں تُمہیں دُوں اُسے مانگو۔“
8شُلومونؔ نے خُدا سے اِلتجا کی، ”آپ نے میرے باپ داویؔد پر بڑی مہربانی کی اَور مُجھے اُن کی جگہ بادشاہ بنایا۔ 9اَب اَے یَاہوِہ! جو وعدہ آپ نے میرے باپ داویؔد سے کیا تھا اُس کی تصدیق کریں کیونکہ آپ نے مُجھے ایک اَیسی قوم کا بادشاہ بنایا ہے جو زمین کی خاک کے ذرّوں کی طرح کثرت سے ہے۔ 10چنانچہ مُجھے حِکمت و علم عنایت کریں، تاکہ میں اِس قوم کی رہنمائی کر سکوں کیونکہ آپ کی اِس عظیم قوم پر کون حُکومت کر سَکتا ہے؟“
11تَب خُدا نے شُلومونؔ سے فرمایا، ”چونکہ یہ تمہاری دِلی تمنّا ہے اَور تُم نے نہ تو دولت، نہ مال، نہ عزّت، نہ اَپنے دُشمنوں کی موت مانگی اَور نہ عمر کی درازی طلب کی بَلکہ میری قوموں پر جِن پر مَیں نے تُمہیں بادشاہ بنایا ہے حُکمرانی کرنے کے لیٔے حِکمت و علم مانگا ہے، 12اِس لیٔے حِکمت و علم تُمہیں عطا کی جائے گی اَور مَیں تُمہیں مال و دولت اَور عزّت بھی بخشوں گا، اِس قدر کہ نہ تُم سے پہلے کسی بادشاہ کو کبھی نصیب ہُوئی اَور نہ تمہارے بعد کسی کو نصیب ہوگی۔“
13پھر شُلومونؔ گِبعونؔ کے اُونچے ٹیلے سے یعنی خیمہ اِجتماع کے آگے سے یروشلیمؔ کو واپس لَوٹ آئے اَور اِسرائیل پر حُکومت کرنے لگے۔
14اَور شُلومونؔ نے رتھ اَور گھوڑے جمع کئے۔ یُوں اُن کے پاس ایک ہزار چار سَو رتھ اَور بَارہ ہزار گھوڑے تھے جنہیں بادشاہ نے رتھ کے شہروں میں اَور یروشلیمؔ میں اَپنے پاس بھی رکھا۔ 15اَور بادشاہ نے یروشلیمؔ میں چاندی اَور سونے کو پتّھروں کی مانند عام کر دیا اَور دیودار کو دامن کوہِ کے گُولر کے درختوں کو اَنجیر کے درختوں کی طرح فراواں کر دیا۔ 16شُلومونؔ کے گھوڑے مِصر اَور کِلکِیؔہ سے درآمد کئے جاتے تھے۔ شاہی سوداگر اُنہیں کِلکِیؔہ سے مَوجُودہ قیمت پر خریدتے تھے۔ 17وہ مِصر سے ایک رتھ چاندی کے چھ سَو ثاقل#1:17 چھ سَو ثاقل تقریباً 7 کِلوگرام میں اَور ایک گھوڑا ایک سَو پچاس ثاقل#1:17 ایک سَو پچاس ثاقل یعنی ایک کِلو سات سو گرام میں مِصر سے درآمد کرتے تھے اَور اُنہیں حِتّیوں اَور ارامیوں کے تمام بادشاہوں کو بھی برآمد کرتے تھے۔
موجودہ انتخاب:
2 تواریخ 1: UCV
سرخی
شئیر
کاپی
کیا آپ جاہتے ہیں کہ آپ کی سرکیاں آپ کی devices پر محفوظ ہوں؟ Sign up or sign in
اُردو ہم عصر ترجُمہ™، کِتاب مُقدّس
حق اِشاعت © 1999، 2005، 2022، 2024 Biblica, Inc.
کی اِجازت سے اِستعمال کیا جاتا ہے۔
دُنیا بھر میں تمام حق محفوظ۔
Holy Bible, Urdu Contemporary Version™
Copyright © 1999, 2005, 2022, 2024 by Biblica, Inc.
Used with permission.
All rights reserved worldwide.