1 تواریخ 22
22
1تَب داویؔد نے فرمایا، ”یہی یَاہوِہ خُدا کا بیت المُقدّس اَور اِسرائیل کی سوختنی نذر کی قُربانی کا مذبح ہے۔“
بیت المُقدّس کی تعمیر کے لیٔے تیّاریاں
2اَور داویؔد نے مُلک اِسرائیل میں رہنے والے پردیسیوں کو جمع کرنے کا حُکم دیا اَور اُن میں جتنے سنگ تراش تھے داویؔد نے اُنہیں خُدا کے گھر کی تعمیر کے لیٔے پتّھر تراشنے کے کام پر مُقرّر کیا۔ 3اَور داویؔد نے دروازوں کے کواڑوں کی کیلوں اَور قبضوں کے لیٔے بہت سا لوہا فراہم کیا اَور کانسے بھی جِس کا وزن کرنا مُشکل تھا۔ 4داویؔد نے دیودار کی بے شُمار لکڑی بھی فراہم کیں کیونکہ صیدونی اَور صُوری کثرت سے اُنہیں داویؔد کے پاس لاتے رہتے تھے۔
5اَور داویؔد نے کہا، ”میرا بیٹا شُلومونؔ کمسِن اَور ناتجربہ کار ہے اَور یَاہوِہ کے لیٔے تعمیر کیا جانے والا گھر نہایت ہی شاندار ہونا چاہئے تاکہ سَب ممالک میں اُس کی شہرت اَور نام ہو۔“ اِس لیٔے میں شُلومونؔ کے لیٔے سارا سامان تیّار رکھوں گا۔ چنانچہ داویؔد نے اَپنی وفات سے پیشتر خُوب تیّاری کی۔
6تَب داویؔد نے اَپنے بیٹے شُلومونؔ کو بُلایا اَور یَاہوِہ، اِسرائیل کے خُدا کے لیٔے ایک گھر تعمیر کرنے کا کام اُس کے سُپرد کیا۔ 7داویؔد نے شُلومونؔ سے فرمایا: ”میری دِلی تمنّا تھی کہ یَاہوِہ اَپنے خُدا کے نام کے لیٔے ایک گھر تعمیر کروں؛ 8لیکن مُجھے یَاہوِہ کا یہ کلام پہُنچا، ’تُم نے بہت خُون بہایا ہے اَور بہت سِی جنگیں لڑی ہیں۔ اِس لیٔے تُم میرے نام کے لیٔے گھر نہ بنانا۔ تُم نے زمین پر میرے سامنے بہت خُونریزی کی ہے۔ 9لیکن تمہارا بیٹا جو مَرد صُلح ہوگا اَور مَیں اُسے چاروں طرف کے دُشمنوں سے امان بخشوں گا۔ اُس کا نام شُلومونؔ#22:9 شُلومونؔ یعنی سلامتی سے مُناسبت ہوگا اَور مَیں اُس کے دَورِ حُکومت میں اِسرائیل کو اَمن و سلامتی بخشوں گا۔ 10اَور وُہی میرے نام کے لیٔے ایک گھر تعمیر کرےگا۔ وہ میرا بیٹا ہوگا اَور مَیں اُس کا باپ ہوں گا۔ اَور مَیں بنی اِسرائیل پر اُس کی بادشاہی کا تخت اَبد تک قائِم رکھوں گا۔‘
11”اَب اَے میرے بیٹے، یَاہوِہ تمہارے ساتھ رہیں اَور تُم اِقبالمند ہو اَور یَاہوِہ اَپنے خُدا کا گھر بناؤ جَیسا کہ یَاہوِہ نے تمہارے حق میں فرمایاہے۔ 12میری دعا ہے کہ یَاہوِہ تُمہیں شعور و فہم عطا کریں جَب وہ تُمہیں بنی اِسرائیل پر حُکمرانی بخشیں تاکہ تُم یَاہوِہ اَپنے خُدا کے آئین کے پابند رہو۔ 13تَب تُم اِقبالمند ہوگے بشرطیکہ تُم اُن قوانین اَور آئین پرجو یَاہوِہ نے مَوشہ کو اِسرائیل کے لیٔے دئیے احتیاط کے ساتھ عَمل کرو۔ چنانچہ مضبُوط ہو جاؤ اَور حوصلہ رکھو اَور خوف نہ کرو اَور ہِراساں نہ ہو۔
14”دیکھو مَیں نے بڑی محنت اَور کوشش سے یَاہوِہ کے بیت المُقدّس کے لیٔے تین ہزار چار سَو ٹن سونا، چونتیس ہزار ٹن چاندی اَور بے شُمار کانسے اَور لوہا جمع کر رکھا ہے۔ کیونکہ وہ کثرت سے ہیں اَور لکڑی اَور پتّھر بھی مَیں نے تیّار کئے ہیں اَور تُم اُنہیں اَور بڑھا سکتے ہو۔ 15اَور تمہارے پاس بہت سے کاریگر مثلاً پتّھر کاٹنے والے، مِعمار، بڑھئی، نیز ہر قِسم کے ماہر فنکار مَوجُود ہیں۔ 16سونا، چاندی، کانسے اَور لوہے میں بھی صنعت کاروں کی کثرت ہے۔ اَب اُٹھو اَور کام شروع کر دو اَور یَاہوِہ تمہارے ساتھ رہیں۔“
17پھر داویؔد نے اِسرائیل کے سَب سرداروں کو اَپنے بیٹے شُلومونؔ کی مدد کرنے کا حُکم دیا۔ 18اُس نے اُنہیں حُکم دیا، ”کیا یَاہوِہ تمہارے خُدا تمہارے ساتھ نہیں ہیں؟ اَور کیا اُنہُوں نے تُمہیں چاروں طرف سے آرام نہیں دیا ہے؟ کیونکہ یَاہوِہ نے اِس مُلک کے اصلی باشِندوں کو میرے ہاتھ میں کر دیا ہے اَور مُلک یَاہوِہ اَور اُن کے لوگوں کا محکُوم ہے۔ 19چنانچہ اَب تُم دِل و جان سے یَاہوِہ اَپنے خُدا کی جُستُجو میں لگ جاؤ اَور یَاہوِہ خُدا کا پاک مَقدِس بنانا شروع کر دو تاکہ تُم یَاہوِہ کے عہد کے صندُوق کو اَور خُدا سے متعلّق پاک اَشیا کو اُس بیت المُقدّس میں لا سکو جو یَاہوِہ کے نام کے لیٔے تعمیر ہوگی۔“
موجودہ انتخاب:
1 تواریخ 22: UCV
سرخی
شئیر
کاپی
کیا آپ جاہتے ہیں کہ آپ کی سرکیاں آپ کی devices پر محفوظ ہوں؟ Sign up or sign in
اُردو ہم عصر ترجُمہ™، کِتاب مُقدّس
حق اِشاعت © 1999، 2005، 2022، 2024 Biblica, Inc.
کی اِجازت سے اِستعمال کیا جاتا ہے۔
دُنیا بھر میں تمام حق محفوظ۔
Holy Bible, Urdu Contemporary Version™
Copyright © 1999, 2005, 2022, 2024 by Biblica, Inc.
Used with permission.
All rights reserved worldwide.