YouVersion Logo
تلاش

1 تواریخ 21

21
داویؔد کا جنگجو مَردوں کا شُمار کرنا
1اِسرائیل کے خِلاف شیطان اُٹھ کھڑا ہُوا اَور اُس نے اِسرائیل کی مردُم شماری کرنے کے لیٔے داویؔد کو اُکسایا۔ 2چنانچہ داویؔد نے یُوآبؔ سے اَور فَوج کے سپہ سالاروں سے فرمایا، ”جاؤ بیرشبعؔ سے لے کر دانؔ تک اِسرائیل کی مردُم شماری کرو اَور پھر واپس مُجھے اِطّلاع دو تاکہ مُجھے مَعلُوم ہو کہ وہ تعداد میں کتنے ہیں۔“
3تَب یُوآبؔ نے کہا، ”یَاہوِہ اَپنے لوگوں کی تعداد جِتنی بھی ہے اُس سے سَو گُنا زِیادہ کرے۔ لیکن اَے میرے آقا بادشاہ کیا وہ سَب کے سَب میرے آقا کی رعِیّت نہیں ہیں؟ پھر میرے آقا اَیسا کیوں کرنا چاہتے ہیں؟ وہ اِسرائیل کے لیٔے خطا کا باعث کیوں بنے؟“
4تاہم بادشاہ نے اَپنے فرمان سے یُوآبؔ کے اِعتراض کو مُسترد کر دیا۔ لہٰذا یُوآبؔ رخصت ہُوا اَور تمام اِسرائیل میں ہر جگہ گھُوم پھر کر واپس یروشلیمؔ لَوٹ آیا 5اَور یُوآبؔ نے جنگجو مَردوں کی تعداد داویؔد کو بتایٔی۔ اَور تمام اِسرائیل میں گیارہ لاکھ شمشیر زن مَرد مَوجُود تھے جِن میں یہُوداہؔ کے چار لاکھ ستّر ہزار شمشیر زن مَرد بھی شامل تھے۔
6لیکن یُوآبؔ نے اِس مردُم شماری میں بنی لیوی اَور بنی بِنیامین کو شامل نہ کیا کیونکہ بادشاہ کا فرمان اُس کے نزدیک نامُناسب تھا۔ 7یہ خُدا کی نظر میں بھی بُرا تھا اِس لیٔے خُدا نے اِسرائیل کو سزا دی۔
8تَب داویؔد نے خُدا سے دعا کی، ”مُجھ سے بڑا سنگین گُناہ ہُوا، مَیں نے اَیسا کام کیا۔ اَب مَیں آپ کی مِنّت کرتا ہُوں کہ اَپنے خادِم کا سنگین گُناہ دُور کر دیں کیونکہ مَیں نے یہ بڑی حماقت کی ہے۔“
9اَور یَاہوِہ نے داویؔد کے غیب بین گادؔ سے فرمایا، 10”جا اَور داویؔد کو بتا، ’یَاہوِہ یُوں فرماتے ہیں کہ مَیں تیرے سامنے تین بَلائیں لاتا ہُوں۔ اُن میں سے ایک چُن لے جسے مَیں تُجھ پر نازل کروں۔‘ “
11تَب گادؔ نے داویؔد کے پاس جا کر فرمایا، ”یَاہوِہ یُوں فرماتے ہیں: ’آپ جسے چاہیں اُسے مُنتخب کر لیں: 12یا تو قحط کے تین بَرس یا تمہارے دُشمنوں کی تلواریں تین بَرس تک تمہارا پیچھا کرتی رہیں اَور تُم اُن کے آگے بھاگتے پھرو یا تین دِن تک یَاہوِہ کی تلوار یعنی مُلک میں وَبا پھیلی رہے اَور یَاہوِہ کا فرشتہ اِسرائیل کے ہر حِصّہ میں تباہی مچاتا رہے۔‘ اَب سوچ لو کہ مَیں اَپنے بھیجنے والے کو کیا جَواب دُوں۔“
13داویؔد نے گادؔ سے کہا، ”میں بڑی مُصیبت میں پھنس گیا ہُوں۔ مُجھے یَاہوِہ ہی کے ہاتھوں میں پڑنے دے کیونکہ وہ بڑے ہی رحیم ہیں۔ لیکن مُجھے آدمیوں کے ہاتھوں میں پڑنا منظُور نہیں۔“
14تَب یَاہوِہ نے اِسرائیل میں وَبا بھیجی اَور اِسرائیل کے ستّر ہزار لوگ مَر گیٔے۔ 15اَور یَاہوِہ نے ایک فرشتہ کو بھیجا کہ یروشلیمؔ کو تباہ کر ڈالے۔ لیکن جَب فرشتہ یہ کام کرنے لگا تو یَاہوِہ اُس تباہی کو دیکھ کر ملُول ہُوئے اَور اُنہُوں نے اُس فرشتہ سے جو لوگوں کو ہلاک کر رہاتھا فرمایا، ”بس کر، اَپنا ہاتھ روک لے!“ یَاہوِہ کا فرشتہ اُس وقت یبُوسی اُرنانؔ کے کھلیان کے پاس کھڑا تھا۔
16اَور داویؔد نے اُوپر نگاہ کی تو دیکھا کہ یَاہوِہ کا فرشتہ آسمان اَور زمین کے درمیان کھڑا ہے اَور ایک شمشیرِ برہنہ اُس کے ہاتھ میں ہے جو یروشلیمؔ کی طرف بڑھی ہُوئی ہے۔ تَب داویؔد اَور بُزرگ ٹاٹ اوڑھے ہُوئے مُنہ کے بَل سَجدہ میں گِرے۔
17اَور داویؔد نے خُدا سے کہا، ”کیا وہ مَیں ہی نہیں تھا جِس نے جنگجو مَردوں کے گنے جانے کا حُکم دیا تھا؟ گُناہ تو مَیں نے کیا ہے، خطا تو مُجھ چرواہے سے ہُوئی ہے۔ اَور یہ تو محض بھیڑیں ہیں؟ اُنہُوں نے کیا کیا ہے؟ اَے یَاہوِہ میرے خُدا! آپ کا ہاتھ میرے اَور میرے خاندان کے خِلاف اُٹھے لیکن اِس وَبا کو اَپنے لوگوں کے درمیان سے اُٹھا لیں۔“
داویؔد کا ایک مذبح بنایا جانا
18تَب یَاہوِہ کے فرشتہ نے گادؔ کو حُکم دیا کہ جا اَور داویؔد سے کہہ کہ وہ یبُوسی اُرنانؔ کے کھلیان میں یَاہوِہ کے لیٔے ایک مذبح بنائے۔ 19تَب داویؔد نے یَاہوِہ کے اُس حُکم کے مُطابق جو اُسے گادؔ کے ذریعہ دیا گیا تھا وہاں روانہ ہُوا۔
20اُس وقت اُرنانؔ گیہُوں کی بالوں میں سے دانے نکال رہاتھا۔ جَب وہ مُڑا تو اُس نے بھی فرشتہ کو دیکھا۔ اُس کے چاروں بیٹے جو اُس کے ساتھ تھے چھُپ گیٔے۔ 21تَب داویؔد اُرنانؔ کے پاس پہُنچے اَور جَب ارنانؔ نے نگاہ کی اَور داویؔد کو دیکھا تو وہ کھلیان چھوڑکر داویؔد کے سامنے آکر زمین پر مُنہ کے بَل گرا۔
22تَب داویؔد نے اُرنانؔ سے کہا، ”اَپنے کھلیان کی یہ جگہ مُجھے دے دے۔ میں چاہتا ہُوں کہ یہاں یَاہوِہ کے لیٔے ایک مذبح بناؤں تاکہ لوگ وَبا سے نَجات پائیں۔ اِسے مُجھے فروخت کر۔ میں پُوری قیمت دینے کو تیّار ہُوں۔“
23اُرنانؔ نے داویؔد سے کہا، ”تُم اِسے لے لو اَور میرے آقا بادشاہ جَیسے آپ کو پسند ہو کریں۔ دیکھیں میں اِن بَیلوں کو سوختنی نذروں کے لیٔے، گاہنے کا اوزار ایندھن کے لیٔے اَور گیہُوں اناج کی نذر کے لیٔے بِلا قیمت دُوں گا۔“
24لیکن داویؔد بادشاہ نے اُرنانؔ کو جَواب دیا، ”کہ نہیں، میں تو پُوری قیمت اَدا کرکے ہی رہُوں گا کیونکہ جو تمہارا ہے اُسے میں یَاہوِہ کے لیٔے ہرگز مُفت نہ لُوں گا۔ اَور نہ ہی اَیسی سوختنی نذر گذرانوں گا جِس پر میرا کچھ بھی خرچ نہ ہُوا ہو۔“
25چنانچہ داویؔد نے اُرنانؔ کو اُس کھلیان کے لیٔے سات کِلو سونا دیا۔ 26اَور داویؔد نے وہاں یَاہوِہ کے لیٔے مذبح بنایا اَور آتِشی قُربانیاں اَور سلامتی کی نذریں گذرانیں اَور اُنہُوں نے یَاہوِہ سے دعا کی اَور یَاہوِہ نے اُس کی دعا کے جَواب میں آسمان پر سے سوختنی نذر کی قُربانی کے مذبح پر آگ نازل فرمائی۔
27اَور یَاہوِہ نے اُس فرشتہ کو حُکم دیا اَور اُس نے اَپنی تلوار پھر مِیان میں رکھ لی۔ 28اُس وقت داویؔد نے یہ دیکھ کر کہ یَاہوِہ نے یبُوسی اُرنانؔ کے کھلیان ہی میں اُس کی دعا سُن لی ہے اُس نے وہیں قُربانی گذرانی۔ 29کیونکہ اُس وقت یَاہوِہ کا مَسکن جسے مَوشہ نے بیابان میں بنایا تھا اَور سوختنی نذر کی قُربانی کا مذبح گِبعونؔ کی اُونچی جگہ پر تھا۔ 30لیکن داویؔد خُدا کو سَجدہ کرنے کے لیٔے اُوپر نہ جا سکے کیونکہ وہ یَاہوِہ کے فرشتہ کی تلوار کے سبب سے خوفزدہ تھے۔

موجودہ انتخاب:

1 تواریخ 21: UCV

سرخی

شئیر

کاپی

None

کیا آپ جاہتے ہیں کہ آپ کی سرکیاں آپ کی devices پر محفوظ ہوں؟ Sign up or sign in