YouVersion Logo
Search Icon

1 تِیمُتھِیُس 5

5
بِیوہ، بُزرگ اَور غُلام
1کسی عمر رسیدہ شخص کو سختی سے نہ ڈانٹنا، بَلکہ اُسے اَپنا باپ سمجھ کر نصیحت دے اَور جوانوں کو بھائیوں کی طرح سمجھا۔ 2اَور بُزرگ عورتوں کو ماں اَور جَوان خواتین کو پاکیزگی سے بہن جان کر سمجھا۔
3اُن بیواؤں کی جو سچ مُچ ضروُرت مند ہیں، اُن کی مُناسب دیکھ بھال کر۔ 4اَور اگر کسی بِیوہ کے لڑکے یا پوتے ہوں تو اُن کی پہلی ذمّہ داری اَپنے گھر والوں کے تئیں اَپنا فرائض پہچانتے ہوئے خُدا کا بندہ بننا سیکھیں اِس طرح اَپنے والدین اَور دادا دادی کے حق ادا کرنا سیکھیں کیونکہ یہ خُدا کی نظر میں پسندِیدہ ہے۔
5جو عورت واقعی ضروُرت مند بِیوہ ہے اَور اُس کا کویٔی نہیں ہے اَور وہ خُدا پر اُمّید رکھتی ہے، اَور رات دِن خُدا کے ساتھ دعاؤں اَور اِلتجاؤں میں مشغُول رہتی ہے۔ 6لیکن جو بِیوہ عیّاشی میں زندگی گزارتی ہے وہ جیتے جی مُردہ ہے۔ 7اِن ہدایات کو لوگوں کو دے تاکہ کویٔی اُن پر کھُلے عام اُنگلی نہ اُٹھا سکے۔ 8جو شخص اَپنے عزیزوں کی، اَور خاص کر اَپنے گھرانے کی خبرگیری نہیں کرتا، تو وہ ایمان کا مُنکر ہے اَور بےاِعتقادوں سے بھی بَدتر ہے۔
9جِس بِیوہ کی عمر ساٹھ بَرس سے زِیادہ ہو اُسی کا نام بیواؤں کی فہرست میں درج کیا جائے اَور لازِم ہے کہ وہ ایک ہی شوہر کی بیوی رہی ہو۔ 10اَور وہ نیک کام کرنے میں مشہُور رہی ہو، اَور اُس نے اَپنے بچّوں کی تربّیت کی ہو، پردیسیِوں کی مہمان نوازی کی ہو، مُقدّسین کے پاؤں دھوئے ہوں، مُصیبت زدوں کی مدد کی ہو اَور ہر نیک کام کرنے میں مشغُول رہی ہو۔
11مگر جَوان بیواؤں کو اِس فہرست میں شامل نہ کرنا کیونکہ جَب اُن کی جِسمانی خواہشات اُن پر غالب آتی ہیں تو وہ المسیؔح سے دُور ہوکر پھر سے بیاہ کرنا چاہتی ہیں۔ 12یُوں وہ خُود سزا کے لائق ٹھہرتی ہیں کیونکہ اُنہُوں نے المسیؔح سے کیٔے گیٔے اَپنے پہلے عہد کو توڑ دیا۔ 13اِس کے علاوہ وہ کاہل ہو جاتی ہیں اَور گھر گھر پِھرتی رہتی ہیں، وہ نہ صِرف کاہل بَن جاتی ہیں بَلکہ بَک بَک کرتی رہتی ہیں اَور دُوسروں کے مُعاملوں میں دخل دیتی ہیں اَور فالتو باتیں کرتی رہتی ہیں۔ 14اِس لیٔے میں جَوان بیواؤں کو مشورہ دیتا ہُوں کہ وہ بیاہ کریں، اُن کے اَولاد ہوں، اَور اَپنا گھر بار سنبھالیں اَور کسی مُخالف کو موقع نہ دیں کہ وہ اُنہیں بدنام کرتا پھرے۔ 15اصل میں بعض بیوائیں گُمراہ ہوکر شیطان کی پیروی کرنے لگی ہیں۔
16اگر کسی مومِن خاتُون کے گھر میں بیوائیں ہوں تو وہ اُن کی مدد کرے تاکہ جماعت پر اُن کا بوجھ نہ پڑے تاکہ جماعت اُن کی مدد کر سکے جو واقعی بے سہارا ہیں۔
17جو بُزرگ جماعت کی رہنمائی کا کام اَچھّی طرح سے کرتے ہیں، خاص کر وہ جو کلام سُناتے اَور تعلیم دیتے ہیں، اُنہیں دُگنی عزّت کے لائق سمجھا جائے۔ 18کیونکہ کِتاب مُقدّس کا بَیان ہے، ”گاہتے وقت بَیل کا مُنہ نہ باندھنا،“ اَور یہ بھی ”مزدُور اَپنی مزدُوری کا حقدار ہے۔“#5‏:18 اِست 25‏:4‏‏ 19اگر کسی پاسبان پر اِلزام لگایا جاتا ہے تو دو یا تین گواہوں کے بغیر تصدیق کیٔے؛ اُن پر غور نہ کر۔ 20مگر گُناہ کرنے والے پاسبان کو سَب کے سامنے ملامت کر، تاکہ دُوسرے اَیسی حرکت کرنے سے خوف کھایٔیں۔ 21میں خُداتعالیٰ اَور المسیؔح عیسیٰ کو اَور برگُزیدہ فرشتوں کو گواہ مان کر تُجھے تَاکید کرتا ہُوں کہ اِن ہدایات پر بغیر تعصُّب اَور طرفداری کیٔے عَمل کرنا۔
22کسی شخص کو مخصوص کرنے کے واسطے اُس پر ہاتھ رکھنے میں جلدی نہ کرنا اَور نہ دُوسروں کے گُناہوں میں شریک ہونا۔ اَپنے آپ کو پاک رکھنا۔
23آئندہ کو صِرف پانی ہی نہ پیا کر بَلکہ اکثر بیمار پڑنے اَور تیرے معدہ کے ٹھیک نہ رہنے کے سبب سے تھوڑی سِی مَے#5‏:23 مَے قدیم زمانہ میں مَے کا اِستعمال تریاق کی شکل میں کیا جاتا تھا۔‏ بھی پی لیا کر۔
24بعض لوگوں کے گُناہ اُن کے عدالت میں حاضِر ہونے سے پہلے ہی ظاہر ہو جاتے ہیں اَور بعض کے گُناہ بعد میں۔ 25اِسی طرح بعض لوگوں کے نیک کام بھی ظاہر ہو جاتے ہیں مگر بعض نہیں ہوتے، لیکن وہ ہمیشہ تک چھپایٔے بھی نہیں جا سکتے۔

Highlight

Share

Copy

None

Want to have your highlights saved across all your devices? Sign up or sign in