1 تِیمُتھِیُس 6
6
1جتنے غُلام ابھی تک غُلامی کے جُوئے میں ہیں وہ اَپنے مالکوں کو بڑی عزّت کے لائق سمجھیں تاکہ کویٔی خُدا کے نام کی اَور ہماری تعلیم کی توہین نہ کرے۔ 2لیکن جِن غُلاموں کے مالک مومِن ہیں وہ اِس خیال سے کہ اَب وہ اُن کے مُومِنِین بھایٔی ہیں، اُنہیں حقیر نہ جانیں بَلکہ اُن کی اَور زِیادہ خدمت کریں کیونکہ اَب اُن کی خدمت سے اُن کے عزیز مُومِنِین بھائیوں کو ہی فائدہ پہُنچے گا۔
جھُوٹے اُستاد اَور زردوست
تُو اُنہیں اِن ہی باتوں کی تعلیم دے اَور نصیحت کر۔ 3اگر کویٔی شخص ہماری تعلیم سے فرق تعلیم دیتاہے اَور ہمارے خُداوؔند عیسیٰ المسیؔح کی صحیح ہدایات کو اَور اُن کی تعلیم کو نہیں مانتا جو خُداپرست زندگی کے مُطابق ہے، 4تو وہ مغروُر ہیں اَور کُچھ نہیں جانتے۔ بَلکہ اُنہیں صِرف فُضول بحث اَور لَفظی تکرار کرنے کا شوق ہے جِن کا نتیجہ حَسد، جھگڑے، بدگوئی اَور بَدزبانی ہے۔ 5اَور جِن سے اُن لوگوں میں تنازعہ پیدا ہوتاہے جِس سے اُن کی عقل بِگڑ گئی ہے، اَور وہ حق سے محروم ہو گیٔے ہیں اَور خُدا پرستی کو مالی نفع کا ذریعہ سمجھتے ہیں۔
6ہاں اگر خُدا پرستی قناعت کے ساتھ ہو، تو بَڑے نفع کا ذریعہ ہے۔ 7کیونکہ ہم دُنیا میں نہ تو کچھ لے کر آئے ہیں اَور نہ کچھ اُس میں سے لے جا سکتے ہیں۔ 8چنانچہ اگر ہمارے پاس کھانے کو کھانا اَور پہننے کو لباس ہے، تو اُسی پر صبر کریں۔ 9جو لوگ دولتمند ہونا چاہتے ہیں وہ کیٔی طرح کی آزمائشوں پَھندوں اَور بےہوُدہ اَور مُضِر خواہِشوں میں پھنس جاتے ہیں جو لوگوں کو تباہی اَور ہلاکت میں غرق کردیتی ہیں۔ 10کیونکہ زَر دوستی ہر قِسم کی بُرائی کی جڑ ہے اَور بعض لوگوں نے دولت کے لالچ میں آکر اَپنا ایمان کھو دیا اَور خُود کو کافی اَذیّت پہنچائی ہے۔
تِیمُتھِیُس کو آخِری ہدایات
11مگر اَے مَرد خُدا! تُو اِن سَب باتوں سے بھاگ اَور راستبازی، خُدا پرستی، مَحَبّت، صبر اَور نرمی کا طالب ہو۔ 12ایمان کی اَچھّی کُشتی لڑ، اَبدی زندگی کو تھامے رہ جسے پانے کے واسطے تُجھے بُلایا گیا تھا اَور تُونے بہت سے گواہوں کے رُوبرُو بخُوبی اقرار بھی کیا تھا۔ 13خُداتعالیٰ کے نزدیک، جو سَب کو زندگی بخشتا ہے اَور المسیؔح عیسیٰ کو جِس نے پُنطِیُس پِیلاطُسؔ کے سامنے اَچھّی گواہی دی، اِنہیں کو گواہ مان کر تُجھے تَاکید کرتا ہُوں کہ 14ہمارے خُداوؔند عیسیٰ المسیؔح کے دوبارہ ظاہر ہونے تک تُم اِس حُکم کو بے داغ اَور بے اِلزام رکھو، 15جسے خُداتعالیٰ اَپنے مُناسب وقت پر پُورا کرے گا، جو مُبارک اَور واحد حُکمراں ہے، جو بادشاہوں کا بادشاہ اَور خُداوندوں کا خُداوؔند ہے، 16بَقا صِرف اُسی کی ہے اَور اَیسے نُور میں رہتاہے جِس کے قریب کویٔی نہیں پہُنچ سَکتا، اُسے کسی اِنسان نے نہیں دیکھاہے اَور نہ دیکھ سَکتا ہے۔ اُس کی عزّت اَور قُدرت ابدُالآباد رہے۔ آمین۔
17اِس مَوجُودہ جہان کے دولتمندوں کو حُکم دے کہ وہ مغروُر نہ ہوں، اَور ناپائیدار دولت پر نہیں بَلکہ خُدا پر اُمّید رکھیں، جو ہمیں سَب چیزیں فیّاضی سے مُہیّا کرتا ہے تاکہ ہم مزہ سے زندگی گُزاریں۔ 18اُنہیں حُکم دے کہ وہ نیکی کریں اَور نیک کاموں کے لِحاظ سے دولتمند بنیں، اَور سخاوت پر تیّار اَور دُوسروں کی مدد کرنے پر آمادَہ رہیں۔ 19اِس طرح وہ اَپنے لیٔے اَیسا خزانہ جمع کریں گے جو آنے والے جہان کے لیٔے ایک مضبُوط بُنیاد قائِم کرے گی، تاکہ وہ اُس زندگی کو جو اصل میں حقیقی زندگی ہے تھامے رہ سکیں۔
20اَے تِیمُتھِیُس، اِس اَمانت کو جو تیرے سُپرد کی گئی ہے حِفاظت سے رکھ۔ اَور جِس چیز کو علم کہنا ہی غلط ہے اُس پر توجّہ نہ کر کیونکہ اُس میں بےہوُدہ باتیں اَور اِختلافات پایٔے جاتے ہیں، 21بعض لوگ اَیسے علم کا اقرار کرکے اَپنے ایمان سے برگشتہ ہو گیٔے ہیں۔
تُم سَب پر خُدا کا فضل ہوتا رہے۔
Currently Selected:
1 تِیمُتھِیُس 6: UCV
Highlight
Share
Copy
Want to have your highlights saved across all your devices? Sign up or sign in
اُردو ہم عصر ترجُمہ™، نیا عہدنامہ
حق اِشاعت © 1999، 2005، 2022 Biblica, Inc.
کی اِجازت سے اِستعمال کیا جاتا ہے۔ تمام دُنیا میں سَب حق محفوظ۔
Urdu Contemporary Version™ New Testament
Copyright © 1999, 2005, 2022 by Biblica, Inc.
Used with permission. All rights reserved worldwide.